اتوار, 19 مئی 2024

 

اسلام آباد: وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ پاکستانی این جی اوز کو بھی غیر ملکی فنڈنگ ملتی ہے، ان کی بھی رجسٹریشن ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مقامی لوگ پیسے کی خاطر غیرملکی این جی اوز کے دفاع میں آجاتے ہیں، ایسی عالمی آرگنائزیشن آئیں جس میں پاکستان اسٹیک ہولڈر ہو۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سنا ہے بلیک واٹر کی کوشش ہے امریکا افغان جنگ کو پرائیوٹائز کرے، بلیک واٹر جیسی ایجنسیز کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کی تفصیلات مانگی ہیں، حکومت بہت سے قانونی مفاد کے تحت قیدیوں کو واپس لاسکتی ہے، ماضی میں بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کے لیے گائیڈلائن پر عمل نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس میں سیکریٹری لا اینڈ جسٹس کمیشن نے کہا کہ ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے، این جی اوز کی رجسٹریشن کے لیے ملنے والی درخواستیں کمیٹی کو بھجوا دی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ میں این جی اوز کی رجسٹریشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے این جی اوز کی رجسٹریشن اور ان کی مانیٹرنگ کا کیس نمٹا دیا۔

 

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ اب اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں اور اسی طرح چلتا رہا تو 2 ماہ کے بعد پنجاب میں (ن) لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ اب اسٹیبلشمنٹ سے ہمارے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں اور معاملات کو درست کرنے میں شہباز شریف کا بہت بڑا کردار ہے، اسی طرح چلتا رہا تو 2 ماہ کے بعد پنجاب میں (ن) لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف تمام اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتے ہیں، یہ ادارے ہمارے اپنے ہیں اور ان اداروں کی عزت میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔

رانا مشہود نے کہا کہ انہیں اب سمجھ آگئی ہے، جسے گھوڑا سمجھا تھا وہ خچر نکلا ہے، ادارے میں بیٹھے تھنک ٹینک کو نظرآرہا ہے کہ یہ صرف جھوٹ پرچلنے والے ہیں، اب مجموعی ماحول میں انہوں نے بھی سمجھا ہے اور ہمیں بھی احساس ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خچروالی پی ٹی آئی حکومت اب ڈلیور نہیں کرپارہی، اب پی ٹی آئی کو کارکردگی دکھانا ہوگی اور کہیں سے حمایت نہیں ملے گی۔

 

اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی بات کرتے تھے تاہم منی بجٹ میں فائدہ ہوا ہے تو عمران خان کی اے ٹی ایم کو ہوا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ منی بجٹ میں غریب عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا، منی بجٹ سے بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوگا، بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے سے غریب متاثر ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے صرف انقلابی نعرے لگائے اور اقدامات نہیں کیے جب کہ عمران خان کو اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان عام آدمی کی زندگی آسان بنانے کی بات کرتے تھے تاہم بجٹ میں فائدہ ہوا ہے تو عمران خان کی اے ٹی ایم کو۔ وزیراعظم ہاؤس میں بھینسوں کی نیلامی سےمذاق بنا کیونکہ اشتہارات کےخرچ کو دیکھیں تونیلامی نقصان میں رہی، انہوں نے کہا کہ منی بجٹ سے مایوسی ہوئی، یہ منی ڈرامہ ہے جو پی ٹی آئی کی عادت ہے، لگتا ہے تبدیلی والے احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بجٹ سے امیروں اور کالے دھن والوں کو فائدہ ہوا ہے، نان فائلرز کو چھوٹ دینا کسی اسکینڈل سے کم نہیں تاہم بھینسیں اور گاڑیاں بیچ کر پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دلوائی، ہم نے چوہدری نثار جیسے اپوزیشن لیڈر کو چیئرمین کمیٹی بنایا تاکہ کڑا احتساب ہو۔

 

مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔

سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ کچھ روز سے سندھ حکومت اور اس کے اداروں سے متعلق منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،کراچی میں بچوں کے اغوا سے متعلق غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں جب کہ اسٹریٹ کرائم یا بچوں کے اغوا کی شکایت ملتی ہیں تو حکومت کارروائی کرتی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ اس سے پہلے این آئی سی وی ڈی کا بجٹ صرف 70 کروڑ تھا لیکن سندھ حکومت کی کوششوں سے آج اس کا بجٹ ساڑھے آٹھ ارب ہے، آج سندھ کے مختلف شہروں میں این آئی سی وی ڈی کے سینٹر چل رہے ہیں ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرا رہے ہیں، جناح میں کینسر وارڈ میں بھی ملک بھر سے لوگ مفت علاج کرانے آتے ہیں لہذا میری درخواست ہے میڈیا سے کہ وہ ان اداروں کی درست تشہیر کریں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار جب جناح اسپتال کے دورے پر آئے تو خوش ہوکر گئے، انھوں نے جناح اسپتال کی بہتر کارکردگی پر انعام دیا، تھر پارکر کی بچی کا علاج جناح میں چل رہا ہے، یہ اسپتال سندھ حکومت کا ہے لیکن پی ٹی آئی والے ٹوئٹر پر صرف کریڈٹ لے رہے ہیں۔

