اتوار, 19 مئی 2024
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل نہ ہوا تومعاملات کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں اوراب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔
 
وزیراعظم عمران خان سے امریکی ارکان سینٹ کرس وان ہولین اور میگی حسن نے ملاقات کی جس میں امریکی رکن کانگریس طاہر جاوید، ناظم الامور پال جونز بھی شامل تھے۔ امریکی وفد نے آزاد کشمیر کے دورے کے بعد ذاتی مشاہدے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
 
وزیراعظم نے مسلئہ کشمیرپرتعاون کرنے پرسینیٹرز سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہ بھارت نہیں جو میں سمجھتا تھا، مودی نے بھارت کا چہرہ پوری دنیا میں تبدیل کردیا ہے، میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا سب سے بڑا حامی تھا لیکن اب جب تک بھارت کشمیر کے حالات بہتر نہیں کرتا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھ سکتے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت ہندو سپرمیسی کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے خطرناک نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں، معاملات کسی بھی سطح پر جا سکتے ہیں اور اگر معاملات خراب ہوئے تو دنیا کے لیے پریشانی ہوگی اور اب مودی سے بات کرنے کے لئے کوئی اخلاقی صورت نہیں۔
 
افغان امن عمل پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس پر مرحلہ وار بات چیت ہونی چاہیے، طالبان چاہتے ہیں کہ امن ہو اور امریکا بھی چاہتا ہے کہ افغانستان میں امن ہو۔
 
اس موقع پرامریکی سینیٹرز کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ پر کشمیراورافغان امن عمل آگے بڑھانے پرزوردیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے صرف بنی گالا کو ریگولرائز کرنے کی بات پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنی گالا کو اگر ریگولرائز کررہے ہیں تو پھر باقیوں کو کیوں نہیں۔
 
 
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وفاقی دارالحکومت کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سی ڈے اے آپریشن کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔
 
چیف جسٹس نے سی ڈی اے نمائندے سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے بنی گالا کو ریگولرائز کیا؟۔ نمائندہ سی ڈی اے نے کہا کہ بنی گالا ریگولرائزیشن کے لئے کمیٹی بنائی گئی ہے۔
صرف بنی گالا کو ریگولرائز کرنے کے بیان پر عدالت کا شدید اظہار برہمی کیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بنی گالا کو اگر ریگولرائز کررہے ہیں تو پھر باقیوں کو کیوں نہیں، اگر بنی گالا میں آپریشن نہیں کررہے تو کھوکھوں کو کیوں گرایا؟، بنی گالا میں غریب نہیں،امیر رہتے ہیں،اس لئے سی ڈی اےریگولرائز کررہا ہے، چیئرمین سی ڈی اے نے رپورٹ کیوں جمع نہیں کرائی۔
 
میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ کیا ہم چیئرمین سی ڈی اے کو توہین عدالت میں طلب کرلیں؟۔
 
عدالت نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے اکائونٹس غیر منجمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی اور سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ انگریزوں کے تعلیمی نظام نے معاشرے میں طبقات پیدا کیے۔
 
اسلام آباد میں دینی مدارس میں زیرتعلیم طلبا کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ نبی کریمﷺنے سب سے زیادہ زورتعلیم پردیا، مسلمانوں نےعلم سے ترقی کی، تلوارسے نہیں، انگریزوں نے سوچ سمجھ کرمسلمانوں کا تعلیم کا نظام ختم کیا، انگریز کے تعلیمی نظام نے طبقات پیدا کیے، اسلام ہمیں انسان بننا سکھاتا ہے۔
 
عمران خان نے کہا کہ دینی طلبا کو جدید تعلیم سے بھی آراستہ کیا جائے گا، دینی طلبا کو اقبالیات بھی ضرور پڑھائی جائے، علامہ اقبال پڑھے لکھے طبقے کو اسلام کی طرف لائے، انگریزی اردو نظام سے مدارس کو الگ کرنا ناانصافی ہے اور تعلیم کا مقصد صرف پیسہ کمانا نہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترکی، پاکستان اور ملائیشیا نےمشترکہ ٹی وی چینل چلانےکا فیصلہ کیا ہے، انگریزی چینل کا مقصد مسلمانوں کا مقصد سامنے لانا ہے، مسلمانوں کے انگریزی چینل سے دنیا کو مسلمانوں کا پیغام جائے گا اور انگریزی چینل کے ذریعے مسلمانوں کا تشخص اجاگر کرنے کے لیے فلمیں بنائی جائیں گی۔
کراچی: کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی کمی کا جواز بنا کر لوڈشیڈنگ شروع کردی۔
 
