پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی (کراچی/تعلیم)کراچی کے علاقے سولجر باز ارمیں گرائے گئے اسکول کے چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبا ملبے پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں،1928ءمیں قائم اسکول کا سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی نے وزیرتعلیم نثار کھوڑو کو دورہ بھی کرایا تھا ۔
کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تاریخی عمارت مسمار کرنے سے سیکنڈری اسکول کا حصہ بھی متاثر ہوا ، 1928 سے قائم جفل ہرسٹ سرکاری سیکنڈری اسکول کی چوتھی جماعت کے طالبات آج جب اسکول آئیں تو انہیں اپنی کلاس کی جگہ ملبے کا ڈھیر دکھائی دیا، حیرت اور صدمے نے ان کے حواس ہی چھین لیے۔
طالبات کا کہنا تھا کہ آج وہ اسکول آئے تو انہیں اپنی کلاس ٹوٹی ہوئی ملی ۔ اسکول کے پرنسپل محمد شفیق کا کہنا تھا کہ کسی بھی تاریخی عمارت کو مسمار کرنا غیر قانونی ہے، اگر اعلیٰ حکام نے آج ڈی سی آفس طلب کیا تو مذاکرات کے لیے ضرور جاؤں گا۔
ہر اہم واقعہ کی طرح قومی ورثہ قرار دی جانے والی اس تاریخی عمارت کی بربادی پر حکام حسب سابق سانپ نکلنے کے بعد لکیر پیٹتے نظر آرہے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ ایک ہزار طالب علموں کے مستقبل کا اب کیا ہوگا اور قبضہ اور بلڈوزر مافیا کو کون لگام دے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ سلمان بٹ اچھا کھیل رہا اور وہ ہماری لسٹ میں ہے جہاں اس کی ضرورت پڑی تو ضرور موقع دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ یونس نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ خود کیا اور اس کے فیصلے کا احترام کیا جانا چاہیے،یونس اور مصباح کی جگہ جلدپرنہیں کی جاسکے گی اور ان کے متبادل ڈھونڈنا آسا ن کام نہیں ہے۔
انضمام الحق نے مزید کہا کہ ایک میچ ہارنے سے کچھ نہیں ہواا آ ج ٹیم اچھا کھیلے گی،قوم دعا کرے آج کا میچ پاکستان کے لئے بہت اہم ہے،سرفراز احمد کو کامران اکمل سمیت کسی کا پریشر نہیں لینا چاہیے،فاسٹ باؤلرز کا زیادہ رنز دینا لمحہ فکریہ ہے اورآخری اوورز میں سکور زیادہ ہوتا ہے جو ہماری ٹیم نہیں کررہی مگرپاکستانی ٹیم کم بیک کرے گی کیونکہ قومی کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم کی ضرورت دیکھ کر کھلاڑی منتخب کرتے ہیں،سکور نہیں ٹیم کی ضرورت دیکھ کرکھلاڑی دیکھ کر سلیکشن کی جاتی ہے،اگر اسکور دیکھ کر کھلاڑی منتخب کرنا ہے تو سلیکٹر کی ضرورت نہیں۔
سابق کپتان کا آخر میں کہنا تھا کہ ایک سیریز میں 8 نئے کھلاڑیوں کو شامل کرنا آسان کام نہیں تھا،دیگر کھلاڑی لوپ میں ہیں جہاں ضروری پڑی استعمال کریں گے،احمد شہزاد نے پی ایس ایل میں اچھی پرفارمنس دی اور یہ بات ٹھیک ہے کہ ٹیم کو عبدالرزاق اور اظہر محمود جیسے آل راؤنڈر کی ضرورت ہے۔
”کرکٹ کی جنت “معروف صحافی نے آزاد کشمیر کے کرکٹ اسٹیڈیم کی ایسی تصویر شیئر کر دی کہ جاوید آفرید ی بھی چپ نہ رہ سکے ،لوگو ں نے انٹر نیشنل میچ کرانے کا مطالبہ کردیا،تصویر دیکھ کر آپ بھی خوشی سے جھوم اٹھو گے

 

 

