پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے متعلقہ اداروں کو یوم آزادی سے متعلق بہترین پروگرام تیار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 70سالہ تقریبات شایان شان طریقے سے منائی جائیں، تقریبات کاانعقاد ہمارے لیے باعث فخرہے،پاکستان کا دنیا کے نقشے پرابھرنا20ویں صدی کااہم واقعہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرمملکت مریم اورنگزیب کی صدارت میں یوم آزادی تقریبات کمیٹی کااجلاس ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ یوم آزادی ہمارے لیے ایک تاریخی اوراہم موقع ہے،تقریبات میں ان نکات کواہمیت دی جائے جس سے قوم اپنے وطن پرنازکرسکے،
 
ملی اورقومی جذبے کوسب سے زیادہ اہمیت حاصل ہوگی۔آزادی پروگراموں میں پاکستان کا ابھرتاتشخص ، جذبہ حب الوطنی اور قومی اتحادکوبھرپوراندازمیں اجاگرکیاجائے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات آزادی تقریبات کے حوالے سے بنیادی کرداراداکرے۔
یوم ملک کے لئے قربانی دینے والوں کے لیے پروگرام تیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ تقریبات میں تہذیب و تمدن ، ثقافت اور آزادی کے اسباب کو بھی واضح رکھا جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) مصباح الحق نے فیصل آبا د ریجن کی کرکٹ ٹیم کو قائداعظم گریڈ 2 چیمپئن ٹرافی جتوا دی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان میں ہونے والے قائد اعظم گریڈ 2 ٹرافی کے فائنل میں فیصل آباد نے ایک آسان میچ میں ملتان کو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کی۔فائنل میں فیصل آباد کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان نے پہلے کھیلتے ہوئے پہلی اننگز میں 245 رنز بنائے،عمران رفیق نے ناقابل شکست 130 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ احمد سیفی نے 68 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔فیصل آباد نے مصباح الحق کے 94 رنز کی بدولت ملتان کے 245 رنز کے جواب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 361 رنز بنائے۔ملتان کی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 217 رنز بنائے اور فیصل آباد نے ہد ف ایک وکٹ کے نقصان پر آسانی سے حاصل کرلیا۔
میچ کے اختتام پر فیصل آباد کو وننگ ٹرافی کے ساتھ 5 لاکھ روپے جبکہ رنر اپ ملتان کی ٹیم کو اڑھائی لاکھ روپے کا انعام دیا گیا۔مصباح الحق 94 رنز سکور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا اورپچاس ہزار روپے کا کیش پرائز دیا گیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) گرمی کی شدت میں اضافے کے باوجود مچھروں کے خاتمے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہ کیے جانے پر ڈینگی ، ملیریااور چکن گونیا کے کیسز کو روکا نہیں جاسکا۔
گزشتہ ہفتے شہر میں ڈینگی ، ملیریا اور چکن گونیا کے درجنوں کیسز رپورٹ ہوئے لیکن اس کے باوجود صوبائی محکمہ صحت اور شہری اداروں نے تواتر کے ساتھ مچھر مار اسپرے مہم چلائی،اس کا دائرہ وسیع کیا نہ ہی لارواسائیڈل ایکٹویٹی کی گئی ۔
ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر محمد توفیق کے مطابق گزشتہ ماہ چکن گونیا کے 98مشتبہ کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے 20میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی جبکہ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتےشہرکے مختلف اسپتالوں کی او پی ڈیز میں5ایسے مریضوں کو لایا گیا جو ڈینگی سے متاثر تھے جبکہ 3مریضوں کو ڈینگی کی شکایت پر مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ۔
یہ وہ کیسز ہیں جو رپورٹ ہوئے ہیں ،رپورٹ نہ ہونے والے ڈینگی اور ملیریا کے کیسز کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے ۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر محمد توفیق کا کہنا تھا کہ ہمارا کام چکن گنیا کے مریضوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنا ہے جو کی جارہی ہے جبکہ اس مرض سے بچاؤ کی آگہی بھی دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک مچھروں کے خاتمے کا تعلق ہے تو یہ کام کے ایم سی کا ہے جس کیلئے گزشتہ ماہ کے ایم سی کے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کو مکتوب لکھا تھا جس کی کاپی وزیر بلدیات اور سیکرٹری بلدیات کو بھی بھیجی تھی جس میں ان سے مچھروں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرنے کا کہا تھا ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے پر ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کھانے پینے میں احتیاط سے کام لیا جائے بصورت دیگر وہ گلے اور پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں ۔
جناح اسپتال کے ماہر امراض ناک کان وگلہ ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی گلے کے امراض میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔
جناح اسپتال کے میڈیکل آئی سی یو یونٹ 4کے سربراہ پروفیسر قربان شیخ کے مطابق گرمی میں لوگ گھر کا کھانا کھانے کے بجائے بازار سے ہوٹلوں کا کھانا کھاتے ہیں جہاں غیر معیار تیل گھی استعمال کیاجا تا ہے۔
صاف پانی بھی میسر نہیں ہوتا اس پر گرمی میں کھانے بہت جلد خراب اور باسی بھی ہو جاتے ہیں جسے کھا کر شہری پیٹ کے امراض ڈائریا، الٹی ،دست میں مبتلا ہو جاتے ہیں ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سری لنکا نے کشال پریرا کے 77 رنز کی بدولت دو میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کو چھ وکٹ سے ہرادیا۔
مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹ پر 155 رنز جوڑے۔ مصدق حسین 34، محموداللہ 31 اور سومیا سرکار 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ لاستھ ملنگا نے دو وکٹ لیے۔
جواب میں ہوم سائیڈ نے ہدف چار وکٹ پر 19 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پریرا نے 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان تھرنگا 24، پرسننا 22 اور گونارتنے 17 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔
ادھر بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔مشرفی مرتضیٰ نے کولمبو میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بنگلا دیش کی جانب سے یہ میری آخری ٹی 20 سیریز ہوگی۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) چھکوں کی بارش اور چوکوں کا طوفان لئے آئی پی ایل کا میدان آج سے سجے گا۔
کرکٹ کی دنیا کی سب سے بڑی’انڈین پریمئر لیگ‘ آج سے شروع ہو رہی ہے۔ آئی پی ایل کے دسویں ایڈیشن کا پہلا میچ آج سن رائزرز حیدرآباد اور رائل چیلنجرز بنگلور کے درمیان ہوگا۔
 
