پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)امریکی فیشن ماڈل بیلا حدید نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں پر لگائی جانے والی پابندی کے خلاف بات کرنے کے ساتھ اپنے مسلمان ہونے پر بھی بات کی۔ بیلا حدید کا کہنا تھا کہ ان کے لیے اس احتجاج میں شرکت کرنا ضروری تھا کیوں کہ یہ ان کے لیے کافی ذاتی مسئلہ ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران بیلا حدید کا مزیدکہنا تھا کہ امریکا میرے بھائی بہن اور میرے لیے گھر کی طرح ہی ہے، میرے والد ہمیشہ سے بہت مذہبی رہے، وہ ہمارے ساتھ عبادت کرتے تھے اور مجھے مسلمان ہونے پر فخر ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی معروف ترین ہارورڈ یونیورسٹی نے ایک ایسا ’’بایونک پتّا‘‘ بنانے کا اعلان کیا ہے جو سورج کی روشنی کو فرٹیلائزر میں تبدیل کرکے دنیا سے بھوک کا خاتمہ کرنے میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ اس ’بایونک لیف‘ میں ایک مصنوعی نظام موجود ہے جوعین ضیائی تالیف (فوٹو سنھتے سز) کی نقل کرتا ہے۔ اس عمل سے پودے سورج کی روشنی سے توانائی بناتے ہیں جب کہ یہ نظام اسی روشنی سے مصنوعی کھاد تیار کرتا ہے۔ مستقبل قریب میں اسے فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور غریب ممالک میں بھوک اور غربت کے خاتمے میں استعمال کیا جاسکے گا۔ ماہرین کا خیال ہے کہ ان کی ایجاد بیکٹیریا، سورج کی روشنی، پانی اور ہوا سے عین اسی مٹی میں فرٹیلائزر بنا کر اگلے سبز انقلاب کی راہ ہموار کرے گی۔

مصنوعی پتّا بایوکیمسٹری کے ماہرین نے تیار کیا ہے۔ اس سے قبل وہ ایسا مصنوعی پتّا بناچکے ہیں جو اصل پتے سے زیادہ اور بہتر انداز میں ضیائی تالیف کے عمل کو ممکن بناتا ہے۔ اس پتے کو جانچنے کے لیے ماہرین نے اس مٹی میں امونیا کی مقدار کو نوٹ کیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے صرف بیکٹیریا، سورج کی روشنی، پانی اور ہوا سے بنے فرٹیلائزر پر مولی اُگانے کا تجربہ کیا ۔ مصنوعی پتے سے بنے فرٹیلائزر سے مولیوں کے وزن میں 150 فیصد تک اضافہ نوٹ کیا گیا۔

اگلے مرحلے میں شاید بھارت، پاکستان اور افریقی ممالک کے کسان خود اپنی زرخیز کھاد تیار کرسکیں گے۔ اس تحقیق کی تفصیلات جلد ہی امریکن کیمیکل سوسائٹی کے سالانہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ یہ مشینی پتّا باغ میں لگے پتے کی طرح کام کرتا ہے اور سورج کی روشنی میں ہائیڈروجن اور آکسیجن خارج کرتا ہے۔ اس کے بعد بایونک پتے میں ایک قسم کا بیکٹیریا ’رالسٹونیا یوٹروفا‘ شامل کیا جاتا ہے جو ہائیڈروجن استعمال کرتے ہوئے فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کرکے مائع فرٹیلائزر تیار کرتا ہے۔ اب یہ ٹیم ایک اور بیکٹیریا استعمال کرتے ہوئے فضا سے نائٹروجن کشید کرکے فرٹیلائزر تیار کرنے پر کام کررہی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) ما ہرین دما غ و اعصاب نے کہا ہے کہ روزانہ 80سے
100پا کستانی رعشہ یا پا ر کنسنز کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں، جن میں 10فیصد تعداد نوجوانوں کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار موومنٹ ڈِ س آرڈر سوسائٹی آف پاکستان کے صدر پروفیسرڈاکٹر نادر علی سید، جناح اسپتال شعبہ دماغ و اعصاب کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی، سول اسپتال شعبہ دماغ و اعصاب کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نائلہ شہباز،جناح اسپتال شعبہ دماغ و اعصاب کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد شیر، نیورولوجی ایورینس اینڈ ریسرچ فاﺅنڈیشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبد المالک اور پارکنسنز سوسائٹی آف پاکستان کے صدر کے ہارون بشیرنے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ماہرین نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں پارکنسنز کے مریضوں کی تعداد 6لاکھ ہے۔ پاکستان میں پارکنسنز تیزی سے پھیل رہا ہے اور خدشہ ہے کہ 2030تک اس مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد دگنی ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس بیماری کی ابتدائی علامات میں چلنے پھرنے اور حرکات و سکنات میں چستی نہیں رہتی، مریض سستی کا شکار ہوجاتا ہے، سونگھنے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے اور کسی بھی ایک ہاتھ میں رعشہ آجاتا ہے اور جسم میں اکڑ پن محسوس ہونے لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ پارکنسنز یا رعشہ کی بیماری کا مکمل علاج ابھی تک دریافت نہیں ہو سکا مگر اس بیماری کی مختلف علامات کا علاج کرکے مریضوں کو ایک صحت مند اورتوانا زندگی گزارنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے اس لئے اس سے بچنے کےلئے حکومت اقدامات کرے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) اسپینش فٹ بال لیگ، لالیگا میں ریال میڈرڈ اور بارسلونا نے اپنے اپنے میچ جیت لیے ۔
بارسلونا کی ٹیم میسی کی و اپسی کے بعد خاصی مضبوط نظر آئی اور میسی نے دو گول کر کے اپنی اہمیت منوا بھی لی ۔ بارسلونا نے سیویلا کو تین صفر سے میچ ہرایا ۔
لیگ کی ٹاپ ٹیم ریال میڈرڈ بھی اپنی فارم برقرار رکھے ہوئے ہے ۔لیگینزکے خلاف میچ میں ایک موقع پر دو دو سے برابر تھا۔ لیکن پھر دو مزید گول کر کے ریال میڈرڈنے میچ بھی جیت لیا اور لیگ میں اپنی پوزیشن بھی برقرار رکھی ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام عمران خان کو نااہلی اور ملک میں انتشار کی سیاست کو فروغ دینے پر 2018ءکے انتخابات میں مسترد کر دیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تعلیمی نظام میں اصلاحات لانے کا عمران خان کا بیان انکی وزیر اعظم بننے کی ہوس کو ظاہر کرتا ہے جس نے انکا ذہنی توازن بھی متاثر کر رکھا ہے ۔” عمران وفاق میں حکومت بنانے کے خواب نہ دیکھیں بلکہ جو وقت بچا ہے خیبر پختونخوا کے لوگوں کی خدمت کریں “۔وفاق تو کیا 2018 کے انتخابات میں خیبر پختونخوا کے ووٹرز عمران خان کو نااہلی ، انتشاری اور فسادی سیاست کی وجہ سے مسترد کردینگے۔
تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مریم اونگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان کے گزشتہ تین سالوں کے دوران خیبر پختونخوا کے تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے کیا کیا ؟ کیا عمران خان نے صوبے کے کسی بھی اسکول میں ایک کمرے کا بھی اضافہ کیا ہے ؟
وزیر مملکت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 25لاکھ سے زائد بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور عمران خان کی توجہ کی منتظر ہیں ۔”صوبے میں 3ہزاروں اسکولوں سے زائد میں باتھ روم موجود نہیں جبکہ 1لاکھ اسکولز میں بجلی اور 8ہزار میں طلبا پینے کے صاف پانی تک سے محروم ہیں تو خان صاحب تعلیمی ترقی کے دعوے کیسے کر رہے ہیں؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ بلآخر چار سال بعد عمران خان نے تسلیم کیا کہ تعلیم کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے لیکن اب اس ترجیح کو کارکردگی میں بدلیں۔چیئرمین تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ پورے ملک کا ٹھیکہ چھوڑدیں اورخیبر پختونخوا کے عوام کا لوٹا ہوا پیسہ ان پر خرچ کرنا شروع کردیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سے صوبے کی تعلیمی اصلاحات میں بہتری نہیں لائی جاتی اور مدد کی ضرورت ہے تو وزیراعلی پنجاب اور مریم نواز سے رابطہ کرلیں۔” عمران صاحب جس صوبے میں آپ کی حکومت ہے وہاں کے احتساب کمیشن کے تالے کھولیں“۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مصباح الحق کی جگہ پُر کرنا بہت مشکل ہے،انہوں نے پاکستان کی بہت خدمت کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سوئنگ کے سلطان نے مصباح الحق کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کرکٹ میں کرکٹرز کو اچھے طریقے سے الوداع کہنے کی روایت کا خاتمہ ہوا ہے اور یہ بہت اچھی بات ہے کہ کرکٹ بورڈ اور مصباح کے درمیان باہمی رضامندی سے یہ فیصلہ ہوا ہے۔
