اتوار, 28 اپریل 2024

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستانی محقیقن کیلئے تحقیق کی راہیں محدود کر دیں ۔ پاکستان سے سالانہ کروڑوں روپے بیرون ملک بھیجنے اور تعلیمی معیار کو برباد کرنے کا نیا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے ۔ ایچ ای سی نے تحقیقی مجلات (ریسرچ جنرلز) کی زیڈ کیٹگری ختم کر کے بین الاقوامی صرف دو ایجنسیز سے انڈکٹ کرانے کی پالیسی وضع کردی ہے ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے 3 مارچ کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا ہے کہ ایچ جے آر ایس کے تحت ڈبیلو ، ایکس اور وائے کیٹیگری میں تمام جرنلز کو چیک کیا جائے اور اس کے بعد یکم جولائی 2020 تک اس جنرل کی کیٹیگری کو طے کیا جائے گا ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی نوٹیفکیشن کے بعد تمام یونیورسٹیز کو ہدایات دی گئی ہیں ان شائع ہونے والے ریسرچ جنرلزکو بین الاقوامی صرف دو ایجنسز کے ساتھ رجسٹریشن کرانا ہو گی جن میں ویب آف ٹائم اور اسکوپس شامل ہیں ۔ ان دونوں کےعلاوہ کسی بھی دیگر ایجنسی میں رجسٹریشن نہیں کرائی جاسکے گی۔

یہ اقدام پاکستان میں تعلیمی معیار کو کم کرنے اور ملک سے سالانہ کروڑوں روپے کو ریونیو بیرون ممالک بھیجنے اور کمیشن بٹورنے کی سازش ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ برس ایچ ایس سی کی موجود انتطامیہ نے زیڈ کیٹگری کے جنرلز کو ختم ہی کردیا ہے جس کی وجہ سے دیگر تین کیٹیگریز پر بوجھ بھی بڑھ گیا ہے ۔

بین الاقوامی دونوں ایجنسیز کے ساتھ پاکستانی ریسرچ جنرلز کی رجٹریشن فیس 2 سے ڈھائی لاکھ روپے ہے اور اس کے علاوہ ہر 6 ماہ بعد پاکستان سے 500 ریسرچ جنرلز کے شمارے اپ لوڈ کرنے کی مد میں 50 ہزار روپے لینے کی صورت میں دو کروڑ 50 لاکھ روپے ہر 6 ماہ بعد مذکورہ دو ایجنسیز کے نام پر بیرون ملک جائیں گے جب کہ سالانہ یہی رقم 5 کروڑ روپے بنتی ہے اس کے علاوہ مذکورہ تینوں کیٹیگریز کے ریسرچ جنرلز کی سالانہ تجدیدی فیس بھی کروڑوں میں بنتی ہے ۔ تاہم 10 فیصد کمیشن وصول کرنے کے لئے ایچ ای سی کا متعلقہ ڈائریکٹر جنرل مبینہ طو رپر ظالمانہ اقدام پاکستانی محقیقن و جامعات کے سر کرنا چاہ رہے ہیں ۔

آل پاکستان قومی تحقیقی مجلات کے مرکزی ایسوسی ایشن کے انتخابات الیکشن کمیٹی کے ممبران ڈاکٹرضیاء الرحمن اورڈاکٹر عزیزالرحمن سیفی کے نگرانی میں مکل ہوِئے ، جن میں پروفیسر ڈاکٹرمحمد ضیاءالحق، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی، پروفیسر ڈاکٹرعبدالقدوس صہیب اور پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی ایگزیکٹیو ممبرز نامزد کئے گئے ہیں ۔ پروفیسر ڈاکٹرعبدالغفاربخاری کو چیئرمین ، پروفیسرڈاکٹر روبینہ شاہین کو ڈپٹی چیئرمین ، ڈاکٹرسید باچا آغا کو صدر، ڈاکٹر محمد افضال بٹ کو سینئر نائب صدر، ڈاکٹر جنید اکبر کو نائب صدر، ڈاکٹربشیر احمد درس کو جنرل سیکرٹری، ڈاکٹر محمد الطاف یوسفزئی کو ڈپٹی جنرل سیکرٹری، پروفیسر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال کو فنانس سیکرٹری جب کہ ڈاکٹراعجاز علی کھوسہ کو سیکرٹری اطلاعات منتخب کیا گیا ہے ۔

