ھفتہ, 05 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

مانیٹرنگ ڈیسک : پاکستان سمیت دنیا بھر میں سرچ انجن گوگل کی بیشتر سروسزسمیت آن لائن ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب ڈاؤن ہوگئیں۔

یوٹیوب کی سروس پاکستان، سعودی عرب اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

باضابطہ طور پرگوگل نے اپنی سروسز دنیا بھر میں متاثر ہونے تصدیق نہیں کی تاہم ویب سائٹس کے ڈاؤن ٹائم یعنی متاثر ہونے پر مسلسل نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق دنیا کے بیشتر ممالک میں یوٹیوب اور جی میل سمیت گوگل کی بیشتر سروسز نہیں چل رہی ہیں۔

دوسری جانب یوٹیوب کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو یوٹیوب کے استعمال میں پیش آنے والی دشواری سے آگاہ ہیں اور اس حوالے سے ٹیمیں کام کررہی ہیں۔

وہیں صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر فوفل کی سروسز کے استعمال میں دشواری کے سامنے کی شکایت کررہے ہیں اور اس وقت ٹوئٹر پر بھی یوٹیوب ڈاؤن ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ ہے۔

اُدھر بعض ممالک میں گوگل کی سروسز بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں تاہم اب تک باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔

راولپنڈی: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کا منصوبہ ناکام بنادیا۔

اذرائع کے مطابق پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پرراولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

تر جمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کوخفیہ اطلاع پر اڈیالہ روڈ سے گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بارودی مواد اور اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے اور انہیں افغانستان سے فنڈز اور رہنمائی مل رہی تھی۔

سی ٹی ڈی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گردوں نے راولپنڈی میں دہشت گردی کے 4 واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے، اس کے علاوہ دہشت گردوں نے اسلام آباد اسٹاک ایکسچینج پر حملے کی بھی منصوبہ بنارکھی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی میں دستی بم حملہ بھی ہوا تھا جس میں 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے فیکلٹی ممبر انجینئر ابصاراحمد خان نے شہابِ ثاقب کے نظارے کو 13 اور14 دسمبرکی رات کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔

ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ شہاب ثاقب دراصل سیارچوں یا دم دار ستاروں سے خارج ہونے والے ٹھوس پتھر ہوتے ہیں۔یہ موقع ہر سال 06 تا14 دسمبر تک رونماہوتاہے اور دنیا میں ہرجگہ دیکھا جاسکتا ہے،مگر ان جگہوں پر زیادہ پرکشش اور واضح ہوتاہے جہاں پر روشنی کی آلودگی کم ہو

اتفاق سے یہ موقع اس سال ایسے وقت پرآیا ہے کہ جب نئے چاند کی آمد ہونے والی ہے اور اس کی وجہ سے اس کی منظر کشی اس سال زیادہ بہتر رہی ہے۔ان کے نظر آنے کا دورانیہ انتہائی کم ہوتاہے کیونکہ 20 سے 25 میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر طے کرتے ہیں۔

اس برق رفتاری کی وجہ سے یہ زمین پر کشش ثقل میں آنے کے بعد زیادہ دیر نہیں ٹہرتے اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں جل کر راکھ ہوجاتے ہیں۔

ان کو دم دار ستارہ بھی کہا جاتاہے جس کو کیمرے کی آنکھ میں بند کرنا بہت مشکل ہوتاہے،لیکن آسمان صاف ہونے سے ان ٹکڑوں کوٹوٹتے ہوئے ستاروں کی طرح باآسانی دیکھاجاسکتاہے۔

کراچی: جامعہ کراچی نے مخصوص نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق مخصوص نشستوں (Reserved Seats)پر داخلوں کے لئے فارم 24 دسمبر2020 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

مخصوص نشستوں میں معذورافراد(اسپیشل پرسنز)، اسپورٹس،فاٹا،وکلا کے بچے،کراچی یونیورسٹی ایمپلائز،آرمڈ فورس،شمالی علاقہ جات وآزاد جموں کشمیر،اندرون سندھ اور بلوچستان کی نشستیں شامل ہیں۔

طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم،فیس واؤچر اورپراسپیکٹس کے حصول کے لئے  www.uokadmission.edu.pk  پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاں تمام معلومات موجودہیں۔

داخلہ فارم کی پروسیسنگ فیس 2000 روپے کا واؤچر جمع کرانے کے بعد آن لائن داخلہ فارم جمع کرایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔

داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔

کراچی: کوروناکی صورتحال کے تناظر میں کیمبرج انٹرنیشنل ایگزامینیشنز نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سمیت دنیا کے160ممالک میں آئندہ سال 2021ء کے جون اور نومبر دونوں کے او اور اے لیول کے امتحانات میں طلبہ کو رعایت دی جائے گی جس کے تحت اگر وبائی مرض کورونا جاری رہتا ہے اور اس سے تدریس و جانچ متاثر ہوتی ہے تو درخواست دینے کی صورت میں کچھ پرچوں سے استثنیٰ دیا جا جاسکتا ہے جن میں عملی امتحانات اور لینگویجز ٹیسٹ شامل ہیں۔

کیمبرج نے مختلف نصابوں کی جانچ کے طریقہ کار میں ترامیم بھی کی ہیں جس کے مطابق طلبہ اپنی قابلیت کو آسانی کے ساتھ مکمل کرسکتے ہیں اس حوالے سے انھیں فائنل امتحانات میں جانچ کے لازمی مرحلے میں شرکاء کے سامنے خود پیش ہونے کے بجائے وہ تمام امور کی آن لائن یا ان کی ریکارڈنگ پیش کرسکتے ہیں۔

کیمبرج انٹرنیشنل کے سی ای او کرسٹین و ڈین نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ موجودہ وبا ہمارے اسکولوں کے لئے مشکلات پیدا کررہی ہے ، اور ہم ان کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم جون اور نومبر میں اپنے امتحانات منعقد کرانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اور اسکولوں کی اکثریت نے ہمیں بتایا کہ وہ امتحانی عمل کو جاری رکھنا چاہتے ہیں
"ہم 2021 کے امتحانی سیریز کے لئے اپنے اسکولوں اور اپنے طلبہ کی
حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے سخت کوشش کر رہے ہیں ، اور اس سال ہمیشہ کی طرح ، ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہمارے امتحانات کا معیار برطانوی امتحان کے معیار کے مطابق ہو۔

کراچی: معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کورونا وائرس کا شکارہوگئے ۔مولانہ طارق جمیل کی طبیعت ناسازہونےپر راولپنڈی  سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مولانا طارق جمیل نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنےچاہنے والوں سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔

مولانہ طارق جمیل نے ٹوئیٹ میں بتایا کہ گذشتہ کچھ ایام سے طبیعت ناساز تھی، کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے،اطبّا کے مشورے سے اسپتال داخل ہو گیا ہوں، تمام محبین سے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔

مولانا طارق جمیل کے اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کو پٹرول بحران پر قائم کردہ کمیشن کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت کے حکم پر قائم کردہ پٹرولیم کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو موصول ہوگئی ہےجسےکل وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی۔

شہزاد اکبر نےکہاکہ وزیراعظم عمران خان کے حکم کے مطابق رپورٹ کل وفاقی کابینہ کوپیش کی جائےگی اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق کیبنٹ کی منظوری کے بعد پبلک کی جائے گی، احتساب اور شفافیت صرف تحریک انصاف کا خاصہ ہے۔

رواں سال جون جولائی میں ملک میں پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی۔

وفاقی حکومت نے پٹرول کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث کمپنیوں کا پتا لگانے کے لیے انکوائری کمیشن بنایا تھا۔

