پیر, 14 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے حال ہی میں میک اپ کی نامور برانڈ 'لوریل' کی سفیر ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، جس کے بعد ان کی کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کی خبریں وائرل ہونا شروع ہوگئیں۔ تاہم دپیکا پڈوکون نے اس فیسٹیول میں شرکت سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ لوریل ہر سال دنیا بھر سے اپنی برانڈ ایمبیسڈرز کو کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر واک کرنے کے لیے منتخب کرتا ہے، بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن، سونم کپور اور کترینہ کیف اس برانڈ کا حصہ رہ چکی ہیں، جنہوں نے کانز کے ریڈ کارپٹ پر بھی شرکت کی۔ تاہم کترینہ کیف اب لوریل کا حصہ نہیں اور دپیکا پڈوکون نے یہ اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
برانڈ ایمبیسیڈر بننے کے باوجود دپیکا پڈوکون کانز کے ریڈ کارپٹ پر لوریل کے لیے واک نہیں کر پائیں گی، جس کی وجہ ان کا مصروف شیڈول ہے۔
زرائع کے مطابق دپیکا پڈوکون بھی اس فیسٹیول کا حصہ بنیں گی، تاہم اداکارہ نے ایک ایوارڈ شو کے دوران اس میں شرکت سے انکار کردیا۔
جب دپیکا سے اس حوالے سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'نہیں، اس وقت میرا مکمل فوکس فلم پدماوتی کی جانب ہے'۔
خیال رہے کہ اس فیسٹیول میں دپیکا پڈوکون کی حریف سونم کپور بھی کئی سالوں سے حصہ لے رہی ہیں، تاہم اس سال تو نہیں لیکن آنے والے سالوں میں دپیکا پڈوکون اور سونم کپور کو ایک ساتھ اس پلیٹ فارم پر دیکھنا کافی دلچسپ ہوگا۔
اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو دپیکا پڈوکون کی فلم 'پدماوتی' رواں سال 17 نومبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
اس فلم میں رنویر سنگھ اور شاہد کپور بھی اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فلموں میں تو آپ نے روبوٹس کو بڑے بڑے کام کرتے دیکھا ہوگا مگر اب حقیقی زندگی میں بھی ذہین و فطین روبوٹ انسانوں کیلئے بڑے بڑے کام جیسے انجام دیں گے، جس میں ٹریفک کنٹرول کرنا بھی شامل ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق روبوٹک خود کار مشینی پولیس سب سے پہلے متحدہ عرب امارات کی دبئی ریاست میں متعارف کرائی جائے گی، روبوٹک پولیس ٹریفک کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ذمہ داریاں بھی ادا کرے گی۔
برطانوی اخبار نے بھی مشینی انسان اور روبوٹک پولیس کے نظریے کو عملی شکل دینے کی تصدیق کی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روبوٹک پولیس کا سب سے پہلے مظاہرہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کی سڑکوں پر دیکھا جائے گا، توقع ہے کہ آئندہ مئی میں دبئی میں خود کار پولیس کی تعیناتی مرحلہ وار شروع کی جائے۔
اخباری رپورٹ کے مطابق شہری کسی بھی مشینی پولیس اہلکار کے پاس جاکر اپنا مسئلہ بیان کرسکیں گے، اگر کسی کو کوئی خطرہ لاحق ہو تو وہ ناصرف اس مشینی پولیس سے رابطہ کرسکے گا بلکہ پریشانی اور خطرے کے انسداد کیلئے پولیس اہلکار اس کی مدد بھی کرے گا، خود کار مشینی پولیس اہلکار کے سینے پر ایک اسکرین لگی ہوگی جس پر اس کے رد عمل کا اظہار ایک سے زیادہ زبانوں میں کیا جائے گا۔
مشینی پولیس اہلکار لوگوں سے نہایت نرمی سے بات کریں گے اور زندہ انسانوں سے دوستانہ ماحول میں رہیں گے، لوگوں کو سلام کلام کریں گے، ہاتھ ملائیں گے اور ان کے مسائل سن کر ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں گے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)آج کل پاکستانی ڈراموں میں سماجی مسائل کو کافی حد تک پیش کیا جارہا ہے اور پاکستان کی دو معروف اداکارائیں عتیقہ اوڈھو اور ثانیہ سعید بھی اس دوڑ کا حصہ بننے جارہی ہیں۔
