منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی( تجارت) کراچی میں بلڈرز پھر بھتے اور قبضوں کی زد میں آگئے ۔ ایسوسی ایشن آف بلڈرز کا ایران سے بھتا گروپ چلانے والے کا انکشاف ہوا ہے۔ گزشتہ روز بھتا نہ دینے والے بلڈر کے دفتر پر کریکر حملے کیخلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کردیا ۔

کراچی کے بلڈرز پھر خوف کی زد میں ہیں، ناظم آباد اور سرجانی ٹاؤن میں جاری منصوبوں پرپہنچنا مشکل ہوگیا ہے۔ ایک ماہ سے بھتے کے لئے دھمکیوں کی کالز آئیں لیکن اس مرتبہ چپ رہنے کے بجائے خراب ہوتی ہوئی صورتحال پر پہلے تمام سیکورٹی اداروں سمیت گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کو بھی خط بھیجے گئے۔

اس کے باوجود گزشتہ روز گلبہار میں بلڈر کے دفتر پر کریکر حملہ کیا گیا ۔ صوبائی سطح پر معاملہ حل نہ ہوا تو پریس کانفرنس کے ذریعے وزیراعظم ،آرمی چیف اور کورکمانڈرسے مدد مانگ لی گئی۔

اکتوبر سے 7واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ بھتہ خور سلیم چاکلیٹی ایران سے اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے جس نے ایک بلڈرز سے 50 لاکھ روپے بھتا مانگا ہے۔

بلڈرز کے مطابق بھتے اور قبضے کے واقعات کو نہ روکا گیا تو حالات پھر قابو سے باہر ہوجائیں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی عدالت نے 3طلاقوں کو غیر قانونی اور مسلمان خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیدیا ۔

ذرائع کے مطابق الہٰ آباد ہائی کورٹ نے طلاق کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کی اور اسلام میں 3طلاقوں کے عمل کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلمان خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مزید کہا کہ کوئی بھی پرسنل لا بورڈ بھارتی قانون سے بالاتر نہیں تاہم آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈسمیت بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے اس عدالتی فیصلے پر نکتہ چینی بھی کی جارہی ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان نے بھارت کی 33لاکھ ڈالر مالیت کی 10ہزار کپاس کی گانٹھوں کی کھیپ واپس بھجوا دی ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق کراچی بندرگاہ پر بھارتی کپاس کی گانٹھیں لائی گئی تھیں۔

محکمہ وزارت خوراک سیکوریٹی اور ریسرچ نے اسے مسترد کردیا اور کسٹم حکام کو ہدایت کی گئی کہ اسے واپس بھجوادیا جائے۔

دریں اثناء آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کےسینئروائس چیئرمین (آپٹما)ذاہد مظہر نے بھارت سے کاٹن درآمدات کی اجازت نہ دینے پر حکومتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

 

 

ایمز ٹی وی( تجارت) ایران نے اپنی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کے لیے تیل و گیس درآمد کرنے والی کمپنی شیل کے ساتھ ابتدائی معاہدے پر دستخط کرلیے۔

معاہدے سے شیل کے لیے ایران کی جنوبی آزادیگان اور یاداواران آئل فیلڈز اور خلیج میں واقع کش آئی لینڈ میں ایک آف شور گیس فیلڈ تک جانے کے راستے کھلیں گے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے شیل کمپنی کے نائب صدر نے بتایا کہ معاہدے سے اینگلو ڈچ کمپنی کے لیے ایران میں کاروبار کے لیے نئے باب کی شروعات ہوگی۔

شیل کمپنی کے نائب صدر نے کہا کہ اس وقت عالمی مارکیٹ توانائی کے حوالے سے دباؤ میں ہے اور ایران کی واپسی سے نہ صرف دنیا میں توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی بلکہ ایران کی معاشی ترقی کے لیے بھی راہ ہموار ہوگی۔

خیال رہے کہ ایرانی حکام نے اس معاہدے سے قبل کہا تھا کہ اس میں فرانسیسی کمپنی ٹوٹل بھی حصہ لے رہی ہے، مگر اب حکام نے اس معاملے پر کوئی بھی بات کرنے سے انکار کردیا۔


ایرانی عہدیداروں کے اندازوں کے مطابق اس معاہدے کے ذریعے صرف جنوبی آزادیگان کے منصوبے سے 10 ملین امریکی ڈالر کی کمائی ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے رواں برس اکتوبر میں عالمی کاروباری اداروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کیے جانے کے وقت کچھ تنازعات سامنے آئے تھے۔

ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر عہدیدار نے کہا تھا کہ یہ ایرانی اداروں کے لیے ذلت کا مقام ہوگا کہ ان کو اس معاہدے کے تحت غیر ملکی اداروں کے تابع کیا جائے۔

تاہم دوسری جانب ایران کی وزارت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ ملکی توانائی کی صنعت کے لیے اہم ہے۔

