جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: ایک ہفتے کے دوران اسٹاک مارکیٹ میں 341 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جبکہ روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی۔

 کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، تین روز مارکیٹ میں تیزی جبکہ دو روز مندی ریکارڈ کی گئی۔ تیزی کے باعث دوران ٹریڈنگ مارکیٹ نے 38 ہزار کی سطح کو بھی عبور کیا مگر اختتام پر مارکیٹ 341 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 37 ہزار 925 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران بیرونی سرمایا کاروں نے 84 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص خریدے، اس طرح مجوعی طور پر حصص کی مالیت میں 33 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی، انٹربینک میں ڈالر 10 پیسے کمی کے بعد 155 روپے 27 پیسے پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی 155 روپے 40 پیسے پر فروخت ہو رہی ہے

جوہانسبرگ:سابق جنوبی افریقی کپتان ہاشم آملا پاکستان آکر پی ایس ایل کے میچز کھیلنے کیلئے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی لیگ کی بہت زیادہ تعریف سنی ہے اور وہ اس بار خود اس تجربے سے گزرنا چاہیں گے ۔

36 سالہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے جن کھلاڑیوں سے ان کی بات چیت ہوئی انہوں نے اس ایونٹ کو شاندار اور معیاری قرار دیا لہٰذا اب انہیں بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے دلچسپی پیدا ہو گئی ہے ۔

فاف ڈو پلیسز کی زیرقیادت ورلڈ الیون کے ساتھ لاہور میں تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ پچھلی بار پاکستان میں کی جانے والی میزبانی انہیں اچھی طرح یاد ہے لہٰذا وہ ایک بار پھر پاکستان میں کھیلنے کا تجربہ کرنا چاہیں گے جس کیلئے ان کی نگاہ پی ایس ایل پر مرکوز ہے ۔

کراچی: سندھ میں زیر زمین گیس اور تیل کے نئے ذخائر دریافت، سندھ سے ملنے والی گیس کو شیل اور ٹائٹ کا نام دیا گیا۔

  پہاڑوں کی تہہ میں چھپی شیل اور ٹائٹ گیس کی تلاش کے لیے پہلے مرحلے میں او جی ڈی سی ایل سندھ میں کھدائی کرے گی۔ حکومت نے ایک ماہ کے اندر پالیسی بنا کر باقاعدہ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پیٹرولیم کمیٹی کے اجلاس میں حکام نے بتایا کہ ملک میں شیل گیس کے 95 ٹریلین اور شیل تیل کے 14 بلین متوقع ذخائر موجود ہیں۔

 اراکین کمیٹی کا کہنا تھا کہ معدنی ذخائیر جن علاقوں سے دریافت ہوں پہلے مقامی آبادی کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کی پالیسی بنائی جائے۔

قراقرم انٹرشننیل یونیورسٹی دیامر کیمپس میں ایم اے ، چار سالہ ڈگری و ڈپلومہ پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کردیاگیا۔

قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی دیامر کیمپس میں ایم اے ، چار سالہ ڈگری و ڈپلومہ پروگرامز میں داخلوں کا اعلان کردیاگیا۔ طلبا و طالبات 28 فروری2020 تک داخلہ فارم جمع کرواسکتے ہیں ۔

بنگلہ: اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز کپ کا فائنل آج بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میرپورمیں کھیلا جائیگا۔

ناقابل شکست پاکستانی ٹیم کے کپتان روحیل نذیر نے امید ظاہر کی کہ وہ سیمی فائنل میں بھارت کی مضبوط ٹیم کیخلاف کامیابی کے سہارے بنگلہ دیش کو بھی مات دے کر ٹائٹل جیت لیں گے کیونکہ ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔

روحیل نذیرنے گزشتہ روز اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب نجم الحسین کیساتھ ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی ۔

دیر بالا: دیربالا کے علاقے بری کوٹ میں کار دریا میں گرگئی، حادثے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

 پولیس کے مطابق گاڑی بریکوٹ سے کوہستان جارہی تھی، مقامی افراد اور پولیس لاشوں کو نکال رہے ہیں

اسلام آباد:احتساب عدالت نے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے نیب کو پیپلزپارٹی رہنما کو 7 دسمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

 آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ کو عدالت کی جانب سے دیا گیا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر آج نیب نے دوبارہ احتساب عدالت میں پیش کیا۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما کو ایمبولینس میں عدالت لایا گیا۔ سماعت کے موقع پر نیب نے احتساب عدالت کے جج سے خورشید شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روز کی توسیع کرنے کی استدعا کی جیسے عدالت نے منظور کرلیا۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ خورشید شاہ کا موبائل نیب کے پاس ہے وہ دلوایا جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ خورشید شاہ کا موبائل فرانزک کے لیے بھیجا گیا، فرانزک مکمل ہونے پر انہیں ان کا موبائل واپس کر دیا جائے گا

 لاڑکانہ:نمرتا چندانی ہلاکت کیس میں پولیس کی جانب سے حاصل کردہ فنگر پرنٹس کی نادرا بھی شناخت نہ کرسکی۔

