منگل, 08 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

ملک بھر میں مزید  76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2291 ہوگئی ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید  76 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد اس وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2291  ہوگئی ہے۔ اس وائرس سے انتقال ہونے والے افراد کی تعداد 31 ہوگئی ہے، جب کہ 9 کی حالت تشویشناک ہے اور 107 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد  845 ہوگئی ہے، سندھ میں  743 ، خیبر پختونخوا میں 276 ، بلوچستان میں 169 ، اسلام آباد میں 69 ، گلگت بلتستان میں 187  جب کہ آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا کا شکار ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر سے بہت سے پاکستانی بیرون ممالک سے وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے. ہماری دوسری ترجیح ویزا ایکسپائر ہونے والے پاکستانی ہیں جبکہ ہماری تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم واپسی کے منتظر طلباء کو واپس لانا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز 17پروازیں بحال کرنے کی منظوری دی، ہم ان پاکستانیوں کو بتدریج واپس لائیں گے۔ 4 سے11اپریل تک کا بین الاقوامی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا ہے، ہمیں ان تمام مسافروں کو ائیر پورٹ پر کورونا ٹیسٹنگ سے گزارنا ہے اس لیے ہم اپنی ٹیسٹنگ اور قرنطینہ کی استعداد کار کو بتدریج بڑھا رہے ہیں۔ پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد ہو گا تو کراچی کے لئے بھی پروازیں کھولیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا مشکل میں ہے، پاکستان میں وبا کا پھیلاؤ دوسرے ممالک کی نسبت کم ہے اور ہم کورونا وائرس کے حوالے سے ہر روز میٹنگ کرتے ہیں، ہمارے لیے ایک طرف کورونا اور دوسری طرف بھوک بڑا مسئلہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا خاص کرم ہے جیسی صورتحال دوسرے ممالک میں ہے ہمارے ہاں نہیں، شادی ہال،اسکول دوسرے عوامی مقامات مزید دو ہفتے کیلئے بند کر دیے ہیں، لوگوں کے اجتماع سے وائرس پھیلنے کا خدشہ زیادہ ہے تاہم ہم موجودہ وسائل سے کورونا پر قابو پالیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  کورونا کے اثرات سے کمزور طبقے کو سب سے زیادہ خطرہ ہے، مزدوروں کو بیروزگاری سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں،  مزدور طبقے کی امداد کیلئے پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے، ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو احساس پروگرام سے پیسے دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کنسٹرکشن انڈسٹری کو کھولنا ہے، کنسٹرکشن انڈسٹری کیلئے کل ایک بڑے پیکیج کا اعلان کروں گا، ملک میں صنعت کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے، بزنس کمیونٹی کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ عوام ، بجلی اور گیس کے واجبات 3 ماہ میں ادا کرسکتے ہیں، تاخیر کا نقصان حکومت برداشت کرے گی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کے دوران مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مدد کی جائے گی, اس کے لیے 1200 ارب  روپے کا پیکج دیا گیا ہے۔ تمام فوڈ پراڈکٹس پر ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے، پیٹرولیم منصوعات کےلیے حکومت نے70رب روپے رکھے ہیں، کاروباری برادری اور صوبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، مختلف طریقوں سے 107 ارب روپے ری فنڈ کیے جارہے ہیں، چھوٹے کارخانوں کے متاثرہ ملازمین کے لیے 100 ارب رکھے جارہے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ عوام کو بجلی اور گیس کے بل فوری طور پر ادا کرنے کی ضرورت نہیں، بجلی اور گیس کے واجبات 3 ماہ میں ادا کیے جاسکیں گے، یوٹیلیٹی بلز جمع کرانے میں تاخیر کا نقصان حکومت خود برداشت کرے گی جس کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

 
 
 
 
 
نیویارک: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں بدترین کمی کے بعد اب اضافہ دیکھا جارہا ہے، امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر تک ہوگئی ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت میں ساڑھے 6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمت 26 ڈالر 35 سینٹس فی بیرل ہوگئی ہے۔
 
امریکی خام تیل کی قیمت میں 5.32 فیصد اضافہ، ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 21 ڈالر 39 سینٹس فی بیرل ہوگئی۔
 
