جمعرات, 03 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

پشاور: صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئ کی زیرصدارت اسکولز میں کتابوں کی فراہمی کےحوالے سے اجلا س منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسٹیک ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیرتعلیم شہرام خان کاکہنا تھاکہ تمام سرکاری اسکولوں میں گریڈ 1 سے 5 (SNC) اور 6 سے 12 تک کی کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔

ان کا اسٹیک ہولڈرز سے کہناتھا کہ وہ اگلے سال کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے (SNC) بک سپلائی کے انتظامات مکمل کریں۔

انہوں نے مزید بتایاکہ ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن نے 9374 اساتذہ کو کامیابی سے تربیت دی ہے۔ انڈکشن پروگرام کے تحت تربیت آئی اے کلاس رومز میں ضروری تبدیلی لائے گی اور طویل عرصے میں طلباء پر مثبت اثر ڈالے گی۔ ہمیں تعلیمی میدان میں عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے بار بار ایسی تربیت کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئ کو چیرمین ڈی سی ٹی ای گوہر علی ٹیچرز نےٹریننگ رپورٹ بھی پیش کی۔

لیسٹر: نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم پر انگلینڈ میں بم حملے کی دھمکی مل گئی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نیوزی لینڈ خواتین کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں دھمکی آمیز پیغام موصول ہوا جس کے بعد نیوزی لینڈ ٹیم کا ٹریننگ سیشن منسوخ کردیا گیا۔ نیوزی لینڈ خواتین ٹیم سیریز کیلئے اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے اور دھمکی آمیز پیغام میں ہوٹل کو بم سے اڑا دینے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اگرچہ دھمکی آمیز پیغام کے بعد کیوی ویمن ٹیم کی پریکٹس منسوخ کر دی گئی تاہم نیوزی لینڈ اور انگلینڈ خواتین کرکٹ ٹیموں کا تیسرا ون ڈے میچ شیڈول کے مطابق ہونے کا امکان ہے کیونکہ حکام نے دھمکی کو غیر مصدقہ قرار دے دیا تاہم کھلاڑی خوفزدہ ہیں اور وہ تحفظات کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستان کا دورہ منسوخ کردیا ہے جس کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے انکار کردیا ہے۔

کراچی: داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی نے بیچلر ڈگری پروگرامز بیچلر آف انجینئرنگ ، بیچلر آف آرکیٹکچر اور بیچلر آف سائنس بی ایس پروگرام سال برائے 2021-22ء(بیچ 2021) میں داخلوں کیلئے آن لائن رجسٹریشن اور فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں 24ستمبر تک توسیع کردی ہے ۔

جامعہ داؤد انجینئرنگ کے رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ کے اعلامیے کے مطابق داخلے کے خواہشمند امیدوار جامعہ کی ویب سائٹ  پر اپنے کوائف کی رجسٹریشن کے بعد سندھ بینک کی مخصوص برانچوں میں ادا شدہ چالان پر ایڈمیشن فارم کوڈ حاصل کریں پھر اپنا داخلہ فارم آن لائن بھر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ بیچلر آف انجینئرنگ کے 8شعبوں کیمیکل ، کمپیوٹر سسٹم ، الیکٹرونک ، انرجی اینڈ انوائرمنٹ ، میٹلرجی اینڈ میٹریلز ، انڈسٹریل اینڈ مینجمنٹ ، پٹرولیم اینڈ گیس اور ٹیلی کمیونیکیشن انجینئرنگ جبکہ بیچلر آف سائنس میں کمپیوٹر سائنس ، سائبر سیکورٹی ، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) اور ریاضی کے شعبوں میں داخلے دیئے جارہے ہیں۔

داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد صرف کراچی میں ہوگا جس کے دن ، مقام اور وقت کے بارے میں بذریعہ ایڈمٹ کارڈ مطلع کیا جائے گا۔ دستی طور پر یا بذریعہ ڈاک / کوریئر موصولہ کسی درخواست فارم پر توجہ نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آبادنےسال 2021 کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تاریخ کااعلان کردیا ہے۔

وفاقی تعلیمی بورڈکےتحت انٹرمیڈیٹ کے پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان مورخہ 27 ستمبر 2021 بروز پیر بوقت 2 بجے کرے گا۔

جس میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود ہوں گے۔

مانیٹرنگ ڈیسک: عالمی سطح پر مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ کی تصاویر کو اسٹیکرزمیں تبدیل کرنےوالا اہم فیچر متعارف کرانےکی تیاری کرلی۔

