پیر, 01 جولائی 2024

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)معروف عرب جریدے امارات الیوم کی ویب سائٹ سے ملتی جلتی ایک نئی امریکی ویب سائٹ نے سعودی عرب میں پاک فوج کے سابق اور عرب اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی گرفتاری کا شوشہ چھوڑ دیا لیکن امارات الیوم کی ویب سائٹ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین نے اسے اہمیت دی اور سوشل میڈیا پر ہلچل مچ گئی لیکن یہ خبر جھوٹی اور پاک سعودی تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی بھونڈی سازش کی گئی ، ایسی کسی بھی گرفتاری یا کشیدگی کی جنرل راحیل شریف کے قریبی ساتھی و تجزیہ نگار جنرل (ر) امجد شعیب نے بھی تردید کردی اور اسے مخصوص حلقوں کی لابنگ قراردے دیا۔
تفصیلات کے مطابق معروف عرب نیوز ویب سائٹ امارات الیوم کے نام سے مشابہت رکھنےو الی ایک ویب سائٹ نے عربی زبان میں راحیل شریف کی سعودی عرب میں گرفتار ہونے کی افواہ پھیلی تو نام میں مشابہت ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اسے معروف ویب سائٹ سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا پر شیئرکردی لیکن بعدازاں کسی کو یہ خبرمشکوک معلوم ہوئی کیونکہ ویب سائٹ کے نام میں موجود لفظ ’T ‘ کے نیچے ایک نقطہ(ڈاٹ) موجود تھا ۔ مزید جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ یہ ویب سائٹ 2012 ء میں امریکہ سے رجسٹرڈ ہوئی ۔
میڈیاذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ نے کہا کہ گزشتہ رات دبئی کے میڈیا سیل نے بے بنیاد خبر چلادی کہ پاکستان آرمی کے سابق چیف جنرل (ر) راحیل شریف کو سعودی عرب میں عین اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ خفیہ طور پر پاکستان آرہے تھے، اس خبر کو ایک بھارتی چینل نے بھی نشر کردیا۔
جنرل امجد شعیب نے کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ نواز شریف کا ذاتی مسئلہ ہے لیکن وہ اسے قومی ایشوبنا کر ملکی اداروں کے مابین نہ صرف کشیدگی پھیلارہے ہیں بلکہ سپریم کورٹ پر بھی اعتراضات اٹھارہے ہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ سپریم کورٹ نے ان کو سہولت دیتے ہوئے جے آئی ٹی بنادی تاکہ یہ اطمینان سے ثبوت فراہم کردیں مگر انہوں نے نہ ہی سپریم کورٹ میں ثبوت فراہم کئے اور نہ ہی جے آئی ٹی میں جبکہ سپریم کورٹ چاہتی تو ان کو جے آئی ٹی بنائے بغیر بھی سزا دے سکتی تھی۔
 

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)پاک فوج نے آپریشن خیبر 4 کے دوران 12 ہزارفٹ اونچی چوٹی کا کنٹرول سنبھال کر چیک پوسٹ قائم کرلی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج نے خیبر ایجنسی کے مشکل ترین علاقے میں سب سے اونچی پہاڑی چوٹی برخ محمد کنڈاؤ کو دہشت گردوں سے خالی کرا کے اپنی چیک پوسٹ قائم کرلی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق برخ محمد کنڈاؤ کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے پاک فوج کے فوجی دستوں کے ساتھ ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔ پاک افغان سرحد کے قریب برخ محمد کنڈاؤ کی پہاڑی چوٹی 12 ہزار بلند ہے، گھنے جنگلات سے گھری اس چوٹی کی مدد سے چاروں جانب نظر رکھی جا سکتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)پاک فوج نے آپریشن خیبر فور کے تحت کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 13 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگادیا جبکہ 90 مربع کلومیٹر کا علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرالیا۔ اس کارروائی میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن خیبر 4 کے تحت پاک فوج کے دستوں کی پیش قدمی جاری ہے۔ پاک فوج کے اسپیشل سروسزگروپ نے کارروائی کرتے ہوئے 90مربع کلومیٹر کا علاقہ دہشتگردوں سے خالی کرالیا۔ اس آپریشن کے دوران 13 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 6 زخمی بھی ہوئے ہیں۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی بارودی سرنگیں ناکارہ بنادی گئیں اور ان کے کئی خفیہ ٹھکانوں کوتباہ کردیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان سپاہی عبدالجبار شہید ہوا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا کر ر ہے ہیں وہ بیرونی عناصر کے آلہ کار کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جو بھی محب وطن پاکستانی ہیں وہ پاک فوج کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم کا حصہ نہیں ہیں ۔ یہ صرف وہ لوگ ہیں جو پاکستان سے مخلص نہیں ہیں اور بیرونی عناصر کے ساتھ مل کر پاک فوج کے خلاف پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پاک فوج اور پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں ۔ لیکن میں سمجھتا ہوں کہ محب وطن پاکستانی ان لوگوں کو اور ان کی مہم کو بھرپور طریقے سے مسترد کر رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (روالپنڈی)ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ سانحہ پارہ چنار کے 17 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کے کیسز فوجی عدالتوں میں تیزی کے ساتھ چلائے جائیں گے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے تحت ملک بھر میں کامیابی کے ساتھ کارروائیاں جاری ہیں اور دہشتگردوں کا تیزی سے احتساب بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پارہ چنار سے منسلک 17 دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے اور انہیں جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر مردم شماری کا عمل مکمل کرلیا ہے اور تمام ڈیٹا ادارہ شماریات کو فراہم کردیا گیا ہے جسے ترتیب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کیلئے پاک فوج نے اپنی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)پاک فوج نے داعش کے خدشات سے نمٹنے اور قبائلی علاقہ جات میں مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے وادی شوال اور راجگال میں نیا آپریشن شروع کردیا جس کو ’ خیبرفور‘ کا نام دیا گیا، یہ آپریشن بھی ’ردالفساد‘ کا حصہ ہے ۔آپریشن شروع کیے جانے کا باقاعدہ اعلان پاک فوج کے ترجمان نے کیا۔
 
