بدھ, 03 جولائی 2024

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے 39 ملکی سعودی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے کہا ہے کہ حکومت خفیہ فیصلے نہ کرے اور پالیسی میں تبدیلی سے متعلق پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے۔
ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان صرف ثالثی کی حد تک کردار ادا کرے اور حکومت بتائے راحیل شریف کو کس حیثیت اور کن شرائط پر اتحاد کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ سعودی عرب نے 39 ملکی اتحاد کیلئے سابق آرمی چیف جنرل(ر) راحیل شریف کی خدمات لینے کیلئے حکومت پاکستان کو خط لکھا تھا جس کے جواب میں راحیل شریف کو اجازت دیدی گئی تھی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(جہلم)جہلم کے قریب دوسرے پاک آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے جاری ہیں جس میں چین، انڈونیشیا، میانمار، سری لنکا، ترکی ،تھائی لینڈ، برطانیہ، اردن اور ملائیشیا،میانمار، مالدیپ کی ملٹری ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آخری ٹیم سپرٹ مقابلہ منگلا کور نے جیت لیا ،مقابلوں میں پاکستان آرمی کی 8 ٹیمیں شریک ہیں ، مقابلوں میں شرکاءکو دہشتگردی سے متاثرہ علاقوں میں مشن مکمل کرنے کا ٹاسک دیا جا تا ہے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ مقابلے کے دوسرے روز ملٹری ٹیموں کی جسمانی فٹنس،ٹیم سازی کو جانچا گیا۔ٹیم سپرٹ مقابلے سخت چیلنج میں کیے جاتے ہیں۔
 
مقابلوں میں غیر ملکی ٹیموں کا طبی معائنہ اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا ۔تما م ٹیموں نے مقابلے میں بھرپور شرکت کی اور کامیابیاں سمیٹیں ۔مقابلے میں دہشت گردوں سے نمٹنے کے اسرار و رموز جانچے جائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آرمی چیف پاکستان کی جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بلین ٹری پروگرام سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پی ٹی آئی عمران خان نے صحافی کے آرمی چیف کے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ ”خوشخبری یہ ہے کہ آرمی چیف پاکستان کی جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہیں“۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گلوبل وارمنگ سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے، بلین ٹری منصوبے کا آڈٹ ڈبلیوڈبلیو ایف نے کیا اور83فیصد کامیابی ہوئی، انشاء اللہ جلد بلین ٹری منصوبہ مکمل ہوجائیگا اوردوسرے صوبوں کیلئے مثال ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ٹمبر مافیہ سے خوفزدہ نہیں ہیں اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، 22ارب روپے کی 60ہزارکنال زمین ٹمبرمافیا سے واپس لی ہے اس پر محکمہ جنگلات کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ اس پراجیکٹ کے تحت اب تک 80 کروڑ درخت لگائے جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کے پی کے حکومت نے ماحولیات سے متعلق اقدامات کیے، کے پی کے نے درخت لگا کر دیگر صوبوں کے لیے مثال قائم کی،ڈبلیو ڈبلیو ایف نے آڈٹ کروایا اور کہا مہم میں 83 فیصد کامیابی ملی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے 41 ملکی سعودی اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے کی تصدیق کردی، فوجی اتحاد کے ضوابط کار ابھی تیار نہیں ہوئے۔ان خیالات کا اظہار ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس زکریا نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا فوجی زون بن چکا ہے ،جہاں تعینات بھارتی فورسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے ، اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے۔ بھارت جتنی مرضی طاقت کا استعمال کرلے ، کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کا عزم کر رکھا ہے۔
اب تو بھارت کے اندر سے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں پر تشدد اور مظالم معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں پر مظام کا نوٹس لیا جائے۔ بھارت خود اپنی سرزمین پر دہشت گردی کر کے دیگر ملکوں کو مورد الزام ٹھہراتا ہے۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنیکا خواہاں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان خود بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کا شکار ہے ، بلوچستان میں را ایجنٹ کل بھوشن یادو کی گرفتاری اور اس کے اعترافی بیانات اس بات کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی حکومت ممبئی میں قائد اعظم کی رہائش گاہ جناح ہاﺅس کی اہمیت کا خیال رکھتے ہوئے اس کا تحفظ کرے اور عمارت پاکستان کے حوالے کرے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میری ٹائم ایجنسی اور بھارتی کوسٹ گارڈز کے درمیان 16 سے 19 اپریل کے درمیان نئی دہلی میں مذاکرات ہوں گے۔ سابق سفیر حسین حقانی کو کسی قسم کا سفارتی استثنیٰ حاصل نہیں ہے۔ افغانستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ دونوں ملکوں نے دہشت گردی کی روک تھام کیلئے ادارہ جاتی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور بارڈر مینجمنٹ کی غرض سے رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ملکوں کیلئے یکساں خطرہ ہے۔ افغانستان میں امن سے متعلق 12 ملکی کانفرنس آئندہ ماہ ماسکو میں منعقد ہو رہی ہے ، جس میں پاکستان شرکت کریگا۔ افغان امن عمل کی حمایت ہماری پالیسی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے ، دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تجارت 19 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے ، چین کیساتھ دفاع، معیشت، ثقافت سمیت تمام شعبوں میں خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔
سی پیک نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ اقتصادی لحاظ سے تمام خطے کیلئے اہم تبدیلیاں لائے گا۔ ترجمان نے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاک آرمی کے جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے فوجی عدالتوں کی حمایت کی، وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف قوم کی اخلاقی حمایت کھو چکے ہیں۔
پیپلز پارٹی ملک میں ایک بار پھر تیزی سے ابھرنے والی سیاسی قوت بنے گی۔فاٹا کے عوام کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے لئے اپنا نمائندہ منتخب کرنے کا حق دینے کے لئے خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے۔پاکستان میں سیکورٹی کی مخدوش صورت حال کے باعث ترقیاتی منصوبے کامیاب نہیں ہو سکتے۔واضح رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بطور تجزیہ کار نجی ٹی وی چینل جوائن کر لیا ہے جہاں ان کا پروگرام ہر اتوار کو رات 10بجے نشر ہوگا.
