اتوار, 19 مئی 2024

 

ایمزٹی وی(لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب کے لیے تحریک انصاف کے عثمان خان بزدار اور مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف کے درمیان مقابلہ آج ہوگا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی کی صدارت میں صبح گیارہ بجے اجلاس ہوگا جس میں ڈویژن کی بنیاد پر ارکان اپنے امیدوار کے حق میں رائے شماری میں شامل ہوں گے۔
تحریک انصاف کی جانب سے عثمان خان بزدار اور مسلم لیگ (ن) کے حمزہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے، دونوں امیدواروں کے درمیان مقابلے میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو عددی برتری حاصل ہے۔
 
پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور اتحادیوں کے ووٹوں کی تعداد 185 ہے، مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 162 ہے مگر اس کے 3 ارکان نے ابھی حلف نہیں اٹھایا، پیپلزپارٹی کے 7، راہ حق پارٹی کا ایک اور 3 آزاد ارکان بھی ہیں۔
اس سے قبل دونوں پارٹیوں نے اپنی اپنی جماعت کے رہنماؤں سے مشاورت بھی کی، مسلم لیگ ن کا اجلاس حمزہ شہباز کی صدارت میں ہوا جبکہ پی ٹی آئی اجلاس کی صدارت چوہدری سرور نے کی جس میں نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔
پی ٹی آئی امیدوار عثمان بزدار پر کچھ حلقوں سے تنقید کے بعد وزیراعظم عمران خان کھل کر ان کی حمایت میں آئے اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ واضح کر دوں کہ میں پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار عثمان بزدار کے ساتھ کھڑا ہوں، عثمان بزدار ایک باوقار آدمی ہیں، جو نئے پاکستان کے حوالے سے میرے نظریے اور ویژن کے ساتھ کھڑے ہیں۔
 

 

 

 

ایمزٹی وی(پنجاب)نئے اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہورہا ہے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس رانا محمد اقبال کی سربراہی میں جاری ہے۔ اجلاس میں پہلے اسپیکر اور پھر ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کےعہدے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اوران کے اتحادیوں کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی اور مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چوہدری محمد اقبال امیدوارہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکرکے لیے تحریک انصاف کے سردار دوست محمد مزاری اور (ن) لیگ کے محمد وارث شاد کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چناؤ خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوگا۔ 

دوسری جانب پیپلزپارٹی نے پنجاب میں اسپیکروڈپٹی اسپیکر کے انتخابی عمل سے دوررہنے کا فیصلہ کیا ہے، پیپلز پارٹی کے ارکان پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ 371 ارکان پر مشتمل پنجاب اسمبلی میں 360 ارکان منتخب ہو کر ایوان میں پہنچے ہیں جبکہ 11 نشستیں تاحال خالی ہیں۔ 177 کا تعلق پاکستان تحریک انصاف اور 162کا مسلم لیگ (ن)، 10 کا تعلق مسلم لیگ (ق)، 7 کا پیپلز پارٹی اور ایک رکن کا تعلق راہِ حق پارٹی سے ہے جب کہ 3 آزاد رکن ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔
سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران نئے اسپیکر کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوا۔ اسپیکر کے لئے تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتوں کے مشترکہ امیدوار اسد قیصر کا مقابلہ اپوزیشن جماعتوں کے سید خورشید شاہ سے تھا۔
اسپیکر کے انتخاب کے لیے 2 پولنگ بوتھ بنائے گئے تھے، ایک پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی سےغلام مصطفیٰ شاہ اور تحریک انصاف کے عمران خٹک جب کہ دوسرے پولنگ بوتھ پر پیپلز پارٹی کی شازیہ مری اور تحریک انصاف کےعمر ایوب پولنگ ایجنٹ تھے۔ ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے اراکین کو حروف تہجی کے مطابق باری باری ان کے نام سے بلایا گیا۔
رائے شماری کے اعلان کے بعد ایاز صادق نے نو منتخب اسپیکر سے حلف لیا۔ اس دوران مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے۔
پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی ہوئی جس کے مطابق اسد قیصر کامیاب قرار پائے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لیے کل 330 ووٹ ڈالے گئے۔ اسد قیصر نے 176 جب کہ خورشید شاہ نے 146 ووٹ حاصل کئے۔ 8 ووٹ مسترد ہوئے۔
مسلم لیگ (ن) کے ارکان کے احتجاج اور جوابی نعرے بازی کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی 15 منٹ کے لیے ملتوی کردی، وقفے کے بعد مختلف سیاسی جماعتوں نے اظہار خیال کیا۔
ہنگامہ آرائی کے بعد اجلاس کی کارروائی دوبارہ شروع ہوئی تو مسلم لیگ (ن) کے مرتضیٰ جاوید قاضی نے اسپیکر کو مبارکل باد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو جعلی مینڈیٹ دیا گیا، امید ہے کہ آپ پارلیمان کی روایات کے مطابق پارلیمان کو چلائیں گے، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پارلیمان کے تقدس کیلیے مثالی کردار ادا کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے ہے، ہمارے قائدین نے پارلیمنٹ کے تقدس کیلیے جانیں قربان کیں، ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ پاکستان، آئین اور قانون کے لیے کام کریں۔ پاکستان اور عوام کی بہتری کیلے کی جانے والی قانون سازی میں رکاوٹ نہیں بنیں گے۔ رکاوٹوں کے باوجود پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے لیے جدوجہد میں ہمت نہیں ہاری۔
پاکستان تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے جمہوری اقدار کو آگے بڑھانے کے لئے فہم و فراست سے کام لیا، خورشید شاہ نے کہا وہ جمہوری ہے، انہوں نے فراخدلی سے نتیجےکو قبول کیا اور آئین اور قانون کی بات کی، ایوان کے تقدس کو پروان چڑھانے کیلیے ان رویوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کے معاشی مشکلات کے حل کیلئے ہمیں اپوزیشن کی رہنمائی چاہیے