ایمزٹی وی(حیدرآباد)مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ پہلے کراچی میں ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور اب وہی طریقہ پیپلزپارٹی کے لیے استعمال کیا جا رہا رہے لیکن پی پی میں کوئی توڑپھوڑ نہیں ہوگی۔
 
پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار نے جو دھمکیاں دینی شروع کی تھیں اس کے اثرات اب نظرآنا شروع ہوگئے ہیں، پہلے کراچی میں ایک سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کرکے توڑ پھوڑ کی گئی اور اب وہی طریقہ پیپلزپارٹی کے لیے استعمال کیا جا رہا رہے لیکن پی پی میں کوئی توڑ پھوڑ نہیں ہوگی جب کہ وزیراعظم اپنے وزرا کو تعصب کی فضا قائم کرنے سے روکیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادارن ملک کے لیے جان نہیں دے سکتے تو خدارا ملک کی جان چھوڑ دیں، ہماری طرز سیاست پاناما نہیں، اللہ نے پاناما کی صورت میں شریف براداران کے منہ پر طمانچہ مارا ہے جب کہ پی پی کے دور میں آنے والا این آر او غلط ضرور تھا لیکن کسی سے چھپ کر نہیں کیا، اسی این آر او کی بدولت نواز شریف واپس آئے اور ملک میں سیاست چلی، اصل مجرم وہ ہیں جورات کی تاریکی میں این آر او کرکے فرار ہوئے تھے جب کہ اے ڈی خواجہ اچھے افسر ہیں لیکن اگر ان کی حکومت سے نہیں بن رہی تو اسے رہنے کا حق نہیں ہے۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ روایتی دشمنی جگا کر الیکشن میں جارہی ہے جب کہ لوگوں کو اٹھانے سے سندھ میں افراتفری پیدا ہوگئی ہے، تینوں افراد کو سندھ حکومت اور پولیس کو بتائے بغیر اٹھایا گیا جوکہ بڑی خطرناک بات ہے لہذا اگراٹھائے گئے تینوں افرا د کا کوئی جرم ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی سندھ سے اغوا کیے جانے والے لوگوں کی تشدد زدہ نعشیں گھروں میں بھیجی گئی تاہم انتقامی طرزسیاست وفاق کو بھی نقصان پہنچائے گا اور اگر یہ کارروائی آصف علی زرداری کی دشمنی کے لیے کی گئی ہے تو اسے قبول نہیں کریں گے، آصف علی زرداری اوربلاول بھٹوزرداری نے پنجاب میں تہلکہ مچارکھاہے جس سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں، ہوسکتا ہے کہ سندھ میں لوگوں کا اغوا آصف زرداری کو پنجاب سے سندھ بھیجنے کے لیے ہو۔

 

 

ایمزٹی وی (لاہور)بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پاس غریب عوام کے لئے بہترین منصوبے موجود ہیں اور آئندہ انتخابات میں جنوبی پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کا صفایا کر دیں گے۔
لاہور میں پیپلز پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مجھے یہ جان کر بہت افسوس ہوا کہ جنوبی پنجاب کی شرح خواندگی صرف 12 فیصد ہے لیکن اب جنوبی پنجاب کی محرومیوں کے دن ختم ہو چکے، یہاں کے باسی ترقی کی روشن صبح اور مساوی مواقع کے لئے تیار ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس غریب عوام کے لیے بہترین منصوبے ہیں، آئندہ انتخابات میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کو تخت رائیونڈ سے آزادی مل جائے گی اور ہم پورے پنجاب سے (ن) لیگ کا صفایا کردیں گے۔
چئیرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہارون آباد میں ہمارے کارکن کے قاتل دندناتے پھر رہے ہیں اور پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لئے تیارنہیں، حقیقت میں شفاف تحقیقات کا اعلان کرنے والی پنجاب حکومت ہی اس جرم میں ملوث ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)وہ بچے جو روزانہ کئی گھنٹے ویڈیو گیم کھیلتے ہیں ان میں بہت سی عام بیماریوں کے علاوہ ہڈیوں کے کمزور ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ریسرچ جرنل ’’بی ایم جے کیس رپورٹ‘‘ میں ایسے ہی ایک برطانوی بچے کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ ویڈیو گیم کی لت سے بچوں میں ایک طرف موٹاپا بڑھ جاتا ہے تو دوسری جانب ان کی ہڈیاں بہت کمزور ہو کر ٹوٹ سکتی ہیں۔ میڈیکل سائنس میں یہ بات طے شدہ ہے کہ بچپن اور لڑکپن میں پڑھائی لکھائی کے ساتھ ساتھ جسمانی کھیل کود اور ورزش بھی یکساں طور پر ضروری ہیں تاکہ دماغ کے اور جسم کی نشوونما یکساں طور پر ہوتی رہے۔ اسی تناظر میں ماہرین بار بار خبردار کرتے رہتے ہیں کہ بچوں کو بہت زیادہ ویڈیو گیم کھیلنے نہ دیا جائے کیونکہ اس طرح وہ گھنٹوں ایک ہی جگہ بیٹھے رہتے ہیں جس سے ان میں موٹاپا بڑھ جاتا ہے اور وہ کم عمری ہی سے کئی بیماریوں کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔ مختلف مطالعات میں سائنسدان یہ خدشہ ظاہر کرچکے ہیں کہ مسلسل ویڈیو گیم کھیلنے کے نتیجے میں بچوں کی ہڈیاں کمزور پڑسکتی ہیں لیکن یہ پہلا واقعہ ہے جب کسی بچے کو ویڈیو گیم کھیلنے کے باعث ہڈیوں کے بھربھرے پن اور شدید کمزوری میں مبتلا دیکھا گیا ہے۔

