پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بھارت میں پاکستانی سفارت کار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے اور حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سفارتی اہلکار پر بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتا ہے، پاکستان ہائی کمیشن عالمی قوانین اور سفارتی آداب کے مطابق کام کرتا ہے اور بھارتی اقدام ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، بھارتی حکومت میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پاکستان میں مداخلت کل بھوشن کی شکل میں سامنے آچکی ہے، کل بھوشن یادیو تک رسائی کے حوالے سے بھارت نے درخواست کی ہے لیکن ابھی بھی کل بھوشن یادیو سے تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اب تک 150 سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں اور سوشل میڈیا کا مکمل طور پر بلیک آوٹ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت چاہتا ہے کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹائی جائے جس کے لیے بھارت تناؤ میں اضافہ کرنے کی کوشش کر رہاہے۔

نفیس زکریا نے کہا کہ ماضی میں بھی افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہوئی اور پاکستان نے بار بار کہا ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، انٹیلی جنس اداروں نے کوئٹہ دہشت گردوں کے افغانستان میں رابطے کے سگنل پکڑے ہیں جب کہ ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب کے تحت دہشت گردی میں کافی کمی آئی ہے۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے ورکنگ باونڈر ی اور کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رہیں تو منہ توڑ جواب دیاجائے گا، ہم امن پسند قوم ہیں جب کہ تنازعات کا نہ صرف مذاکرات کے ذریعے حل پر یقین رکھتے ہیں بلکہ خطے میں امن واستحکام اور مشترکہ ترقی وخوشحالی پر بھی یقین رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ہماری کوششوں کا موثر جواب نہ دینا افسوسناک ہے تاہم بھارت اپنے فوجیوں کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کا احترام کریں اور سرحدی دیہات کو دانستہ ہدف بنانے سے گریز کرے جب کہ بھارت حالیہ واقعات کی تحقیقات اور حقائق پاکستان کو فراہم کرے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ 21 اکتوبر سے جاری ہے جس میں اب تک 6 پاکستانی شہری شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)کوئٹہ میں دہشت گردی کامقدمہ نیو سریاب پولیس اسٹیشن میں درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق پولیس ٹریننگ کالج میں دہشت گردی کا مقدمہ ایس ایچ او خلیل احمد کی مدعیت میں نامعلوم دہشت گردوں کےخلاف درج کیاگیا ہے۔

مقدمہ میں قتل،اقدم قتل،دہشت گردی اور ایکسپلوسیو ایکٹ سمیت مختلف دفعات شامل ہیں،پولیس ٹریننگ کالج پر حملے میں پولیس کے 61 اہلکار جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)چائے والے سے شہرت پانیوالے ارشد خان نے عمران خان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا دوٹوک اعلان کردیا اور کہاکہ کوئی بھی فضول بات کرے تو وہ اس کا جواب ہی نہیں دیتا، تاکہ آئندہ کوئی غلط بات نہ کرے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں عمران خان سے محبت اور دھرنے میں شرکت وغیرہ سے متعلق سوال کے جواب میں ارشدخان کا کہنا تھا کہ کسی پارٹی سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی کسی پارٹی کا شوق ہے ، عمران خان کے دھرنے میں بھی جانے کا ارادہ نہیں ، جب سے پیداہواہوں تو آج تک کسی جلسے میں گیا ہوں اور نہ ہی کبھی دھرنے میں شرکت کی ، اپنے کام سے کام رکھتاہوں ، اسی لیے یہاں تک آگیا۔

ارشد خان کاکہناتھا کہ خاموشی اور عزت سے اپنا کام کرتاہوں ، صبح کام پرآتاہوں اور شام کو چلا جاتاہوں ، کسی کو فضول بات کاجواب ہی نہیں دیتا۔

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت) شاہدرہ کے علاقے میں اہل علاقہ کا پولیوٹیم پر دھاوا جس کے نتیجے میں خاتون ورکر زخمی ہو گئی۔

بتایاگیاہے کہ شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ میں اہل علاقہ نے بچوں کوپولیو سے بچائوکے قطرے پلانے سے انکارکیاتوپولیوٹیم نے اہل علاقہ کوپولیوکی افادیت کے بارے میں قائل کرنے کی کوشش کی،جس پراہل علاقہ مشتعل ہو گئے ۔

اس دوران پولیوٹیم کے مردحضرات اپنی جان بچاکربھاگ نکلے جبکہ خاتون ورکرارم کواہل علاقہ نے تھپڑمارے اوربالوں سے گھسیٹ کرتشدد کانشانہ بنایا۔

