پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)شمالی علاقوں میں بارشوں اور شدید برفباری کے باعث سینکڑوں افراد گلگت میں پھنس گئے۔ پھنسنے والے افراد میں طالبات سمیت نجی میڈیکل کالج کے 41طلبہ شامل ہیں۔ پھنسے افراد سے مواصلاتی رابطے کٹ گئے
تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد گلگت تاچلاس راستہ لینڈسلائیڈنگ کے باعث مکمل طورپربندہوگیا ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سینکڑوں افرادپھنس گئے ہیں۔ جبکہ شمالی علاقہ جات کے ٹورپرگئے پشاورکے نجی میڈیکل کالج کے طلبہ بھی واپس نہ پہنچ سکے۔نجی میڈیکل کالج کا 41رکنی ٹور یکم اپریل کو گلگت گیاتھا۔پھنسنے والے طلبہ میں 17طالبات بھی شامل ہیں

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) 2009 میں مس ورلڈ کا ٹائٹل جیتنے والی 30 سال کی ماڈل کائن لوپیز جبل طارق کی نئی میئر بن گئی ہیں۔
کائن لوپیز نے گزشتہ دنوں میئر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ برطانوی شہری تھیں اور رہیں گی۔
جبل طارق پر اسپین کے قبضے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔
اسپین کے جنوب میں واقع جبل طارق 1713ءسے برطانیہ کا حصہ ہے۔
 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم كورٹ میں آئندہ ہفتے مقدمات کی سماعت کے لیے بینچوں کا اعلان کردیا گیا جب کہ عدالتی روسٹرم میں پاناما کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کے لیے کوئی بینچ تشکیل نہیں دیا گیا۔
عدالت عظمیٰ كی طرف سے جاری كردہ روسٹر میں پاناما لیكس كیس كا محفوظ كردہ فیصلہ سنانے کے لیے بینچ ابھی تك تشكیل نہیں دیا گیا جب كہ پاناماكیس كی سماعت كرنے والے بینچ كے ایك ركن جج جسٹس گلزار احمد تشكیل كردہ بینچز میں سے كسی بینچ كا حصہ نہیں ہیں۔
سپریم کورٹ نے آئندہ ہفتے کے دوران اہم مقدمات كی سماعت کے لیے ایك لارجر بینچ سمیت پانچ بینچ تشكیل دیئے ہیں یہ بینچ اسلام آباد میں لاہور میٹرو اورنج ٹرین منصوبے اور حج كوٹہ كے حوالے سے مقدمات سمیت دیگر اہم مقدمات كی سماعت کریں گے۔
واضح رہے كہ جسٹس آصف سعید خان كھوسہ كی سربراہی میں عدالت عظمیٰ كے لارجر بینچ نے پاناما لیكس كیس كا فیصلہ 23 فروری كو محفوظ كیا تھا جب کہ مختلف ذرائع ابلاغ نے پاناما کیس کا فیصلہ اپریل کے وسط میں سنائے جانے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمںٹ) معروف گلوکار اسد امانت علی خان کو ہم سے بچھڑےآج 10 سال بیت گئے، اُن کی آواز آج بھی کانوں میں رس گھولتی محسوس ہوتی ہے۔
اسدامانت علی خان،موسیقی کی دنیا کے گوتم بُدھ اور استاد امانت علی خان کے سپوت نے25 ستمبر 1955 ء کو دنیا میں آنکھ کھولی اور بہت چھوٹی عمر میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ دیا،اسد امانت علی اور اُن کے چچا حامد علی خان کی جوڑی کو خوب شہرت ملی۔
اسد نے گائیکی میں اپنے خاندان کی روایت کو آگے بڑھایا،غزلوں اور کلاسیکی راگوں کے ذریعے دنیابھر میں شہرت پائی،ملکہ ترنم نورجہاں نے اپنی صاحبزادی ظل ہما کو اُن کی شاگردی میں دیا،اسد نے اپنے منفرد انداز میں موسیقی کو نئی جہتیں دیں اور منفرد مقام بنایا۔
زندگی نے وفا نہ کی اور اسد 52 برس کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کر گئےلیکن ان کی آواز آج بھی زندہ ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قومی کرکٹر محمد عرفان کو 6 ماہ پابندی کی سزا دی جا چکی ہے اور ان پر 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے تاہم یہ سزا ملنے کے بعد انہوں نے اپنا پہلا بیان جاری کر دیا ہے جس میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ وہ اسپاٹ فکسنگ میں ملوث نہیں ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر“ پر جاری ایک بیان میں محمد عرفان نے کہا کہ ”میرے مداحوں کیلئے، کچھ لوگ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تھا۔ لیکن میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں کہ یہ سمجھنا بہت ضروری ہے کہ میں نے کبھی بھی اسپاٹ یا میچ فکسنگ نہیں کی۔ میں صرف بکیوں کی پیشکش سے متعلق متعلقہ حکام کو وقت پر آگاہ کرنے میں ناکام رہا جس کے باعث کوڈ 2.4.4 لاگو ہوا۔
اس کیلئے میں نے انتہائی سنجیدگی سے پوری قوم سے معافی مانگی۔ یہ بھی ثابت ہوا کہ میں نے کسی منفی ارادے کے تحت متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے میں دیر نہیں بلکہ اس کی ایک بڑی وجہ میرے والدین کی وفات تھی جو 4 ماہ کے قلیل عرصے میں اس دنیا سے رخصت ہو گئے اور اس وجہ سے میں بالکل ٹوٹ چکا تھا۔ برائے مہربانی۔۔۔! یہ جان لیں کہ پاکستان میری پہچان ہے اور میں آج جو کچھ بھی ہوں اس وطن کی وجہ سے ہی ہو۔ میں دنیا میں کسی بھی چیز کی خاطر وطن کی عزت کا سودا کرنے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ سمجھنے کا شکریہ۔۔۔پاکستان زندہ باد۔۔۔“