نومنتخب کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے تمام تحقیقی مجلات آرٹس و سوشل سائنسز کا نمائندہ پلیٹ فارم ہونے کے ناطے مجلات کو درپیش مشکلات کے قابل عمل حل کے حوالے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ مرکزی صدر نے کہا کہ پاکستان کی تمام جامعات کی نمائندہ تنظیم فپواسا کو چاہیئے کہ وہ ہائیرایجوکیشن کمیشن کے نا جائز اقدامات کے خلاف آواز بلند کریں ۔ کیونکہ مجلات کی بقاء اور کامیابی سے ہی تمام محققین کی پروموشن اور تحقیق کا دائرہ وسیع ہونا ممکن ہے ۔ اگر مجلات حالیہ عتاب کے زیر اثر رہے تو تمام پروفیسرز کے تحقیقی عمل کو لاک ڈاون لگ جائے گا

 
 
 
لندن: نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسنز میں شائع ہونے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کرونا وائرس کی تجرباتی دوا سے دو تہائی انتہائی تشویش ناک مریضوں کی حالت بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گیلیڈ سائنسز نامی کمپنی نے کرونا کی دوا ‘ریمیڈیسیور’ تیار کی ہے جسے 61 مریضوں پر آزمایا گیا۔
 
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسنز میں شائع ہونے والی تحقیق کے مصنف نے لکھا کہ اس دوا سے ایک امید پیدا ہوئی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ یہ بات ابھی حتمی نہیں ہے کہ اس دوا سے مکمل طور پر کرونا کے مریضوں کو صحت یاب کیا جاسکتا ہے۔
 
 
گیلیڈ سائنسز نامی کمپنی نے گزشتہ ماہ اس دوا کے تجربے کا آغاز کیا تھا جس کے نتائج کچھ ہفتوں کے بعد سامنے آئے ہیں، چین اور امریکا کے نیشنل انسیٹیوٹ آف ہیلتھ میں بھی اس دوا پر تجربات کیے جا رہے ہیں۔
 
گیلیڈ نے اس تجربے میں امریکا، یورپ کینیڈا اور جاپان کے مریضوں کو شامل کیا جنہیں اس دوا کا 10 روز کا کورس کروایا گیا۔تحقیق کے مطابق اس تجربے سے قبل 36 مریض وینٹی لیٹر پر تھے جن میں سے آدھے سے زیادہ مریضوں کا سانس بہتر ہوا، ان کا وینٹی لیٹر اتار دیا گیا، 25 مریضوں کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور 7 مریض ہلاک ہوگئے۔
 
واضح رہے کہ کرونا وائرس سے دنیا بھر میں 1 لاکھ سے زائد لوگ ہلاک جبکہ 17 لاکھ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں

سندھ حکومت نے لاک ڈاون میں توسیع اورنرمی سےمتعلق الگ الگ سفارشات تیار کرلی ہیں۔ طبی ماہرین اور نجی و سرکاری شعبے کے ماہرین صحت لاک ڈاؤن سخت کرنے اور صنعتکار، کراچی چیمبر اور اسمال ٹریڈرز لاک ڈاؤن ختم کرنے کےلیے سندھ حکومت پر مسلسل دباؤ ڈال رہے ہیں۔ جس کے باعث صوبائی حکومت کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہورہا ہے کہ معیشت کو بچایا جائے یا انسانی جانیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور اگرلاک ڈاؤن نہ بڑھایاتو کورونا کا پھیلاؤ روکنا مشکل ہوگا، کورونا پھیل گیا تو طبی سہولیات کم پڑجائیں گی۔ اس کے علاوہ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع اور راشن کی تقسیم کو منظم کرنے کی تجویز دی ہے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی لاک ڈاؤن میں توسیع کی تجویز نہیں۔ وفاقی حکومت نے لاک ڈاؤن کی حمایت نہیں کی تو سندھ حکومت پابندیاں نرم کرے گی، سندھ حکومت نے لاک ڈاون میں توسیع اورنرمی سے متعلق الگ الگ سفارشات تیار کرلیں، جن پرغور اور حتمی فیصلہ کابینہ کے اجلاس میں ہوگا،اس سلسلے میں 13 اپریل کو صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوسکتا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال سے ٹیلی فون پر موجودہ صورت حال پر تباٍدلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا سے مقابلے کا واحد حل سخت لاک ڈاؤن ہے، مستحقین تک راشن پہنچانے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر آئی سی یو میں کام کرنے والے ڈاکٹر نوید جتوئی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی متاثرہ ڈاکٹر کی عمر 35 سال ہے، ڈاکٹر نوید کاسول اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ڈاکٹر نوید جتوئی گھر میں قرنطین ہیں۔

متاثرہ ڈاکٹر نوید جتوئی نے کہا ہے کہ مجھے سوکھی کھانسی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا اور ٹیسٹ کے نتائج میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ایکسرے بھی کروایا تھا جو صحیح آیا تھا، کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطین کر لیا ہے اور گھر والوں سے خود کو الگ کرلیا ہے، گھر والوں میں سے کوئی متاثر نہیں ہوا ہے۔

 کراچی سمیت سندھ بھر میں پی پی آئی (پرسنل پروٹیکٹوو ایکوپمنٹ) کی عدم فراہمی اور بے احتیاطی کے باعث طبی عملہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہورہا ہے، کراچی میں نجی و سرکاری اسپتالوں میں 7 سے زائد ڈاکٹرز و طبی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ سندھ میں کورونا کٹس فوج کے ذریعے تقسیم ہوںگی تاکہ بازاروں میں فروخت نہ ہوسکیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے چین سے منگوایا گیا سامان اسلام آباد پہنچ گیا۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سامان کی خریداری میں صوبوں نے کوئی فنڈ نہیں دیے، اب تک جتنا بھی سامان آیا ہے یا خریدا گیا وہ سب وفاقی حکومت کے فنڈ سے آیا ہے اور صوبوں سے کوئی خریداری نہیں ہوئی۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ملک میں کورونا کے ٹیسٹس کم ہونے کا تاثر غلط ہے، ملک میں ٹیسٹ کٹس اور مشینوں کی کمی نہیں، روزانہ 30 سے  40 ہزار ٹیسٹ کی صلاحیت تک موجود ہے، آرمی چیف نے فوج کی 11 لیبارٹریز بھی استعمال کے لئےدی ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ چین سےآنے والاسامان تمام صوبوں کوفراہم کریں گے، پنجاب کے اسپتالوں کے لیے حفاظتی سامان کل تک پہنچ جائے گا، جبکہ خیبر پختونخوا کے چھوٹے بڑے اسپتالوں میں سامان پہنچ چکا ہے، سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا سامان فوجی اداروں کے ذریعے اسپتالوں تک پہنچایا جائے گا تاکہ جو خلا موجود تھا اور سامان نرسز ڈاکٹرز تک نہیں پہنچ رہا تھا، وہ ان تک پہنچ سکے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے مزید کہا کہ اب جو بھی سامان جاری ہوگا اس پراین ڈی ایم اےکی مہرلگی ہوگی،اس کا مقصدسامان کو بازار سمیت دیگرمقامات پر فروخت ہونے سے بچانا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اس وائرس سے 88550 افراد ہلاک جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1519571 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 17 ہزار 669 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں 14 ہزار 792 افراد انتقال کر گئے۔

کورونا وائرس سے امریکا میں مسلسل تیسرے روز بھی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1973 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14797 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں متاثرین کی کل تعداد 431838 ہے۔

