ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /شکارپور) شکارپور کے شاہ عبداللطیف بوائز ہائی اسکول میں سائنس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے طلباء وطالبات نے تقریری مقابلوں میں حصہ لیا ۔ طلباء میں پہلی پوزیشن شہزادوگل ابڑو، دوسری پوزیشن اویس کمبوہ جبکہ طالبات میں پہلی پوزیشن نمرا بروہی اور دوسری پوزیشن نرگس عباسی نے حاصل کی۔ نجی اسکولوں میں پہلی پوزیشن عبدالباسط بھٹو اور دوسری پوزیشن کشمالہ راہی نے حاصل کی۔

تقریب کےمہمان خصوصی میر بابل خان بھیوسمیت دیگر کی جانب سے جیتنے والے طلباء وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر بابل خان بھیو، صفدر امیر پہوڑ،افضل آرائیں نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے یہاں سوچی سمجھی سازش کے تحت انتہا پسندی اور تشدد پسندی کی جڑیں مضبوط کی جارہی ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ملائیشیا کے قونصل جنرل اسماعیل بن محمد بکری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزا فری ریجیم وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے ذریعے دونوں برادراسلامی ممالک کے تاجر باہمی تجارت کو تیزی کے ساتھ وسعت دے سکیں گے۔
قونصل جنرل اسماعیل بن محمد بکری کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے پاکستانی تاجروں و صنعت کاروں کے ساتھ دیرینہ اورمستحکم تعلقات ہیں جسے باہمی تجارت کوفروغ دیتے ہوئے مزید مستحکم اور پائیدار کیا جاسکتا ہے۔ ملائشیا کی ہمیشہ سے یہ پالیسی رہی ہے کہ پاکستان کی سوپ انڈسٹری میں استعمال ہونے والے خام مال پام بائی پروڈکٹس کی سپلائی انتہائی مناسب قیمتوں پرکی جائے تاکہ انڈسٹری کے ساتھ عام صارفین بھی اس پالیسی سے استفادہ کرسکیں تاہم ملائشین قونصلیٹ دونوں ممالک کے تاجروں اور عوام کے درمیان موثر رابطے بڑھانے اور فوائد میں اضافے کے لیے متحرک ہے جبکہ قونصلیٹ پاکستانی سوپ انڈسٹری کے لیے ملائیشیا سے درآمد ہونے والے خام مال ودیگر معاملات سے متعلق مسائل اور رکاوٹوں کو دورکرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدﷲ ذکی نے کہا کہ ملائیشین قونصل جنرل کے پاکستانی تاجروں وصنعت کاروں کے ساتھ قریبی روابط اختیار کرنے سے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صرف منظم شعبے کی سوپ انڈسٹری سے ڈھائی لاکھ افراد کا روزگاروابستہ ہے، پاکستان میں لانڈری سوپ کی پیداوارکا حجم 5 لاکھ ٹن، ٹائلٹ سوپ کی پیداوارکا حجم ڈیڑھ لاکھ ٹن، کاربولک سوپ کی پیداوارکا حجم 50ہزار ٹن اورڈٹرجنٹ کی پیداوارکا حجم پونے 2لاکھ ٹن ہے، صابن سازی کے لیے80 فیصد خام مال درآمد کیا جاتا ہے جبکہ مقامی خام مال کا حصہ20 فیصد ہے۔
عبداللہ ذکی نے کہا کہ منظم شعبے کی سوپ انڈسٹری قومی خزانے میں سالانہ 18ارب روپے مالیت کی محصولات کی ادائیگیاں کرتی ہے، سال 2016 میں ملائیشیا کے لیے پاکستان کی برآمدات 144ملین ڈالرجبکہ درآمدات کی مالیت 825 ملین ڈالرتھیں، اس طرح تجارت کا توازن ملائشیا کے حق میں ہے۔
چیئرمین عبداللہ ذکی نے مزید کہا کہ پاکستان اورملائیشیا اہم کاروباری شراکت دار ہیں اور اس تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم کم ازکم 1 ارب ڈالر ہوناضروری ہے، دونوں ممالک کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کی فعالیت انتہائی اہم ہے جبکہ سوپ مینوفیکچررزایسوسی ایشن کا نمائندہ وفد پیوک 2017 میں شرکت کرنے کوالالمپور روانہ ہوگا۔

 

 

 