واضح رہے کہ فرانس کی کمپنی ٹوٹل نے گزشتہ ماہ ایران کے ساتھ 4 ارب 80 کروڑ ڈالر کا ابتدائی معاہدہ کیا تھا جس کے تحت جنوبی پارس میں آف شور گیس فیلڈ کی تعمیر کی جائے گی۔

رواں برس جنوری میں عالمی طاقتوں کے ساتھ جوہری معاہدے کے تحت پابندیاں ہٹ جانے کے بعد یہ ایران کا پہلا عالمی معاہدہ تھا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کا ہیلی کاپٹر پرواز کے تھوڑی دیر بعد موسم کی خرابی کے باعث واپس اتار لیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد سے مظفر آباد جا نا تھا ،ان کے ہیلی کاپٹر نے مظفر آباد جانے کے لیے اسلام آباد سے اڑان بھری تو تھوڑ ی ہی دیر بعد موسم کی خرابی کے باعث ہیلی کاپٹر کو مری میں اتارلیا گیا ۔بتا یا جا رہاہے کہ موسم بہتر ہونے کی صورت میں وزیراعظم مظفر آباد جائیں گے لیکن اگر موسم بدستور خراب رہا تو وزیراعظم واپس اسلام آباد آجائیں گے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چیئر مین پی آئی اے اعظم سہگل نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے میں کوئی انسانی غلطی یا ٹیکنیکل ایرر دکھائی نہیں دیتا ،طیارے کا ایک انجن فیل ہوا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

طیارہ حادثے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیارے کو اے چیک کے بعد قابل پرواز ہونے کا سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ ائیر ٹریفک اب بھی سب سے زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے ،ہم تسلیم کرتے ہیں ہمارا جہاز تھا ،ہمارے مسافر تھے لیکن حادثے میں انسانی غلطی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا ۔چیئر مین پی آئی اے نے کہا کہ اے ٹی آر ایک فرانسیسی کمپنی کا بنا ہوا طیارہ ہے ،اس کی مینو فیکچرنگ میں کوئی خرابی نہیں ہے ،حادثے کا شکار طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے جسے ایس آئی بی کو بھجوائیں گے جہاں سے وہ ڈی کوڈ ہو کر واپس آئے گا ۔انہوں نے کہا کہ جب طیارے کی جانب سے مے ڈے کال دی گئی تو اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ طیارے کا انجن فیل ہوا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار جہاز 2007میں تیار ہوا تھا اور اسی سال پی آئی اے میں شامل ہوا تھا ،جہازوں میں خرابیاں ہوتی رہتی ہیں اور انہیں دور بھی کیا جاتا ہے ،پی آئی اے سے یہ توقع نہ رکھی جائے کہ وہ خراب طیارے کو استعمال کرے گی ۔اعظم سہگل نے مزید کہا کہ اے ٹی آر طیارے سفر کے لیے انتہائی محفوظ سمجھے جاتے ہیں ،ہم پر امید تھے کہ ایک انجن پر طیارہ محفوظ لینڈنگ کر لے گا لیکن بد قسمتی سے ایسا نہ ہو سکا ۔

loading...

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) خشک میوے خصوصاً بادام، اخروٹ، کاجو اور دیگرکئی امراض کو دور رکھنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتے ہیں اور ان میں موجود فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس، معدنیات اور دیگر اجزا زندگی کو طویل کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔

ماہرین نے اسی خاصیت کی بنا پر انہیں ’’سپرفوڈ‘‘ کا درجہ دیا ہے۔ اس ضمن میں امپیریل کالج لندن اور نارویئن یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے 29 اہم سروے، مطالعات اور تحقیقات کا بغور جائزہ لیا ہے۔ برٹش میڈیکل جرنل میڈیسن میں شائع ہونے والی حالیہ تحقیق کے مطابق خشک میوے امراضِ قلب، کینسر اور قبل از وقت موت کو دور کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگر کوئی باقاعدگی سے خشک میوہ جات کا استعمال کرتا ہے تو امکان ہے کہ وہ کینسر اور دل کی بیماریوں سے 22 فیصد تک بچ سکتا ہے۔ ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر آپ صرف 20 گرام خشک میوے روزانہ کھاتے ہیں تو تمام اقسام کے کینسر کا خطرہ 15 فیصد ، دل کے امراض 30 فیصد اور سانس کے امراض میں 52 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔ اسی طرح انفیکشن سے پھیلنے والے امراض سے بھی 75 فیصد تک محفوظ رہا جاسکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ میوے بلڈ پریشر قابو میں رکھتے ہیں، کولیسٹرول کو روکتے ہیں اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کینسر سے بچاتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت نے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اعزاز چوہدری کو امریکہ میں پاکستانی سفیر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے جو اس وقت سیکریٹری خارجہ کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔
اعزاز چوہدری نے اقوام متحدہ میں چھ سال پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور وہ بہت منجھے ہوئے سفارتکار سمجھے جاتے ہیں ۔