 
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بتایاکہ باجوڑ، سوات اور مہمند ایجنسی کی کلیئرنس کے بعد آج صبح خیبر فورنامی زمینی آپریشن شروع کردیاگیاہے جو ممکنہ طورپر زمینی لحاظ سے کافی مشکل ہوگا، اس آپریشن کا بنیادی مقصد سرحد کے دوسری طرف بڑھتے ہوئے داعش کے خطرات سے نمٹنا اور سیکیورٹی یقینی بنانا ہے ۔اُنہوں نے بتایاکہ اس آپریشن کے دوران شدت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کا خاتمہ کیاجائے گا، ایک ڈویژن فوج آپریشن میں حصہ لے گی اورایئرفورس سے بھی مدد لی جائے گا،اندازوں کے مطابق 500خاندان مقیم ہیں اور ان کی سیکیورٹی ہرحال میں یقینی بنائیں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)پانامالیکس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی جانب سے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد پاک فوج کا پہلا رد عمل سامنے آگیا ہے ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاک فوج نے کہا ہے کہ ہمارے لیے کرپشن قابل برداشت نہیں ہے اور ہمیشہ قانون اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاک فوج نے کئی بار عزم دہرایا ہے کہ کرپشن قابل برداشت نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج جمہوریت کی مکمل حمایت کرتی ہے لیکن پھر بھی فوج پر ناجائز تنقید کی جا رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی فوج پر اسی طرح کے ناجائز الزامات لگائے گئے لیکن ہم ہمیشہ قانون کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کا کہنا ہے کہ کسی کو سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے جب کہ کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے سی پیک لاجسٹکس انٹرنیشنل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے اور چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان میں ترقی آئے گی جب کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں بڑے پیمانے پر بہتری لائے گا لیکن سی پیک کے لیے خطے میں امن واستحکام نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کا ون بیلٹ ون روڈ وژن پوری دنیا کے لیے ہے اور منصویہ پاکستان اور مغربی چین کیلئے گیم چینجر ہے۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فوج اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے چاک و چوبند ہیں لیکن سی پیک کی کامیابی کے لیے تمام اداروں کو بھرپور تعاون کرنا ہوگا جب کہ بطور قوم ہم اسی موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی سی پیک کے معاہدے اور اس حوالے سے ہماری صلاحیتوں پر شکوک و شبہات نہیں ہونے چائیے جب کہ عوام کے تعاون سے پاکستان کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے محفوظ ملک بنا رہے ہیں اور کوئی بھی رکاوٹ آئے انشااللہ سی پیک کو کامیاب بنائیں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے موجود قوانین اور قواعد بہتر بنانے ہوں گے اور 2030 تک اقتصادی شراکت داری کامیاب کرنا میراخواب ہے جب کہ این ایل سی کوسی پیک سےمتعلق ایسے فورم کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے۔

 

ایمزٹی وی (روالپنڈی)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ برہان وانی اور دیگر کشمیریوں کی قربانیاں بھارتی مظالم کے خلاف ان کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے شہید برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کو حق خوداردیت حاصل ہے جب کہ برہان وانی اور دیگر کشمیریوں کی قربانیاں ان کے کشمیر سے متعلق عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)بھارتی فوج نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے ایک لڑکی سمیت 2 شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ اور ستوال سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک لڑکی سمیت 2 شہری شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا تاہم پاک فوج نے بھی بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپوں کو خاموش کرادیا۔