ایمزٹی وی (صحت /جامشورو) ضلع جامشورو میں انسدادِ پولیو مہم جوکہ6سے9مارچ تک جاری رہے گی اس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق ڈپٹی کمشنرمنور علی مہیسرکی زیر صدارت ان کے دفتر کےشہبازہال میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔

اس موقع پر ڈی سی جامشورو نے کہا کہ اس مہم کے دوران جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت اسے ہر صورت میں کامیاب کرکے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں اور اپنی پوری توجہ اسی مقصد کے حصول پر مرکوز کی جائے۔

 

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سیاسی جماعتوں کی اکثریت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں 3 سال کے بجائے ڈیڑھ سال کی توسیع دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔
اپوزیشن جماعتیں فوجی عدالتوں کے ساتھ نگراں کمیٹی کی بحالی کے مطالبے پر قائم ہیں، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی جماعتوں نے نگراں کمیٹی کے قیام پر زور دیا ہے۔
دوسری جانب مذہبی دہشت گردی کے الفاظ کے معاملے پر سیاسی رہنماؤں میں اختلافات بدستور موجود ہیں اور اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے۔
سیاسی جماعتوں کی جانب سے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی رضا مندی کے بعد مسودے کی منظوری کے لئے وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی سربراہی میں اجلاس جاری ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ذیلی کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں طے پانے والے نکات پر مشتمل مسودے کو حتمی شکل دی جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ کے مقابلے پر سرگرم میسجنگ ایپ وائبر نے اپنے صارفین کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے جس سے وہ مختلف اشیاءکی خرید و فروخت کرسکیں گے۔
جی ہاں وائبر میں ایک شاپنگ بیگ آئیکون پر مبنی ایک بٹن اسکرین کے نیچے متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے صارفین مختلف چیزوں کو خرید سکیں گے۔
یہ فیچر سب سے پہلے چھ مارچ کو امریکا میں متعارف کرایا جائے گا جس کے بعد یہ بتدریج دنیا بھر میں پیش کردیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہاں لوگ الیکٹرونکس، گھریلو مصنوعات اور فیشن پراڈکٹس وغیرہ خرید سکیں گے۔
اس مقصد کے لیے وائبر مختلف کمپنیوں سے شراکت داری کرے گی جبکہ صارفین ڈائریکٹ اس ایپ سے اشیا خرید نہیں سکیں گے بلکہ ایک ڈیپ لنک کے ذریعے اس برانڈ کی ایپ سے جڑیں گے یا موبائل ویب سائٹ پر جائیں گے۔
تاہم وائبر کے مطابق طویل المدتی بنیادوں پر یہ خریداری وائبر پر ڈائریکٹ ہونے لگے گی تام ابتداءمیں تجربے کے لیے اسے بلاواسطہ کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق ہم وائبر کو ایسا پلیٹ فارم بنانا چاہتے ہیں جہاں صارفین اچھی مصنوعات کی خریداری کرسکیں اور احمقانہ اشتہارات سے ان کی جان چھوٹ جائے۔
وائبر نے گزشہ دنوں چیٹ ایکسٹیشنز نامی اپ ڈیٹ بھی متعارف کرائی تھی جو کہ ایک سرچ فیچر ہے جس کے ذریعے تھرڈ پارٹی سروس سے ڈیٹا، جی آئی ایف یا دیگر تلاش کیے جاسکتے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) کینیڈا کے ماہرین نے سمندری گھونگھے کے زہر میں ایک ایسا مادّہ دریافت کیا ہے جو نہ صرف درد ختم کرتا ہے بلکہ اس کا اثر لمبے عرصے تک برقرار بھی رہتا ہے۔