 

 

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام وسائل کو استعمال کرکے مشکلات سے نکالیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے تمام وسائل کو استعمال کرکے مشکلات سے نکالیں گے، ملک بھر میں آسان قسطوں پر سستے گھر بنائے جائیں گے اور پورے ملک میں صحت کارڈ کا آغاز کررہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے واک آؤٹ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ امید ہے اپوزیشن ایوان میں واپس آجائے گی۔ شاہد خاقان عباسی نے معیشت میں روزانہ 6 سے 7 ارب نوٹ چھاپ کرڈالے اور تباہ کردیا، معیشت، آبادی اور بے روزگاری کے تناسب سے آگے نہیں بڑھی۔

مفرورملزمان سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار مطلوب ہیں جب کہ خاقان عباسی نے اپنے جہاز میں بٹھا کراسحاق ڈارکوفرارہونے میں مدد دی۔
 
 

 

اسلام آباد: ایوانِ بالا میں فواد چوہدری کی دھواں دھار تقریر کے بعد اپوزیشن جماعتوں نے واک آؤٹ کردیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ منتخب ارکان کی عزت ہوتی ہے، ذمہ دار وزیر نے گھٹیا زبان استعمال کی، یہ نہیں کہتا کہ الفاظ کہنے والا گھٹیا شخص ہے لیکن لفظ گھٹیا استعمال کیے گئے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ مجرہ جہاں ہوتا ہے سب کو پتا ہوتا ہے وہ سوشل میڈیا پر بھی آتا ہے، متعلقہ وزیر ایوان سے معافی مانگیں، وہ جب تک معافی نہیں مانگیں گے ایوان میں نہیں آئیں گے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی کہا کہ متعلقہ وزیر معافی مانگیں ورنہ ہمیں بھی مجبوراً واک آوٹ کرنا پڑے گا۔
 

 

لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے، منصوبہ بنانےوالے طلب نہیں ہوں گے توانصاف کیسے ہو گا؟۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ طاقتور آج بھی طاقتور اور انصاف کمزور ہے، ملازم طلب کیے گئے،مالکان نہیں۔
سربراہ پاکستان عوامی تحریک نے سوال کیا منصوبہ بنانےوالے طلب نہیں ہونگے توانصاف کیسے ہو گا؟ کیا 17 جون 2014 کوانسان نہیں چیونٹیوں کو مارا گیا؟
خیال رہے 19 ستمبر کو سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر طاہر القادری نے وطن واپسی پر تحریک انصاف کی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو سزا دے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے راستے میں 116 پولیس افسر رکاوٹ ہیں۔
یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں منہاج القرآن کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف سمیت نوسیاستدانوں اورتین بیوروکریٹس کی طلبی کی درخواستیں مسترد کردیں اور سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے نام ملزمان کی فہرست سے نکالنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
لاہور ہائی کورٹ کافیصلہ دو ایک کی اکثریت سے آیا، جسٹس سرداراحمد نعیم اور جسٹس عالیہ نیلم نےدرخواستیں مسترد کیں جبکہ فل بینچ کےسربراہ جسٹس قاسم خان نے اختلافی نوٹ لکھا۔
یاد رہے ٹرائل کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے استغاثہ کیس میں نواز شریف، شہباز شریف سمیت سابق وزرا کو بے گناہ قرار دیا تھا، عوامی تحریک نے ٹرائل کورٹ کے فیصلہ کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔
ادارہ منہاج القرآن کی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ دہشتگردی عدالت میں زیر سماعت استغاثہ میں نواز شریف. شہباز شریف، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، سعد رفیق، پرویز رشید، عابدہ شیر علی اور چودھری نثار کے نام میں شامل کیے جائیں آور دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے، جس کے تحت ان کے نام استغاثہ میں شامل نہیں کیے۔

اسلام آباد: تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں منی بجٹ پیش کردیا گیا جس میں وزیراعظم، وزرا اور گورنرز کو ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اسپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔  وزیر خزانہ اسد عمر نے فنانس بجٹ میں ترامیم پیش کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو بچانا ہے، بجٹ میں تبدیلی نہ کی گئی تو مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں اور خسارہ 27 سو ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے۔

