ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) وزیراطلاعات پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحٰمن کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کے لیے پنجاب حکومت تمام سیکیورٹی ایجنسیوں سے رابطے میں ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحٰمن کا کہنا تھا کہ 'صوبائی حکومت سیکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کلیئرنس کی منتظر ہے اور جیسے ہی ہمیں گرین سگنل ملے گا تو سرکاری طور پر اعلان کردیا جائے گا'۔
انھوں نے کہا 'اگرچہ اس وقت پنجاب میں ایک مکمل کومبنگ آپریشن جاری ہے، لیکن پی ایس ایل کے لیے جو خدشات ہیں، ان کے خاتمے کے لیے سول و عسکری دونوں سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں'۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے امید ظاہر کی کہ دو روز میں پنجاب حکومت کو سیکیورٹی کے حوالے سے کلیئرنس مل جائے گی، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق سربراہ احسان مانی نے کہا کہ اگر حکومت کو سیکیورٹی اداروں سے کلیئرنس مل گئی تو پی سی بی پر بھاری ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ انتظامات کو یقینی بنائے۔
انھوں نے کہا کہ ماضی میں سری لنکا کی ٹیم پر حملہ بھی نہ صرف سیکیورٹی اداروں، بلکہ پی سی بی کی غفلت کا نتیجہ تھا اور ہم دعا کرتے ہیں کہ اس مرتبہ ایسا کچھ نہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ 'اگر کوئی چھوٹا سا بھی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اگلے 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ سے محروم ہوجائے گا، لہذا یہاں غلطی کی گنجائش موجود نہیں'۔
احسان مانی نے کہا 'ہم سب کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہو، لیکن انتظامات نہ ہوئے تو یہ بہت بڑا خطرہ بھی ہوسکتا ہے' ۔
انھوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کو سنجیدگی کے ساتھ دیکھنا ہوگا کہ اگر ایک فیصد بھی خدشہ موجود ہے تو اسے ہر صورت میں دور کرنا چاہیئے اور صوبائی ایپکس کمیٹی بھی اس حوالے سے مکمل یقین دہانی کروائے تاکہ ایونٹ کو محفوظ بنایا جاسکے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹورنامنٹ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کیا تھا تاہم 13 فروری کو لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں سینئر پولیس افسران سمیت 13 افراد کی ہلاکت کے بعد یہاں فائنل کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا۔
لاہور دھماکے کے بعد پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے عوام سے رائے مانگی کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے سے منع کرتے ہیں تو ایسی صورت حال میں کیا ان کے بغیر اپنے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ فائنل کھیلا جائے یا پھر دبئی میں ہی اس کا انعقاد کیا جائے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے دھماکے کے بعد صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا تھا لاہور میں خودکش دھماکا پاکستان سپر لیگ کا فائنل سبوتاژ کرنے کی سازش ہوسکتا ہے۔
لاہور کے بعد صوبہ سندھ کے شہر سیہون میں بھی دھماکا ہوا، جس میں 80 سے زائد افراد ہلاک جب کہ 200 سے زائد زخمی ہوگئے، ملک میں یکے بعد دیگرے دھماکوں کے بعد حکومت اور پی ایس ایل انتظامیہ نے تاحال فائنل لاہور سے منتقل کرنے یا لاہور میں کرانے سے متعلق کوئی نیا بیان نہیں دیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) دو سال گزرنے کے باوجود بھی سندھ کے تعلیمی بورڈز میں مستقل ناظم امتحانات اور سکریٹریز کی تقرری نہیں کی جاسکی ہے۔ جب کہ میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہونے میں ایک ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے یہ دوسرا سال ہوگا جب سندھ کے تعلیمی بورڈز بغیر مستقل ناطم امتحانات کے میٹرک اور انٹر کے امتحانات دیں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے دور میں سندھ کے تمام تعلیمی بورڈز میں مستقل ناظم امتحانات اور سکریٹریز کے تقرر کیلئے باقاعدہ اشتہارات بھی دیئے گئے تھے۔ جس کے نتیجے میں کراچی کی تین تعلیمی بورڈز، حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور لاڑکانہ بورڈ کے ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کیلئے300سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔

جس کے جواب میں انٹرویوز بھی طلب کر لئے گئے تھے لیکن پھر یہ معاملہ رک گیا۔ کراچی کے انٹر بورڈ کے علاوہ تمام تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات مستقل نہیں ہیں جبکہ انٹر بورڈ سمیت دیگر بورڈز میں سیکرٹریز کا عہدہ بھی خالی ہے اور قائم مقام جونیئر افسران ان عہدوں پر تعینات ہیں۔ میٹرک بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر سعید الدین نے بتایا کہ وہ دو مرتبہ کنٹرولنگ اتھارٹی کو خط لکھ چکے ہیں کہ بورڈ طویل عرصے سے مستقل ناظم امتحانات اور سیکرٹریز سے محروم ہے اور دیگر اہم عہدے بھی خالی پڑے ہیں ان پر میرٹ کی بنیاد پر فوری تعیناتی کی جائے لیکن وہاں سے جواب ہی نہیں آتا ہے ہم مشکلات کا شکار ہیں۔

میٹرک بورڈ کراچی کے منتخب ممبر بورڈ غلام عباس بلوچ نے کہا کہ ایک طرف تو یہ کہا جاتا ہے کہ تعلیمی ایمرجنسی ہے لیکن دوسری طرف صورتحال اس کے برعکس ہے تعلیم ہماری ترجیح ہی نہیں ہے دو سال ہوگئے۔ تعلیمی بورڈز میں اتنے اہم عہدوں کا خالی رہنا اس بات کا اظہار ہے کہ سرکاری تعلیم اور بورڈز کو تباہ کیا جائے نجی بورڈ اور کیمبرج نظام کو ترقی دے کر ٖغریب کا حق تعلیم ختم کیا جائے، انھوں نے کہا وہ اس معاملے کو اپنی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں رکھ رہے ہیں ہوسکتا ہے ہم مستقل ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی عدم تقرری پر عدالت چلے جائیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( انٹر ٹینمنٹ) لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں ہالی ووڈ کے سب سے بڑے فلمی میلے آسکرزکی تقریب جاری ہے۔

فلم فینز کے لیے وائیولا ڈیوس نے بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔ مہرشالاعلی نے فلم مون لائٹ کےلیے بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ جیت لیا جبکہ بہترین میک اپ اور ہیئر اسٹائل کا ایوارڈ فلم ”سوسائڈ اسکواڈ“ لے اڑی۔

بہترین کاسٹیوم ڈیزائن کا ایوارڈ فلم ”فنٹاسٹک بیٹس“ اینڈ ”ویئر ٹو فائنڈ دیم“ نے جیتا اور بہترین ڈاکومنٹری کا ایوارڈ ”او جے:میڈ ان امریکا ’نے جیت لیا ہے۔

بہترین فلم کے لیے لالا لینڈ، بہترین اداکار کے لیے کیسے ایفلک اور بہترین اداکارہ کے لیے ایما اسٹون فیوریٹ ہیں۔ تقریب کے آغاز میں معروف گلوکارجسٹن ٹمبرلیک نے پرفارم کیا جس پر حاضرین جھوم اٹھے۔

 