 

 

ایمزٹی وی(مناواں)مناواں میں رات گئے سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے کے دوران مال روڈ دھماکے میں ملوث کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے 10 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق مال روڈ دھماکے میں ملوث ملزمان کو اسلحہ برآمدگی کے لئے لے جایا جا رہا تھا کہ مناواں کے قریب دہشت گردوں نے اپنے ساتھیوں کو چھڑانے کے لئے حملہ کر دیا، سی ٹی ڈی کی جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ان کے 3 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں مال روڈ دھماکے کا سہولت کار انوار الحق اس کا بھائی عبد اللہ، امام شاہ اور عرفان شاہ بھی شامل ہیں جبکہ 5 دہشت گردوں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر ایک مکان سے 2 کلو بارودی مواد، 3 کلاشنکوفیں، 3 پستول اور 3 موٹرسائیکلیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی وہ پاکستان کیلئے کھلی اور ہمیشہ کوشش کی کہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں۔
 
تفصیلات کے مطابق یونس خان نے پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اپنی فیملی کی وجہ سے ہوں اور جتنی بھی کرکٹ کھیلی وہ پاکستان کیلئے کھیلی ہے اور ہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ پاکستان کی اتنی خدمت کروں جتنی ایک کھلاڑی کو کرنی چاہئے۔ ریٹائرمنٹ کے اعلان کا مطلب یہ نہیں کہ میں کہیں جا رہا ہوں، میں یہیں پر اور آپ کے ساتھ ہوں اور آپ کے پاس ہی رہوں گا اور جب بھی مجھے آپ کی ضرورت پڑے گی تو آپ میرا ساتھ دیں گے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کی فون کالز موصول ہو رہی تھیں اور پیغامات آ رہے تھے کہ آپ ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان مت کریں مگر ہر کھلاڑی کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے کہ اسے یہ فیصلہ لینا پڑتا ہے۔

