جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

دبئی:   ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کرکٹرزترقی سے محمد عباس اور بابراعظم کے پاؤں پھسل گئے۔

محمد شمی کی 8 درجے چھلانگ نے پاکستانی فاسٹ بولر کو 12 ویں نمبر پر پہنچادیا، بابر کو میانک اگروال کی ترقی کے باعث ایک درجہ نیچے 15 ویں نمبر پر جانا پڑا، پہلے ٹیسٹ میں شکست سے دوچار  ہونے والے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد شمی نے بنگلہ دیش کے خلاف اندور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 جبکہ دوسری باری میں 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جس کی بدولت انھیں ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں ایک ساتھ 8 درجے ترقی حاصل ہوئی۔

 جس سے وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، ان کو جگہ دینے کیلیے کچھ بولرز کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا جن میں پاکستانی پیسر محمد عباس بھی شامل ہیں جوکہ اب بارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستانی بولر یاسر شاہ بدستور 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ پوزیشن پر بدستور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز قابض ہیں، کاگیسو  ربادا کا دوسرا نمبر ہے۔
 اسی طرح اندور ٹیسٹ میں 243 رنز کی اننگز کھیلنے والے بھارتی اوپنر میانک اگروال کو 7 درجے ترقی نے گیارہویں نمبر پر پہنچادیا، اسی وجہ سے باقی کچھ بیٹسمینوں کی طرح بابر اعظم کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا، جس سے وہ اب 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اسد شفیق بدستور 20 ویں اور اظہر علی 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
 
ٹیم سے باہر سرفراز احمد کا 38 واں نمبر ہے۔ بنگلہ دیشی بیٹسمین محمود اللہ کی تنزلی کے باعث حارث سہیل ترقی پاکر 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ بیٹنگ پوزیشن آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے جبکہ بھارتی قائد ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر موجود ہیں، دوسرے نمبر پر رویندرا جڈیجا اور تیسرا نمبر انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے سنبھالا ہوا ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری میڈیکل کے سالانہ امتحانات برائے 2019ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین انعام احمد نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس پری میڈیکل گروپ کے امتحانات میں 23222امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کرکے 22874امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے
 
نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔
 
اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

 کراچی: ڈیفنس میں بنگلے کے اندر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ طبعی موت ہے جبکہ مرنے والی پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے رکن ممتاز علی چانڈ کی بیٹی تھی۔

گزشتہ روز ڈیفنس فیز 6 خیابان راحت میں ایک بنگلے سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی تھی ، ایس ایچ او گزری رضوان حیدر نے ایکسپریس کو بتایا کہ متوفیہ شفا چانڈ دختر ممتاز علی چانڈ رات کو سوئی تھی تو صبح جب اہل خانہ نے اسے جگایا تو وہ نہیں اٹھی جس پر انھوں نے ڈاکٹر کو بلایا تو موت کی تصدیق کردی گئی ۔

 مرنے والی پنجاب اسمبلی کے رکن ممتاز علی چانڈ کی بیٹھی تھی جن کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہے ، ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ واقعہ چونکہ طبعی موت ہے لہٰذا اس سلسلے میں کوئی قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔
 
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے اور مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے دو روز کے لیے سرکاری اور سیاسی مصروفیات ترک کی ہوئی ہیں اور اس دوران وہ اپنے دوستوں اور فیملی کو وقت دے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے دوستوں کی محفل میں پاکستان کرکٹ سے متعلق بھی بات چیت کی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ جب تک معیاری فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں ہوگی ہماری کرکٹ باقی دنیا سے پیچھے رہ جائے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا ڈومیسٹک نظام حقیقی ٹیلنٹ اوپر لائے گا اور نیا نظام ملک کو طویل مدتی کیریئر والے کھلاڑی دے گا۔ تاہم دیگر شعبوں کی طرح کرکٹ میں بھی نئے نظام کو مزاحمت کا سامنا ہے۔
 
 قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے برطرف کیے جانے پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرفراز اچھا کھلاڑی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں محنت کرکے واپس آئے اور کرکٹر کا اصل امتحان ٹیسٹ کرکٹ ہوتا ہے۔

