اتوار, 06 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد:  پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی )نے کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کردی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں پاکستان میڈیکل کمیشن نے داخلہ امتحان ایم ڈی کیٹ(MDCAT) کی رجسٹریشن کی تاریخ میں چھ نومبر تک توسیع کردی ہے

پاکستان میڈیکل کمیشن کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان 15نومبر کومنعقد ہوگا ۔

پی ایم سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ امتحان کیلئے سوا لاکھ طالب علموں نے رجسٹریشن کروائی ہے ۔

اسلام آباد: عدالت نے ٹک ٹاک پرپابندی اورپی ٹی اے رولزفریم نہ کرنے کے خلاف درخواست پرپی ٹی اے سے تحریری جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ٹک ٹاک پر پابندی اور پی ٹی اے رولز فریم نہ کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ پی ٹی اے کے وکیل نے بتایا ٹک ٹاک انتظامیہ کے ساتھ پی ٹی اے کے مذاکرات ہوتے رہے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا پی ٹی اے میں اس طرح کے فیصلے کون کر رہا ہے؟ کون لوگ یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کیا درست ہے اور کیا غلط،اس لئے رولز بنانے بہت ضروری ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کورونا کے دوران ٹک ٹاک انٹرٹنمنٹ اور کم مراعات یافتہ طبقے کیلئے آمدن کا ذریعہ رہا ہے۔ موٹروے پر بھی ایک واقعہ پیش آیا تھا پھر موٹروے کو بھی بند کر دیں۔ پوری دنیا میں یہ نہیں ہوتا، دنیا آگے جا رہی ہے اور آپ پیچھے لے کر جا رہے ہیں۔ ہماری اخلاقیات اتنی مضبوط ہونی چاہئیں کہ کوئی چیز ان پر اثرانداز نہ ہو سکے۔ عدالت نے پی ٹی اے رولز طلب کرتے ہوئے سماعت چار ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔


پشاور: کے پی کے وزیر تعلیم کے سخت نوٹس پر پرائمری اسکول میں رات غیر اخلاقی محفل منعقد ہونےپر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور چوکیدار کو معطل کردیا۔

پشاور کے نواحی علاقے متھرا سرکل کے گورنمنٹ پرائمری اسکول قلعہ چندن میں گزشتہ رات رقص و سرود کی محفل سجائی گئی جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکی نے اسکولوں میں اس قسم کی محافل کا سختی سے نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی۔

صوبائی وزیر تعلیم کے نوٹس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پشاور نے اسکول کے چوکیدار اور ہیڈ ماسٹر کو فوری طور پر معطل کرنے کا اعلامیہ جاری کرکے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول سفید سنگ کے پرنسپل کو 3 روز کے اندر انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم نےملک کے تعلیمی اداروں میں بڑھتے کورونا کیسز کے بعد بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس طلب کرلیا ہے۔

اجلاس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے جس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کریں گے۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس 5 نومبر کو ہوگا، اجلاس کے دوران ملک کے مختلف تعلیمی اداروں میں کورونا کیسز سامنے آنے کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس میں، آٹھویں کلاس کے بورڈ امتحانات، رواں تعلیمی سال کی نصابی سرگرمیوں اور تعلیمی اداروں میں سردیوں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلے متوقع ہیں۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے بند ہونے کے حوالے سے تمام خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اسکولوں کی بندش کے حوالے سے ایک بار پھر افواہ زیرگردش ہے لیکن تعلیم ادارے بند نہیں کیئے جاررہے

سوشل میڈیا پر خبریں بے بنیا د ہیں ۔ ہم اس صورتحال کی نگرانی جاری رکھیں گے ۔ طلباء ، اساتذہ اور عملے کی صحت بہت ضروری ہے لیکن اس وقت تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سےکوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

کراچی:  سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی میں فزیکل کلاسز کا آغاز ہوگیا۔
سندھ مدرستہ اسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین وصحرائی میمن نے جامعہ میں کلاسز شروع ہونے کے بعد مختلف کلاس رومز کے دورے کے دوران کہا کہ کرونا کے باعث لاک ڈائون کے بعد یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز ہونا ایک خوش آئند ہے، لاک ڈائون نے ہمیں ہائبرڈ ماڈل دیا، جامعات کا آن لائن کلاسز کی طرف جانا ڈجیٹیل دور میں قدم رکھنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب غیر معمولی دور سے گزرہے ہیں اور اس سلسلے کودوبارہ جاری رکھنے کے لئے پرعزم ہیں ہم نے ہائبرڈ نظام شروع کیا ہےجس کو کامیابی سے آگے جاری رکھیں گے۔

اس موقع پرانہوں نے طلبہ کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے اساتذہ اور طلبہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پر خود بھی عمل کریں اوراس سلسلے میں دیگر لوگوں کو بھی آگاہی فراہم کریں۔

ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی نے کہا کہ یونیورسٹی ہائبرڈ ماڈل کے تحت چل رہی ہے، آٹھ ماہ بعد جامعہ میں طلبہ کی واپسی خوش آئند بات ہے، طلباوطالبات کے تعاون سے ہی ہم اس وبا کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔

دریں اثناء جامعہ کے اہم راستوں پر سینیٹائزواک تھرو گیٹ نصب کئے گئے اور ایس او پیز ایس او پیز کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنایا گیا۔ جبکہ کئی ماہ بعد کلاسز کے شروع ہونے کے باعث طلبا میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ ایس ایم آئی یو میں 28 ستمبر سے ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی فزیکل کلاسز کا آغاز ہو گیا تھا جبکہ انڈر گریجوئیٹ کی کلاسز کے بعد اب تمام پروگرامز کی کلاسز باقاعدہ شروع ہوچکی ہیں۔کلاس رومز کے دورے کے موقع پر ڈینز، رجسٹرار اور اساتذہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

کراچی: جامعہ کراچی نےایم بی بی ایس تھرڈ،فورتھ پروفیشنل اور بی ڈی ایس فرسٹ،سیکنڈ پروفیشنل کا امتحانی شیڈول جاری کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق ایم بی بی ایس تھرڈ،فورتھ پروفیشنل اور بی ڈی ایس فرسٹ،سیکنڈ پروفیشنل سالانہ امتحانات برائے 2020 ء کا امتحانی شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایم بی بی ایس تھرڈ پروفیشنل کے امتحانات 07 تا13 نومبر2020 ء تک جبکہ ایم بی بی ایس فورتھ پروفیشنل کے امتحانات16 تا23 نومبر2020 ء تک منعقد ہوں گے۔

بی ڈی ایس فرسٹ پروفیشنل کے امتحانات 06 تا17 نومبر2020 ء جبکہ بی ڈی ایس سکینڈ پروفیشنل کے امتحانات 19 تا26 نومبر2020 ء تک منعقد ہوں گے۔

کراچی: جامعہ کراچی نےامتحانی شیڈول جاری کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی اے ایل ایل بی( سال اول ودوئم)،بی اے ایل ایل بی (آنرز) سال آخر اور ایل ایل بی سال آخر سالانہ امتحانات برائے 2019 ء کا امتحانی شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

جس کے مطابق بی اے ایل ایل بی (آنرز) سال آخر اور ایل ایل بی سال آخر کے امتحانات06 نومبر2020 ء تا14 نومبر 2020 ء تک جبکہ بی اے ایل ایل بی سال اول ودوئم کے امتحانات 14 نومبر2020 ء تا 25 نومبر2020 ء تک جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں منعقد ہوں گے۔

تمام امتحانات دوپہر 2:00 تاشام5:00 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز دوپہر2:30 تاشام 5:30 بجے تک منعقد ہوں گے۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے داخلہ2020-21کا آغاز کردیاہے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ کےترجمان کے مطابق بی بی اے کے چار سالہ پروگرام میں داخلےکاآغاز 2 نومبر سے ہوچکا ہے۔

داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 16 نومبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 25 نومبر کو انٹری ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا۔

داخلہ فارم یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ  www.jsmu.edu.pk سے اپلوڈ کیئے جاسکتے ہیں۔

کراچی: پی اے ایف (KIET) یونیورسٹی کے طلباء کے لئے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں سیلف ڈیفنس اینڈ فائر آرمز سیفٹی کورس کا انعقادکیا گیا۔
ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن مقصود احمد کی ہدایات پر ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز میں سیلف ڈیفنس اینڈ فائر آرمزسیفٹی کورس کا انعقاد کیا گیا جس میں پی اے ایف (KIET) یونیورسٹی کے 30 طلباء نے شرکت کی۔

کورس کا مقصدکسی بھی ہنگامی صورت حال یا دہشت گردانہ حملے کی صورت میں طلباء کو مختلف احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنا تھا۔ ٹریننگ کے دوران طلباء کو مارشل آرٹس،فائرنگ اور مختلف قسم کے اسلحہ کے استعمال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاں طلباء نے ازخود فائرنگ کرنے کی عملی مشق بھی کی۔ طلباء نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور ایس ایس یو میں اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور اس میں مزید اضافہ کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

کورس کے شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کے لئے سیلف ڈیفنس ٹریننگ کا آغاز وقت کی ضرورت ہے ایس ایس یو نے ہمیں ایک پلیٹ فراہم مہیا کیا ہے جہاں طلباء اب تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ سیلف ڈیفنس کی تربیت بھی حاصل کر سکتے ہیں تاکہ وقت پڑھنے پر ہم اپنی ذات اور دوسرے لوگوں کوقیمتی جانیں بچا سکیں۔

اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن کا کہنا تھا طلباء کا سیلف ڈیفنس مشقوں میں دلچسپی لینا خوش آئین ہے اورطلباء کو سیکیورٹی ڈویژن اور ایس ایس یو کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