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ لاہور)مسلم لیگ ن کی سابق ایم پی اے شمائلہ رانا نے ایل ایل بی پارٹ ون کے پرچے پرجواب کی بجائے فون نمبر، پتہ اورعہد ہ لکھ دیا۔
میڈِیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سابق ایم پی اے شمائلہ رانا نے پرچے میں فون نمبر،پتہ اورعہدہ لکھنے کے ساتھ ساتھ ممتحن کو رابطہ کرنے کی تلقین بھی کی۔
شمائلہ رانا پنجاب یونیورسٹی کی ڈسپلنری کمیٹی کے سامنے اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہیں، ناجائزذرائع استعمال کرنے پرانتظامیہ نے ایک سال کے لیے بلیک لسٹ کردیاہے، شمائلہ رانا نے رول نمبر 2417 کے تحت ایل ایل بی پارٹ ون کاامتحان دیاتھا۔
شمائلہ رانا مسلم لیگ ن کی جانب سے مخصوص نشستوں پر2008 میں لاہورسے ایم پی اے منتخب ہوئی تھیں اور2013تک بطورایم پی اے کام کرتی رہیں، سابق رکن پنجاب اسمبلی 2009 میں کریڈٹ کارڈفراڈ کیس میں ملوث تھیں۔

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسٹار آل راونڈر شاہد آفریدی نے پشاور زلمی چھوڑنے کے بعد ایک نیا معاہدہ کر لیا۔
اسٹار آل راونڈر شاہد آفریدی نے کراچی کنگز سے معاہدہ کر لیا۔ جس پر پاکستان سپر لیگ حکام نے معاہدے کی حیثیت پر سوال کھڑا کردیا ۔
تفصیل کے مطابق پشاور زلمی کو خیر باد کہنے کے بعد گزشتہ روز شاہد آفریدی نے کراچی کنگز میں شمولیت اختیار کرلی اور اس حوالے سے ان کا کراچی کنگز سے معاہدہ بھی طے پا گیا۔
تاہم پاکستان سپر لیگ حکام نے معاہدے کی حیثیت پر سوال اٹھا دیے ہیں ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ایس ایل کے آفیشل اکاونٹ سے جاری کیے گئے پیغام میں وضاحت کی گئی ہے کہ کسی بھی کھلاڑی کی کسی ٹیم میں شمولیت کا درست طریقہ کار یہ ہے کہ ٹیم اپنے پسندیدہ کھلاڑی کو پلیئرز ڈرافٹ کے دوران خریدے ۔پلیئر ڈرافٹ کے علاوہ کسی کھلاڑی کی کسی بھی ٹیم کے ساتھ معاہدے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تجارت ) پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج میں 2.98 ارب روپے کے سودے ہوئے۔
پی ایم ای ایکس سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پی ایم ای ایکس کموڈٹی انڈیکس 3044 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
مجموعی طور پر میٹلز، انرجی اور کوٹس/فاریکس کے 2.98 ارب روپے مالیت کے سودے ہوئے۔
سودوں کی مجموعی تعداد 8720 رہی۔ سب سے زیادہ سودے ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے ہوئے جس کی مالیت 1.06 ارب روپے رہی جبکہ سونے کے سودوں کی مالیت 872.85 ملین روپے، کرنسیزکے بذریعہ کوٹس ہونے والے سودوں کی مالیت 789.61 ملین روپے، چاندی کے سودوں کی مالیت 158.77 ملین روپے، کاپر کے سودوں کی مالیت 99.77 ملین روپے اور برینٹ خام تیل کے سودوں کی مالیت 0.743 ملین روپے رہی۔
اس کے علاوہ ایگریکلچرل کموڈیٹیز میں کاٹن کی 7 لاٹس کے سودے ہوئے جس کی مالیت 2.74 ملین روپے رہی۔