جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: صوبائی حکومت نے سندھ اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سیکریٹری ریاض الدین کوناقص کارکردگی پرعہدے سے فارغ کردیا، ان کی جگہ پرووینشل الیکشن اتھارٹی کے چیئرمین محمد حسین سید کوسیکریٹری سندھ ایچ ای سی تعینات کردیا گیا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی جانب سے تبادلے کانوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ ایچ ای سی کے عہدے سے ہٹائے گئے سیکریٹری محمد ریاض الدین کے پاس اب صرف سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکااضافی چارج رہے گا جبکہ محمد حسین سید چیئرمین صوبائی الیکشن اتھارٹی کااضافی چارج اپنے پاس ہی رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چندسال میں یہ مثال پہلی بارسامنے آئی ہے کہ سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے پاس سیکریٹری ایچ ای سی کاچارج نہ ہویاسیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈزسے سیکریٹری سندھ ایچ ای سی کاچارج واپس لے لیاگیاہے۔

یادرہے کہ اس سے قبل سابق سیکریٹریزنوید شیخ،محمد حسین سید ،قاضی کبیر اورعالیہ شاہدکے پاس سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزکے ساتھ ساتھ سندھ ایچ ای سی کے سیکریٹری کاچارج بھی رہااوران سیکریٹریزکے تبادلے تک دونوں اداروں یامحکموں کے چارج مذکورہ افسران کے پاس ہی رہے تاہم یہ پہلی مثال ہے جب کسی سیکریٹری یونیورسٹیزاینڈبورڈزسے سندھ ایچ ای سی کاچارج واپس لے لیاگیاہو۔

ادھریہ بھی بتایاجارہاہے کہ مشیروزیراعلیٰ سندھ برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نثار کھوڑو بھی سیکریٹری ریاض الدین کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اورمذکورہ پوسٹ سے بھی ان کے تبادلے کے امکانات ہیں۔

حال ہی میں تعلیمی بورڈزکے سیکریٹریزکے ٹیسٹ اورانٹرویوزکے بعد ان کی تقرری کے نوٹیفکیشن کے اجرا کے باوجودان افسران کی تعیناتی نہ ہونے کے سبب سیکریٹری ریاض الدین ہدف تنقید بنے ہوئے ہیں کیونکہ انھوں نے سیکریٹری تعلیمی بورڈزکی تعیناتی کانوٹیفکیشن ایک ایسے وقت میں جاری کیاجب محض دوروزکے بعد عدالت میں یہ معاملہ پیش ہوناتھا جس کے سبب نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجودمتعلقہ تعلیمی بورڈزکے سیکریٹریز اپنے عہدوں کاچارج نہیں لے سکے اورسندھ کے تعلیمی بورڈزمیں ناظم امتحانات اورسیکریٹریزکی تعیناتی کامسئلہ حل ہونے کے بجائے مزیدپیچیدگی اختیارکرگیا

اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمعہ سے ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہوں گے۔

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔

 اس موقع پر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبائی قیادت بیٹھے گی اور پلان سی کو عملی جامہ پہنانے پر غور کرے گی، کل سے ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے ہوں گے۔
 الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی روزانہ سماعت کا مطالبہ منظور ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں اکرم خان درانی نے کہا کہ یہ تو کمال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد ہی
 
خوشخبری ملے گی، دھرنے کا مقصد اور فائدہ جلد عوام کے سامنے آجائے گا، عمران خان کو چاہیے کہ پہلے ہی اخلاقی طور پرمستعفی ہوجائیں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ اب ختم ہوچکا، الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی۔
 
واضح رہے کہ جے یو آئی نے حکومت کے خلاف مہم میں پہلے آزادی مارچ کیا اور اسلام آباد کے گراؤنڈ میں دھرنا اور جلسہ کیا۔ پلان بی کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں سڑکیں بند کرکے احتجاج کیا گیا اور اب پلان سی کا اعلان کیا ہے
اسلام آباد: عالمی ادارے پاکستان سے پولیوکے خاتمے کیلئے 2.06 ارب ڈالر فراہم کریں گے۔
 
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے ابو ظبی میں بل گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ سے ملاقات کی۔ بل گیٹس نے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا پولیوکے خاتمے کیلئے وہ 1.08 ارب ڈالردیں گے۔ بیان کے مطابق حکومت اس ضمن میں 150 ملین ڈالردے گی۔
 
ظفر مرزانے ناروے کے نائب وزیر اکسل جیکوسن، ڈائریکٹر سی ڈی سی رابرٹ ریڈ فیلڈ، صدر بل گیٹس اینڈ ملنڈا فاؤنڈیشن کرس ایلس سے بھی ملاقات کی۔

کراچی: مرکزی انجمن اخبار فروشاں کا اخبارات کے اسٹالز بند کرنے کا اعلان کردیا۔

مرکزی انجمن اخبار فروشاں کراچی کا اجلاس زیر صدارت محمد اقبال نون کے ہوا اجلاس میں جنرل سیکریٹری عبدالحمید ڈاڈا، فیڈریشن کے نائب صدر عبدالستار کارساز، شفیق بھائی، ناصر نثار شامل تھے۔

