پیر, 07 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(لاہور) وزیردفاع خواجہ آصف نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہےکہ ہم سیاستدان ہیں اور ہماری اولین ترجیح مذاکرات ہی ہی

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد بند کرنا شہر پر حملے کے ہی برابر ہے تاہم مذاکرات اگر نتیجہ خیز ہوں تو ہم امن کے لیے عمران خان سے مذاکرات کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف پہلے عمران خان کے گھر چل کر گئے اور دھرنے کے بعد ہم اسمبلی میں انہیں لے کر آئے جس کا میں مخالف تھا لیکن دھرنے کے دوران طاہرالقادری سے بھی مذاکرات کیے کیونکہ ہم سیاستدان ہیں اور مذاکرات کی ہماری پہلی ترجیح ہیں، اگر ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے یا ترقی کا راستہ بغیر روک ٹوک کھل سکتا ہے تو میں خود مذاکرات کے لیے ہر دروازے پر دستک دینے کو تیار ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں 2 نومبر سے کوئی خطرہ یا پریشانی نہیں ہے کیونکہ اب تحریک انصاف کےچراغوں میں روشنی نہیں رہی، ہماری حکومت 2018 تک چلتی رہے گی، عمران خان کسی خوش فہمی یا غلط فہمی کا شکار ہیں کیونکہ وہ پہلے بھی 26 دن تک بیٹھے رہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔

انہوں نے کہا کہ وقت بتائے گا پاناما لیکس کوئی ایشو بھی ہے یا نہیں لیکن وزیراعظم ہارے ہوئے لوگوں کی فرمائش پر کیوں استعفیٰ دیں، وہ کسی قیمت پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج27اکتوبر کو بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر پر قبضے کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے جبکہ سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی بھی منعقد کی جائے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 27اکتوبر 1947کو بھارتی فوج نے جموں و کشمیر پر چڑھائی کی تھی اور اس پر کشمیریوں کی خواہشات کے خلاف اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کو پامال کرتے ہوئے زبردستی قبضہ کر لیا تھا۔ اس دن مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور مختلف ممالک کے دارالحکومتوں میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے۔ دکانوں، گھروں کی چھتوںاور گاڑیوں سمیت ہر جگہ سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے۔ حریت رہنماؤں نے کشمیر اسمبلی سرینگر میں پہلی مزاحمتی اسمبلی منعقد کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ انھوں نے آزادکشمیر کے صدر، وزیراعظم اور قانون ساز اسمبلی کے اراکین کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے۔

میر واعظ عمر فاروق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے دنیا پر ثابت کر دیا کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے اپنی جانیں، روزگار، تعلیم اور سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہیں، وہ ہر قیمت پر اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے، میر واعظ نے جامع مسجد میں مسلسل نماز کی ادائیگی پر قدغن پر بھی شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کرفیو اور پابندیوں کو توڑتے ہوئے کل نماز جمعہ جامع مسجد سرینگر میں ادا کریں گے۔ دوسری طرف آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کیبل آپریٹروں نے بھی بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے، بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازع کشمیر کے پرامن حل کیلیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