پیدائش سے لے کر 24 سال تک کی عمر طبی نقطہ نگاہ سے نشوونما کی عمر بھی کہلاتی ہے جس کے دوران مختلف جسمانی حصے زیادہ پروان چڑھتے ہیں جب کہ ان میں صحت مندی اور مضبوطی کا رجحان بھی زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔ 35 سے 40 سال کے بعد عمر ڈھلنے لگتی ہے اور ہڈیوں سمیت پورا جسم کمزور پڑنے لگتا ہے جس کے اثرات سے بچنے کے لیے مختلف غذائیں اور جسمانی ورزشیں تجویز کی جاتی ہیں۔ ویڈیو گیم کھیلنے کے شوقین بچوں میں بڑھاپے جیسی علامات کا ظاہر ہونا ان تمام خدشات کی تائید کرتا ہے جن کا اظہار ماہرین برسوں سے کرتے آرہے ہیں۔ البتہ ان سے محفوظ رہنا بہت آسان بھی ہے کیونکہ ’’بی ایم جے کیس رپورٹ‘‘ میں تجویز کیا گیا ہے کہ اگر والدین اپنے بچوں کو روزانہ کم از کم ایک گھنٹے تک دھوپ میں کھیلنے کودنے میں مصروف رکھیں تو اس سے ان میں وٹامن ڈی کی مقدار بھی پوری رہے گی اور وہ ہڈیوں کی کمزوری کا شکار بھی نہیں ہوں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد طالب نے کہا ہے کہ جنرل(ر) راحیل شریف کا کردار اسلامی اتحاد میں اہم ہے،پاکستان کا قانون اجاز ت دیتا ہے کہ راحیل شریف کہیں بھی کام کریں۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے دورے پر آئے امام کعبہ نے کہا کہ اسلامی اتحاد بننے سے مسلم ممالک میں دہشتگردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور دہشتگردی کا خاتمہ کیا جائے گا،اسلامی اتحا د ایک یا دو ملکوں کا نہیں بلکہ 38 ممالک کا ہے،دہشتگردی مسلمہ امہ کیلئے بڑا مرض بن چکی ہے۔امام کعبہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے اپنے گھر میں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امن ہوگیا ہے جس پر عوام کو مبارکباد دیتاہوں،پاکستان نے بہت تیزی سے دہشتگردی پر قابو پایا،اللہ پاکستان کی حفاظت کرے۔امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اسلامی اتحاد سے مسلم ممالک میں امن سے پوری دنیا میں امن قائم ہوگیا جبکہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے علماء،حکومت اور عوام کا تعاون ضروری ہے اور معاشرے کے تمام افراد کو ملک کر دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہوگا۔امام کعبہ نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں عصر کی نماز پڑھائی اور ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی سے ملاقات بھی کی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)کرکٹ کی دنیا کو خیرباد کہنے والے یونس خان نےاپنے کرئیرمیں کئی اہم ریکارڈ اپنے نام کیئے۔ تفصیلات کے مطابق یونس خان نے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز 13 فروری 2000 کو کراچی میں سری لنکا کیخلاف ون ڈے میچ میں کیا اور 46 رنز بنائے، پہلا ٹیسٹ 26 فروری کو آئی لینڈرز کیخلاف راولپنڈی میں کھیلا اور سنچری بنا کر روشن مستقبل کی نوید سنائی،انھوں نے طویل فارمیٹ کے 115میچز میں 53.06 کی اوسط سے 9977 رنز اسکور کیے، یوں 10 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلیے انھیں صرف 23 رنز درکار ہیں، انھوں نے اپنا سب سے بڑا اسکور 313 رنز2009 میں سری لنکا کیخلاف بنایا۔ اپنے کیریئر میں یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنزبنانے والے جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑا، انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سنچریوںکا ریکارڈ بھی توڑا، انھوں نے 34تھری فیگر اننگز کھیلی ہیں۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف یواے ای میں سیریز کے دوران اچانک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے تک 265 میچز میں 7سنچریوں اور 48 ففٹیز کی مدد سے 7249رنز بنائے تھے۔ یونس خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو 2009 میں ٹی ٹوئنٹی کا ورلڈ چیمپئن بنایا جو 1992 کی ورلڈکپ فتح کے بعد اب تک گرین شرٹس کا دوسرا عالمی اعزاز ہے، میگا ایونٹ کے بعد ہی انھوں نے مختصر فارمیٹ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا، انھیں حال ہی میں وزڈن نے سال کے5بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بھارت میں خواتین کے ساتھ جنسی واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ،بالی ووڈ اداکار بپاشا باسو نے اس سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کا طرز زندگی بہتر بنانے کی دعوے دار مودی سرکار بھی خواتین کے ساتھ جنسی واقعات روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ بپاشا باسو نے خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے واقعات کے خلاف بھارت کے مختلف شہروں میں مراکز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان مراکز پر خواتین کو کک باکسنگ، مارشل آرٹس، دیگر دفاع کے دیگر طریقے سکھائے جائیں گے، ابتدائی طور پر یہ سینٹرز ممبئی،دہلی اور کولکتہ میں آئندہ برس سے کام شروع کردیں گے