معاشی ماہرین کے مطابق خام تیل کی قیمت میں اضافہ قیمتوں پر ممکنہ معاہدے کی امید پر ہوا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس اور سعودی عرب میں قیمتوں پر معاہدہ جلد متوقع ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی منڈی میں اس وقت خام تیل کی قیمت 18 سال کی کم ترین سطح پر ہے، روس اور سعودی عرب نے پیداوار بڑھانے کے ساتھ قیمتوں میں بھی کمی کی ہے۔
 
مجموعی طور پر کرونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر خام تیل کی طلب اور اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔
 
چند روز قبل تک خام تیل کی قیمت 29 سال کی کم ترین سطح پر آگئی تھی، امریکی خام تیل 20 ڈالر پر ٹریڈ ہوتے دیکھا گیا تھا۔
 
 
 
اسلام آباد : عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آٖف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا اقدامات کے باعث بینک زیادہ سستےقرضےدینےاورمعیشت کوسہارا دینے کےقابل ہوں گے۔
 
تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کورونا وائرس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک آٖف پاکستان کے اقدامات پر بیان میں کہا ہے کہ اقدامات پاکستانی بینکوں پرکورونا کے منفی اثرات کم کرنے میں مدد دیں گے۔
 
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیٹ بینک نےشرح سودمیں 1.5 فیصد کی کمی کی ہے اور بینکوں کےکیپیٹل کنزرویشن بفر میں بھی ایک فیصد کی کمی کی گئی، اقدامات سے معاشی سست روی کےدوران بینکوں پر اثرات کم ہوں گے۔
 
عالمی ریٹنگ ایجنسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمورواں سال 2سے2.5فیصد تک رہنے کا امکان ہے، اس سے پہلے موڈیز نے2.9فیصد شرح نمو رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
 
موڈیز نے کہا کہ شرح نمو میں کمی کی وجہ کورونا کی عالمی وبا ہے، خدمات کی کھپت پرنقل وحمل کی پابندیوں کے باعث کمی آئے گی، ایسے میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو سپلائی چین میں تعطل اورآڈرز کے مؤخر ہونے سے نقصان ہوگا۔
 
شرح نمومیں کمی کی وجہ کورونا کی عالمی وبا ہے۔خدمات کی کھپت پرنقل وحمل کی پابندیوں کےباعث کمی آئے گی۔ایسےمیں ٹیکسٹائل سیکٹرکوسپلائی چین میں تعطل اورآڈرزکے مؤخرہونےسےنقصان ہوگا۔
 
عالمی ریٹنگ ایجنسی کا بیان میں کہنا تھا کہ شرح سود میں کمی کریڈٹ گروتھ متوازن رکھنے کا باعث بنے گی، کیپیٹل کنزرویشن بفرمیں کمی سےبینکنگ سسٹم میں 800ارب کااضافہ ہوگا۔
 
موڈیز کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے اقدام سےبینکوں کی قرضےدینےکی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور قرضوں میں اصل کو مؤخر کرنے کی سہولت سے رسک میں کمی آئے گی۔
 
 
 
 
 
کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی کی پولیس نے ایک کارروائی میں مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار کر لیے۔
 
سرجانی پولیس نے ان جعل سازوں کو گرفتار کر لیا ہے جو سرجانی میں غریب مکینوں سے مفت راشن کا جھانسا دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔
 
ملزمان فرضی ویلفیئر ٹرسٹ کا فارم غریب افراد کو 50 روپے میں فروخت کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان سے جعلی فارمز اور دھوکا دہی کا شکار ہونے والے 400 افراد کی فہرست بھی برآمد کر لی۔
 
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان راہ نیکی ویلفیئر ٹرسٹ کے نام سے غریب گھرانوں سے پچاس روپے سے زیادہ رقم پر جعلی راشن فارم فروخت کر کے فراڈ کر رہے تھے۔
 
 
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی نواز ولد منشی خان، حسن علی ولد علی محمد، حمزہ نواز ولد علی نواز، عبدالجبار ولد قربان علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
 
خیال ر ہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر چلائی تھی کہ شہر میں سرگرم جعل سازوں نے سرجانی ٹاؤن میں بھوکے غریب عوام کو 50 روپے سے 200 روپے تک کے راشن ٹوکن بیچ کر تیسر ٹاؤن کے سیکڑوں مکینوں کو راشن کے نام پر چونا لگا دیا۔ علاقہ مکینوں نے جعل سازوں کی لوٹ مار کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج بھی کیا۔

کراچی : کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف پرائیوٹ انسٹیٹیوشن سندھ نےفیس وصولی کرنے کا ظابطہ اخلاق جاری کردیا. 