عتیقہ اور ثانیہ بہت جلد ایک ساتھ 'پیاری بٹو' نامی ڈرامے میں کام کرتی نظر آئیں گی، جو الزائمر کے مرض کے موضوع پر مبنی ہے۔
ٹی وی ڈرامہ 'پیاری بٹو' کی کہانی ساجی گل نے تحریر کی ہے۔
ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے ساجی گل نے بتایا کہ اس ڈرامے کی کہانی بچے کو گود لینے اور اُن رشتوں پر بنائی گئی جنہیں لوگ غیر اہم تصور کرتے ہیں، اداکارہ سنعیہ شمشاد اس ڈرامے میں عتیقہ اوڈھو کی بیٹی کا کردار ادا کررہی ہیں، جنہیں ان کی پھپو ثانیہ سعید نے گود لے لیا۔
عتیقہ اوڈھو کے کردار کے حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ 'اس ڈرامے میں عتیقہ کا کردار کافی منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو کافی منفرد ہوگا'۔
دوسری جانب عتیقہ اوڈھو کا ماننا ہے کہ یہ کردار ان کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'پیاری بٹو ایک دلچسپ پروجیکٹ ہے کیوں کہ میرا کردار اس میں کافی وسیع ہے، مجھے امید ہے مداحوں کو اس ڈرامے میں میرا کام پسند آئے گا'۔
تاہم جو بات انہیں سب سے زیادہ متاثر کررہی ہے وہ ہے پُرانے ساتھیوں کے ساتھ کام کرنا، اس حوالے سے انہوں نے کہا 'میں اس ڈرامے کے لیے بےحد پرجوش ہوں کیوں کہ یہ خاندانی کہانی پر مبنی ہے جس میں بہترین کاسٹ کو شامل کیا گیا ہے، میری دو پُرانی دوستیں ثانیہ سعید اور فرح شاہ اس ڈرامے میں میرے سال کئی سالوں بعد کام کرنے جارہی ہیں، اب یہ وقت بتائے گا کہ پیاری بٹو ناظرین کو کیسا لگے گا'۔
اس ڈرامے کی کاسٹ میں 'جیون ہاتھی' کے اداکار فواد خان، فرح شاہ اور راشد فاروقی بھی اہم کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، جس کی پروڈکشن مشرف جعفری کررہے ہیں۔
'پیاری بٹو' رواں سال مئی میں نشر کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) جب کسی ملک کے بارے میں بات کی جائے تو اس کے حوالے سے لوگوں کے ذہن میں وہاں کی کوئی خاص چیز یا تصور ضرور ابھرتی ہے۔
اور گوگل کی مہربانی سے ہم جان سکتے ہیں کہ دنیا کے لوگ پاکستان کے حوالے سے کس چیز کا تصور سب سے زیادہ کرتے ہیں۔
جی ہاں واقعی پاکستان دنیا میں کس حوالے سے سب سے زیادہ مشہور یا جانا جاتا ہے وہ کافی دنگ کردینے والا ہے۔
ایکسٹیر انٹرنیشنل نے گوگل کے آٹو سجیسٹ کے ذریعے جانا ہے کہ لوگ ممالک کے حوالے سے سب سے زیادہ کیا گوگل پر سرچ کرتے ہیں۔
اور اس سے یہ بھی جانا گیا ہے کہ کوئی ملک کس حوالے سے سب سے زیادہ مشہور ہے (کم از کم وہ لوگ جو سرچ کررہے ہیں ان کی نظر میں)۔
یہ حیران کن نہیں کہ غذائیں، مشروبات، کھیل اور تعطیلات سب سے عام ہیں مگر پاکستان اس حوالے سے سب سے مختلف ہے۔
پاکستان کو گوگل کے مطابق ڈراموں کی وجہ سے جانا جاتا ہے ، جبکہ بھارت فوڈ اور مووی، سری لنکا چائے، افغانستان وار فلمز، چین چینی کے برتنوں اور امریکا یونیورسٹیوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔
لٹیویا ایسے ملک ہے جو لطائف کے حوالے سے جانا جاتا ہے جبکہ گیانا کو اسفنج کیک کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔
تو آپ نیچے انفوگراف میں جان سکتے ہیں کہ دیگر ممالک کس حوالے سے زیادہ مشہور ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم 2 ملین سے زائد پاکستانی حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے تیار ہیں اور اس مقصد کیلئے جان بھی حاضر ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خاصی اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک خطے میں تجارت اور امن و امان کے فروغ کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی سفیر عبداللہ مرزوک نے صدر مملکت سے الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں کردار ادا کرنے پر صدر مملکت نے سعودی سفیر کی کوششوں کو سراہا ہے اور کہا کہ دونوں ملکوں میں تجارتی حجم میں مزید اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سعودی سفیر نے پاکستان کے قیام کے دوران صدر مملکت اور حکومت پاکستان کی جانب سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ آئندہ بھی دونوں ممالک کے بہتر تعلقات کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) ویسے تو مانا جاتا ہے کہ پھیپھڑے سانس لینے میں مدد دینے والا عضو ہے مگر ایسا لگتا ہے کہ وہ ایک اور کام کے لیے بھی استعمال ہوتے ہیں۔
جی ہاں اس سے پہلے یہ بات کسی کو معلوم نہیں تھی کہ پھیپھڑے درحقیقت خون بنانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ انکشاف سامنے آیا۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ دریافت ہوا کہ چوہوں کے پھیپھڑوں میں ایک اور فیچر بھی چھپا ہے اور وہ خون بنانے میں مدد دیتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے شروع میں ماہرین طب نے انسانی جسم میں ایک نیا عضو دریافت کرنے کا اعلان کیا تھا اور اب ایک اور انکشاف سامنے آیا ہے۔
تحقیق کے مطابق پھیپھڑے plateletکی پچاس فیصد سے زیادہ مقدار بنانے کا کام کرتے ہیں، یہ وہ ذرات ہیں جن کے گرد جھلی ہوتی ہے اور خون میں گردش کرتے رہتے ہیں اور زخم سے خون کے بہاﺅ کو روکنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
تو آسان الفاظ میں پھیپھڑے صرف سانس لینے میں مدد دینے والے بیگ نہیں بلکہ ہماری شریانوں کے نظام کو بھی سنبھالتے ہیں۔
مگر بات یہاں ختم نہیں ہوتی محققین نے ایسے اسٹیم سیلز کو کی بھی شناخت کی جو ہر طرح کے خلیات سے مختلف ہوتے ہیں اور خون کو خون کے خلیات میں تبدیل کرلیتے ہیں۔
بون میرو کے بارے میں سوچا جاتا ہے کہ وہ ایسے اسٹیم سیلز کا بنیادی ذریعہ ہے مگر اس نئی دریافت سے عندیہ ملتا ہے کہ اگر بون میرو کو نقصن پہنچ جائے اور معمول کے خون کے خلیات بنانے کی صلاحیت کھو دے تو پمارے پھیپھڑے اس کمی کو پورا کرنے کے لیے آگے آتے ہیں۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ دریافت واضح طورپر بتاتی ہے کہ پھیپھڑے صرف سانس لینے میں مدد نہیں دیتے بلکہ خون کے اہم پہلوﺅں کی تشکیل کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
جیسا بتایا جاچکا ہے کہ یہ بات چوہوں میں سامنے آئی ہے تاہم اس جانور کا جسمانی نظام حیران کن حد تک انسانوں سے مشابہہ ہوتا ہے اور اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ انسانی پھیپھڑوں بھی اس خفیہ صلاحیت سے لیس ہوسکتے ہیں۔
یہ تحقیق طبی جریدے نیچر میں شائع ہوئی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان ایک بار پھر اپنی اہلیہ کی حمایت میں سامنے آ گئے،انہوں نےفریال مخدوم کو اپنے خاندان کی سب سے ذہین فرد قرار دے دیا۔
لوگوں نے دوریاں پیدا کرنے کی بہت کوشش کی، لیکن باکسر نے مخالفین کو ایک بار پھر ناک آوٹ کر دیا ،عامر خان نے اپنی بیوی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے، انہوں نے اپنے خاندان میں صرف اپنی بیوی کو سب سے زیادہ ذہین اور سمجھدار قرار دے دیا۔اس سے پہلے عامر کے والد نےاپنی بہو کو شہرت کی بھوکی قرار دیا تھا۔
برطانوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق ورلڈ باکسنگ چیمپئن عامر خان نے کاروباری معاملات سے اپنے والد ،دوست اور ایک قریبی عزیز کو الگ کرنے سے متعلق کھل کر بات کیں، اور کہا کہ وہ اپنے والدین کے لئے جو کر سکتے تھے وہ کیا،انہوں نے اب بھی ان کا ساتھ نہیں چھوڑامگر اب وہ اپنی فیملی کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔
انہوں نے فریال مخدوم کو بہترین بیوی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے تمام کاروباری معاملات ان کی بیوی بخوبی سنبھال رہی ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ کے پی کے)خیبرپختونخوا میں اسکول نہ جانے والے لاکھوں بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے’ اسپیڈ لٹریسی ‘ پروگرام جاری کیاگیا ہے، ایک سال میں ہی بچے پانچویں جماعت سے تعلیم کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔
غیر سرکاری اعددوشمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں تقریبا 25 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں ، ان بچوں کو دوبارہ اسکولوں میں لانے کے لئے محکمہ تعلیم کے تعاون سے نجی تنظیم نے گزشتہ سال اسپیڈلٹریسی کے نام سے پروگرام شروع کیا، جس میں ایک سال کے دوران 80 بچے اس قابل بن گئے کہ وہ اپنا تعلیمی سلسلہ دوبارہ شروع کرسکیں ۔
پروگرام کے تحت بچوں کے لیے مخصوص یونیفارم نہیں ہے ، اسکول میں زیر تعلیم بچوں کا کہنا ہے کہ انہیں پڑھانے کا طریقہ نہایت دلچسپ ہے۔
صوبہ میں اسکول سے باہر بچوں کے حوالے سے سرکاری طور پر باقاعدہ اعداد وشمار موجود نہیں، تاہم محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی اصل تعداد معلوم کرنے کے لئے سروے تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کھلاڑیوں کی تنخواہیں بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا زرائع کے مطابق کھلاڑیوں کی تنخواہوں کے معاملے پر مصباح الحق بھی بول پڑے ۔انہوں نے پی سی بی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بورڈ اپنے وسائل دیکھتے ہوئے کرکٹرز کا انکریمنٹ لگائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)آسٹریا میں جاری اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹس نے 3 سونے کے تمغوں سمیت 16 تمغے اپنے نام کرلیے۔
خیال رہے کہ آسٹریا میں 14 مارچ سے 25 مارچ کے دوران جاری رہنے والے اسپیشل اولمپکس میں 105 ممالک کے اسپیشل ایتھلیٹس نے شرکت کی، جن میں پاکستان کا دستہ بھی شامل تھا۔
مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے پاکستانی اتھلیٹس نے مجموعی طور پر 16 تمغے حاصل کیے جن میں سونے کے 3،چاندی کے 7 اور کانسی کے 6 تمغے شامل تھے۔
ایتھلیٹ حذیفہ قاضی نے سنو شو ریس میں سونے کا تمغہ جیتا، جبکہ صباحت طارق نے خواتین کی 100میٹر اسپرنٹ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
 
پاکستان کی خواتین سنو شوئنگ ٹیم نے چار ضرب چار دو میٹر ریلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان کے لیے تیسرا گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ اس ریس میں مردوں کی ٹیم چاندی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔
 
دیگر فاتح ایتھلیٹس میں 200 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے حمزہ اسلم اور فرح احسن، 100 میٹر اسپرنٹ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے پرویز احمد، تائی کوانڈو میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والی فاطمہ عامر، تائی کوانڈو میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والے محمد عبداللہ شامل ہیں۔
رنگا رنگ اختتامی تقریب کے بعد آسٹریا کے شہر گراز میں موجود پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کا دستہ وطن واپس روانہ ہوگیا۔
پاکستانی دستے کے سربراہ انیس الرحمٰن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 'پاکستان کے اسپیشل اتھلیٹس خوشگوار یادیں لیے وطن واپس جارہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ ونٹر ورلڈ گیمز نے کھلاڑیوں کو ایک نیا عزم اور ولولہ دیا ہے۔