منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دنیا بھر میں کورونا وائرس وبا کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور اس سے ہونے والی اموات 36 ہزار 873 ہوچکی ہیں، جب کہ 7 لاکھ 66 ہزار 336 افراد متاثرین ہوچکے ہیں، جبکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے 1 لاکھ 60 ہزار افراد صحت یاب ہوچکے ہیں، تاہم امریکا اور یورپ سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں اس کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔

کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد کے اعتبار سے امریکا پہلے نمبر پر آچکا ہے۔ مریضوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 828 ہوگئی ہے۔ امریکا میں صحت عامہ کے سینیئر ترین حکومتی مشیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امریکا میں کورونا وائرس سے 1 سے دو لاکھ افراد موت واقع ہوسکتی ہے۔  صدر ٹرمپ نے لاک ڈاون میں تیس اپریل تک  توسیع کردی ہے اور سنٹرل پارک میں 70 بستروں  پر مشتمل عارضی ہسپتال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکی حکام نے امریکا کی جیلوں میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ 22 مارچ تک 20 بڑے امریکی جیلوں میں کورونا وائرس سے  226 قیدیوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ دوسری جانب امریکی ریاست نیو جرسی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 288 اہلکاروں میں کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے کورونا وبا کے باعث عوام کے لیے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں 4 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، کابینہ کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ وزیراعظم کے بروقت اور درست اقدامات کو نمایاں انداز میں پیش نہیں کیا جاتا۔ کابینہ نے 1200 ارب روپے کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی، جب کہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

اجلاس کے دوران ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کے معاملے پر بھی بحث ہوئی، وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے باجود تا حال عمل درآمد نہیں ہوا، وزیراعظم نے ایکسپورٹرز کا مال روکے جانے کی اطلاعات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ گڈز ٹرانسپورٹ سمیت ایکسپورٹرز کا مال نہیں روکا جانا چاہیے، اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے کہا کہ ٹرک اڈوں پر ٹرانسپورٹرز کے ہوٹل کے ہوٹل بند ہیں جس کی وجہ سے ڈرائیورز کچھ کھا پی نہیں سکتے، جس پر اجلاس کے دوران ٹرانسپورٹرز کے لئے مخصوص ڈھابہ ہوٹلز کھولے جانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے تصدیق کی ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مزید 61 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 627 ہوگئی ہے۔ اب تک سندھ میں 41 کورونا متاثرہ افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہوگئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد کورونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، رپورٹ منفی آنے تک مریضوں کو زیر علاج رکھا جائے گا، اس کے علاوہ جامشورو میں 2 اور ایک کیس جیکب آباد میں سامنے آیا ہے۔

کورونا کےباعث ملتوی ہونے والے ٹوکیو اولمپکس آئندہ برس 23 جولائی سے 8 اگست 2021میں جاپان میں ہونگے.

یہ فیصلہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی,  انٹرنیشنل اولمپک پیرامیڈیکل کمیٹی اور ٹوکیو 2020 آرگنائزنگ کمیٹی نے مشترکہ طور پرکیا ہے.  اسکے علاوہ پیرا اولمپکس (جو کہ معذور افراد کےلئے ہوتا ہےوہ24 اگست تا 5ستمبر 2021 تک ہونگے. 

خیال رہے کوروناوائرس کے باعث ہونے والے ٹوکیو اولمپکس ایک سال کے لئے ملتوی کردیا گیا تھا. ٹوکیو اولمپکس رواں سال 24جولائی سے 9اگست 2020 تک کیا جانا تھا جس کے لئےجاپان میں بڑے پیمانے پرانتظامات مکمل کرلئے گئے تھے. 

 
 
 
 
کرونا وائرس کی جان لیوا وبا سے متعلق سوشل میڈیا پر غلط معلومات اور افواہیں زیر گردش ہیں وہیں مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم اسنیپ چیٹ نے ایسا فلٹر متعارف کرایا ہے جو افواہ اور حقیقت سے متعلق آگاہ کرے گا۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسنیپ چیٹ استعمال کرنے والے صارفین زیادہ تر فلٹر کا استعمال کرتے ہیں اسی لیے اسنیپ چیٹ نے ایسا فلٹر متعارف کرایا ہے جو کوویڈ 19 سے متعلق حقائق اور افواہ سے آگاہ کرے گا۔
 
