منگل, 07 مئی 2024

اسلام آباد : پاناما لیکس میں شامل پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کی گئیں۔ وزیرخزانہ اسد عمر کی جانب سے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پاناما لیکس میں 444 پاکستانیوں کے نام شامل ہیں294 افراد کو نوٹس جاری کئے گئے 150 افراد کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ انہوں نے تحریری جواب میں مزید کہا کہ پانامہ لیکس میں شامل 12 افراد وفات پا چکے 4 پاکستانی شہری نہیں رہے 10 ارب 90 کروڑ روپے کی کرپشن کے 15 کیس حتمی مرحلے میں ہیں اب تک 6 ارب 20 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں تحقیقات میں مدد کیلئے ایف بی آر نے او ای سی ڈی سے بھی مدد مانگی ہے۔

 

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا اور کرپشن کی بدترین قسم منی لانڈرنگ ہے جو ملکی ڈھانچہ تباہ کردیتا ہے۔
بیجنگ میں سینٹرل پارٹی اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے کرکٹ کو خیرباد کہہ کر سیاست میں آنے کا فیصلہ کیا جس کا مقصد ملک سے کرپشن سے خاتمہ تھا۔
وزیراعظم نے کہاکہ60 کی دہائی میں پاکستانی شرح نموسب سے زیادہ تھی،بدعنوانی نے پاکستان کی ترقی کوبری طرح متاثرکیا،ان کا کہناتھا کہ پاکستان شمالی کوریا اورملائیشیا کےلئے بھی ماڈل تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہرسال اربوں ڈالرزترقی پذیرملکوں سے ترقی یافتہ ممالک کوغیرقانونی طورپرمنتقل ہوجاتے ہیں،ریاستی اداروں کومضبوط کرنا حکومت کی ترجیح ہے،وزیراعظم کا کہناتھا کہ اداروں کومضبوط کرکے ہی بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے،ہم چین کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ وائٹ کالرکرائم سےنمٹنا اہم ہے،وائٹ کالرجرائم سے نمٹنے کیلئے چین کا تعاون درکارہے،وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین نے 70 کروڑ لوگوں کوغربت سے نکالا،ہم پاکستان میں بھی لوگوں کوغربت سے نکالیں گے.
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کےلئے انتہائی اہم ہے،جب بھی ضرورت پڑی چین نے پاکستان کی مدد کی،وزیراعظم نے کہا کہ 30سال میں چین نے جو ترقی کی ہمارے لئے مثال ہے ، انہوں نے کہا کہ 1996 میں بدعنوانی کےخلاف اپنی سیاسی جدوجہد کاآغازکیا،ہماری جماعت کوشروع میں اہمیت نہیں دی گئی،آج تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت بن گئی

 

لاہور: سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے شاہ خرچیوں کے الزامات عائد کرنے پر پی سی بی کے خلاف چارہ جوئی کا عندیہ دے دیا۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کی جانے والی تفصیلات میں سابق سربراہان نجم سیٹھی اور شہریار خان کی طرف سے کیے جانے والے اخراجات بتائے گئے تھے۔ جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ 2014 سے لے کر 2018 تک نجم سیٹھی نے بطور چیئرمین اور بطور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی 7 کروڑ روپے اپنی ذات پر خرچ کئے، بطور چیئرمین نجم سیٹھی نے ہوٹل کے کرایوں کی مد میں 27 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ۔ڈیلی الاؤنس کی مد میں 81 لاکھ، گاڑی کے پیٹرول کی مد میں 9 لاکھ روپے اڑائے گئے، پی ایس ایل الاونس ڈیڑھ کروڑ روپے وصول کیا گیا۔
اسی طرح سابق چیئرمین پی سی بی شہریار محمد خان پر ایک کروڑ 94 لاکھ روپے خرچ کی تفصیلات جاری کی گئی تھیں جن میں 80 لاکھ روپے کا میڈیکل بل بھی تھا جب وہ دل کے آپریشن کے لیے انگلینڈ گئے تھے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس حوالے سے اپنے ردعمل میں نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی سی بی میں موجود مافیا حقائق اوراعدادوشمار کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔عزت نفس کو مجروح کرنے والے الزامات کو چیلنج کئے بغیر نہیں رہا جا سکتا۔

 