ذرائع کے مطابق بی بی آصفہ ڈینٹل کالج میں فائنل ایئر کی طالبہ نمرتا چندانی ہلاکت کیس میں نادرا کی جاری کردہ فنگر پرنٹ رپورٹ مل گئی ہے ۔ واقعے کے جوڈیشنل انکوائری افسر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اقبال حسین میتلو کو بھی نادرا رپورٹ جمع کروائی جا چکی ہے۔ جس میں کسی قسم کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں مل پایا۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے جائے وقوعہ سے جمع شدہ فنگر پرنٹس کا معیار انتہائی ناقص ہے، جس کی وجہ سے سے ان فنگر پرنٹس کا نادرا کے پاس موجود بائیو ڈیٹا سے کراس میچ نہیں ہوپایا۔ واقعے کے بعد متعدد افراد کے جائے وقوعہ پر آنے کے باعث فنگر پرنٹس کو نقصان ہوا، یونیورسٹی انتظامیہ واقعے کے فوری بعد اگر جائے وقوعہ کومحفوظ بنا لیتی توفنگرپرنٹس میچ ہوسکتے تھے۔
 
 دوسری جانب پولیس کی جانب سے نادرا کو ایک ماہ کی تاخیر سے فنگرپرنٹس میچنگ بھیجے جانے بھی کا انکشاف ہوا ہے۔

پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا میں پولیو کے 4 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس نے محکمہ صحت کی پریشانی میں اضافہ کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک ہی وقت میں4  نئے پولیو کیسز سامنے آگئے۔ نئے پولیو کیسز لکی مروت، بنوں، اپر اور لوئر کوہستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ ضلع لکی مروت میں علاقہ بیست خیل تحصیل سرائے نورنگ کی 3 ماہ کی بچی کے نمونے 7 نومبر کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچی نے پولیو سے بچاؤ کے کوئی قطرے نہیں پیئے تھے۔

اسی طرح بنوں کے علاقے جانی خیل تحصیل وزیر کے 10 ماہ کے بچے کے نمونے بھی 31 اکتوبر کو لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔  بچے نے مختصر مدت میں اضافی ڈوزز میں صرف 5 ڈوزز حاصل کی تھیں جبکہ روٹین ایمونائزیشن میں صرف ایک ڈوز لی تھی ۔ بچے میں  پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ضلع کوہستان کی تحصیل پٹن  سے 42 ماہ کی بچی کے نمونے27 اکتوبر کو قومی ادارہ صحت اسلام آباد کو بجھوائے گئے تھے۔ جبکہ ضلع کوہستان اپر کی یونین کونسل کمالیہ تحصیل داسو میں5 سال کی بچی میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 68 ہوگئی ہے۔ جبکہ ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے۔

ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رواں سال لکی مروت اور بنوں ملک بھر میں پولیو سے متاثرہ کیسز کے لحاظ سے ہائی رسک اضلاع بن گئے ہیں۔ لکی مروت میں 15 اور بنوں میں 24 پولیو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جبکہ کوہستان لوئر اور اپر میں رواں سال کے پہلے متاثرہ کیسز کو رپورٹ کیا گیا ہے۔

دیگر اضلاع میں شمالی وزیرستان میں 8، تورغر7، ہنگو میں 2  جب کہ باقی اضلاع باجوڑ، چارسدہ، ڈی آئی خان، خیبر شانگلہ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان سے ایک ایک کیس کو رپورٹ کیا گیا ہے۔ اب تک بلوچستان سے 7، پنجاب سے 5 اور سندھ سے 10 متاثرہ بچوں کو رپورٹ کیا گیا ہے۔

 

برسبین: آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے 580 رنز بناکر پہلی اننگز میں 340رنز کی برتری حاصل کرلی ہے جب کہ پاکستان کے دوسری اننگز میں 3 کھلاڑی آؤٹ بھی ہوچکے ہیں۔

برسبین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 312 رنز کے ساتھ دوبارہ کیا تو ڈیوڈ وارنر 151 جب کہ مارنس لبوشین 55 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

ڈیوڈ وارنر اپنے انفرادی اسکور میں صرف 3 رنز کا اضافہ کرکے نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد آنے والے اسٹیون اسمتھ بھی صرف 4 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ اس موقع پر میتھیو ویڈ نے مارنس لبوشین کا بھرپور ساتھ دیا اور اسکور کو 468 رنز تک پہنچا دیا۔ پاکستان کو چوتھی کامیابی میتھیو ویڈ کی صورت میں ملی جنہوں نے 60 رنز بنائے، دوسرے اینڈ پر موجود مارنس لبوشین کے بلے سے رنز اگلنے کا سلسلہ جاری رہا۔

مارنس لبوشین نے ٹریوس ہیڈ اور ٹم پین کے ساتھ مل کر اپنی اننگز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا، ٹریوس ہیڈ 24 اور ٹم پین 13 رنز بناسکے۔ مارنس لبوشین اپنی اولین ڈبل سنچری اسکور نہ کرسکے اور 185 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے لیکن اس وقت تک وہ پاکستان کے لیے رنز کا پہاڑ کھڑا کرچکے تھے

مارنس لبوشین کے بعد آنے والے ٹیل اینڈرز آسٹریلوی بلے باز رنز میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور پوری ٹیم 580 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پیٹ کمنز 7، مچل اسٹارک 5 جب کہ ہیزل ووڈ 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نیتھن لیون 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4 ، شاہین آفریدی اور حارث سہیل نے 2،2 جب کہ نسیم شاہ اور عمران خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور شان مسعود نے 340 رنز کے پہاڑ جیسے خسارے کے ساتھ پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز کیا لیکن 13 رنز کے مجموعی اسکور پر کپتان اظہر علی آؤٹ ہوگئے۔ 25 رنز کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان حارث سہیل کی صورت میں اٹھانا پڑا، انہوں نے 8 رنز بنائے