اسنیپ چیٹ کا یہ نیا فلٹر موذی وبا سے متعارف سوال پوچھتا ہے، جس کے جواب میں دو ہی آپشن ہوتے ہیں ایک حقائق اور دوسرا افواہ۔ صارف جیسے ہی کسی ایک جواب کا انتخاب کرتا ہے ویسے ہی فلٹر صحیح جواب بتا دیتا ہے۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسنیپ چیٹ کی جانب سے اس نئے فلٹر کو کوویڈ 19 متھ بسٹنگ کا نام دیا گیا ہے اور میں درج کی گئی معلومات ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سے حاصل کردہ ہیں۔
 
خیال رہے کہ اس کے علاوہ متعدد سماجی رابطے کی ویب سائٹس اور پلیٹ فارمز کرونا وائرس سے متعلق پھیلائی گئی غلط معلومات کو ہٹا رہی ہیں وییں درست معلومات بھی صارفین کو فراہم کررہی ہیں۔
 
 
 
 
 
 
 
کراچی : ناجائز منافع خوروں نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انڈوں کی فی درجن قیمت میں اضافہ کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پیدوار میں کمی نہیں، ترسیلی نظام متاثر ہونے سےانڈوں کی قیمت بڑھ گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ہونے والے لاک ڈاؤن کے باعث کچھ ناجائز منافع خوروں نے موقع سے فائدہ اٹھا لیا، سپلائرز نے اشیاء خوردو نوش کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کردیا ہے۔
 
کراچی میں گزشتہ2روز میں انڈوں کی قیمت فی درجن 15روپے کا اضافہ کردیا گیا، اس اضافے کے بعد شہرمیں انڈوں کی فی درجن قیمت 145 روپے ہوگئی۔
 
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈوں کی پیدوار میں کمی نہیں ہوئی، ترسیلی نظام متاثر ہونے سےانڈوں کی قیمت بڑھ گئی، سپلائرز کو شکایت ہے کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے مال بردار ٹرکوں اور سوزوکیوں کو جگہ جگہ بلا ضرورت روکنے سے دکانوں تک ترسیل مشکلات کا شکار ہے۔
 
حکومت معاملے کو سنجیدہ لے، دوسری جانب شہریوں نے انڈوں کی قیمتوں کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موسم گرما میں انڈوں کی قیمت میں اضافے کا بوجھ شہریوں پر پڑرہا ہے، حکومت مہنگائی پرکنٹرول کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہی۔
 
واضح رہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن کے باعث دودھ کی کھپت کم ہوگئی ہے جس کے وجہ سے ڈیری فارمز مالکان نے ازخود دودھ کی قیمت میں کمی کردی تھی جسے شہریوں کی جانب سے سراہا گیا ہے
 
 
 
 
کراچی : اسٹیٹ بینک نے صارفین کے لئے ریلیف کا اعلان کردیا اور قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک مؤخر کرنے کی منظوری دے دی ، یہ سہولت ان کیلئےدستیاب ہوگی جن کی ادائیگی31دسمبرتک ریگولرہو۔
 
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے اقدمات جاری ہے، مرکزی بینک نے صارفین کے لئے ریلیف کا اعلان کردیا۔
 
اسٹیٹ بینک نے صارف کے قرضوں کی ادائیگی ایک سال تک موخر کرنے کی منظوری دے دی ، صارف کے لیے قرض کا اصل زر ایک سال موخر کرنے کی مشروط اجازت دی گئی۔
 
مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ گاڑی، گھر، ذاتی خرچ اور کریڈٹ کارڈ کے صارفین کا قرض موخر ہوسکے گا، یہ سہولت ان صارفین کے لئے دستیاب ہوگی جن کی ادائیگی 31 دسمبر تک ریگولر ہو۔
 
قرض کی ادائیگی موخر کرنے پر بینک کوئی فیس یا سود چارج نہیں کریں گے، جو صارفین سود یا منافع کی رقم ادا نہ کرسکیں وہ ری اسٹرکچر کی درخواست کرسکتے ہیں۔
 
قرضوں کو موخر یا ری شیڈول کرنے سے کریڈٹ ہسٹری متاثر نہیں ہوگی، قرضوں کی ری شیڈول اور موخر کرنے کی درخواست بینک ہلپ لائین پر کی جائے گی۔
 
 
 
 
کراچی : انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن نے پاکستان سپر لیگ 5 میں ناقص کارگردگی دکھانے پر احمد شہزاد کو آڑے ہاتھوں لےلیا۔
 
تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر لائیو سیشن میں گفتگو کررہے تھے کہ پیٹرسن نے احمد شہزاد خراب بلے بازی پر آڑے ہاتھوں لےلیا۔
 