رجسٹرار جاوید رفیع کا کہنا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے صرف انتظامی امور دینے والا عملہ اسکول آکر والدین سےفیس وصول کرےگا. فیس وصولی کے دوران سوشل ڈسٹنسنگ کاخاص خیال رکھا جائےگا. فیس جمع کرانے کےلئے کسی بھی طالب علم کو جانے کئ اجازت نہیں ہوگی. 

رجسٹرار رفیعہ جاوید کاکہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ ماسک ضرور پہنے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے تمام احتیاطی تدابیر کو اپنائیں. نیز وائرس سے بچاؤ کے لئے اسکول انتظامیہ حفظان صحت کےاصولوں کا خاص خیال رکھیں کسی بھی قسم کئ خلاف ورزی کرنے پر اسکول کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائےگا. 

 
 
 
 
پشاور: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ 85 ہزار فیس ماسک، 13 سو حفاظتی سوٹ، 5 ہزار دستانے، 500 لیٹر کلورین اور 15 اسپرے مشینیں مختلف قرنطینہ مراکز کو بھجوا دی گئی ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ مزید 85 ہزار فیس ماسک اضلاع میں قرنطینہ مراکز کو بھیج دیے گئے ہیں۔
 
ڈی جی کے مطابق 10 ہزار ماسک ڈیرہ اسماعیل خان، 5 ہزار شمالی وزیرستان، 5 ہزار بنوں، 5 ہزار ماسک مالا کنڈ، 10 ہزار خیبر، 20 ہزار پشاور اور 15 ہزار بکا خیل بھیجے گئے ہیں۔
 
ان کے مطابق مزید ایک لاکھ 15 ہزار ماسک دیگر اضلاع کو بھیجے جا رہے ہیں، ایک ہزار این 95 ماسک حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کو بھجوا دیے، 23 سو ماسک ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کو خصوصی طور پر مہیا کر دیے۔
 
ڈی جی کا مزید ہنا تھا کہ 1 لاکھ 35 ہزار مختلف ماسک ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو بھیجے جا چکے ہیں، مزید 13 سو حفاظتی سوٹ، 5 ہزار دستانے، 500 لیٹر کلورین اور 15 اسپرے مشینیں بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
 
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 ہزار 210 ہوگئی ہے جبکہ 26 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
 
 
 
 
 
اسلام آباد : افواج پاکستان سول انتظامیہ کیساتھ ملکرکورونا کوشکست دینے کیلئے پر عزم اور سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہدایت پر فوج اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ ہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کوروناوائرس کیخلاف جنگ فیصلہ کن مرحلےمیں داخل ہوگئی ہے ، اس جنگ میں افواج پاکستان کورونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کےلئے پر عزم ہیں۔
 
فوج کے جوان ملک کے کونے کونے میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے سرگرم ہیں اور غریب،بزرگ افرادمیں راشن تقسیم میں بھی فوج کے جوان آگے آگے ہیں۔
 
پاک فوج نے تمام وسائل، بیشتر اثاثے اور افرادی قوت وقف کردی ہے اور پاک آرمی کے فیلڈ اسپتال، ڈاکٹر، لیبارٹریز عوامی خدمت میں پیش پیش ہیں جبکہ پاک آرمی طبی آلات، حفاظتی و ضروری اشیا میں بھرپورتعاون کررہی ہے۔
 
فوجی جوان کورونا وائرس کے بارے میں عوام کو آگاہی دے رہے ہیں جبکہ اسپتالوں میں مریضوں کی رہنمائی، لوگوں میں ماسک،گلوز بھی تقسیم اور حفاظتی تدابیرپرعمل کے لئے بھی رہنمائی کررہے ہیں ۔
 
فوجی جوان سپہ سالار جنرل قمرجاویدباجوہ کی ہدایت اپنےعوام کےساتھ شانہ بشانہ ہیں ، عوام کی جانب سے افواج پاکستان کے جذبے اورحوصلے کو سلام پیش کیا۔
 
گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کےجوانوں کو ملک کے کونے کونے تک پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ رنگ و نسل سے بالاتر ایک قوم بن کراس وبا سے لڑنا ہے، کسی طبقہ فکر کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے، طے کردہ اقدامات بروقت کرلیے تو پورا معاشرہ محفوظ رہے گا۔