ایرانی ڈائریکٹر اصغر فرہادی کی فلم’ سیلز مین ‘نے غیرملکی زبان کی بہترین فلم کا آسکرایوارڈجیت لیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 6 وکٹ سے میچ جیت کر پی ایس ایل پلے آف کیلئے کوالیفائی کر لیا ۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 124 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا،کراچی کنگز کے گیل نے 5چھکے اور 2 چوکے لگا کر بیڑا پار لگوا دیا اور مین آف دی میچ بھی بن گئے ۔
کرس گیل نے 44 رنز بنائے جبکہ بابر اعظم 27 اور پولارڈ نے 20 رنز بنائے۔
اسلام آبادیونائیٹڈکےشاداب خان نے3جبکہ سعیداجمل نےایک وکٹ حاصل کی۔
ابتدائی مرحلےکےاختتام پرپشاورزلمی کی پہلی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی دوسری پوزیشن ہے ،کراچی کنگزکی تیسری جبکہ اسلام آبادیونائیٹڈکی چوتھی پوزیشن ہے۔
پلےآف مرحلےمیں پہلامیچ کل پشاورزلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکےدرمیان ہوگا جبکہ دوسرامیچ بدھ کواسلام آبادیونائیٹڈاورکراچی کنگزکےدرمیان کھیلا جائے گا۔
آج کا اہم میچ جیت کر کراچی کنگز پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی جبکہ لاہور قلندرز سپر لیگ سے باہرہوگئی ہے ۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی ٹیم کو میچ جیتنے کے لئے 124رنز کا ہدف دیا تھا ۔
آج پاکستان سپر لیگ کا آخری لیگ میچ جو بارش سے متاثرہوا اور15اوورز فی اننگ تک محدود کر دیا گیا تھا،ٹاس جیت کرکراچی کنگز نے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر123رنز بنائے۔ڈیوائن اسمتھ اور بین ڈکٹ نے37رنز کی بنیاد فراہم کی،بین ڈکٹ اس مجموعے پر16رنز بنا کرسہیل خان کا شکار بنے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کا مجموعہ جب57رنز پر پہنچا توحسین طلعت11رنز بنا کرڈیوائن اسمتھ کا ساتھ چھوڑ گئے،ڈیوائن اسمتھ ایک رن کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور آؤٹ ہوگئے۔جبکہ بریڈ ہیڈن نے برق رفتار20رنز کی اننگ کھیلی۔مصباح الحق،12،شاداب خان9رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔
لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے ہیروکراچی کنگز کے بیٹسمین پولارڈ نے آج عمدہ فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے4کیچ پکڑے،کراچی کنگز کے سہیل خان اور عثمان خان اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) نوکیا نے آخرکار 3310 موبائل فون کو ایک بار پھر متعارف کرا دیا جو کہ اس سے پہلے سترہ سال قبل پہلی بار فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔
نوکیا 3310 کی فروخت 2005 میں ختم کردی گئی تھی اور کمپنی نے اس کے 126 ملین سے زیادہ سیٹس فروخت کیے۔
بارسلونا میں جاری موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران نوکیا 3310 کو متعارف کرایا گیا اور اچھی خبر یہ ہے کہ یہ پہلے کے مقابلے میں اب پہلے سے زیادہ بہتر ہوگیا ہے۔
اس کی قیمت بھی اندازوں سے کہیں زیادہ کم ہے تاہم اس سے پہلے اس کے فیچرز جان لیں۔
اس بار کا ڈیزائن پہلے کے مقابلے میں مختلف ہے جبکہ اسکرین کو بھی کلر کردیا گیا ہے۔
2 میگا پکسل ایل ای ڈی فلیش کیمرے کا اضافہ کیا گیا جبکہ 2.4 انچ کی اسکرین کے ساتھ اس کا نیا ڈیزائن پہلے کے مقابلے میں زیادہ خوبصورت ہے۔
اور بات یہاں ختم نہیں ہوتی بلکہ اس میں مائیکرو یو ایس بی چارجنگ پورٹ، ہیڈ فون جیک، 16 ایم بی اسٹوریج جسے مائیکرو ایس ڈی کارڈ اسٹوریج سے 32 جی بی تک بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ بلیو ٹوتھ جیسے اضافے بھی ہوئے ہیں تاہم وائی فائی، جی پی ایس وغیرہ نہیں۔
مگر پھر بھی آپ 2.5 جی انٹرنیٹ اس پر چلا سکتے ہیں جبکہ کالز،ایف ایم ریڈیو، ایم پی تھری پلیئر، ٹیکسٹ اور اسنیک گیم بھی اس کا حصہ ہیں۔
اور ہاں اس کی بیٹری پہلے سے بھی زیادہ طاقتور ہے اور ایک چارج پر لگاتار 22 گھنٹے تک فون کال کی جاسکتی ہے اور ایک مہینے کا اسٹینڈبائی ٹائم ہے۔
چار رنگوں میں متعارف کرائے جانے والا یہ فون رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں 50 ڈالرز یا 5241 پاکستانی روپے میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)اڑی حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا شور مچانے والے بھارت کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑ گئی، گزشتہ سال اڑی حملے کے بعد بھارتی میڈیا اور مودی حکومت نے پاکستان پر الزام تراشیوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا لیکن حقیقت بالآخر سامنے آہی گئی۔
بھارتی حکومت نے اڑی حملے میں پکڑے گئے پاکستانیوں کے خلاف شواہد نہ ملنے پر کیس بند کردیا، بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نوجوانوں کو گزشتہ برس 18 ستمبر کو اڑی سیکٹر پر حملے میں معاونت کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن شواہد کی عدم دستیابی پر بھارتی حکومت نے فوج کو دونوں پاکستانیوں کے خلاف کیس بند کرنے کا حکم دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیس میں گرفتار دونوں پاکستانیوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان بھیجا جائے گا تاہم ان کی واپسی کا طریقہ کار بھارتی وزارت خارجہ طے کرے گی۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں گزشتہ سال 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی ہلاک ہو گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا تھا۔