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے معاشی پیکیج میں کوئی شرط شامل نہیں۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ ماضی میں عوام اور حکمرانوں کے درمیان ذہنی تعلق مختلف تھا، پرانے پاکستان میں غلامانہ ذہنیت تھی اور یہ ذہنیت کبھی تبدیل نہيں ہوئی۔ ماضی میں عوام کو توقع نہیں تھی کہ حکومت ان کی خدمت کرے گی لیکن کوئی حکومت پہلی بار عوام کو جواب دہ ہوئی ہے۔ نئے سسٹم سے حکمرانوں کو احساس ہوگا کہ انہیں عوام کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سٹیزن پورٹل سسٹم پاکستان کے نوجوانوں نے بنایا ہے، اس سسٹم سے ہمیں سزا اور جزا میں آسانی ہوگی، پہلی بار ہم سب قابل احتساب ہوگئے ہیں۔ اب ہر پاکستانی براہ راست وزیراعظم شکایت سیل پر آسکتا ہے، ہمیں ایک مقررہ وقت کے اندر ان شکایتوں کا جواب دینا ہے، ہم عوامی آرا سے اپنی پالیسی بنائيں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس جو وسائل ہیں وہ کسی اور کے پاس نہیں رکاوٹ صرف کرپشن ہے، خطے میں پاکستان کے پيچھے رہ جانے کی وجہ گورننس سسٹم کی ناکامی ہے، قرضوں کے پہاڑ سے نکلنے کا طریقہ پاکستان میں سرمایہ کاری لانا ہے، اس سسٹم سے سرمایہ کار بتاسکیں گے کہ انہیں کیا رکاوٹیں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے بغیر شرائط کے پیکیج ملا ہے۔

 

 

راولپنڈی: قومی احتساب بیورو کی جانب سے پروفیسروں کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت کے سامنے پیش کرنے کے معاملے کے خلاف ضلاع راولپنڈی کے اساتذہ نے استاد کو عزت دو کا دن منایا۔ اس دن کی مناسبت سے تمام اسکولوں میں اساتذہ بازوں پر کالی پٹی باندہ کر حاضر ہوئے۔ پنجاپ یونین کے صدر نے صحافوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہتھکڑیاں لگانے جیسے اقدام کو روکنے کے لئے استاد کو عزت دو کا دن منایا گیا۔

 

 

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہے، شہبازشریف کو صاف پانی کیس میں بلایا گیا لیکن آشیانہ کیس میں گرفتارکیا گیا، ایسا کیس جو تفتیش کے مرحلے میں ہے اس میں گرفتارکیا گیا، سب کو معلوم ہے کہ اس کیس میں ایک روپے کی کرپشن نہیں کی گئی، پنجاب میں خوشحالی پرشہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، یہ شہراور اس صوبے کے ساتھ زیادتی ہے جب کہ شہبازشریف کی گرفتاری سیاسی انتقام  کی  کڑی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جتنے احسانات شہبازشریف کے پنجاب پر ہیں وہ پوری دنیا جانتی ہے، مسلم لیگ (ن) نے قانون کی حکمرانی کی مثال قائم کی ہے، مخالفین ہمیں سیاست میں شکست نہیں دے سکے، پی ٹی آئی اوچھے ہتھکنڈوں پراترآئی ہے اور نیب کے ذریعے سیاسی انتقام لے رہی ہے، حکومت ایسےاقدامات کرے گی توکارکنوں کا ردعمل فطری ہے جب کہ اس طرح کارروائیاں اورسیاسی انتقام پاکستان کی تاریخ میں پہلے بھی ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو گذشتہ روز گرفتار کیا تھا جب کہ آج انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

 

 

ریلوے حکام نے سابق دورحکومت کے بعض مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے بارے میں نیب کو انکوائری کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ریلوے حکام نے سابق دورِحکومت کے بعض مبینہ کرپشن اسکینڈلز کے بارے میں نیب کو انکوائری کے لیےخط لکھ  دیا ہے۔

خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سابق دور میں ناقص کوالٹی کے 18 سو ہارس پاور ویگن یکطرفہ بڈ میں خریدے گئے،  ناقص ویگنوں کی خریداری کے ذمہ دار سی ایم ای عدنان شفیع اور اے جی ایم عنصر خان ہیں۔ 58 چینی لوکو موٹو بھی سنگل بڈ میں خریدے گئے اور ان کی خریداری کے ذمہ دارسی ایم ای مبین الدین ، طارق خان اور جی ایم ٹیکنیکل شاہد ہیں۔