 اجلاس میں شہر بھر سے اسٹال ہولڈرز اراکین مجلس عاملہ نے شرکت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کی آڑ میں پولیس نے اخبار فروشوں کا جینا دوبھر کردیا ہے ،اخبارات کے اسٹالوں کی توڑ پھوڑ اور اخبار فروشوں کی گرفتاریوں کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی گئی ہے۔
 
 چیف سیکریٹری سندھ، کمشنر کراچی، آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی اور سی پی این ای کو اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا لیکن افسوس اخبار فروشوں کے خلاف جاری آپریشن کم ہونے کے بجائے بروز بدھ کو جاری آپریشن کے دوران قائد آباد، ملیر میں اخبارات کے اسٹالوں کو مسمار کردیا گیا جس کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہر بھر میں قائم تمام اخبارات کے اسٹال بند کرنے کا اعلان کرتے ہیں اگر پھر بھی مالکان اخبارات اور انتظامیہ نے ہماری دادرسائی نہ کی تو دوسرے مرحلے میں شہر بھر میں تمام اخبارات کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور جلد ہی سندھ بھر میں احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سینیئر جج جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے نادرا ایک انتہائی حساس ادارہ ہے، یہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی اہمیت کا ہمیں اندازہ ہے
 
جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے نادرا ملازم کی نوکری سے برطرفی کے خلاف اپیل پر سماعت کی، سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
 
دوران سماعت جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ نادرا ایک انتہائی حساس ادارہ ہے، یہ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اس کی اہمیت کا ہمیں اندازہ ہے، نادرا میں غلط آدمی ایک دن کے لئے بھی قابل قبول نہیں، نادرا میں غلط آدمی کی موجودگی سے سب کے بینک اکاؤنٹس غیر محفوظ ہو جاتے ہیں۔
برسبین : آسٹریلیا کے شہر برسبین میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کے پہلا ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اننگز کے آغاز میں ہی پاکستانی کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور صرف 78 رنز کے مجموعی اسکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
 
شان مسعود نے 27، کپتان اظہر علی 39 ، افتخار احمد 7 اور حارث سہیل نے صرف 1 رن بنایا۔ بابراعظم شائقین کی امیدوں پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام رہے اور صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے میدان میں آکر بیٹنگ لائن کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز بنائے۔ 143 رنز پر پاکستان کے 6 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔
 
اس موقع پر اسد شفیق کا ساتھ نبھانے محمد یاسر آئے اور دونوں نے مجموعے میں 84 قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔ 227 رنز پر یاسر شاہ پویلین لوٹ گئے ، انہوں نے 26 رنز بنائے، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس لوٹ گئے، اسی مجموعے پر کمنز نے اسد شفیق کو بھی چلتا کیا، انہوں نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جنہوں نے 7 رنز بنائے، عمران خان 5 رنز پر ناٹ آؤٹ ہوئے۔
 
پاکستان کے 240 رنز میں سب سے زیادہ حصہ اسد شفیق کا تھا جنہوں نے 76 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 4، پیٹ کمنز نے3، ہیزل ووڈ نے 2 جب کہ نیتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
 
میچ سے قبل کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ ڈیبیو کرنے والے نسیم شاہ کو اسکواڈ میں دیکھ اچھا لگ رہا ہے تاہم محمد عباس کو نہ کھلانا مشکل فیصلہ ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کے 16 سالہ نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کر رہے ہیں۔
 
دوسری جانب آسٹریلوی کپتان ٹم پین نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔

لاہور: اداکار و میزبان اداکار احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقررکر دیا گیا۔

بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے چائلڈپروٹیکشن بیورولاہورمیں مقامی این جی او کی معاونت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبائی وزیراطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال سمیت اداکاراحسن خان اور گلوکارعلی ظفرنے بھی شرکت کی  جہاں مہمانوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔

تقریب میں احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا تاہم اس حوالے سے احسن خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ ایسا لگا کہ بچوں کیلئے کوئی کام نہیں ہورہا،خواہش ہے کہ بچوں کیلئے بھی کوئی پروگرام منعقد ہوں اور اس ضمن میں بچوں کی رہنمائی کیلئے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے چاہیئے۔ کیوں کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کو روکنا بہت ضروری ہے۔

 دوسری جانب تقریب میں موجود علی ظفر نے بھی بچوں کے تحفظ کے حوالے سے کہا کہ ہر کام کو کرنے کیلئے خود پر یقین ہونا بہت ضروری ہے، بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کو روکنا بھی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بچوں کو حفاظت کی تلقین کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ والدین کے علاوہ کوئی شخص پاس آئے تو شور مچائیں

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی نے امتحانی فارم جمع کرانےکی تاریخ میں توسیع کردیا

