پیر, 01 جولائی 2024

 

ایمزٹی وی(قصور)کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے فوج اور سول انتظامیہ کی زیر نگرانی قصور شہر میں جاری مردم شماری مہم کا جائزہ لینے کیلئے سینس کنٹرول ہیڈ کوارٹر قصورکا دورہ کیا۔ جہاں انہیں خانہ شماری اور مردم شماری کے حوالے سے اب تک کی مرحلہ وار پیشرفت کے بارے میں مفصل بریفنگ دی گئی۔ بعدازاں کور کمانڈر، قصور شہر کے مختلف وارڈز میں گئے اور مردم شماری ٹیموں اور شہریوں سے گفت و شنید کی اور مہم کے حوالے سے ان کا نقطہ نظر اور ردعمل معلوم کیا۔ انہوں نے دوران مہم عام شہریوں کے تعاون کو بے حد سراہا اور شکریہ ادا کیا اور مردم شماری کے اغراض و مقاصد اور یکساں قومی ترقی کے حوالے سے مردم وخانہ شماری کو بہت اہم قرار دیا۔' کور کمانڈر نے سول اور قومی اداروں کے باہمی اشتراک سے کامیابی سے جاری اس مہم اور اس مہم میں حصہ لینے والی ٹموں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ دورے کے دوران اہم سول اور فوجی افسران ان کے ہمراہ تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق آرمی چیف جنرل (ر) اسلم بیگ نے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی کو بڑھک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو جارحیت کی قیمت کا بخوبی علم ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق جنرل (ر) اسلم بیگ نے کہا ہے کہ بھارت کو جارحیت کی قیمت کا بخوبی علم ہے اس لئے بھارتی آرمی چیف کی دھمکی بڑھک سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی ہلاکت میں پاکستان ملوث نہیں جبکہ بھارت کشمیریوں کا حق خود ارادیت تسلیم کرے۔

 

 

ایمزٹی وی ( چمن)پاک افغان سرحد باب دوستی کے قریب افغان فورسز نے پاکستانی آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی جس سے خاتون سمیت 4 شہری شہید ہوگئے جبکہ 4ایف سی اہلکاروں سمیت 22 افرادزخمی ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر قیصرخان کا کہنا ہے کہ چمن میں افغان فورسز کی شہری آبادی پر فائرنگ اورگولہ باری جاری ہے، افغان فورسز کی طرف سے فائر کیاگیا مارٹر گولہ سرحدپرواقع ایک گھر پرآگرا جس سے خاتون شہید اور دو افراد زخمی ہوگئے، واقعے میں شہید افراد کی تعداد4 جبکہ زخمیوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ضلع بھر میں تمام تعلیمی ادارے غیر معینہ مدت تک بندکردیئےگئے ہیں، انہوں نے ہدایت کی کہ شہری گھروں کی چھت پر آنے سے گریز کریں اور بارڈرکی طرف غیرضروری آنے جانے سے گریز کیاجائے۔

اس سے قبل ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نےسوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ افغان بارڈر پولیس نے چمن بارڈر پر کلی لقمان اور کلی جہانگیر کے علاقوں میں مردم شماری کی ٹیموں کی سیکورٹی پر مامور سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
اعلامیہ کے مطابق افغان حکام کو سفارتی اور عسکری ذرائع سے مردم شماری کے عمل کے بارے میں آگاہ کردیا گیا تھا، اس کے باوجود افغان بارڈر پولیس 30 اپریل سےمردم شماری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہی تھی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے اور چمن پر پاک افغان سرحد کوہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند دیا گیا ہے۔
دوسری جانب زخمیوں کو چمن کے سول اسپتال منتقل کیاگیا ہے جن میں خواتین اوربچے شامل ہیں، شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعدباب دوستی ہرقسم کی آمدروفت کےلئے بند ہے اوردونوں جانب کشیدگی ہے