خیال رہے کہ احمد شہزاد نے پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کی سات اننگز میں صرف 61 رنز بنائے تھے، جس پر پیٹرسن نے شہزاد کو خراب کارکردگی پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
پیٹرسن کا کہنا تھا کہ ‘میں آپ کو صرف آپ کی بیٹنگ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنا رہا ہوں، آپ نے رنز کیوں نہیں بنائے’۔
 
‘شیزی (شہزاد) میں کوئی صحافی نہیں ہوں، میں آپ کا دوست ہوں تو آپ مجھے سے ایسے بات کریں جیسے ہم کوئی پریس کانفرنس کررہے ہوں، لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ نے رنز کیوں نہیں بنائے، اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیوں نہیں کیا اور کیوں بہترین کھیل نہیں کھیلا’۔
 
احمد شہزاد نے پیٹرسن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے پی ایس ایل فائیو میں بہترین کھیل پیش کیا تھا اور رنز نہ بننے کا ملبہ قسمت کی خرابی پر ڈال دیا۔
 
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ایک اور بلے باز نے احمد شہزاد کے بالوں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ بال کیوں نہیں کٹواتے کیا آپ کے پاس کلیپر (بال کاٹنے کی مشین) نہیں ہے؟
 
 
 
 
 
 
کراچی: شہر قائد میں کام کرنے والے دو بڑے فلاحی اداروں نے کرونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے غسل، کفن اور سرد خانے کھول دئیے۔
 
تفصیلات کے مطابق ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے پ سرد خانوں اور غسل خانوں کو کھول دیا ہے، کرونا وائرس سے انتقال کرجانے والوں کو بھی غسل دیا جائے گا۔
 
فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سے آگاہ کیا جائے گا تو غسل دینے والے حفاظتی انتظامات کرلیں گے۔
 
 
دوسری جانب رمضان چھیپا کا کہنا ہے کہ سرد خانوں، غسل خانوں کو حفاظتی اقدامات کے بعد کھول رہے ہیں، چھیپا ایمبولینس میں کرونا ٹیم تشیل دی اور اسٹاف کو الگ کیا ہے۔
 
 
رمضان چھیپا نے کہا کہ کرونا وائرس سے متعلق ایمبولینس الگ کررکھی ہے، ایمبولینس عملہ مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کام کررہا ہے۔
 
یاد رہے کہ چند روز قبل ایدھی اور چھیپا ویلفیئر نے اپنے تمام غسل و کفن اور سرد خانے بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام انتظامات کو فوری روک دیا تھا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے پیاروں کی میتوں کے لیے ادارے پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ یہ قدم مجبوری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
 
 
 
 
لندن : کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے میاں نواز شریف کو بھی آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت کر دی اور کہا میاں نواز شریف عمر کے ایسے حصے میں ہیں جس میں کرونا کا حملہ ہونے کا خطرہ ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور ہر ملک اس وبا سے بچاؤ کے لئے اقدامات کررہا ہے، کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر ڈاکٹروں نے لندن میں مقیم سابق وزیر اعظم نوازشریف کو بھی آئسولیشن میں رہنےکی ہدایت کردی ہے۔
 
نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ گزشتہ روز احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی تھی، میڈیکل رپورٹ میں ڈاکٹروں کی جانب سے تلقین کی گئی ہے ک نواز شریف کے لیے سب سے اہم چیز سیلف آئسولیشن ہے۔
 
میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میاں نواز شریف عمر کے ایسے حصے میں ہیں جس میں کرونا کا حملہ ہونے کا خطرہ ہے، ان کو کرونا وباء کے خدشے سے یونیورسٹی ہسپتال جنیواء سوئٹزرلینڈ میں چیک اپ کے لیے نہیں لے جایا جاسکتا، نواز شریف کے دل کے معائنے کے لیے یونیورسٹی ہسپتال جنیواء سے وقت لیا گیا تھا۔
 
نوازشریف کے دل کی شریانوں کے لیے کیتھرائزیشن کی ضرورت ہے، ان کے دل کو خون سپلائی کرنے والی شریانیں تنگ ہوچکی ہیں، شریانیں تنگ ہونےسے نواز شریف کے دل کی ادویات کی مقداربڑھادی گئی ہے۔
 
خیال رہے پوری دنیا کی طرح برطانیہ میں بھی کورونا وائرس پھیل چکا ہے، آکسفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بھی بتایا گیا تھا کہ اس وقت برطانیہ کی آدھی آبادی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ برطانیہ کے وزیراعظم میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔
 
خیال رہے نواز شریف علاج کے غرض سے لندن میں مقیم ہیں اور وہ شوگر ، گردوں سمیت دیگربیماریوں میں مبتلا ہیں۔