 

 ایمزٹی وی(ملتان)تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی سردار طارق خان دریشک انتقال کرگئے۔

میڈیا ذرائع  کے مطابق تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے سردار طارق خان دریشک انتقال کرگئے ہیں۔ طارق خان دریشک راجن پور کے حلقہ پی پی 296 سے 42 ہزار 119 ووٹ لے کر رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

طارق خان کو 4 روز قبل برین ہیمرج ہوا جس کے باعث وہ ملتان کے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالقِ حقیقی سے جاملے۔ مرحوم طارق خان دریشک کو ایمبولینس کے ذریعے راجن پور منتقل کردیا گیا ہے۔ ان کی نماز جنازہ آج رات 8 بجے ان کے آبائی گاؤں آسنی میں ادا کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کل عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرے گی۔ 

میڈیا ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے کل پارلیمانی طاقت کے مظاہرے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اسی سلسلے میں اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں کل پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کیا جائے گا۔

ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو وزارت عظمیٰ کے لیے اتحادیوں، خواتین اور اقلیتوں کے ساتھ 174 ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے، جب کہ مزید ارکان کی شمولیت کا سلسلہ بھی جاری ہے، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی حمایت کے بعد نمبرگیم 177 پر پہنچ جائے گا،  کل دوپہر پارٹی کے اجلاس میں عمران خان کو وزیراعظم کا باضابطہ امیدوار نامزد کیا جائے گا۔

 

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)کرکٹ کیلیے صحافت چھوڑنے والے نجم سیٹھی نے دوبارہ ٹی وی پر آنے کا عندیہ دے دیا۔

عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی کے بعد پی سی بی میں بھی تبدیلی کی لہر چلنے کا امکان روشن ہے،اس صورتحال میں ہر کرکٹ شائق چیئرمین نجم سیٹھی کے مستقبل کے بارے میں سوچ رہا ہے،سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر ایک صارف نے ان سے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ آپ اور آپ کی چڑیا ٹی وی پر آئیں اور اہم انکشافات کریں،آپ نے چیئرمین پی سی بی کے طور پر بہت اچھا کام کیا ہے‘‘۔ جواب میں نجم سیٹھی نے کہا کہ انشاء اللہ میں اور میری چڑیا بہت جلد ٹی وی پر نظر آئیں گے۔

