اتوار, 06 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS


ایمزٹی وی (پشاور)خیبرپختونخواہ کے حساس اضلاع میں 9 اور 10 محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کے پی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 9 اور 10 محرم الحرام کو پشاور، ہنگو، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان میں موبائل فون سروس بند رہے گی۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈ پاکستان اور قوم کے لیے اعزاز ہے ،اقتصادی شعبے کی ترقی کے لیے مزید محنت کریں گے ۔

ورلڈبنک اور آئی ایم ایف کی طرف سے بہترین وزیر خزانہ کا ایوارڈحاصل کرنے کے بعد اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک سال سے زیر التوا 3اسٹاک ایکسچینز کا انضمام کیا ،گزشتہ تین سال کی کارکردگی سے اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی لحاظ سے بہتری کی جانب گامزن ہیں ،مزید محنت کریں گے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایل او سی پر کشیدگی پر اے پی سی اور مشترکہ اجلاس کی وجہ سے دورہ امریکہ منسوخ کیا تھا۔


ایمزٹی وی(پشاور)صوبائی دارالحکومت پشاور میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے 4افغانیوں سمیت 12مشکوک افراد کو گرفتار کر لیا۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق پشاور کے علاقے پہاڑی پورہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کر کے4افغانیوں سمیت 12مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے ۔


ایمزٹی وی(کراچی)کراچی میں نیپا چورنگی کے قریب مشکوک پولیس مقابلے میں طالب علم کو ہلاک کرنے والے دونوں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ آئی جی سندھ نے مشکوک مقابلے کا نوٹس لے لیاہے۔

گلشن اقبال کی حدود میں جمعے کے روز پولیس مقابلہ ہوا، جس میں عتیق نامی نوجوان ہلاک ہو گیا۔ لیکن سارا نقشہ اُس وقت بدل گیا، جب عتیق کے کزن عزیزاللہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ موٹر سائیکل پر عتیق کے ساتھ لنگویج سینٹر جارہا تھا۔

پولیس کی ہلاکت سے طالب علم ہلاک

پولیس نے انہیں رکنے کا اشارہ کیا اور بلاجواز فائرنگ کردی۔ عتیق رینجرز کالج میں سکینڈ ایئر کا طالب علم تھا۔ دوسری جانب ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کا کہنا ہے مقابلے میں بندل اور ظفر نامی اہلکار شریک تھے۔ دونوں کو حراست میں لیکر عتیق کے اہل خانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس پی گلشن کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور ایس ایس پی گلشن فیصل عبداللہ نے واقعے کو نوٹس لیا اور کہا ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار بندل کچھ روز قبل ایک اور پولیس مقابلے میں زخمی ہو گیا تھا۔ بندل نے زخمی ہونے کے باوجود ڈاکو کو ہلاک کر دیا تھا


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان اور روس کے درمیان پہلی مشترکہ فوجی مشقیں، فرینڈ شپ دو ہزار سولہ جاری ہیں، دونوں ممالک کی افواج دہشتگردی کے خلاف ایک دوسرے کے تجربات سے بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں تو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں دفاعی تعلقات کے نئے دورکی بھی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔


russia military drill 690x370

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کی مسلح افواج نے دہشتگردی کے خلاف مل کر لڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ تاریخ کی پہلی پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں اس عزم کا عملی ثبوت ہیں

russia2

افغانستان کے بارڈر کے قریب پہاڑی علاقے میں ہونے والی ان مشقوں میں دونوں ممالک کے ایک سو فوجی جوان حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں کے دوران جہاں ہیلی کاپٹرز سے رسے کی مدد سے دشمن کے علاقے میں اترنے کی مہارت کا مظاہرہ کیا گیا وہیں موبائل نیوی گیشن، جاسوسی اور پیغام رسانی کے مختلف ذرائع بھی استعمال کئے گئے۔1045625808

دونوں ممالک میں پاکستان کی سرزمین پر ہونے والی پہلی پاک روس فوجی مشقوں کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔


ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کو مسئلہ کشمیر کی وکالت سے دستبردار کرنے کے لیے در پردہ جنگ میں مصروف ہے ۔ فاٹا ، کراچی اور بلوچستان میں بد امنی پھیلانے کے لیے اس کے ایجنٹ اور گماشتے سر گرم ہیں ۔ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ اور داخلہ پالیسیوں میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے ۔ ہندوستان کے انتہا پسند رہنما پاکستان کا پانی روکنے ، معاشی طور پر کمزور اور سیاسی طور پر تنہا کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اس لئے ہمیں سفارتی سطح پر مزید متحرک فعال اور چوکنا رہنا پڑے گا ۔ وہ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں نا شتہ کے موقع پر طلباء سے گفتگو کررہے تھے ۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم مایوس نہیں ہیں ۔ پاکستان کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی کامیابیاں مل رہی ہیں۔ عالمی ذرائع ابلاغ میں مسئلہ کشمیر اجاگر ہوا ہے ۔ جس کی وجہ سے بھارت میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ بھی اپنے حکمرانوں سے یہ سوال پوچھنے پر مجبور ہوئے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم نہیں ہو رہے تو عالمی میڈیا کیا جھوٹ بول رہا ہے ۔