واقعہ کی ا طلاع ملتے ہی پولیس موقع پرپہنچ گئی اورمعاملے پرقابوپایا،ضلعی انتظامیہ نے فوری طورپرپولیوٹیم پرتشدد کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے تھانہ شاہدرہ میں درخواست دائرکردی۔

ذرائع کے مطا بق پولیس نے 3 محلہ داروں کو حرا ست میں لیاہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے دو نومبر کو اسلام آباد بند نہ کرنے کے عدالتی حکم نامے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے کہاہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم سے متفق نہیں ،عدالت نے تحریک انصاف کا موقف سنے بغیر حکم نامہ جاری کیا۔

انہوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسٹس شوکت علی کا تعصب واضح ہو گیا ہے ،ان کے سامنے پیش نہیں ہو نگے بلکہ حکم نامے کے خلاف اپیل دائر کریں گے۔بنی گالا میں عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نعیم بخاری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہمارا موقف سنے بغیر حکم نامہ جاری کیا جو یکطرفہ اور غیر جانبدارانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم غور کر رہے ہیں کہ ہائی کورٹ نے کس قانون کے تحت حکم نامہ جاری کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے یہ حکم نامہ اپنے دائرہ اختیار سے باہر نکل کر جاری کیا ہے ۔اس موقع پر چیئر مین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ دونومبر کے جلسے کو کوئی بھی طاقت نہیں روک سکتی کیونکہ اب لوگوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ کرپشن زدہ وزیراعظم سے تنگ آچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج ہمارا آئینی حق ہے ،حکومت نے اگر احتجاج سے روکا تو نقصان کے لیے تیار رہے ۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دو نومبر کو تحریک انصاف اور اسلام آباد انتظامیہ کو شہر بند کرنے سے روک دیا ہے جبکہ عمران خان کو 31تاریخ کو طلب بھی کر لیا گیا ہے

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت ) بالوں کا گرنا کس شخص کو پسند ہوسکتا ہے؟؟ خاص طور پر مردوں کو، جن میں گنج پن کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہوتا ہے۔

اگر آپ کو بالوں کے گرنے کا سامنا ہے تو بہتر تو یہ ہے کہ کسی ڈاکٹر سے رجوع کرکے اس کی جڑ تلاش کریں۔

تاہم بالوں کی صحت مند نشوونما کے لیے یہ گھریلو ٹوٹکے بھی آپ کو مدد فراہم کرسکتے ہیں۔

پیاز، لہسن اور لیموں پیاز یا لہسن کے عرق کو براہ راست سر پر لگائیں اور بیس منٹ تک لگا رہنے دیں، اس کے بعد لیموں کے عرق سے بالوں کو دھولیں تاکہ پیاز یا لہسن کی بو ختم ہوجائے، یہ نسخہ بالوں کے گرنے کے مسئلے سے نجات میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

گاجر اور ناریل کا دودھ گاجر کے جوس اور ناریل کے دودھ کو ملائیں اور اپنے بالوں پر لگائے، جس سے انہیں صحت مند اور مضبوط رہنے میں مدد ملے گی۔

سیب کا سرکہ سرکہ بالوں کے گرنے کے مسئلے کی روک تھام کے لیے کافی مددگار ثابت ہوتا ہے خاص طور پر آئلی بالوں کے لیے، یہ بالوں کی جڑوں میں خون کی سپلائی کو بھی بہتر کرتا ہے، اس کے لیے آپ سیب کے سرکے کی کچھ مقدار کو پانی میں ملا کر اس سے سر پر مالش کریں اور دس منٹ بعد گرم پانی سے سر دھولیں۔

ایلو ویرا ایلو ویرا جیل کو لیں اور اسے پانی کے ڈونگے میں ملا دیں، اسے اپنے سر پر لگاکر مالش کریں، دس منٹ بعد اسے گرم پانی سے دھولیں۔ایلو ویرا سر کی سطح کو پہنچنے والے نقصان کی روک تھام کرکے ہیئر سیلز کے لیے ایسا صحت مند ماحول تیار کرتا ہے کہ بالوں کی نشوونما بہتر ہوجاتی ہے۔ ایلو ویرا ایک جز سیبم کی صفائی بھی کرتا ہے جو بالوں کی جڑوں کو روک کر بالوں کو اگنے سے روکتا ہے۔