جامعہ اردو کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق بی اے ،بی کام، معادلہ (مدارس) پرائیویٹ کے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 20 نومبر سے 22 نومبر تک 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ توسیع کردی گئی ہے۔

جینیوا: عالمی ادارہِ صحت نے دنیا بھر میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے انسولین کی قیمتیں کم کرنے کے ایک منظم منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او چاہتا ہے کہ مختلف کمپنیاں جنیرک یا فارمولے کے تحت انسولین تیار کریں اور بعض کمپنیوں نے اس پر آمادگی بھی ظاہر کی ہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت کی سربراہ ڈاکٹر ایمر کک نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ذیابیطس تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انسولین کی قلت ہے اور اسی وجہ سے ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ اس ضمن میں فوری طور پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

 اس وقت تین کمپنیاں انسولین کی مارکیٹ پر حاوی ہیں۔ اس تناظر میں دوا کا جینیرک یا فارمولہ ورژن اس کمی کو پورا کرسکتا ہے تاکہ دیگر کمپنیاں بھی انسولین بناسکیں۔ انسولین کے اس قسم کی افادیت اور جانچ پڑتال کا مکمل عمل خود عالمی ادارہ برائے صحت انجام دے گا۔
 
 اس سے قبل ڈبلیو ایچ او کی کوششوں سے کئی ویکسین بھی عین اسی طرح سے بنائی جاتی رہی ہیں جن میں ٹی بی، ملیریا اور ایچ آئی وی کی غیربرانڈ شدہ ویکسین اور دوائیں شامل ہیں جن پر کسی کمپنی کی چھاپ نہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر ایمرنے کہا کہ شروع میں ایچ آئی وی کی ادویہ بہت مہنگی تھیں اور اسی طرز پر یہ دوائیں بنائی گئیں تو دنیا کے 80 فیصد غریب افراد تک ان کی رسائی ممکن ہوئی۔
 

’جب پہلی مرتبہ ایچ آئی وی کا اینٹی ریٹرو وائرس بنایا گیا تو فی مریض اس کی سالانہ قیمت 10 ہزار ڈالر تھی۔ اس کے بعد جینرک طریقے سے تیار کیا گیا تو قیمت کم ہوکر 300 ڈالر فی سال تک آگئی۔ اب انسولین کے لیے بھی یہی کچھ کرنا ہوگا،‘ ڈاکٹر ایمر نے کہا۔

اس ضمن میں انسولین کی ایک قسم بنائی گئی ہے جو معیار، تاثیر اور قیمت کے تمام ٹیسٹ سے گزرچکی ہے اور جلد ہی یہ نئی ویکسین بناکر دنیا بھر کو بھیجی جائے گی۔ ڈبلیو ایچ او اپنے اس منصوبے کی تفصیلات سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ایک کانفرنس میں جلد ہی پیش کرے گا۔

 سنگاپور: ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جانوروں کے غذائی اجزا اور گوشت کی بجائے سبزیوں اور دالوں وغیرہ کا استعمال دماغی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے اور عمر گزرنے کے ساتھ ساتھ دماغی کمزوری اور اعصابی ٹوٹ پھوٹ کو بھی روکتی ہے۔

نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے پروفیسر کوہ وون پوائے اور ان کے ساتھیوں نے ڈیوک میڈیکل اسکول کے تعاون سے جو مطالعہ کیا ہے وہ امریکن جنرل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوا ہے۔

ان ماہرین نے ثابت کیا ہے کہ سبزیوں اور پودوں سے حاصل شدہ غذائی اجزا اگر عمر کے وسطی حصے میں استعمال کی جائیں تو آگے چل کر الزائیمر اور ڈیمنشیا سمیت کئی امراض کی وجہ بننے والی کیفیات کو روک سکتی ہیں۔ اس ضمن میں پھل، سبزیاں، مکمل اناج اور صرف دودھ دہی کو ہی استعمال کیا جائے تو اس سے بڑھاپے میں دماغی انحطاط کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 اس ضمن میں سنگاپور کے 63 ہزار سے زائد افراد کا بھرپور جائزہ لیا گیا اور ان سے کھانے پینے، تمباکو اور شراب نوشی، جسمانی ورزش، نیند، وزن، امراض اور دیگر کیفیات کے بارے میں انٹرویو نما سوالات کیے گئے۔ پہلے اپریل 1993ء، دسمبر 1998ء اور آخر میں 2016ء میں ان سے مختلف سوالات کیے گئے۔

تینوں مواقع پر کھانے پینے کے معمولات، دماغی صحت اور دیگر امور کے بارے میں پوچھا گیا۔ معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے سبزیاں اور پھل کھانے کو اپنا معمول بنایا ہوا تھا ان میں دماغی امراض کی شرح کا خطرہ 33 فیصد کم دیکھا گیا۔

اس لحاظ سے ماہرین کا اصرار ہے کہ 40 سال کے بعد پھلوں اور سبزیوں کا استعمال معمول بنالیا جائے تو اس کے طویل مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