بھارت کے اندر سے مظالم کے خلاف آواز یں اٹھنا ہماری بڑی کامیابی ہے انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فوج نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی لیکن وہاں تحریک آزادی کی قیادت نوجوانوں نے اپنے ہاتھ میں لے لی ہے ۔ ان کا سب سے بڑا ہتھیار انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا ہے ۔ کشمیری قوم آزادی حاصل کر کے رہے گی ۔ جب بھارت اور پاکستان نے برطانیہ سے آزادی حاصل کی تو وہ دنیا کی واحد سپر پاور تھا۔ جس کی سرحدوں کے اندر سورج غروب نہیں ہوتا تھا۔ اس کے باوجود بغیر کسی جنگ کے برصغیر کے دو ملکوں نے آزادی حاصل کر لی تھی۔

مسئلہ کشمیر بھی برطانیہ کے اعلان آزادی ہند ایکٹ 1947کے تحت ہی پیدا ہوا ہے ۔ جس میں واضح طور پر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا ۔کشمیر سمیت تمام ریاستوں کو اس قانون کے تحت حق دیا گیا تھا کہ وہ فیصلہ کریں کہ کس کے ساتھ رہنا چاہتی ہیں یا آزاد رہیں گی ۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بھارتی شہر مظفر نگر میں ہندوانتہا پسندوں نے اداکار سلمان خان کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرین ان کا پتلا بھی نذرآتش کیا۔ پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق مظفرنگر کے علاقے کوہٹلی ٹاؤن میں بی جے پی ایم ایل اے سے وابستہ شدت پسند تنظیم سنگیت سوم نے سلمان خان کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کے حق میں دئے گئے بیان کے خلاف مظاہرہ کیا۔

مظاہرین نے سلمان خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ان کا پتلا نذرآتش کیا ۔ مظاہرین نے دھمکی دی کہ اگر سلمان خان نے رویہ نہ بدلا توان کی فلموں کا بائیکاٹ کیاجائے گا۔ چند روز پہلے پاک بھارت کشیدگی کے دوران سلمان خان نے بیان دیا تھا کہ پاکستانی فنکار دہشتگرد نہیں ہیں اس لیے ان کے ساتھ دہشتگردوں جیسا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے اور فن اور دہشتگردی کو آپس میں نہ ملایا جائے۔

دوسری طرف اداکار سلمان خان نے بھارتی نیوز چینل کے خلاف 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا دعوی دائر کردیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی جانب سے ممبئی ہائی کورٹ میں 1998کے ہندوؤں کے لیے مقدس مانے جانے والے چنکارا ہرن کے غیرقانونی شکار کے حوالے سے ٹی وی چینل کے خلاف 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا کیس دائر کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے نہ صرف آج کل اپنی نئی آنے والی فلم “اے دل ہے مشکل” کے ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں بلکہ اب انہوں نے سال کی بہترین خاتون شخصیت کا ایوارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر جب سے سلور اسکرین پر آئیں ہیں تب ہی سے شاندار اداکاری پیش کررہی ہیں اور اپنی شاندار کارکردگی کے باعث اداکارہ نے ایک قدم اور بڑھاتے ہوئے سال کی بہترین خاتون شخصیت کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ایک بزنس میگزین کی جانب سے 19 خواتین کو سال کی بہترین سلیبرٹی کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے جس میں سابق ملکہ حسن ایشوریا رائے بھی شامل ہیں۔

اداکارہ نے کچھ عرصے قبل ہی اسی میگزین کے فرنٹ پیج پر بھی جگہ بنائی تھی جس پر وہ بہت زیادہ خوش تھیں۔ ایوارڈ جیتنے پر ایشوریا کا کہنا تھا کہ ایوارڈ حاصل کر کے وہ بے حد خوش ہیں۔ ایشوریا نے دوسری خواتین کو بھی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی خود کو اپنے اپنے شعبوں میں بہترین بنائیں۔ اس کے علاوہ اداکارہ نے اپنی زندگی کا بہترین اور خوبصورت تجربہ اپنی بیٹی آرادھیا بچن کو قرار دیا ہے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) ویرات کوہلی کا بیٹ پھر سے رنز اگلنے لگا،کپتان کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پا کر بھارت نے اندور ٹیسٹ کے ابتدائی دن 3 وکٹ پر 267 رنز بنالیے، کوہلی 103 اور اجنکیا راہنے 79پر ناٹ آؤٹ رہے،ان کے درمیان 167 کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوچکی،کیوی بولرز خاص تاثر نہ چھوڑ سکے۔