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اظہر علی کی ”چھٹی“ کے راز سے پردہ اٹھادیا، گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا میں نے خود بلا کر اظہر علی کو ون ڈے کپتانی سے ہٹایا اور اس نے کوئی احتجاج بھی نہیں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بتایا تھا کہ آپ لوگ پرانی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اب پرانی کرکٹ چھوڑیں اور نئی کھیلیں اور اسی لئے میں نے اظہر علی کو کپتانی سے ہٹایا۔مصباح کے بعد ٹیسٹ ٹیم کے ممکنہ کپتان بھی سرفراز احمد ہی ہوں گے جو جارح مزاج ہیں اور نئے دور کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پاک بھارت سیریز نہ ہونے کا نقصان دونوں بورڈز کو ہے۔ یہ نقصان ہم برداشت کرسکتے ہیں البتہ بھارت سے سیریز ہو تو انفراسٹرکچر کی مضبوطی میں مدد ملتی ہے

 

 

ایمزٹی وی (نئی دہلی)ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تبلیغی سرگرمیوں سے خائف بھارتی حکومت نے ان کی غیرسرکاری تنظیم آئی آر ایف ایجوکیشن ٹرسٹ کی رجسٹریشن منسوخ کردی ہے۔ بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق فارن کنٹربیوشن ریگولیشن ایکٹ کے تحت ان کی تنظیم پر بیرون ملک سے فنڈنگ کے حصول پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 29 مارچ کو جاری ہونے والے منسوخی کے آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ممبئی اور چنائی میں اسلامک انٹرنیشنل اسکول کو چلانے والے ٹرسٹ کی رجسٹریشن عوامی مفاد میں اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے منسوخ کردی گئی ہے۔