ایک اور صارف نے کہا کہ ’’اگر نیب نے آپ کو کلیئرنس دیدی تو سب سے پہلے میں حمایت کروں گا کہ آپ چیئرمین پی سی بی کے طور پر خدمات جاری رکھیں‘‘۔ جواب میں نجم سیٹھی نے 11مئی2018کو جاری کیا جانے والا لیٹر پیش کردیا جس میں بتایا گیا ہے کہ 17اپریل کو جاری کیے جانے والے احکامات کے تحت چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل نجم سیٹھی کیخلاف کیس کی چھان بین کی گئی ہے،اس میں کوئی ایسی چیز نہیں پائی گئی کہ جس پر کارروائی کا آغاز کیا جائے، چیئرمین نیب نے اس میں ناٹ فٹ فار ایکشن کا لفظ استعمال کیا،نجم سیٹھی نے یہی الفاظ اپنے پیغام میں درج کردیے

 

د: 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)بلوچستان میں مخلوط حکومت کا فارمولا طے پاگیا ہے۔

بلوچستان کابینہ 15ارکان پرمشتمل ہوگی، کابینہ میں 12 وزیر 3مشیرشامل کیے جائیں گے، بی اے پی کو 5 پی ٹی آئی کو 2 وزارتیں دی جائیں گی جب کہ ذرائع کے مطابق اے این پی ، بی این پی عوامی وار ایچ ڈی پی کو ایک ایک وزارت ملے گی،2 وزارتیں بی اے پی میں شامل آزاد ارکان کو ملیں گی، تین مشیروں کافیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق میں بی اے پی کوایک وزارت ملنے کا امکان ہے، بلوچستان عوامی پارٹی مرکزمیں پی ٹی آئی کی حمایت کرے گی جبکہ پی ٹی آئی بلوچستان میں بی اے پی کی حمایت کرے گی۔

 ایمزٹی وی(تجارت)نئی حکومت کو معاشی طور پر سہارا دینے اور پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کی موجودہ صورتحال میں بہتر کرنے کیلیے چین پاکستان کو فوری طور پر 2 بلین ڈالر قرض دینے پر آمادہ ہوگیا ہے۔

وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق مذکورہ قرض میں سے ایک بلین ڈالر پہلے ہی قومی خزانے میں آچکے ہیں۔

اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق اس وقت غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 10بلین ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مرکزی ترجمان نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ کیا چین کی جانب سے دیے جانے والے 2بلین ڈالر قرض میں سے ایک بلین ڈالر پاکستان کو مل گئے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)پیپلز پارٹی نے مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کردیا۔
شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے سابق وزیر اعلیٰ و پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کو اپنی جماعت کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ نامزد کردیا ہے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات میں سندھ اسمبلی کی نشستوں پر پیپلز پارٹی صوبے کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے جب کہ دوسرے نمبر پر تحریک انصاف نے نشستیں حاصل کی ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاق میں حکومت بنانے کیلئے عمران خان کا ساتھیوں کو ٹاسک‘ تحریک انصاف نے رابطے شروع کردیئے ‘پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کو فون کرکے انہیں حکومت سازی کے لیے ساتھ چلنے کی دعوت دی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی ملاقات جلد متوقع ہے ‘ ادھر آزاد ارکان نے بھی پی ٹی آئی میں شمولیت شروع کردی ہے ‘علاوہ ازیں سابق وزیر اعلی پرویز خان خٹک نے خیبرپختونخوا کےپانچ آزا د ارکان سے بھی رابطے کرلئے ہیں اور پانچوں آزاد ارکان نے پرویز خان خٹک کی قیادت میں پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

پرویز خٹک نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ قومی اسمبلی کے دو اور پنجاب اسمبلی کے دوآ زاد ارکان سے ان کا رابطہ ہوچکا ہے اورچاروں نے تحریک انصاف میں شمولیت کاعندیہ دے دیا ہے۔ چاروں نامزد وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں شمولیت کااعلان کریںگے۔ تفصیلات کے مطابق وفاق میں حکومت سازی کے لیے جہانگیرترین نے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی سے 

ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں جماعتوں میں ٹیلیفونک رابطے کے بعد ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی ملاقات جلد متوقع ہے۔

 

 

Page 10 of 62