تفصیلات کے مطابق اندور ٹیسٹ کے ابتدائی دن کیوی بولرز بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے سامنے بے بسی کی تصویر بنے رہے، جنھوں نے وکٹ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلتے ہوئے ناقابل شکست سنچری جڑ دی، ٹاس جیتنے والے بھارت نے ابتدائی دن کا کھیل ختم ہونے تک 3 وکٹ پر267 رنزاسکور بورڈ پر سجائے، کوہلی 103 اور اجنکیا راہنے 79رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ان کے درمیان اب تک چوتھی وکٹ کیلیے 167رنز کی پارٹنر شپ بن چکی۔

کوہلی نے کیریئر کے48 ویں ٹیسٹ میں 13ویں جبکہ جولائی میں ویسٹ انڈیز کیخلاف اپنی پہلی ڈبل سنچری کے بعد پہلی تھری فیگر اننگز سجائی، اس دوران7 اننگزمیں ان کا زیادہ اسکور45 رہا تھا،راہنے نے کیوی اسپنر جیتن پٹیل کو چھکا لگاکر کیریئر کی 10ویں ففٹی مکمل کی،کیوی کپتان کین ولیمسن وائرل انفیکشن سے نجات پانے کے بعد ٹیم میں واپس آگئے۔

میزبان بیٹسمینوں نے اختتامی سیشن کے 34 اوورز میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر شاندار بیٹنگ سے شائقین کو محظوظ کیا، لنچ کے بعد ون ڈاؤن بیٹسمین چتیشور پجارا 41رنز بناکر لیفٹ آرم اسپنر مچل سینٹنر کی عمدہ گیند پر بولڈ ہوگئے، انھوں نے کوہلی کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلیے 40رنز جوڑے،قبل ازیں ابتدائی سیشن میں دونوں بھارتی اوپنرز نے پویلین کی راہ لی۔

ٹیم کو پہلا نقصان 26 کے ٹوٹل پر مرلی وجے کی صورت میں پہنچا، وہ محض 10رنز بناکر جیتن پٹیل کی گیند پر شارٹ لیگ پوزیشن پر موجود ٹام لیتھم کا کیچ بنے، دو برس بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے گوتم گمبھیر نے اگرچہ اچھا آغاز کیا لیکن کیوی پیسر ٹرینٹ بولٹ نے انھیں اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھانس لیا، وہ 29رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے، واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی سیریز 2-0 سے اپنے نام کرچکا ہے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا جس میں محمد حفیظ اور شان مسعود کو ڈراپ کرکے 2 نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے لیے 14 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کردیا جس میں محمد حفیظ اور شان مسعود کو ڈراپ کرکے ان کی جگہ بابر اعظم اور محمد نواز کو ون ڈے میں شاندار کارکردگی پر ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم مصباح الحق کی کپتانی میں اظہر علی، سرفراز احمد، اسد شفیق، بابراعظم، سمیع اسلم، عمران خان، ذوالفقار بابر، محمد عامر، یاسر شاہ، وہاب ریاض، محمد نواز، راحت علی اور سہیل خان پر مشتمل ہے۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ یونس خان کو ڈاکٹرز نے 10 دن آرام کا مشورہ دیا ہے تاہم وہ فٹ ہونے پر ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں سب کھلاڑی میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں، ٹیم کوچ اور کپتان کی رائے کے مطابق بنائی جاتی ہے جب کہ احمد شہزاد، افتخار، عماد وسیم سمیت کسی بھی کھلاری کو ڈسکارڈ نہیں کیا بلکہ ہر کھلاڑی کو موقع کی مناسب سے مواقع دیئے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر پیر سے ٹیم کو جوائن کرلیں گے جب کہ بابر اعظم سے اچھے کھیل کی امید ہے۔

شاہدی آفریدی کو الوداعی میچ کھلانے کے سوال پر چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ میرا کام صرف کھلاڑی کو ٹیم کے لیے منتخب کرنا ہے، کسی کو فیئرویل نہیں دے سکتا یہ کام کرکٹ بورڈ کا ہے تاہم کھلاڑیوں کو اعزاز کے ساتھ رخصت ہونا چاہیے جب کہ آفریدی 20 سال سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور سمجھدار کھلاڑی کو خود فیصلہ کرنا چاہیے کہ انہیں کب جانا چاہیے اور کب نہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز 13 اکتوبر سے دبئی میں شروع ہورہی ہے جس میں کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا نائٹ میچ بھی کھیلا جائے گا۔