سابق صدر آصف علی زرادری نے نجی ٹی وی بول جوائن کرلیا، ہفتہ وار پروگرام کریں گے
نجی ٹی وی چینل بول نیوز پر بطور تجزیہ کار سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے ٹی وی پروگرام میں موجودہ حالات پر تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن میں ہاراور جیت سیاسی عمل کا حصہ ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے اہم ہے۔الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے ووٹنگ کے عمل سے ملک میں انتخابی دھاندلی پر قابو میں مددملے گی۔پیپلز پارٹی خواتین کی ترقی پر یقین رکھتی ہے اسی وجہ سے پارٹی نے دیگر سیاسی جماعتوں کی نسبت زیادہ خواتین کوقومی اور صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی دی۔
پیپلز پارٹی نے ہر اچھے اور برے سیاست دان کا مقابلہ کیا ہے۔میرا سارے خاندان نے ناکردہ گناہوں کی پاداش میں جیلیں کاٹی ہیں ۔ خودمیں نے 12سال جیل کاٹی۔ بلاول بھٹو بھی شہید بینظر کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔اسحاق ڈار کو سوچنا چاہئے کہ ملک میں سیکورٹی نہیں پراجیکٹ کامیاب نہیں ہوگا۔ ملکی صحافی تحقیق کے بغیر تجزیہ کار بن جاتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ اسلام آباد)اسلام آباد کنونشن سینٹر میں نجی یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ چیلنج سمجھ کر لڑ رہے ہیں اور اس جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت، سیکیورٹی فورسز اور دیگر اداروں کا کردار بہت اہم ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک نے ہماری طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ نہیں لڑی اور سرحدوں پر فوجی جوان ملک کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور فورسز کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے اور پاکستان میں جمہوریت بتدریج مستحکم ہو رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)فوجی عدالتوں سے سزایافتہ 5دہشت گردوں کو ڈسٹرکٹ جیل کوہاٹ میں پھانسی دے دی گئی ہے۔
پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق جن دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی انہوں نے مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف جرم کیا تھا، جن میں کالعدم ٹی ٹی پی کا شوکت علی ولد عبدالجبار ،انورعلی ولد فضل غنی،خاندان ولد دوست محمد،صابرشاہ ولداحمدشاہ اور عماداللہ ولد عبدالواجدشامل ہیں۔
دہشت گرد انور علی ، شوکت علی اور صابر شاہ سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے جبکہ دہشت گردعماداللہ نے بونیر میں تعلیمی ادارے کو تباہ کیاتھا۔
زرائع کے مطابق فوجی عدالتوں کی جانب سے سزا یافتہ دہشتگردوں کو پھانسیاں دینے کا سلسلہ گزشتہ کچھ عرصے سے رکا ہوا تھا تاہم اب یہ دوبارہ سے بحال ہو گیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)23مارچ کی پریڈ کے حوالے سے مسلح افواج نے پریڈ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔زرائع کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پر پریڈ میں مسلح افواج سمیت سول آرمڈ فورسز حصہ لیں گی ،23مارچ کی پریڈ کے دوران بری ،بحری اور فضائی فوج پھر پور قوت کا مظاہرہ کرے گی ۔
پریڈ کے دوران دفاعی آلات کی نمائش بھی کی جائے گی ۔یوم پاکستان کی پریڈ کے حوالے سے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے ۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے آرمی چیف نے وزیراعظم کو بھر پور تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ فائنل میچ میں کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلئےپولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج ذمہ داری انجام دے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)آئی ایس پی آرنے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نیول چیف ایڈمرل ذکااللہ نے ملاقات کی اور آپریشن ردالفساد میں دونوں افواج کے درمیان تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا
پاک فوج کے ادارہ برائے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور نیول چیف کی ملاقا ت جی ایچ کیو میں ہوئی جبکہ اس دوران خوشگوار جملوں کا تبالہ کرتے ہوئے سپہ سالار نے نیول چیف کو بین الاقوامی بحری جنگی مشقوں کے کا میاب انعقادپرمبارکبادبھی پیش کی ۔
آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بحری مشقیں کرانا قومی فخراورکامیابی ہے اور مشقوں میں36ممالک کی نیوی کی شرکت پاک بحریہ کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) پاک فوج نے خانہ و مردم شماری میں فوجی تعاون کیلئے رابطہ اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے خانہ و مردم شماری کے انتظامات پر اظہاراطمینان کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق راولپنڈی کے آرمی ایئرڈیفنس کمانڈ ہیڈ کوارٹرزمیں خانہ ومردم شماری میں فوجی تعاون کیلئے رابطہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف مرزا، سیکرٹری شماریات ،چیئرمین شماریات بیورو، سینئرسول اورعسکری حکام نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آرکے مطابق اجلاس میں مردم شماری کے دوران فوج کی مدد اورتعاون سے متعلق امورکا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء نے خانہ و مردم شماری کے انتظامات پر اظہاراطمینان کیا جب کہ اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل زاہد مرزا نے کہا کہ آرمی چیف کی ہدایت کے مطابق فوج مردم شماری میں مکمل تعاون کرے گی۔