یہ مادہ ایک پیپٹائیڈ ہے جو ’’کونس ریگیئس‘‘ نامی چھوٹے سمندری گھونگھے کے زہر میں قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ اپنی درد کش خصوصیات کے باوجود یہ مادّہ درد ختم کرنے والی مروجہ دواؤں سے یکسر مختلف ہے جن میں عام طور پر ’’اوپیوئیڈ‘‘ (opioid) نامی مرکبات استعمال کیے جاتے ہیں۔
اوپیوئیڈ مرکبات ہمارے اعصاب کو سُن کرتے ہوئے درد کی شدت میں کمی لاتے ہیں لیکن ان کے اثرات صرف ایک دن تک ہی رہتے ہیں جب کہ اگر ان کی زیادہ مقدار استعمال کرلی جائے تو یہ موت کی وجہ بھی بن سکتے ہیں۔ صرف امریکا میں اوپیوئیڈز کی زائد مقدار لینے کے باعث روزانہ 90 افراد ہلاک ہوجاتے ہیں اور اسی وجہ سے ماہرین چاہتے ہیں کہ ان کا کوئی بہتر متبادل تلاش کیا جائے جو ان جان لیوا اثرات سے پاک بھی ہو۔
ان ہی کوششوں کے دوران یونیورسٹی آف یوٹاہ میں ماہرین کی ایک ٹیم نے جب چھوٹی کون جیسی شکل والے ننھے منے گھونگھے کے زہر کا تجزیہ کیا تو اس میں RgIA پیپٹائیڈ دریافت ہوا جو درد ختم کرنے والی خصوصیات کا حامل تھا۔ چوہوں پر آزمائشوں کے دوران اس پیپٹائیڈ نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا جب کہ اس کے مفید اثرات بھی تین دن تک برقرار رہے۔ اوپیوئیڈز کے برعکس اس کے استعمال میں بظاہر کوئی خطرہ بھی سامنے نہیں آیا۔
ابتدائی کامیابی کے بعد اب اس پیپٹائیڈ پر مزید تحقیق کی جارہی ہے جس سے معلوم ہوسکے گا کہ یہ انسانوں میں کس حد تک مفید و مؤثر ہے اور یہ کہ انسانوں پر بھی اس کے دیرپا اثرات ویسے ہی مرتب ہوتے ہیں جیسے چوہوں میں دیکھے گئے ہیں یا نہیں۔ اس تحقیق کے نتائج ’’پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز‘‘ کی تازہ اشاعت میں آن لائن شائع ہوئے ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 8 سامنے آنے میں ابھی ایک ماہ یا اس سے زائد وقت باقی ہے مگر اس کی تصاویر اور فیچرز مسلسل سامنے آرہے ہیں۔
تاہم یہ جنوبی کورین کمپنی کا ایسا فون ثابت ہونے والا ہے جس کا تجربہ صارفین کو پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا، جبکہ آئی فون میں بھی یہ فیچرز موجود نہیں۔
اب گلیکسی ایس 8 پلس کے فیچرز سامنے آئے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ سام سنگ کا اب تک کا سب سے بڑا اسمارٹ فون ہوگا۔
گلیکسی ایس 8 پلس 6.2 انچ کی سپر امولیڈ اسکرین سے لیس ہوگا جو کہ بارڈر لیس ہوگی۔
سام سنگ کی اس ڈیوائس میں پہلی بار یہ کمپنی ڈوئل رئیر کیمرہ متعارف کرائے گی جس کے دونوں سنسر 12 میگا پکسلز کے ہوں گے جبکہ 8 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرہ ہوگا۔
یہ فون بھی گلیکسی ایس سیون کی طرح ڈسٹ اور واٹر ریزیزٹنٹ ہوگا جبکہ اسے آنکھوں کی مدد سے ان لاک کیا جاسکے گا۔
64 جی بی اسٹوریج جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے اضافہ کیا جاسکے گا جبکہ فور جی بی ریم بھی اس کا حصہ ہوگی۔
یہ فون وائرلیس چارجنگ کی صلاحیت رکھتا ہوگا جبکہ اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سٹم کے ساتھ ہوگا۔
اور ہاں گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس دونوں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 835 پراسیسر کے حامل ہوں گے جبکہ اس ماڈل میں پہلی بار سام سنگ کے اپنے ورچوئل اسسٹنٹ کا ڈیبیو ہوگا۔