اسد عمر نے وزیراعظم، وزرا اور گورنرز کو ٹیکس سے حاصل استثنیٰ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ان اعلیٰ حکام سے بھی ٹیکس لیا جائے گا، پنشن میں 10 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے، ریگولٹری ڈیوٹی کی مد میں ایکسپورٹ انڈسٹری کو 5 ارب روپے کا ریلیف دے رہے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ مہنگے فونز پر ڈیوٹی عائد کی جارہی ہے، بجٹ میں سگریٹ پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے، 1800 سی سی سے زیادہ کی گاڑیوں پر ٹیکس کی شرح 10 سے بڑھا کر 20 فیصد کردی گئی، 8276 گھروں کی تعمیر کیلیے ساڑھے 4 ارب روپے ریلیز کیے جائیں گے، پٹرولیم لیوی ٹیکس کی مد میں 300 ارب روپے اکٹھے کیے جائیں گے۔

فنانس بل میں چار لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے جبکہ 40 سے 50 لاکھ آمدن پر 25 فیصد اور 50 لاکھ سے زائد آمدن پر 29 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں فنانس بل کی منظوری دے دی گئی ہے۔

 

 

اسلام آباد : کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں کی نیلامی جاری ہے ، اب تک 65 گاڑیاں فروخت ہوگئیں ہیں، پہلی گاڑی کرولاالٹس 2010 ماڈل گیارہ لاکھ بیس ہزار میں فروخت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، کفایت شعاری مہم کا آغاز پہلے اپنے گھر سے وزیر اعظم ہاؤس کی ایک سو دو گاڑیاں نیلامی کیلئے پیش کردیں، خریدار وزیر اعظم ہاؤس میں نیلامی کیلئے پیش کی گئی گاڑیوں کامعائنہ کر رہے ہیں۔
نیلامی میں 65 گاڑیاں فروخت ہوگئیں، فروخت ہونے والی گاڑیوں میں کرولاالٹس 2010ماڈل، 8بی ایم ڈبلیو،28مرسٹڈیز، کرولا،لیموزین اور دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔
اب تک 2کروڑ روپے کی بولی لگائی جاچکی ہے، گاڑیوں کی فروخت سے حاصل رقم قومی خزانے میں جمع ہوں گی۔
خریداروں کا کہنا ہے کہ نیلامی کا عمل بہترین ہے، گاڑیوں کی قیمت مناسب ہے، گاڑی مہنگی بھی خریدی تو پیسہ قومی خزانے میں جانے کی خوشی ہوگی۔
نیلامی کے لئے پیش کی جانے والی گاڑیوں میں جدید ترین مرسڈیز، بلٹ پروف بی ایم ڈبلیوز لیموزین اور دس سال پرانی بہتر گاڑیاں شامل ہیں، خریدار کو گاڑی پر عائدتمام ٹیکسسز ادا کرنے ہوں گے۔
وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس دوسو سے زائد گاڑیاں ہیں، پہلے مرحلے میں ایک سو دو گاڑیاں نیلام کی جائیں گی جبکہ بقیہ آئندہ نیلام کی جائیں گی۔
نیلام کی جانے والی کئی گاڑیاں وزیراعظم اور غیر ملکی مہمانوں کے پروٹوکول کی ہیں۔
گاڑیوں کی نیلامی 3 مراحل میں کی جائے گی ، پہلے مرحلے میں نان امپورٹڈ، دوسرے مرحلے میں امپورٹڈ اور تیسرے مرحلے میں بلٹ پروف گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔
یاد رہے 5 ستمبر کو پی ٹی آئی نے وزیراعظم ہاؤس کی ان نیلام ہونے والی گاڑیوں کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں درجنوں قیمتی اور لگژری گاڑیاں وزیراعظم ہاؤس میں دیکھی جاسکتی تھی۔
واضح رہے 31 اگست کو وزیر اعظم ہاؤس میں موجود اضافی غیرضروری گاڑیوں کی فوری فروخت کا فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ گاڑیوں کی نیلامی17ستمبر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی، پہلے مرحلے میں33گاڑیاں نیلام کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، اس سے خاطرخواہ رقم ملے گی،5 کروڑ والی گاڑی کی قیمت5کروڑ سے زیادہ ہی ملیں گے۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ حکمرانی کرنے والوں کے رہن سہن سے آپ سب کو بچانا چاہتا ہوں، پاکستان میں وزیراعظم ہاؤس کے 524 ملازم ہیں، وزیراعظم ہاؤس 1100کینال پر واقع ہے، وزیراعظم کیلئے33بلٹ پروف سمیت 80گاڑیاں ہیں، ہم ان کو نیلام کرکے اس پیسے کو قوم کے استعمال میں لائیں گے۔

 

 

پشاور: (ن)تحریک انصاف نے عام انتخابات میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر 5 رہنماﺅں کی پارٹی رکنیت ختم کردی

میڈیا رپورٹس کے مطابق عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر شہزاد خان،شکیل آفریدی،ارباب عثمان،خالد مسعود اورلال زمان نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑاتھا جس پر مرکزی قیادت نے مذکورہ رہنماﺅں کی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی
 

 

Page 8 of 62