مقابلے سے پہلے ایونٹ کی افتتاحی تقریب بھی ہوگی، جس میں بالی ووڈاسٹارز اور برطانوی ماڈل ایمی جیکسن بھی پرفارم کریں گی۔
ادھر پاکستانی کھلاڑیوں کی کمی محسوس کرنے والوں میں اداکار رشی کپور بھی شامل ہو گئے ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا جانا چاہئے، میچز کا مزہ تو اسی طرح آئے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے احمد شہزاد ایک بار پھر ٹیم میں شمولیت کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز کیلئے قومی سلیکشن ٹیم کپتان مصباح الحق سے مشاورت کرے گی۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان اگلے ایک دو روز میں کیا جائے گا اور ٹیم میں تبدیلیوں پر مصباح الحق سے حتمی مشاورت کی جائے گی۔
ٹیم میں متعدد تبدیلیوں کیلئے سلیکشن کمیٹی میں اتفاق پایا گیا ہے اور شان مسعود،حسن علی اور عثمان صلاح الدین کی ٹیست اسکواڈ میں شمولیت یقینی ہوگئی ہے۔ فاسٹ باؤلر محمد عباس مضبوط امیدوار جبکہ شاداب خان کا نام بھی زیر غور ہے۔عمران خان جونیئر کے بعد سمیع اسلم اور سہیل خان کیلئے اسکواڈ میں جگہ بنانا مشکل نظرآرہاہے۔ ٹیسٹ اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑی آج قذافی اسٹیڈیم میں ٹارگٹ میچ کھیلیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور) بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر خود کش دھماکے سے کم از کم 6 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوئے۔ دھماکے کی آواز اس قدر شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی، دھماکے کی شدت سے قریب کھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا اور جیسے ہی مردم شماری ٹیم کے اہلکار جن میں پاک فوج کے جوان اور محکمہ تعلیم کے اساتذہ شامل تھے اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کے لئے نکلنے لگے تو ایک خود کش بمبار نے خود کو ان کی گاڑی کے قریب دھماکے سے اڑا لیا۔
 
 
دھماکے میں پاک فوج کے 4 جوانوں سمیت 6 اہلکار شہید ہوئے، شہید ہونے والوں کا تعلق سندھ رجمنٹ سے تھا اور ان میں سے 3 کی اہلکاروں کی شناخت ریاض، ساجد اور عبداللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
 
بیدیاں روڈ کینٹ کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور کسی بھی شخص کو جائے وقوعہ کے قریب آنے کی اجازت نہیں ہے۔
 
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو جنرل اسپتال اور سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ہے جب کہ طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے تاہم زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹی 20کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔
میڈیا زرائع کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ کپتان مشرفی مرتضیٰ نے سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز کے بعد ٹی 20انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہونے کا اعلان کر دیا ہے تاہم وہ ون ڈے ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے۔
سری لنکا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹاس کے دوران مشرفی مرتضیٰ نے ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز ان کے کیریئر کی آخری سیریز ہو گی، 15 سے 16 سالہ کیریئر کے دوران بی سی بی حکام، فیملی، دوستوں، ساتھی کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور مداحوں کے تعاون پر ان کا مشکور ہوں۔
مشرفی مرتضیٰ ون ڈے ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے اور ان کا اگلا ہدف آئرلینڈ میں سہ ملکی سیریز ہے جس میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھی شرکت کرے گی۔ مشرفی کی زیر قیادت بنگلہ دیشی ٹیم نے 26 ٹی 20میچز کھیلے جن میں سے 9 میں بنگال ٹائیگرزفتح یاب رہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(لاہور)بیدیاں روڈ پر مردم شماری ٹیم کی گاڑی پر خودکش دھماکے کے بعد رانا ثناء اللہ نے گفتگو کرتے ہوئے دو فوجیوں اور دو شہریوں کے شہید ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
وزیرقانون نے کہا کہ مردم شماری ٹیم کو کور کرنے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جبکہ کافی دنوں سے اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ ان ٹیموں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشتگرددوں کی پناہ گاہیں ہیں اور وہاں سے خودکش بمبار تیار کرکے پاکستان بھیجے جارہے ہیں۔
دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی خطرات رہیں گے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں نقصان پہنچانے کیلئے بڑھا چڑھا کر باتیں کرتے ہیں۔یاد رہے کہ لاہور کے بیدیاں روڈ مانانوالہ چوک میں مردم شماری ٹیم کی وین میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 4 فوجیوں سمیت 6 افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