اس وقت پورے پاکستان کی طرف سے مصباح کو خدا حافظ کہنا چاہیے اور اس ٹرینڈ کو بدلنا چاہیے اور لوگوں کو اچھے طریقے سے الوداع کہنا چاہیے۔وسیم اکرم نے مزید کہا کہ مصباح الحق نے ٹیم کو 2010 کے بعد نازک مرحلوں سے نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ مصباح کی جگہ کو پُر کرنا بہت مشکل کام ہے مگر جو بھی نیا کپتان ہوگا اس کو مشکل کے بعد سنبھلنا ہوگا اور اس کیلئے تھوڑا وقت لگے گا۔ واضح رہے کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے ون ڈے اور ٹی 20 کے بعد ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان مصباح الحق نے دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کیر یئر کی آخری سیریز کھیلوں گا ،اپنے کیریئر میں نمبر ون آنے پر خوشی اور بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے پر مایوسی ہوئی لیکن سب کچھ ویسے نہیں ہوتا جیسا انسان چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیریئر میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،ٹیم سے باہر بھی رہناپڑا اور کبھی پرفارمنس میں بھی مسئلہ آیا لیکن ہمت سے کام لیا ۔ مصباح الحق نے کہا کہ پی سی بی نے ریٹائر منٹ کا فیصلہ میرے اوپر چھوڑا ،جو میرے لیے سب سے زیادہ فخر کی بات ہے ،بورڈ نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ۔
میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد کچھ عرصہ مزید ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتا رہوں گا ،ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں بنایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کیا کرنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ 2011اور 2015کا ورلڈ کپ جیتنا خواب تھا جو کہ پورا نہیں ہو سکا لیکن ہر انسان کی بہت سے خواہشیںپوری نہیں ہوتیں ۔
 
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے سیریز میں جیت کر ٹیم کا مورال بلند کرنا ہے ۔ سرفراز کی کپتانی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد ابھی ٹیسٹ میں وائس کپتان ہیں جبکہ باقی دونوں فارمیٹ میں کپتانی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ،ان کو سپورٹ کرنا چاہیے تاکہ سرفراز احمد پر کسی قسم کا دباﺅ نہ ہو۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) فن لینڈ میں ورلڈ فگر اسکیٹنگ چیمپئن شپ کے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دنیا بھر سے شریک کھلاڑیوں نے مہارت کاشاندار مظاہرہ کرکے دیکھنے والوں کو حیران کردیا ہے۔
فن لینڈ کے دار الحکومت ہلسنکی (Helsinki)میں ورلڈ فگر اسکیٹنگ(Figure Skating) چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا۔
رواں سال اس چیمپئین شپ میں43مختلف ممالک سے فگر اسکیٹنگ میں مہارت رکھنے والے سینکڑوں کھلاڑیوں نے ٹیموں اور انفرادی حیثیت میں حصہ لیا اور اپنے فن کا مظا ہر ہ پیش کیا۔
اس دلچسپ چیمپئین شپ میں دنیا بھر سے شرکت کرنے والے ماہر خواتین و مرد اسکیٹرز نے مختلف کیٹیگریز میں اپنے فن کا مظاہرہ کرکے دیکھنے والوں کو حیران کردیا۔
ایونٹ کے دوران مختلف کیٹیگریز میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز اور انعامات دیئے گئے ہیں۔