فرانس میں 10 ہزار 869 افراد کی اس وائرس کے اموات ہوئیں، جب کہ برطانیہ میں بھی  اموات 7 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں اور 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث ایران میں بھی اموات کی تعداد4 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے، نیدرلینڈز میں کورونا سے 2 ہزار 248، جرمنی میں 2349 جب کہ بیلجیم میں 2040 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ترکی میں بھی وائرس سے 812، سویڈن میں 687، پرتگال میں 380 اور برازیل میں 819 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آج سے حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز ہوگا اور مستحق خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی جارہی ہے۔

احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے لئےمختلف سرکاری اسکولز میں سینٹرزقائم کیے گئے ہیں جو صبح 8 بجے سےشام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، امدادی رقوم کی تقسیم کے لئے محکمہ تعلیم سمیت بینک کا عملہ تعینات ہے، ہر مستحق خاندان کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد 12000 روپے کی امدادی رقم دی جارہی ہے، مستحقین خواتین کی سہولت کے لیے ان کے گھروں کے قریب سینٹر بنائے گئے ہیں۔

حکومت کے قائم کردہ مراکز اور نجی بینک کے اے ٹی ایمز کے ذریعے یہ رقم دی جارہی ہے۔ احساس پروگرام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ امداد کے حصول کے لئے 8171 پر ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اب تک 4 کروڑ چالیس لاکھ پیغامات موصول ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں 17 ہزار مقامات سے رقوم دی جائیں گی، پہلے مرحلہ میں 23 لاکھ خاندانوں کو امداد دی جائے گی، اگلے اڑھائی ہفتے تک 144 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے، مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام کے تحت پیسے فراہم کیےجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، احساس امدادی پروگرام کے تحت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو یہ امداد ملے گی، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کام کرے گی،وہ غریبوں کی نشاندہی کرے گی اور ان کی مشکلات کے ازالہ میں تعاون فراہم کرے گی،

ٹائیگر فورس احساس پروگرام کے تحت غریبوں کی 8171 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کرے گی، یہ فورس کسی بھی علاقہ کے لاک ڈائون کی صورت میں وہاں لوگوں کو خوراک اور اشیاء خورونوش فراہم کرنے کی ذمہ دار ہو گی۔

معاون خصوصی سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا رقم کی ترسیل بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہوگی،حقداروں کی نشاندہی کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کی، 8171 پر قومی شناختی کارڈ کا نمبر سینڈ کیا جائے، ایس ایم ایس15مرحلوں سے گزرے گا، ہر مرحلے پر ایس ایم ایس نوٹی فکیشن آئے گا، کسی مسئلے کی صورت میں 080026477 ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے، حکومت نے 8171 پر ایس ایم ایس سروس چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ پی کے 9814 عراق میں پھنسے 136 پاکستانیوں کولے کراسلام آباد پہنچ گیا۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اوراسکریننگ کی۔ 135 مسافروں اور11 کریو ممبرکو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کردیا گیا جب کہ بلال نامی مسافرکوجسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پرپمزمنتقل کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے ہوٹل میں لیے جائیں گے۔ کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے والے مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں شہریوں کی جانب سے 74 ملین روپے جمع کرائے گئے ہیں۔

مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ شہریوں نے 74 ملین روپے ایمرجنسی فنڈ میں جمع کرائے ہیں، ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کیلیے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کی ہیں۔

کورونا ایمرجنسی فنڈ سے متعلق تمام معلومات صوبائی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہری محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈکی تفصیلات کو تفصیل سے جان سکیں گے

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4072 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 58 تک جاپہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 3076 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 208 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4072 ہو گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق اب تک پنجاب میں 2030 ،سندھ 986، بلوچستان 206 ، خیبر پختونخوا میں 527 ، آزاد کشمیر19، اسلام آباد میں 83 اور گلگت بلتستان میں 212 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے ، اس طرح وطن عزیز میں اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 58 ہوگئی ہے جب کہ 25 کی حالت تشویشناک ہے تاہم 467 افراد اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔

Page 10 of 457