پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(سری نگر)جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین یاسین ملک کو قابض بھارتی فوج نے 4 ماہ بعد رہا کر دیا۔

ذرائع کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین اور حریت رہنما یاسین ملک کو 4 ماہ بعد رہا کردیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان نے یاسین ملک کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینٹرل جیل میں قید حریت رہنما کو گزشتہ شام رہا کیا گیا جس کے بعد وہ اپنے گھر بھی پہنچ گئے ہیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کو بھارتی قابض فوجیوں نے رواں برس 8 جولائی کو گرفتار کیا تھا اور انہیں بیماری کے دوران غلط انجیکشن لگانے کا بھی انکشاف ہوا تھا جس کی وجہ سے ان کے بازو میں انفیکشن ہو گیا تھا۔ یاسین ملک سورا میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج تھے جہاں سے انہیں گزشتہ روز سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔

 

 


ایمزٹی وی(اٹلی)اٹلی میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی اٹلی میں 7.1 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، زلزلے کے باعث عمارتیں لرز کر رہ گئیں اور کئی منہدم بھی ہوگئیں جب کہ لوگ گھبرا کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ حکام کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں اور تباہ ہونے والے عمارتوں کا ملبہ ہٹانے کا کام بھی جاری ہے۔

39DE498900000578 3886712 image a 125 1477813909009 1

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کے جھٹکے صبح کے وقت محسوس کئے گئے جب کہ اس کا مرکز جنوب مشرقی شہر پیروگیا سے 68 کلومیٹر دور تھا اور زمین میں اس کی گہرائی 108 کلومیٹر تھی۔

39DE498D00000578 3886712 image a 126 1477813980633

واضح رہے کہ رواں سال اگست میں اٹلی میں 6.2 شدت کے زلزلے نے شدید تباہی مچائی تھی جس کے باعث 245 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس کے نتیجے میں کئی دیہات ملبے کا ڈھیر بن گئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) تحریک انصاف کے 2 نومبر کے دھرنے سے قبل پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بنگش روڈ کے ذریعے بنی گالہ جانے والے پی ٹی آئی کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جب کہ پولیس کی جانب سے آنسو گیس کے شیل فائر کئے گئے، بعد ازاں پولیس نے زبردستی بنی گالہ جانے کی کوشش کرنے والے 50 افراد کو حراست میں لے لیا۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں چوہدری سرور، عظمیٰ کاردار اور اور مسرت چیمہ نے بھی بنی گالہ جانے کی کوشش کی جب کہ پولیس نے عظمیٰ کاردار اور مسرت چیمہ کو عمران خان چوک پر روک لیا۔
اس کے علاوہ بنگش روڈ پر چیکنگ کے دوران تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے خیبر پختونخوا کے وزیر علی امین گنڈا پور کی گاڑی سے اسلحہ، آنسو گیس شیل فائر کرنے والی گن، بلٹ پروف جیکٹس اور گولیاں بھی برآمد ہوئیں جب کہ علی امین گنڈا پور فرار ہو گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان)پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ یکم نومبر کو (ن)لیگ کے تمام دعوﺅں کا پول کھل جائے گا، 26اکتوبر کو چین سے جو کنٹینرز آ رہے ہیں ان کا سی پیک سے کوئی تعلق نہیں، کچھ کاروباری افراد کے کنٹینرز آ رہے ہیں جسے گورنر سی پیک سے جوڑنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ریڑھی بانوں ، موچیوں اور تندور مالکان پر بھی ٹیکس لگایا گیا ہے جو غریب عوام پر ظلم کی انتہا ہے۔ امجد ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یکم نومبر کے جلسے میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے ۔
ہم عوامی ایشوز کی بات کر رہے ہیں اور عوام کے حقوق کیلئے سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے یکم نومبر کا جلسہ تاریخی ہو گا اس جلسے میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے جیالے شرکت کریں گے۔
جلسے میں گلگت بلتستان کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی جائے گی اور حکومت سے ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا عوامی تحریک اب رکنے والی نہیں حکومت کی ناانصافیوں کے خلاف عوام کمربستہ ہو چکے ہیں اب عوام کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں، حکومت کو اب اپنی پوزیشن واضح کرنی ہو گی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھانا ہونگے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016کے ریوڈی جنیرو اولمپکس میں سنجیدہ انتظامی ناکامیاں پائی گئیں جس سے اینٹی ڈوپنگ اقدامات کو فرق پڑا، انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی دعوت پر واڈا کو یہ رپورٹ آزادانہ مشاہدہ کرنے والے ادارے کی جانب سے موصول ہوئی، اس میں ان ایتھلیٹس کی وضاحت پیش کی گئی جو ٹیسٹنگ کا ہدف تھے تاہم ان تک رسائی ہی نہ ہوسکی، اس کی وجہ تربیت یافتہ اینٹی ڈوپنگ اہلکاروں کی کمی اور آؤٹ آف کمپی ٹیشن ٹیسٹ کیلیے ایتھلیٹس ولیج میں روزانہ کے اہداف حاصل کرنے کی نااہلیت بنی۔

