ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (تعلیم / کوئٹہ ) کالج اساتذہ کے ریمونریشن اور ٹی اے ڈی اے کے بقایاجات میں غیر ضروری تاخیرکے حوالے سے چیف سیکرٹری کو آگاہ کریں گے ۔

 

ان خیالات کا اظہار بی پی ایل اے کے مرکزی صدر پروفیسر محمد سعید مندوخیل جنرل سیکرٹری پروفیسر محمد اقبال سملانیپروفیسر امداد بلوچ پروفیسر عابد کاکڑ پروفیسر شیریں گل کاکڑ پروفیسر راحیلہ رمضان پروفیسر نصراللہ خان کاکڑ پروفیسر امجد حسین پروفیسر سید شیر محمد پروفیسر ریاض کھوسہ پروفیسر یوسف کبزئی پروفیسر منصور بلوچ پروفیسر ممتاز احمد اور پروفیسر ادریس جعفر نے ایک اجلاس میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سالوں سے کالج اساتذہ کے ریمونریشن ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل کی رقوم ادا نہیں کی گیئں۔ محکمہ کی عدم توجہہی کی وجہ سے ریمونریشن کے پانچ کروڑ روپے کے بقایاجات کالج اساتذہ کو ادا کرنے ہے اور ٹی اے ڈی اے کی مد میں دو کروڑ روپے ہے۔ ٹی اے ڈی اے کی مد میں ایک کروڑ روپے بی پی ایل اے کی کوششوں سے منظورہوئے لیکن ڈائریکٹریٹ کا اصرار ہے کہ صرف 2016 کے بقایاجات ادا ہو نگے جو قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج اساتذہ کے حق کیلئے بی پی ایل اے نے چیف سیکرٹری سےرابطہ کیا ہے اور جلد ہی انہیں کالج اساتذہ کے ساتھ ناانصافی سے آگاہ کریں گے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت / راولپنڈی ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صوفی نے بھی گردوں کی غیرقانونی خرید وفروخت کے الزام میں گرفتار کڈنی سینٹر کے مالک ڈاکٹر کرنل ریٹائرڈ مختار حامد شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ قبل ازیں سول جج راولپنڈی وعلاقہ مجسٹریٹ وقار منصور بریار نے ان کی درخواست کو مسترد کیا تھا.

 

گزشتہ روز ملزم کی طرف سے عنصر نواز مرزا نے دلائل دیئے جبکہ متاثرین کے وکیل اسد عباسی اور یاسر حسین شاہ ترمزی کا موقف تھا کہ گردوں سمیت انسانی اعضاء کی خریدو فروخت کا کاروبار سراسر غیرقانونی ہے لیکن ملزم اپنے بچوں اور دیگر عملے کے ساتھ ملکر پیسے بٹورنے کیلئے طویل عرصے سے یہ غیرقانونی کاروبار کر رہا تھا۔

 

تھانہ مورگاہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر کے بعد اعلٰی سطح پر باقاعدہ ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی تھی جس نے میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ملزم کو اس غیرقانونی کام میں ملوث پاکر قصوروار ٹھہرایا تھا، اندراج مقدمہ کے بعد ملزم مفرور رہا اور ملزم کی طرف سے آج دن تک جتنی بھی پٹیشن سیشن اور ہائی کورٹ کی سطح پر دائر کی گئیں وہ سب کی سب سماعت کے بعد خارج ہوئیں۔ محض زیادہ عمر یا بیماری کو جواز بناکر ضمانت حاصل نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے متاثرین کے وکلا ءکی بحث سننے کے بعد گزشتہ روز بھی ملزم کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /فیصل آباد )چیئرمین تعلیمی بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھگڑ نے تعلیمی بورڈ کے احاطہ میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ خرم قریشی اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد ظفر اقبال طاہر نے بھی الگ الگ پودے لگائے۔

چیئرمین بورڈ نے کہا کہ درختوں کی افادیت و اہمیت سے کسی بھی طرح انکار ممکن نہیں۔ بہت سے ترقی یافتہ ممالک ایسے ہیں جن کی تجارت کا 60 فیصد سے زائد حصہ ان کے جنگلات پر مشتمل ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) فیکلٹی آف ایجو کیشن اینڈ لر ننگ سائنسز اقراء یونیورسٹی کے دو پی ایچ ڈی اسکالرز غلام محی الدین سو لنگی اور راحت بھٹی آج اقراء یونیورسٹی گلشن کیمپس میں اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے ۔

غلام محی الدین سو لنگی نے اپنا مقالہ ڈاکٹر محمد نسیم قیصرا نی اور راحت بھٹی نے اپنا مقالہ ڈاکٹر حنا حسین کاظمی کی زیر نگرانی مکمل کیا ہے ۔

ان دونوں اسکالرز کے مقالات ایچ ای سی کے قواعد کے مطابق بین الاقوامی ماہرین سے پہلے ہی منظور ہو چکے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /نوابشاہ)شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نوابشاہ کا دوسرا کانووکیشن ہفتے کو منعقد ہو گا جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایم این اے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کرینگے۔

 

 

کراچی (صحت) سول اسپتال کراچی کے پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز کا احتجاج جمعے کو پانچویں روز بھی جاری رہا ۔
ٹرینیز نے شعبہ حادثات کے سوا اوپی ڈی اور آپریشن تھیٹر سمیت تمام شعبہ جات کا بائیکاٹ کیاجس کے باعث مریضوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑااور کئی آپریشن ملتوی ہوئے ۔
 