چقندر دو چقندر کو دس منٹ تک ابالیں، پھر پانی کو ٹھنڈا ہونے دیں اور اپنے سر کو اس سے دھولیں، یہ عمل ہفتے میں دو سے تین بار دہرائیں۔

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت ) ملتان میں سیوریج کا گندا پانی سبزیوں میں سستی کھاد کے طور پر استعمال ہونے لگا ،گندے پانی سے کاشت ہونے والی سبزیاں مختلف خطرناک بیماریوں کو سبب بن رہی ہیں۔

ملتان میں سیوریج کے گندے پانی سے گوبھی، شلجم، گاجر، مولی اور پالک کی کاشت سب سے زیادہ ہو رہی ہے، ان علاقوں میں کائیاں پور، نواب پور، سورج میانی، بستی سیال، جھوک بلو، رنگیل پور اور گرے والا شامل ہیں ۔

کاشتکاروں کے مطابق سیوریج کے گندے پانی سے سبزی کی پیداوار اچھی جبکہ شہری اس کو مضر صحت قرار دیتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سیوریج کے پانی سے سبزیوں کی کاشت خطرناک بیماریوں کا باعث بن رہی ہیں۔واسا حکام کی نااہلی کی وجہ سے نا صرف سبزیاں مضر صحت کاشت ہو رہی ہیں بلکہ زیر زمین پانی بھی زہریلا ہوتا جا رہا ہے۔

شہریوں کے مطابق سیوریج کے اس گندے پانی سے کاشت ہونے والی فصلوں سے پھیلنے والی بیماریوں کو روکنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرنا ہو گی۔

 
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکروسافٹ نے اپنا پہلا آل ان ون ونڈوز 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر سرفیس اسٹوڈیو متعارف کرا دیا ہے۔

ایک تقریب کے دوران اس کمپیوٹر کو متعارف کرایا گیا جو کہ ایلومنیم سے تیار کیا گیا ہے جس کے ساتھ 28 انچ کی پکسل سنس ڈسپلے ٹچ اسکرین بھی ہے جس کی موٹائی محض 12.5 ملی میٹر ہے۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے ک سب سے پتلی ایل سی ڈی اسکرین ہے جو کسی آل ان ون کمپیوٹر کے لیے تیار کی گئی ہے۔

یہ اسکرین گوریلا گلاس سے تیار کی گئی ہے اور اس پر 13.5 ملین پکسلز 192 کے ساتھ موجود ہیں۔

اپنے ڈیزائن سے ہٹ کر بھی سرفیس اسٹوڈیو بہت زیادہ طاقتور ہے جس میں کواڈ کور انٹیل کور آئی سیون پروسیسر، 2 ٹی بی اسٹوریج، 980ایم گرافکس اور اسٹیریو 2.1 اسپیکرز ڈولبی آڈیو ٹیوننگ کے ساتھ ہیں، جبکہ ڈیجیٹل اسسٹنٹ کورٹانا کے لیے ایک مائیک بھی ہے۔

چونکہ یہ سرفیس ڈیوائس ہے اس لیے یہ سرفیس پین اسٹائلوس کو بھی سپورٹ کرتی ہے۔

اسی تقریب کے دوران مائیکروسافٹ نے اپنا نیا سرفیس بک لیپ ٹاپ بھی متعارف کرایا۔

2399 ڈالرز کی اس ڈیوائس کو مائیکروسافٹ نے اب تک کا سب سے طاقتور لیپ ٹاپ قرار دیا ہے جو کہ نومبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس لیپ ٹاپ کی گرافکس پرفارمنس گزشتہ سرفیس ڈیوائس کے مقابلے میں دو گنا بہتر ہے جبکہ اس کی بیٹری لائف 16 گھنٹے ہے۔

مائیکروسافٹ کے مطابق اس کی گرافکس پرفارمنس ایپل کے میک بک پرو سے تین گنا بہتر ہے

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصرکی صدارت میں منعقدہ مجلس برائے اعلیٰ تعلیم وتحقیق کے حالیہ اجلاس میں2 طلبہ کو ایم فل ،ایک کو پی ایچ ڈی جبکہ ایک کو ڈی ایس سی کی ڈگری تفویض کی گئی۔

پی ایچ ڈی کی ڈگری سیددانش حسین احمد (بائیوکیمسٹری)جبکہ ایم فل کی ڈگری عائشہ کمال (مالیکولر میڈیسن )،رملہ ثناء خالد(مالیکیولرمیڈیسن) اور ڈی ایس سی کی ڈگری ظفرسعیدسیفی(فارماسیوٹیکل کیمسٹری) کوتفویض کی گئی۔