واضح رہے کہ امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کی مدت ملازمت کچھ دنوں بعد پوری ہو جائے گی جس کے بعد اعزاز چوہدری جلد ہی اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے ۔مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی ایڈمنسٹریشن کی تبدیلی کے بعد پاکستان کو بھی بہت سے ایشوز پر امریکہ سے ایک نئے سرے سے بات شروع کرنا ہو گی اور بات چیت کے ذریعے باہمی اختلافات کو دور کرنا ہو گا ۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹرمپ ایڈمنسٹریشن کے ساتھ کام کرنے کے لیے اعزاز چوہدری کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے ۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز انتظامیہ نے طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کے ورثاءکو مالی امداد دینے کا اعلان کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو 5,5لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ انشورنش کے 50,50لاکھ روپے بعد میں دیے جائیں گے ۔

چیئرمین پی آئی اے اعظم سہگل نے اس حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پانچ لاکھ روپے میتوں کی تدفین کے سلسلے میں دے رہے ہیں تاہم مسافروں کی انشورنس کی مد میں 50،50لاکھ روپے بعد میں لواحقین کے حوالے کیے جائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے میتوں کے اخراجات بھی خود کریگی اور امدادی رقم جاں بحق افراد کے ورثاءکے گھروں میں جا کر دی جائے گی ۔
یاد رہے طیارہ حادثہ میں مذہبی اسکالر جنید جمشید اور انکی اہلیہ سمیت 48 مسافر جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ڈپٹی کمشنر چترال ، انکی بیوی اور بیٹی بھی شامل ہیں ۔

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) روبورٹس کو اب تک چلنے، پلٹنے، جھپٹنے اور دوڑنے تک کے قابل تو بنایا جاچکا ہے لیکن یہ پہلا موقعہ ہے کہ جب انجینئروں نے ایک ایسا روبوٹ بنالیا ہے جو نہ صرف چھلانگ لگاسکتا ہے بلکہ ہوا میں قلابازی بھی کھا سکتا ہے۔
یہ روبوٹ جسے ’’سالٹو‘‘ (SALTO) کا مختصر نام دیا گیا ہے، چھلانگ لگانے سے پہلے یہ کسی ایتھلیٹ کی طرح اپنی ٹانگیں سکیڑتا ہے اور پھر انہیں بڑی تیزی سے کھولتے ہوئے اونچی چھلانگ لگادیتا ہے۔

اس تجرباتی روبوٹ کا وزن صرف 100 گرام ہے جب کہ مکمل پھیلی ہوئی حالت میں اس کی لمبائی 10.2 انچ (26 سینٹی میٹر) ہے لیکن یہ اپنی موٹروں کی طاقت استعمال کرتے ہوئے 3.3 فٹ تک (ایک میٹر سے کچھ زیادہ) اونچی چھلانگ لگاسکتا ہے، یعنی یہ اپنے قد کے مقابلے میں تقریباً 4 گنا بلند چھلانگ لگانے کے قابل ہے۔ جب یہ ’’وال جمپنگ‘‘ کرتا ہے، یعنی اچھلتے دوران دیوار سے ٹکرا کر پلٹتا ہے تو اس کی چھلانگ اور بھی زیادہ اونچی ہو کر تقریباً 4 فٹ (1.21 میٹر) تک ہوجاتی ہے۔

یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کے انجینئروں نے چھلانگیں لگانے والے مختلف جانوروں اور کیڑے مکوڑوں کا تفصیلی مشاہدہ کرنے کے بعد (اور ان ہی کی نقل کرتے ہوئے) یہ روبوٹ تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس روبوٹ کے دھاتی عضلات اپنے اندر تناؤ کے طور پر توانائی محفوظ کرنے اور اسے تیزی کے ساتھ خارج کرتے ہوئے اونچی چھلانگ لگانے کے قابل ہیں جن کی بدولت اتنی طاقت پیدا ہوتی ہے جو صرف پٹھوں سے پیدا ہونے والی حرکی طاقت کے مقابلے میں 15 گنا زیادہ ہوتی ہے۔ ’’سالٹو‘‘ کے کرتبوں اور ہوا میں قلابازیوں پر مشتمل ایک ویڈیو بھی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے نے جاری کی ہے۔

بنیادی طور پر اس روبوٹ کا مقصد زمین کے دشوار گزار راستوں پر تیزی سے حرکت کرنے والے عملی روبوٹس تیار کرنا ہے لیکن مستقبل میں مریخ اور دوسرے سیاروں پر بھیجے جانے والے خودکار مشنز میں بھی ایسے ہی بڑے روبوٹس سے استفادہ کیا جاسکے گا۔

 


SALTO by wwf_pk_wajahat