یہ فون مارچ کے آخر میں متعارف کرایا جاسکتا ہے جبکہ اسے اپریل کے وسط میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی مشہور کمپنی ہیواوے نے اپنا نیا اسمارٹ فون آنر وی نائن متعارف کرا دیا ہے۔
5.7 کیو ایچ ڈی ڈسپلے والا یہ اسمارٹ فون اینڈرائیڈ نوگیٹ سے لیس ہے جبکہ 2.4 گیگا ہرٹز کیرین 960 چپ بھی اس کا حصہ ہے۔
یہ 4 اور 6 جی بی ریم کے دو ورژن کے ساتھ ہوگا جبکہ اسی طرح اسٹوریج میں بھی 64 اور 128 جی بی کے آپشنز دسیتاب ہوں گے۔
اسٹوریج میں اضافہ ایس ڈی کارڈ سلاٹ سے ممکن ہوگا۔ 12، 12 میگا پکسل کے دو کیمرے اس کی بیک پر دیئے گئے ہیں جبکہ فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے۔
اس فون پر فور کے ویڈیو بنانا ممکن ہے جبکہ اس کا لیزر آٹو فوکس اچھی تصاویر لینے میں مدد دیتا ہے۔
یو ایس بی ٹائپ سی اور دیگر فیچرز سے لیس یہ فون چار رنگوں میں دستیاب ہوگا۔
اس فون کو پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے اور بتدریج اسے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرا دیا جائے گا۔
4000 ایم اے ایچ بیٹری والے اس فون کی قیمت 377 سے 510 ڈالرز کے درمیان ہے جو کہ اس کی اسٹوریج اور ریم کے ورژن کے مطابق ہوگی۔
واضح رہے کہ ہیواوے کا نیا فلیگ شپ فون پی 10 بھی 26 فروری کو بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر متعارف کرایا جائے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد افغانستان کی سرحد بند ہے، راستے بند ہونے سے بارڈر کے دونوں جانب تجارتی سامان لے جانے والے ٹرکوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ ہلاکت خیز بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کے لیے پڑوسی ملک افغانستان کی زمین استعمال ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد دہشت گردوں کی سرحد پار سے داخلے کو روکنے کے معاملے میں کئی اقدامات کیے گئے جبکہ دو اہم سرحدی راستے بند ہونے پر سیکڑوں ٹرک بھی پھنس گئے، جس سے دونوں ممالک کے تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کے لاکھوں روپے ڈوب جانے کا خدشہ ہے، کیوں کہ ان ٹرکوں میں جلد خراب ہوجانے والے مال سمیت دیگر تجارتی سامان موجود ہے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق گزشتہ ہفتے لعل شہباز قلندرکے مزار میں ہونے والے دھماکے میں 90 افراد کی ہلاکت کے بعد فوج کی جانب سے سرحد بند کی گئی، جس سے پاکستان سے افغانستان جانے والے 5 ہزار جبکہ سرحد کی دوسری جانب سے آنے والے 3 ہزار ٹرک پھنس گئے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کے نمائندوں نے سرحد کو بند کیے جانے کے اقدامات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ آئل ٹینکرز اور مال بردار گاڑیوں کے ٹرانسپورٹرز کی انجمن کے ترجمان اسرار احمد شنواری کے مطابق ہم طورخم اورچمن سرحد سے افغانستان یومیہ 700 ٹرک روانہ کرتے ہیں، جبکہ 300 ٹرک وہاں سے آتے ہیں۔
اسرار احمد شنواری کا کہنا تھا کہ لوگ گزشتہ ایک ہفتے سے سرحد بند ہونے کے باعث پیدا ہونے والی خراب صورتحال کا اندازہ لگا سکتے ہیں، ہم انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی سے متعلق اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، مگر ہم حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکالا جائے، کیوں کہ اس سے 2 لاکھ افراد کا روزگار منسلک ہے۔