آج جمعرات27 اکتوبر کو کشمیر کے حوالے سے یوم سیاہ کے موقع پراپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ 68 سال پہلے اس دن بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کودبانے، خوفزدہ کرنے، انھیں محکوم بنانے اور مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کے لیے اپنی افواج سرینگر میں اتاری تھیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر آج بھی جاری ہے، عالمی برادری سے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے اور بھارت اپنے وعدے پورے کرنے سے انکاری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت اور تحریک انصاف کو 2 نومبر کو وفاقی دارالحکومت بند کرنے سے روک دیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں 2 نومبر کو اسلام آباد بند کرنے سے متعلق 4 شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کی۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ، کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت 2 نومبر کو اسلام آباد بند نہیں کرے گی، سڑکوں پر کوئی کنٹینر نہیں لگے گا اور اسکول و اسپتال کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ جسٹس شوکت عزیز نے تحریک انصاف کے مظاہرے کے لئے بھی پریڈ گراؤنڈ مختص کر کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر پیمرا نے عمران خان اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد بند کرنے کے حوالے سے تقاریر کی ویڈیو بھی عدالت میں پیش کیں جس پر جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ امپائر، تھرڈ امپائر اور ریزرو امپائر صرف پاکستان کی عدالتیں ہیں، کرکٹ میں رگبی کے اصول نہیں لگیں گے، عمران خان کو بھی نوٹس جاری کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 2 نومبر کو اسلام آباد میں مظاہرے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے بھی تحریک انصاف کے دھرنے سے نمٹنے کے لئے بھرپور انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(لاہور)جماعت اسلامی نے 30اکتوبر کو” کرپشن مٹاﺅ ملک بچاﺅ “مارچ کا اعلان کردیا ۔سراج الحق کا کہنا ہے کہ کرپشن کے خلاف ملک میں سب سے پہلے جماعت اسلامی نے آواز اٹھائی ،موجودہ نظام میں بڑوں کے وارے نیارے ہوتے ہیں ۔
وحدت کالونی گراونڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ظالموں کے ساتھ مقابلے کے لیے مظلوموں کو اکٹھا کرنا چاہتا ہوں ،قوم کی تمام مشکلات کا حل ملک میں اسلامی انقلاب اور تبدیلی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے تحت تبدیلی نہیں چاہتے ،ہم چہروں کی نہیں نظام کی تبدیلی چاہتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور تحریکوں کی ماں ہے ،جب بھی کوئی مثبت تحریک شروع ہوتی ہے تو وہ لاہور سے ہی شروع ہوتی ہے۔سراج الحق نے کہا کہ ملک میں افراتفری اور انتشار ہے ، سیاسی انتشار کا سب سے زیادہ نقصان عام آدمی کو ہو رہا ہے ۔سانحہ کوئٹہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت سو رہی ہے اور عوام جاگ رہی ہے ،حکومت سیکیورٹی دینے میں ناکام ہو گئی ہے ۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) اسلام آباد میں آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام اور اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 2 نومبر کے دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد میں وزارت داخلہ کی جانب سے فوج کے قیام اور اختیارات میں 90 روز کی توسیع کردی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے فوج کے قیام میں توسیع کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے پہلے اسلام آباد میں طلب کیا گیا تھا۔ 350 فوجی جوان اسلام آباد کے حساس مقامات پر کوئیک رسپانس فورس کے طور پر تعینات ہیں۔ آرٹیکل 245 کے تحت فوج کے قیام کے اختیار کو ہائی کورٹ میں بھی چیلنج نہیں کیا جاسکتا۔

 

 

ایمزٹی وی(سیالکوٹ)بھارتی فوج کی ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی‘ ورکنگ باونڈری کے ہرپال اور چپراڑ سیکٹر پر فائرنگ اور شیلنگ سے ایک پاکستانی شہری شہید جبکہ پانچ زخمی ہو گئے

تفصیلات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے سرحدی علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ بھارتی فورسز نے رہائشی آبادیوں پر مارٹر گولے برسائے جس سے موٹر سائیکل پر جانے والا نوجوان شہید ہو گیا۔

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے دوسرے پانچ زخمی دیہاتیوں کو سی ایم ایچ سیالکوٹ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

شدید گولہ باری اور فائرنگ کے باوجود بھی سرحدی دیہاتوں میں بسنے والوں کے حوصلے چٹان کی طرع مضبوط ہیں اور وہ پنجاب رینجرز اور پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ پنجاب رینجرز نے بھارتی فورسز کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ حکومت نےہندوؤں کے تہوار دیوالی پر اقلیتی برادری کی مالی معاونت کے لیے ڈھائی کروڑ روپے جاری کردیے۔

تفصیلات کےمطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہداہت ہر سندھ حکومت نے ہندو برادری کے تہوار دیوالی پر اقلیتی برادری کی مالی معاونت شروع کردی۔

سندھ حکومت کی جانب سے ہندو برادری کے تہوار دیوالی پر ڈھائی کروڑ روپے پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر جاری کیے۔

محکمہ اقلیتی امور کی جانب سےڈھائی کروڑ روپے اقلیتی برادری میں مستحقین کےدرمیان فی کس پانچ ہزار روپے کے طور پر تقسیم کیے جارہے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوئٹہ ٹریننگ سینٹر پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے پارٹی کی جانب سے منائی جانے والی دیوالی کی تقریبات ملتوی کرنے کی ہدایت کی تھی

 
 

 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سندھ ہائیکورٹ نے پسند کی شادی کرنے والے خاتون کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی جبکہ خاتون کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کردی۔

دو بہنوں کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔دوران سماعت خاتون عظمیٰ نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شاہنواز زرداری سے شادی کی ،اسے کسی نے اغوا نہیں کیاجبکہ اس کی چھوٹی بہن بھی والدین کے پاس ہے۔

عدالت نےخاتون کو شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی جبکہ پولیس کو خاتون کی چھوٹی بہن کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔

خاتون کے اہلخانہ نے درخواست میں زرداری قبیلے پر دونوں بہنوں کے اغوا کا الزام لگایاتھا۔

 
 

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم/کراچی) جامعہ کراچی کے ماہرین نے تھور زدہ اور ناقابلِ کاشت زمین پر ایک خاص قسم کا چارہ اگاکر انہیں جانوروں کو کھلاکر مویشیوں کا تجزیہ کیا ہے۔

اس تحقیق کے بعد نہ صرف چارہ اگانے کا ایک نیا طریقہ پیٹنٹ کیا گیا ہے بلکہ اس سے پاکستان میں لاکھوں ایکڑ کِلر ذدہ زمین کو سرسبز و شاداب بنایا جاسکتا ہے اور خصوصاً اس سے سندھ اوربلوچستان کے ساحلی علاقوں پر لائیواسٹاک کے فروغ میں بہت مدد مل سکے گی۔انسٹی ٹیوٹ آف ہیلوفائٹس یوٹیلائزیشن ( آئی ایس ایچ یو) کے ماہرین نے بے آب و گیاہ ، بنجر اور کھاری زمین کو نہ صرف چارہ اگانے کے لیے کامیاب تجربات کئے ہیں بلکہ اس سے ادویات ، کھانے کا تیل اور بایوایندھن حاصل کرنے پر بھی کام کیا ہے۔

s3

 

اس کے لیے ماہرین کی ٹیم نے سندھ اور بلوچستان کے کئی بنجر اور تھور والے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود چرواہوں کی روایتی معلومات سے استفادہ کرکے ایک ہیلوفائٹ گھاس، پینی کم ٹرگیڈم‘ کا انتخاب کیا جو مویشیوں کے کھانے کے لیے اچھا چارہ ہے۔

واضح رہے کہ ہیلوفائٹس ایسے پودوں کی اقسام کو کہتے ہیں جو نمک ذدہ اراضی پر اگتے ہیں اور پاکستان میں ان کی درجنوں اقسام پائی جاتی ہیں جو پہلے ہی بہت سے کاموں میں استعمال ہورہی ہیں۔ ماہرین نے روایتی علم اور اپنے تجربے کی بنیاد پر چارہ اگانے کا جو خاکہ پیش کیا ہے اس میں پینی کم کو درمیان میں اگایا اور اس کے اطراف میں ایک اور ہیلوفائٹ سوویڈا فروٹی کوزا کو اگا کر اس کی ایک باڑ سی بنادی ۔ اس طرح سوویڈا نے مٹی سے اضافی نمک جذب کرلیا تاکہ پینی کم کو کھانے کے قابل بنایا جاسکے۔

s2

پینی کم فصل کے اطراف فروٹی کوزا کے پودے 50 سینٹی میٹر کےفاصلے پر لگائے گئے جس نے جانوروں کے چارے سے نمک کا ایک حد تک ختم کیا۔

اگلے مرحلے میں اس چارے کو بلوچستان کے شہر حب میں واقع ایک فارم کےمویشیوں کو کھلایا گیا۔ عام چارے کی بجائے بارش کے پانی اور نیم تھورزدہ اراضی پر اگائی گئی پینی کم کو چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ کر انہیں جانوروں کے سامنے رکھا گیا۔ جانوروں نے اسے رغبت سے کھایا۔ موسمِ سرما میں پینی کم ہیلوفائٹ کی گھاس 20 سے 30 دن میں ایک میٹر تک بڑھ جاتی ہے اور اسے گائےاور بکریوں کو کھلایا گیا تو غذائیت سے بھرپور اس چارے نے جانوروں کی مہنگی گھاس سےبھی بڑھ کر اچھے اثرات مرتب کئے۔ مختصراً ہیلوفائٹس کھاری زمین پر ایک سال میں 12 سے 14 مرتبہ فصل دیتے ہیں۔