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے تین دہشتگردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دیدی گئی ہے ۔
پاک فوج کے ادارہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہناہے کہ تینوں دہشتگرد سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بم دھماکوں میں ملوث تھے جن میں حسن ڈار ،عمرزادہ ،علی ولد فضل ربی شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ تینوں دہشتگردوں کا تعلق تحریک طالبان پاکستان سے تھا ۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی فوجیوں کی لاشوں کو مسخ کرنے کے حوالے سے پاکستانی ہائی کمشنر کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے اور پاکستان نے بھارتی الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی دفتر خارجہ آمد کے موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط نے لاشوں کو مسخ کرنے کے الزام کو مستر دکرتے ہوئے بھارتی پر واضح کیا کہ پاکستانی فوج ایک انتہائی پروفیشنل ادارہ ہے،بھارت بلاوجہ الزام تراشی نہ کرے اگر اس کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پاکستان کو دے۔
عبدالباسط نے بھارت پر پاکستانی موقف واضح کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان نے لائن آف کنٹرول کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی،ایسا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں ہے اور پاکستان کنٹرول لائن پر امن قائم رکھنے کا خواہاں ہے۔خیال رہے کہ بھارت نے پاکستان پر اپنے فوجیوں کی ہلاکت اور ان کی لاشوں کو مسخ کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ 4 خطرناک دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ سزا پانے والے دہشتگردوں میں برکت علی، محمد عادل، اسحاق اور لطیف الرحمان شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا جو فورسز اور شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے، چاروں دہشت گردوں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں جرائم کا اعتراف کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد برکت علی ولد عبدالغفور پر دھماکوں اور شہریوں کے قتل کا جرم ثابت ہوا، محمد عادل ولد اکبر جان نے ایف سی کے جوانوں کو اغواء کر کے ذبح کیا، اسحاق ولد عبدالحی کے حملے میں جونیئر کمیشنڈ افسر شہید ہوا جب کہ لطیف الرحمان ولد سیف الرحمان فورسز کے جوانوں کے اغواء و قتل میں ملوث تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنزکا ہاٹ لائن پررابطہ ہوا، پاک فوج نے بھارتی فوجیوں کے اعضاء کاٹنے اورنعشیں مسخ کرنے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے نا توراولا کوٹ پونچھ سیکٹرپرسیز فائرکی خلاف ورزی کی اورنا ہی لائن آف کنٹرول پارکی۔
ڈی جی ملٹری آپریشنزنے کہا کہ پاکستان آرمی پیشہ ورفوج ہے جو طرزعمل کے اعلیٰ ترین معیاربرقراررکھتی ہے، ہم کنٹرول لائن پرامن و سکون قائم رکھنے کیلئے پرعزم ہیں، بھارت کا فوجیوں کی نعشیں مسخ کرنے کا الزام وادی کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔
ڈی جی ایم اوکی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ بھارت الزامات کے قابل قبول شواہد پیش کرے اورواقعہ کی تحقیقات کرائے جب کہ کنٹرول لائن پر کسی بھی جارحیت کا اپنی مرضی کے مقام اوروقت پرجواب دیا جائے گا۔ ہاٹ لائن پررابطے میں ڈی جی ایم اونے ایل او سی پر بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں کو ہدف بنانے کا مسئلہ بھی اٹھایا اورشہریوں پر جارحیت جاری رہی تو مناسب جواب دیا جائے گا۔
اس سے قبل گزشتہ رات لائن آف کنٹرول پرراولا کوٹ پونچھ سیکٹرمیں پاک فوج کے کمانڈر نے بھارتی ہم منصب سے ہاٹ لائن رابطہ کیا تھا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق بھارتی حکام کوبتایا گیا کہ بھارتی میڈیا پاکستان پرغیرضروری الزام لگا رہا ہے اوربھارت کی جانب سے اس معاملے پردانشمندی کے اظہارکی امید ہے، پاکستان کنٹرول لائن پرپُرامن ماحول کے لیے پُرعزم ہے اورتوقع ہے کہ بھارت بھی ایل اوسی پر امن کو متاثرکرنے والا کوئی اقدام نہیں کرے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ روز الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاک فوج نے ایل او سی پر قائم بھارتی فوج کی 2 چوکیوں پر مارٹرگولوں اورراکٹ سے حملہ کیا اوربعد میں چوکیوں کے درمیان گشت کرنے والے 2 فوجیوں کو ہلاک اور ان کی لاشیں مسخ کردی ہیں۔ پاک فوج نے بھارت کے اس مکروہ الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاک فوج ایک اعلیٰ ترین اور پیشہ وارانہ فورس ہے، وہ کسی فوجی یہاں تک کہ بھارتی فوجی کی بھی تضحیک نہیں کرے گی لہٰذا بھارتی سپاہیوں کی لاشوں کے عضو کاٹنے کا بھارتی الزام بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (راولپنڈی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر حاجی پیر سیکٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں سے متعلق بریفنگ دینے کے علاوہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاری پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جوانوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور سرحد پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کی خلاف ورزی پر جواب دینے میں فوجی روایات اور اقدار کو مدنظر رکھنا ہے اس لئے پاک فوج کا جواب ہماری روایات کے مطابق خالصتاً فوجی ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ریاستی دہشت گردی برپا کر رکھی ہے اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی فوج کا تشدد ہر لحاظ سے ریاستی تشدد ہے اور اس سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں عوامی جذبہ بڑھ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کشمیریوں پر مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتی ، کشمیریوں کو خوف اور جبر کے بغیر رہنے کا پورا حق ہے، حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 10 ارب روپے کی پیش کش کرنے والے کا نام اس لئے نہیں بتا سکتا کیونکہ وہ لاہور کا رہائشی ہے اگر اس کا نام لے لیا تو پھر شریف خاندان اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنائے گا۔ کراچی پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا وزیراعظم رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا، جب پاناما کا انکشاف ہوا تھا اسی دن انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیئے تھا، نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو کہا تھا کہ تحقیقات تک استعفیٰ دے دیں لیکن خود کرسی سے چپکے ہوئے ہیں اور یہ کرسی سے اس وجہ سے چپکے ہوئے ہیں کیونکہ قطری کے ساتھ اربوں روپے کے معاہدوں سے کمیشن آنا ہے، اسی پیسے کی وجہ سے نواز شریف اپنی عزت اور غیرت کھو بیٹھے ہیں۔ 10 ارب کی پیش کش کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا 10 ارب تو ابتدائی پیش کش تھی، آفر لانے والے کا کہنا تھا کہ پیش کش 10 ارب روپے سے بڑھ بھی سکتی ہے، پیش کرنے والے کا نام اس لئے نہیں بتا سکتا کیونکہ وہ لاہور کا رہائشی ہے اور اگر اس کا نام لے لیا تو پھر شریف خاندان اسے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنائے گا، جس دن عدالت میں بلایا گیا تو 10 ارب روپے کی پیش کش کرنے والے کے لئے تحفظ کا مطالبہ کروں گا اور دبئی سے جس کے ذریعے پیش کش کی گئی اس کا نام بھی بتاؤں گا۔ چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ڈان لیکس کمیشن کی پوری تفصیل سامنے آئے لیکن انہوں نے اصل لوگوں کو بچا کر کسی اور کو قربانی کا بکرا بنا دیا، یہ اسی طرح ہے کہ نیب بڑے مگرمچھوں کو معاف کر دیتی ہے اور چھوٹے پٹواریوں کو پکڑلیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ ملک کا سب سے بڑا ڈاکو وزیراعظم ہے اور کرکٹرز کو کہتے ہیں کہ آپ نے اسپاٹ فکسنگ کیوں کی۔ ایک سوال کے جواب پر عمران خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو کیا کہوں، جب آصف زرداری کرپشن کے خلاف کھڑا ہوجائے تو یہ قیامت کی نشانی ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)ڈان لیکس پر حکومت کی تحقیقاتی رپورٹ مسترد کرنے کے بعد پاک فوج نے معاملے کی خود تحقیقات کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا شروع کردیا۔ پاک فوج ڈان لیکس کی خود تحقیقات کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے کیونکہ پاک فوج کے خیال میں رپورٹ میں پوری حقیقت سامنے نہیں آئی اور فوج معاملے کی مکمل تحقیقات کروانا ضروری سمجھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ میں پرویز رشید کو بری الذمہ قراسر نہیں دیا گیا تھا تاہم پاک فوج ڈان لیکس کے معاملے پر قوم کے سامنے مکمل سچ لانا ضروری سمجھتی ہے۔