خط میں بتایا گیا ہے کہ سابق دورِحکومت میں خریدے گئے چینی انجنوں کی مرمت کا کام ایک دوسری چینی کمپنی کو دیا گیا، یہ ٹھیکہ دینے میں موجودہ اورسابق چئیر پرسن ملوث ہیں۔ 30 مختلف ریلوے ٹریکس کی مرمت کا کنٹریکٹ 30 ارب روپے میں ایک ہی کنٹریکٹر وارث انٹر نیشنل کو دیا گیا، اس کے علاوہ ریلوے میں بعض منظورنظرافراد کو بھاری معاوضوں اور مراعات سے نوازا گیا۔

نیب کو لکھے گئے خط میں الزام عائد کیا گیا کہ ریلوے کےدرجنوں پلاٹس لیز پرآئل کمپنیوں اور بااثر شخصیات کو اونے پونے داموں دیا گیا، جب کہ خط میں امریکا سے خریدے گئے 4 ہزار ہارس پاور کے 55 لوکو موٹیو کا بھی زکر ہے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہیں دوگنی قیمت میں خریدا گیا جب کہ یہی لوکوموٹیو بھارت نے آدھی قیمت میں خریدے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے وزارت ریلوے میں حکام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا کوئی لوکو موٹیو رکنا نہیں چاہیئے، پاکستان ریلوے کو سرمایہ کاری کے لیے کھولنا چاہیئے۔ ریلوے فریٹ کو ڈیل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جدت پسندی سے بدلا جا سکتا ہے۔ ریلوے میں تمام درجات پر کرپشن کو ختم کیا جائے گا، ریلوے کو بہترین وزارت بنانا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزارت سنبھالنے کے بعد آرام مجھ پر حرام ہوگا۔ ریلوے کا خسارہ اربوں روپے ہے اور اسے کم کرنا اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سستی ٹرینیں چلا کر غریبوں کو سہولت دینے کے لیے پرعزم ہوں۔ غریبوں کو ریل گاڑی میں اے سی کی سہولت دینا ترجیح ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(پنجاب)نیب نے  پنجاب پولیس میں گھپلوں میں ملوث افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیاست دانوں اور بیوروکریٹس کے بعد پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پرآگئی ہے اور نیب نے گھپلوں میں ملوث پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے،  اس حوالے سے نیب لاہور کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھا گیا ہے جس میں سازوسامان کی خریداری کی تفصیلات اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ  آئی جی پنجاب کو مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لئے متعدد مراسلے لکھے جا چکے ہیں لیکن پنجاب پولیس نے تاحال مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا اس لئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجا جائے۔

نیب لاہور نے ایس ایس پی عبد الرب چوہدری کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس میں 2012 سے 2015 کے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں, چھتریوں اور اینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اور پولیس افسران نے کرپشن کے ذریعے ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)ڈی جی نیب پنجاب نے کہا ہے کہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی پراپرٹی کے لین دین میں شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی نیب پنجاب شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ نیب چہرے دیکھ کر نہیں بلکہ ایمانداری سے آئین اور قانون کے تحت کام کر رہا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں احد چیمہ کا پیراگون کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ان کا کہنا تھا کہ احد چیمہ نے بطور ڈی جی ایل ڈی اے پیراگون سے بہت سے فوائد حاصل کیے، اراضی احد چیمہ نے خریدی لیکن ادائیگی پیراگون سٹی نے کی۔
ڈی جی نیب پنجاب سلیم شہزاد کا کہنا ہے کہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے پیراگون کےتمام مطالبات مانے اور ان کے فیملی ممبران کے بینک بیلنس میں حیران کن اضافہ ہوا۔
شہزاد سلیم کا کہنا تھا کہ ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پراپرٹی کے لین دین میں شکوک وشبہات پائےجاتے ہیں۔ ڈی جی نیب پنجاب نے مزید کہا کہ خواجہ سعد رفیق سینئر سیاست دان ہیں، نیب نے ان کی دستاویزات لیک نہیں کیں لیکن اگر انہوں نےکرپشن نہیں کی تو پھر ڈر کس بات کا ہے۔

 

Page 3 of 16