واضح رہے کہ درگاہ لعل شہباز قلندر میں دھماکے کے بعد رات گئے 16 فروری کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث دیگر احکامات جاری ہونے تک پاک-افغان سرحد فوری طور پر بند کردی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مہمند اور باجوڑ ایجنسی کے دورے کا دوران کہا کہ دہشت گرد افغانستانمیں موجود محفوظ پناہ گاہوں میں دوبارہ منظم ہو رہے ہیں۔
ایسے بیانات پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی لہر میں افٖغانستان کے دہشت گرد گروپ کے ملوث ہونے کے سول و ملٹری قیادت کے اتفاق رائے کے بعد سامنے آئے ۔ پاک-افغان سرحدبند کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے، مگر جب بھی سرحد بند ہوتی ہے تو دونوں اطراف موجود لوگوں کے لیے معاشی اور سماجی مسائل پیدا ہوتے ہیں، جب کہ موجودہ صورتحال میں مختلف وجوہات کے باعث تاجر پریشانی کا شکار ہیں۔
پاکستان-افغانستان کے مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے شریک چیئرمین اور معروف تاجر محمد زبیر موتی والا کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران پاک-افغان تجارت 2.5 بلین ڈالر سے کم ہو کر 1.5 بلین تک پہنچ گئی ہے۔ یاد رہے کہ پاک-افغان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز دونوں حکومتوں کی جانب سے تسلیم شدہ باڈی ہے اور اس کے ممبران میں دونوں ممالک کے سیکڑوں تاجران شامل ہیں۔ محمد زبیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تاجر مزید نقصان برداشت نہیں کرسکتے، مگر ساتھ ہی ہم اپنے ملک اور عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کی حمایت بھی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف دونوں حکومتوں کو درخواست کرسکتے ہیں کہ محفوظ تجارت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ایک میکانزم ترتیب دیا جائے۔ محمد زبیر موتی والا نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے سے متعلق متعلقہ حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، انہوں نے سب سے پہلے پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر سے ملاقات کی جبکہ انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے سمیت مسئلے کو حل کرنے کے لیے تجاویز پیش کیں۔
 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں مبینہ طور پراسپاٹ فکسنگ میں ملوث قومی کرکٹرز شرجیل خان اور خالد لطیف نے مشکوک شخصیت سے ملنے کا اعتراف کر لیا ہے تاہم اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں کھلاڑیوں کو عبوری طور پر معطل کر کے وطن واپس بھیج دیا تھا اور بعد ازاں انہیں چارج شیٹ بھی دیدی گئی جس کے جواب میں دونوں کھلاڑیوں نے فکسنگ میں ملوث ہونے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے اپنے جواب میں مشکوک شخص سے ملاقات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناصر جمشید کے کہنے پر جس شخص نے ان کیساتھ ملاقات کی وہ مداح کی حیثیت سے آیا اور جب فکسنگ کی بات شروع ہوئی تو ہم نے فوراً ملاقات ختم کر دی۔
خالد لطیف نے بھی ایسا ہی موقف اختیار کیا ہے کہ وہ قومی ٹیم کے اوپنر ناصر جمشید کے کہنے پر مذکورہ شخص سے ملے تاہم انہیں اور شرجیل دو اس کے بکی ہونے کا علم نہیں تھا۔ دونوں کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ جب اس شخص نے فکسنگ کی آفر کی تو ہم اٹھ کر چلے گئے اور اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ بورڈ حکام کو اس ملاقات کا نہ بتانا غلطی تھی لیکن ہم نے فکسنگ نہیں کی۔