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حبکو پاورپلانٹ کی 500 کے وی این کے آئی لائن میں فالٹ آگیا ہے جس کے باعث کے الیکٹرک کو 250 میگا واٹ بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے، صورتحال سے نمٹنے اور جلد بحالی کیلئے این ٹی ڈی سی حکام سے رابطے میں ہیں اورصارفین سے تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔
 
دوسری جانب کراچی میں کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی کمی کا جواز بناکر لوڈشیڈنگ شروع کردی۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا جب کہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی۔ شہر قائد میں مختلف علاقوں میں فنی خرابی یا کیبل فالٹ کے نام پر بھی بجلی کی بندش جاری ہے۔
اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ڈینگی کے 10ہزار مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔
 
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 10ہزار ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہو چکی ہے، پنجاب میں ڈینگی کے 2363، سندھ 2258 جب کہ خیبر پختونخوا میں 1514 مریض ہیں، پنجاب میں 70 فیصد ڈینگی مریضوں کا تعلق پوٹھوہار سے ہے۔ آئندہ دنوں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
 
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ ڈینگی کی صورتحال پر مکمل نظر ہے، حکومت ڈینگی کی روک تھام کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر بنا دیا گیا ہے جب کہ صوبے بھی اپنا کردار ادا کررہے ہیں، ڈینگی کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے نجی اسپتالوں سے بھی رابطہ کیا ہے۔ بعض سیاسی جماعتیں ڈینگی کے معاملے پر سیاست کررہی ہیں ڈینگی کے مسئلے کو سیاسی جماعتیں فٹ بال نہ بنائیں۔
اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کرلے۔
 
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی تو نیب ٹیم نے گرفتار ملزم آصف زرداری کو پیش کیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے، حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔
 
دھرنے میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے۔ صحافی نے پوچھا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے؟۔ آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے لہذا کوئی ڈیل نہیں ہوگی۔
 
وزیراعظم عمران خان سے بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں حکومت کے آئینی اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم کی امریکہ اور سعودی عرب کے دورے پر بھی مشاورت ہوئی۔
 
ملاقات کے حوالے سے بابر اعوان کی جانب سے بیان جاری کیا گیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کی خبریں پھیلانے والوں کو مایوسی ہو گی، احتساب کا عمل جلد قوم کے سامنے مثبت ثمرات لائے گا جب کہ کشمیر کے معاملے پر حکومت کی جارحانہ حکمت عملی درست اقدام ثابت ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری توجہ کشمیر کاز پر مورکوز ہے، جنرل اسمبلی میں خطاب اہم ہوگا جب کہ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے، احتساب کے عمل پر کوئی ڈیل یا کمپرومائز نہیں ہوگا۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔ جب کہ دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
 
واضح رہے کہ اس سے قبل 20 اگست کو بھی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم عمران کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان کشمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
 
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم اور پارٹی کے تاحیات قائد نواز شریف کی صحت کو لاحق خطرات کو نظرانداز کرنے کی مذمت اور احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو دل، ذیابیطس اور گردوں کے علاوہ متعدد امراض کا سامنا ہے، انہیں 24 گھنٹے خصوصی طبی توجہ کی ضرورت ہے لیکن جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت برتی جارہی ہے، ان کے علاج میں غفلت کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔
 
صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کے لئے معالج اپنی تشویش سے متعلقہ حکام کو مسلسل آگاہ کررہے ہیں، نوازشریف کے معالج نے چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھ کر صورت حال پر ایک بار پھر اپنی تشویش سے آگاہ کیا ہے، سیاسی مخالفت پر صحت کی سنگین صورتحال سے دوچار شخص سے علاج چھیننا قتل کی سازش ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی صحت کو خطرات پر مطلوبہ ایمبولنس دینے سے انکار کی خبر عمران حکومت کے انتقام اور چھوٹے پن کا واضح ثبوت ہے، خدانخواستہ ہارٹ اٹیک کی صورت میں وینٹی لیٹر اور دیگر ضروری مشینیں دستیاب نہ ہوں تو ایسی ایمبولنس کا کیا فائدہ؟ نواز شریف کو ہنگامی طبی امداد کی فراہمی میں جان بوجھ کر لاپرواہی اور غفلت کا حکومتی رویہ مجرمانہ ہے، 2 سرکاری اسپتالوں کا امراض قلب کی مناسب مشینوں سے لیس ایمبولینس فراہم کرنے سے انکار سیاسی انتقام کی تازہ مثال ہے۔ شواہد کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان نیازی اور پنجاب حکومت مجرم ہوں گے۔
Page 3 of 62