واٹس ایپ سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب بیٹا انفوکے مطابق واٹس ایپ ایک ایسے فیچر پر کام کررہا ہے جو واٹس ایپ صارفین کو ان کی تصاویر اسٹیکرز میں تبدیل کرنے کی اجازت دے گا۔فی الحال تصاویر کو اسٹیکرز میں تبدیل کرنے کا فیچر تھرڈ پارٹی ایپ کے استعمال سے ہی ممکن ہے۔

اس حوالے سے ویب بیٹا کی جانب سے شیئر کیے گئے ٹوئٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے ایک ہی فیچر پر کام نہیں کررہا ہے اور اس حوالے سے جلد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ اپنے صارفین جذبات کے اظہار کے لیے مختلف آپشن فراہم کرتا ہے، اسٹینڈرڈز ، تصاویر اور ویڈیو شیئرنگ فیچر کے علاو واٹس صارفین کے لیے اسٹیکرز ، GIFs اور ڈوڈل بھی شیئرنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

یہی نہیں واٹس ایپ اپنے صارفین کو مختصر ویڈیوز کو GIFs میں تبدیل کرنے کا موقع بھی دیتا ہے۔

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں کےدوسرےمرحلےکے داخلے جاری ہیں

اس مرحلے میں بی اے جنرل) ایسوسی ایٹ ڈگری اِن آرٹس(، بی کام)ایسوسی ایٹ ڈگری اِن کامرس( ، بی بی اے ، 2سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری اِن ایجوکیشن، 10مضامین میں بی ایس پروگرامز ، ایک سالہ پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز ، ڈیڑھ ،ڈھائی اور چار سالہ بی ایڈ پروگرامز شامل ہیں۔

کسی بھی پروگرام میں داخلے کے خواہشمند نئے اور جاری طلبہ18اکتوبر تک آن لائن اپلائی کرسکتے ہیں ۔

لاہور: ٹی 20 ورلڈکپ کے بائیکاٹ کامطالبہ سامنے آگیا۔

سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے پاکستان کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بائیکاٹ کا مشورہ دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میں کیس دائر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ورلڈکپ میں نہیں جائیں گے تو بہت فائدہ ہوگا، ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاک نیوزی لینڈ سیریز منسوخ ہونے سے کرکٹ اور پاکستان کرکٹ کا بہت نقصان ہوا ہے۔

کیویز چند روز سے پاکستان میں تھے، پریکٹس اور سیکیورٹی بھی اچھی چل رہی تھی،بے بنیاد سیکیورٹی تھریٹ کی بنا پر سیریز کو منسوخ کیا گیا، اب سوچنا پڑے گا کہ پاکستان کرکٹ کے ساتھ پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا حل کیا ہے،کرکٹ کو فارن پالیسی کا حصہ بنانا پڑے گا، بھارت کے ساتھ سیریز کا معاملہ ہو تو خارجہ پالیسی کی بات آتی ہے، یو اے ای میں پی ایس ایل کے میچز ہوں تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو مداخلت کرنا پڑتی ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم جاتی ہے تو وزیرداخلہ شیخ رشید پریس کانفرنس کرتے ہیں، اسی طرح کے معاملات میں پی سی بی اکیلا کچھ نہیں کر سکتا، دیکھنا ہوگا کہ حکومتی سطح پر کیا پالیسی بنائی جا سکتی ہے، یہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، کرکٹ پاکستانیوں کے لیے بہت کچھ ہے، کھیل کے فروغ کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انگلینڈکی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکانات کم لگ رہے ہیں،اگر آجاتی ہے تو سمجھتا ہوں پاکستان کرکٹ وینٹی لیٹر سے باہر آجائے گی۔

ماسکو: روس کی یونیورسٹی میں طالب علم نے فائرنگ کرکے 8 افراد کو قتل کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے علاقے سائبیریا کے شہر پرم کی سرکاری یونیورسٹی میں کلاسز معمول کے مطابق جاری تھیں کہ اچانک ایک طالب علم نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس سے 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جن میں متعدد طلبہ و طالبات شامل ہیں۔

لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ متعدد طلبہ نے بالائی منزلوں میں اپنی کلاسز کی کھڑکیوں سے نیچے کود کر جانیں بچائیں۔

پولیس نے کافی جدوجہد کے بعد حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔ حملہ آور زخمی ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ طالب علم کی شناخت ابھی ظاہر نہیں کی گئی ہے اور اس نے یہ حملہ کیوں کیا اس کی وجوہات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