کراچی: ماہرہ خان کے بعدمارننگ شو کی میزبان اور اداکارہ صنم جنگ بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔
خوبرو اداکارہ نے اپنے کوویڈ ٹیسٹ میں مبتلا ہونےکی خبر فوٹوشیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی پر دی۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری پرصنم جنگ نے کہا کہ" میں اپنے چاہنے والوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ کورونا کی کوئی سنگین علامات ظاہر نہیں ہوئیں، اس کے باوجود میں نے خود کو بیٹی کے ہمراہ قرنطینہ کرلیا ہے۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے لیں، یہ بیماری کوئی افسانہ نہیں بلکہ حقیقت ہے لہذا اس سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں اور عوامی مقامات میں جانے سے گریز کرتے ہوئے گھروں میں محفوظ رہیں۔

صنم جنگ نے آخر میں اپنے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ مجھے اور میری بیٹی کو دعاؤں میں یاد رکھیں۔

کراچی: نوجوانوں کے ہردلعزیزاردو ادب کے مشہورومعروف شاعر جون ایلیا کا 89واں یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے۔

جون ایلیا 14 دسمبر 1931 کو بھارتی ریاست اتر پردیش کے علاقے امروہہ میں پیدا ہوئے۔انکا اصل نام سید جون اصغر تھا

ان کے والد علامہ شفیق حسن ایلیا اردو، عربی، فارسی، اور عبرانی زبان کے عالم تھے جبکہ اردو کےمعروف شاعر رئیس امروہوی اورنامور دانشور سید محمد تقی ان کے بڑے بھائی تھے۔

جون ایلیا خود کوبھی اردو، عبرانی، عربی او رفارسی زبانوں پردسترس حاصل تھی۔انھیں فلسفہ تاریخ ،منطق اور یورپی ادب پر وسیع عبور حاصل تھا۔

جون ایلیا کے شعری مجموعے گویا، شاید،گمان، یعنی اورلیکن کے نام سے شائع ہوئے جس کے بعد،حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر 2000 میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا

جون ایلیا نے 8 نومبر 2002 کو کراچی میں وفات پائی اور سخی حسن کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہوئے۔

جون ایلیا کی شاعری خصوصاً محبوبہ کو مخاطب کر کے کی جانے والی شاعری نوجوانوں کو متوجہ کرتی ہے۔ سوشل میڈیا پر جون ایلیا کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی میں گزشتہ روزایس او پیز کومدِنظررکھتے ہوئے تعلیمی سیشن 2021 ء کے بیچلرز پروگرام کے لئے داخلہ ٹیسٹ مختلف شعبہ جات میں قائم امتحانی مراکز میں انعقاد کیا گیا۔

بیچلرز پروگرام کے20 شعبہ جات میں داخلوں کے لئے9660فارم جمع کرائے گئے، جبکہ9114 امیدواروں نے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کی۔

داخلہ ٹیسٹ کے دوران وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے رجسٹرارجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،پروفیسر ڈاکٹر انیلاامبر ملک،پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ سعید،رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر ناصر ہ خاتون،ڈاکٹر معیزخان اورڈاکٹر سید عاصم علی کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا ۔

داخلہ ٹیسٹ کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں 30 امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے۔

اس موقع پرپروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس، ناظم مالیات جامعہ کراچی طارق کلیم،ممبرسنڈیکیٹ جامعہ کراچی صاحبزادہ معظم قریشی، انچارج ٹرانسپورٹ یونٹ جامعہ کراچی ڈاکٹرقدیرمحمدعلی،ناظم امتحانات ڈاکٹر سید ظفر حسین اور سینئر میڈیکل آفیسر جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدعابد حسن بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر صائمہ اختر نے شیخ الجامعہ کو بتایا کہ داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کا تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد کمرہ امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دی گئی۔شیخ الجامعہ نے داخلہ ٹیسٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام اساتذہ،انتظامی عملے اور سیکیورٹی گارڈز کی کاوشوں کو سراہا

۔واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر14 دسمبر2020 ء کو شام 7:00 بجے اَپ لوڈ کردیئے جائیں گے جبکہ طلبہ داخلہ ٹیسٹ کے نتائج اپنے پورٹل پر بھی دیکھ سکیں گے۔