آئی ایس ایچ یو کی سربراہ ڈاکٹر بلقیس گُل نے بتایا کہ پینیکم ٹرگیڈم نمک ذدہ زمینوں کے لیے مویشیوں کا بہترین متبادل چارہ ثابت ہوسکتی ہے۔ جب ہم نے اس پر افزائش پانے والے جانوروں کے گوشت کا جائزہ لیا تو تو وہ ذائقے میں بہتر اور کم چکنائی کا حامل تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پینی کم چارہ اگانے کے اس نئے طریقے کو امریکن ایڈوانسمنٹ آف سائنس ( اے اے اے ایس) کے جریدے ’سائنس‘ نے ’ایڈیٹرچوائس‘ کا درجہ دیتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں 60 لاکھ ہیکٹر اراضی پر نمک کا راج ہے اور وہاں کوئی اہم فصل نہیں اُگائی جاسکتی اور یوں ان زمینوں پر نمک کے ٹیلے بنے ہوئے ہیں۔ ’ اب ہم اس عمل کو تجارتی پیمانے پر انجام دینا چاہتے ہیں کیونکہ ہم نے پاکستان میں مویشیوں کو پلاسٹک کی تھیلیاں بھی کھاتے دیکھا ہے،‘ ڈاکٹر بلقیس نے بتایا۔ اس کے علاوہ ان کی ٹیم نے ڈیسموسٹیکیا بائپینیٹا نامی ایک اور ہیلوفائٹس پر بھی کام کیا ہے جو مویشیوں کےلیے بہترین چارہ بن سکتا ہے۔s1

یونیسکو چیئر 2009 میں آئی ایس ایچ یو کو پورے خطے کےلیے یونیسکو کی جانب ہیلوفائٹس چیئر کا اعزاز دیا گیا جو پاکستانی ماہرین کے کام کا بین الاقوامی اعتراف بھی ہے۔ واضح رہے کہ دنیا میں ہیلوفائٹس کے لیے یہ پہلی چیئر بھی ہے۔ اس کے علاوہ مصر اور صومالیہ نے بھی اس ادارے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ان کی کارکردگی کے فائدہ اٹھانے کے معاہدے کئے ہیں۔ اس کےعلاوہ آئی ایس ایچ یو نے بہت سے ہیلوفائٹس سے کھانے کے تیل ، ادویات اور بایوفیول پر بھی کام کیا ہے۔

مثلاً سوویڈا فروٹی کوزا کو بطور بیکنگ سوڈا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ سوویڈا مونوئیکا سے زخموں کا مرہم اور ہیپاٹائٹس کا علاج کیا جاتا رہا ہے۔ بلتستان سے بلوچستان تک کے لوگ ہیلوفائٹس کی گوناگوں خوبیوں سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ماہرین کی ایک اور ٹیم نے انکساف کیا ہے کہ فروٹی کوزا میں سرطان کے خلاف کئی اہم عامل موجود ہیں۔ اس کے علاوہ انسٹی ٹیوٹ کے سابق سربراہ نے اپنے رفقا کے ساتھ ملکر پورے ملک میں پائے جانے والے اہم ہیلوفائٹس کا ڈیٹابیس بھی تیار کیا ہے ۔ قدرت کے اس اہم تحفے کو ماضی میں ہمیشہ نظر انداز کیا جاتا رہا ہے لیکن اب یہ چارے کی صورت میں اپنی اہمیت منواچکا ہے جس سے بلوچستان و سندھ کے ساحلی علاقوں میں مویشی فارمنگ کو غیر معمولی فروغ حاصل ہوسکتا ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کے دوران 2018 کے انتخابات کے لئے مجوزہ ضابطہ اخلاق پیش کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر ) سردار رضا خان کی زیر صدرات جاری ہے،جس میں الیکشن کمیشن ممبران سمیت 16 پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شریک ہیں۔

اجلاس میں کسی سیاسی جماعت کا کوئی سربراہ شریک نہیں ہوا تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انوشہ رحمان، عبدالقادر بلوچ، طارق فضل چوہدری، پیپلزپارٹی کی جانب سے نیئر بخاری، لطیف کھوسہ، فیصل کریم کنڈی اور پی ٹی آئی کی جانب سے عارف علوی نے شرکت کی۔
اجلاس میں سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی گئی، اس موقع پر چیف الیکشن جسٹس ( ر ) سردار رضا خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ایک آزاد اور خود مختار ادارہ ہے، صاف شفاف منصفانہ الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لئے کوشاں ہے جب کہ ملک میں شفاف انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی سمیت میڈیا کے ساتھ مل کر کوششیں کر رہے ہیں۔

سردار رضا خان نے کہا کہ آئین الیکشن کمیشن کو منصفانہ انتخابات کے لیے تمام اختیارات دیتا ہے، آئندہ عام انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے جس پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی، سپریم کورٹ نے انتخابات میں اسلحے کی نمائش اور پیسے کے بے دریغ استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو انتخابات کے تمام امور کا ذمے دار قرار دیا لہذا مجوزہ انتخابی ضابطہ اخلاق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ہی تیار کیا گیا ہے۔ جلسے جلوسوں پر پابندی سے پر امن الیکشن کا انعقاد ممکن ہے جب کہ الیکشن کے دوران پیسے سمیت اسلحہ کا بے دریغ استعمال بھی روکا جائے۔