رپورٹ کے مطابق حقیقت میں جس حساب سے منصوبہ ترتیب دیا گیا اس کے محض50فیصد یا اس سے بھی کم ٹیسٹ لیے گئے، مقابلوں میں وینیوز کے حوالے سے بھی مسائل سامنے آئے، اینٹی ڈوپنگ نگہبانوں کو بعض دفعہ ان ایریاز تک رسائی ہی نہیں ملی جہاں ایتھلیٹس موجود تھے جس کی وجہ سے وہ ٹیسٹ کا عمل انجام نہیں دے پائے، ڈوپنگ کنٹرول آفیسرز کو بھی سیمپلز جمع کرنے اور دوسرے طریقہ کار کے حوالے سے ناکافی ٹریننگ دی گئی، ان نقائص کے باوجود آفیشل جوناتھن ٹیلر کا کہنا ہے کہ ریو اینٹی ڈوپنگ پروگرام نے چیلنجنگ صورتحال کا سامنا کرنے کے باوجود مثبت نتائج حاصل کیے۔

جوناتھن ٹیلر نے کہا کہ اسٹاف کے مسائل ذرائع کی کمی اور دیگر انتظامی مشکلات کے باوجود پروگرام کے ٹاسک پر عمل درآمد کیا گیا، خاص طور پر رضاکار تعریف کے مستحق ہیں جنھوں نے صاف ستھرے ایتھلیٹس کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا، انھوں نے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کو بھی سراہا جس نے نئی تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے گیمز سے قبل ٹیسٹ کا انعقاد کیا۔

ادارے نے معلومات جمع کرتے ہوئے کھیلوں کی نئی عدالت بھی قائم کی جس کے تحت پہلی ترجیح اینٹی ڈوپنگ کیسز کو دیکھنا تھا، رپورٹ میں ریوڈی جنیرو اینٹی ڈوپنگ لیبارٹری میں بہتری کو بھی سراہا گیا جسے اولمپکس کے انعقاد سے صرف6ہفتے پہلے معطل کردیا گیا تھا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) مصباح الحق نے ’’پش اپس‘‘ پر اعتراض مسترد کردیا،
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شارجہ ٹیسٹ کے حوالے سے پریس کانفرنس میں کپتان مصباح الحق نے اس حوالے سے سوال پر کہا کہ اس انداز میں جشن کا مقصد حریف ٹیم کا مذاق اڑانا نہیں تھا، نہ ہی اس کے پیچھے کوئی غلط مقصد کارفرما تھا، سادہ سی بات تھی کہ کھلاڑیوں نے فٹنس بہتر بنانے کیلیے محنت کرنے والے پاکستان آرمی کے ٹرینرز سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے انھیں خراج تحسین پیش کیا