مظاہرین نے سول اسپتال کراچی کے ٹراما سینٹر سے ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز تک احتجاجی ریلی نکالی اور یونیورسٹی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی بھی کی گئی
 
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن سول اسپتال کے صدر ڈاکٹر وارث علی کا کہنا تھا کہ جمعرات کو ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر جمال نے مذاکرات کرنے کی کوشش کی لیکن وہ صرف زبانی یقین دہانی کرارہے تھے ان کی جانب سے تحریری طور پر کچھ فراہم نہیں کیا جس کے باعث

مذاکرات ناکام ہو گئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے سمری کی منظوری کے باوجود وظائف میں اضافہ نہیں کیا گیا تو ایک ایڈیشنل سیکرٹری کی زبانی یقین دہانی پر کیسے یقین کر سکتے ہیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالت عظمیٰ کے موجودہ ججز میں سے ایک جج رواں سال جبکہ2 جج 2018ء اور 3 ججز 2019ء میں رٹائر ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال جسٹس امیر ہانی مسلم 30 مارچ کو عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے جبکہ آئندہ سال جسٹس دوست محمد خان 20 مارچ 2018ء اورجسٹس اعجاز افضل خان 8 مئی 2018ء کو رٹائر ہوں گے۔
2019ء میں رٹائر ہونے والے ججزمیں موجودہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار 18 جنوری 2019ء اور جسٹس شیخ عظمت سعید 28 اگست 2019ء جبکہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ21 دسمبر 2019ء کو رٹائر ہوں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سمیت اس وقت 16 ججز موجود ہیں۔
 
چیف جسٹس انورظہیرجمالی کی رٹائرمنٹ کے بعد ایک نشست خالی ہے جس کو پرکرنے کے لیے جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ سجاد علی شاہ کی سپریم کورٹ میں بطو۔رجج تقرری کی سفارش کی ہے، ان کی تقرری کے بعد عدالت عظمیٰ میں ججزکی تعداد پوری ہوجائے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں کراچی کنگز کیخلاف لاہور قلندرز کی بیٹنگ جاری ہے۔ لاہور قلندرز نے5 اوورز میں 1وکٹ کے نقصان پر40 رنز بنا لئے۔
قبل ازیں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کیخلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز کیطرف سے برینڈن میکلم اور کیمرن ڈیلپورٹ نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے پہلی اوور کرایا۔
تفصیلات کے مطابق دئبی میں کھیلی جانیوالی پاکستان سپر لیگ کے سیزن ٹو میں کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے پہلے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز اسکواڈ:برینڈن میکلم(کپتان)،فخر زمان،عمراکمل،محمد رضوان،کیمرون ڈیلپورٹ،گرانٹ ایلیٹ،سنیل نارائن،عامریامین،سہیل تنویر،محمد عرفان جونیئر،یاسر شاہ۔
کراچی کنگز اسکواڈ:کمار سنگاکارا(کپتان)،کیرن پولارڈ،بابر اعظم،مہیلا جےوردھنے،اسامہ میر،محمد عامر،روی بوپارہ،شعیب ملک،عثمان شنواری،سہیل خان،عماد وسیم۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) ٹیسٹ کی عالمی نمبر ون بھارت کو 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 333 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کردیا۔
مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کا تیسرے روز ہی فیصلہ ہو گیا۔ آسٹریلیا نے کپتان سٹیون سمتھ کی سنچری کی بدولت دوسری اننگز میں 285 رنز سکور کرتے ہوئے بھارت کو میچ میں فتح کیلیے 441 رنز کا ہدف دیا۔
کینگروز کیلیے بچھائے سپن جال میں میزبان ٹیم خود ہی الجھ کر منہ کے بل گر پڑی، کوئی بیٹسمین سٹیف اوکیف اور ناتھن لیون کا سامنا نہ کر سکا اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ 7 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، چتیشور پجارا 31 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے اور پوری بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 441 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 107 پر ڈھیر ہو گئی اورآسٹریلیا نے ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون بھارت کو اسی کی سرزمین پر 333 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔
اسپنر سٹیو اوکیف میزبان ٹیم کیلیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے لیفٹ آرم سپنر اوکیف نے دوسری اننگز میں بھی 35 رنز دے کر 6 ہی کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا اور مجموعی طور پر 12 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ ناتھن لیون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پوری بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 260 رنز کے جواب میں 105 رنز ہی بنا پائی تھی جبکہ آخری7 وکٹیں مجموعے میں صرف 11 رنز کا اضافہ کر سکی تھیں۔ سٹیو اوکیف نے 35 رنز کے عوض 6 شکار کیے تھے، مچل سٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)طیبہ تشدد کیس کی سماعت اسلام آباد کی مقامی عدالت میں ہوئی۔ عدالت نے کیس کے مرکزی ملزمان راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کو طلب کر رکھا تھا تاہم دونوں پیش نہ ہوئے۔ ملزمان کی جانب سے حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ راجہ خرم کی اہلیہ کی طبیعت ناساز ہے عدالت نہیں آسکتیں۔ اگلی سماعت تک حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ دوسری جانب پولیس کی جانب سے مقدمے کا مکمل چالان بھی پیش نہ کیا جا سکا۔
عدالت پولیس کو چودہ روز میں مکمل چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی۔