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ اسٹار مسٹر پرفیکٹ عامر خان نے فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے لیے ٹریننگ لینا شروع کردی۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کی ہدایات وجے کرشنا اچاریا دیں گے، جس کی عکسبندی مئی میں شروع ہوگی۔
 
دوسری جانب اداکار عامر خان نے بھی فلم میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے اپنی ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ن لیگ کے رہنما طلال چودھری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سیاسی کوڑا بن چکی ہے، اگلے الیکشن میں عوام کوڑے دان میں ڈال دیں گے۔
 


طلال چودھری نے مولا بخش چانڈیو کی گفتگو پر رد عمل دیتے ہوئے الزام لگایا کہ سہون کے مزار کا کروڑوں روپے چندہ جیبوں میں جاتا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)سابق صدر آصف زرداری نے اپنی بیٹیوں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، عرفان اللہ مروت کے معاملے میں مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے اپنے بیٹیوں کا موقف مان لیا ہے اور عرفان اللہ مروت کے معاملے میں مزید پیش رفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے پارٹی رہنماﺅں کو مزید بیان بازی سے بھی روک دیا ہے۔
 
جبکہ دوسری جانب سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ عرفان اللہ مروت کا الزام مضحکہ خیزہے، پارٹی میں پھوٹ ڈلوانے کا سوچ بھی نہیں سکتا،اگرکوئی ایسا سوچتا ہے تواس کا ذہنی توازن درست نہیں۔
واضح رہے عرفان اللہ مروت کی آصف زرداری سے ملاقات پر بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کی جانب سے ناگواری کا اظہار کرتے ہوئے سخت موقف اختیار کیا گیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)بختاوراورآصفہ بھٹو زرداری اپنے والد آصف علی زرداری کے فیصلے کے خلاف کھڑی ہوگئیں مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہنے والے عرفان اللہ مروت نے گزشتہ روز آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جس پر بختاوراورآصف بھٹو زرداری نے شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں بختاوربھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ذہنی بیمارشخص کو جیل میں سڑنا چاہیئے اور ایسے شخص کو پیپلزپارٹی میں شامل نہیں ہونا چاہیئے۔
 
بختاور کا کہنا تھا کہ ایسی جماعت جس کی قیادت ایک خاتون نے کی وہ ایسے افراد کو برداشت نہیں کرسکتی۔
آصفہ بھٹو زرداری نے عرفان اللہ مروت کے حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ خواتین کی عزت کرنا پیپلزپارٹی کی بنیادری روایت ہے اس لئے عرفان اللہ مروت کو پارٹی میں نہیں ہونا چاہیئے کیوں کہ ان کے غیرقانونی اور گھناؤنے اقدامات قابل مذمت ہیں۔