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹرز کے ذہن میں کوئی متنازع یا منفی سوچ نہیں تھی، کھلاڑی جس طرح بھی چاہے جشن یا خوشی منا سکتا ہے، صرف یہ بات ذہن میں رکھنا ضروری ہے کہ اس سے کھیل کی اور کسی دوسری ٹیم کی دل آزاری نہ ہو۔

کپتان نے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے ’’پش اپس‘‘ پر پابندی کے بارے میں کوئی ہدایت ٹیم کو نہیں دی گئی، نجم سیٹھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس معاملے پر واضح موقف بیان کر چکے ہیں.

واضح رہے چند روز قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے رابطہ امور کے اجلاس میں ایک رکن رانا افضل نے انگلینڈمیں پاکستانی ٹیم کے پش اپس پر سخت اعتراض کیا تھا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)نجی دورے پر گزشتہ روز اہل خانہ کے ساتھ دبئی جانے والے وزیر دفاع خواجہ آصف وطن واپس پہنچ گئے جس کے بعدتمام قیاس آرائیاں دم توڑ گئی ہیں۔
وطن واپس پہنچتے ہی خواجہ آصف کا کہنا تھا ”الحمداللہ وواپس آگیا ہوں ،اب تیرا کیا بنے گا کالیا) ۔ یاد رہے کہ خواجہ آصف عزیز کی شادی میں شرکت کے لئے گزشتہ روزاہل خانہ کے ساتھ دبئی گئے تھے۔
وزیر ملک کی سیاسی صورتحال کے تناظر میں وزیر دفاع کی اچانک دبئی روانگی کے بعد قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ گئی تھیں تاہم ان کی واپسی کے بعد تمام افواہوں نے دم توڑ دیا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی سلامتی کے خلاف خبر لیک ہونے کے بعد وزیر اطلاعات پرویز رشید کو عہدے سے ہٹانے کے بعد حکومت نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو وفاقی وزیر اطلاعات کا قلمدان سونپنے پر غور شروع کردیا ہے ۔ذرائع کے مطابق خواجہ سعدر فیق کو وزارت اطلاعات کا اضافی چارج دئیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو نجی اخبار میں شائع ہونے والی متنازعہ خبر کو لیک کرنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے اجلاس کی اس خبر کے لیک ہونے کے بعد سول حکومت اور فوج کے تعلقات خراب ہو گئے ہیں جنہیں ٹھیک کرنے کے لیے حکومت کو خبر لیک کرنے والے ذمے داران کے خلاف کارروائی کرنی ہو گی ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پرویز رشید کو ہٹا کر نواز شریف نے صدقہ دیا ہے ،ابھی بھی قربانی دینا ہو گی ۔ان کا کہنا ہے کہ پرویز رشید کے ہٹنے سے نواز شریف کو ریکٹر سکیل پر 10شدت کا جھٹکا لگا ہے ۔
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا راز فاش کرنے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے ،پرویز رشید کو ہٹا کر نواز شریف نے صرف صدقہ دیا ہے ،انہیں ابھی بھی قربانی دینا ہوگی

۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی کفن میں سیاسی مردہ دفن ہو گا ،انشااللہ عنقریب جشن ہو گا۔شیخ رشید نے کہا کہ عدم اعتماد سے یا استعفے سے نواز شریف کا جلد صفا یا ہوگا ۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام نکمے لوگوں کو اٹھا کر باہر پھینکیں گے ۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف نے کراچی میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم نوازشریف نے کراچی کے علاقے ناظم آباد میں مجلس پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت اور اس میں بے گناہ شہریوں کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دہشت گردوں کو کراچی کا امن خراب نہیں کرنے دیں گے، واقعہ میں ملوث دہشت گرد کسی طور رحم کے مستحق نہیں، سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے والے سزا سے نہیں بچ سکیں گے۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کے احکامات دیئے۔