مصباح الحق سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ مصباح الحق محنتی اور ایماندار سپورٹس مین ہے، مصباح میں سلیکشن اور کوچنگ کی صلاحیت موجود ہے۔

 تہران:ایران میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 36 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔ مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج کیا۔ دارالحکومت تہران سے شروع ہونے والا یہ احتجاج اب مختلف شہروں اور قصبات تک جا پہنچا ہے۔

 متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں اور سیکیورٹی اہلکاروں نے احتجاج کو سختی سے کچلنے کی کوشش کی۔ فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے براہ راست فائرنگ کی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں 4 روز کے دوران 36 افراد ہلاک ہوچکے اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 40 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پٹرول مہنگا کرنے کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج کرنے والوں کو غیر ملکی آلہ کار قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی معیشت مالی بحران کا شکار ہے اور حکومت نے پٹرول کی قیمت 10 ہزار ریال فی لٹر سے بڑھا کر 15 ہزارریال فی لیٹر کرنے کے ساتھ اس کی راشن بندی بھی کردی ہے۔ اس قیمت پر ہر نجی کار کو ایک ماہ میں صرف 60 لیٹر پٹرول ملے گا۔ اس سے زائد پٹرول خریدنے پر قیمت 30 ہزار ریال فی لیٹر ہو گی۔

اوکاڑہ: علاقہ ملحو شیخو کے قریب دریائے ستلج میں کشتی الٹنے سے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔

اوکاڑہ میں علاقہ ملحو شیخو کے قریب دریائے ستلج میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوگئے، واقعہ کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کیں جب کہ کشتی میں 30 سے زائد افراد سوار تھے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق اب تک دریا سے 7 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ کشتی ڈوبنے کے مقام پر دیگر افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی آمدورفت کے لیے استعمال کی جاتی ہے تاہم آج سفر کے دوران اچانک حادثہ پیش آیا۔

 پشاور: خیبرپختونخوا میں پولیو کیسز میں تشویش ناک اضافے کے بعد 11 اضلاع میں 5 روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کو باضابطہ شروع کردیا گیا ہے۔
 
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق انسداد پولیو مہم ایبٹ آباد، بٹگرام, ہری پور, کوہستان (اپر، لوئر، کوئی پلاس )، مانسہرہ، تورغر، شانگلہ، چارسدہ اور مہمند میں شروع کی گئی ہے.اس حوالے سے 4800 پولیو ٹیمیں بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاو کے قطرے پلا رہی ہیں. ان میں 4ہزار 162 موبائل ٹیمیں, 427 فکسڈ ٹیمیں, 182ٹرانزٹ ٹیمیں اور 33 رومنگ ٹیمیں شامل ہیں. مہم کی موثر نگرانی کے لئے ایک ہزار 189 ایریاز انچارج کو بھی متعین کیا گیا ہے۔
 
قبل ازیں پولیو مہم کو ڈاکٹروں کی ہڑتال اور یونین کونسلوں کی پولیو کی روک تھام کی کمیٹیوں سے بائیکاٹ کے باعث 4 نومبر کو موخر کیا گیا تھا۔ اب ڈاکٹروں کی ہڑتال کی کال واپس لینے کے بعد صوبے کے گیارہ اضلاع میں پولیو مہم کو شروع کیا گیا ہے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال خیبر پختونخوا میں 64 پولیو کیسز کو رپورٹ کیا گیا ہے. صوبے میں خصوصا لکی مروت و بنوں کے اضلاع پولیو کیسز کے لحاظ سے سرفہرست ہیں

 اسلام آباد: پولیو کے تدارک کیلیے حکومتی کوشش وںاور دعووں کے باجود پولیو وائرس پر قابو نہ پایا جاسکا۔

رواں سال کے اختتام تک پولیو وائرس کی سنچری مکمل ہونے کا خدشہ ، اب تک وائلڈ پولیو وائرس کے کل86 کیسز سامنے آچکے ہیں، اس کے علاو پولیو ٹائپ ٹو وائرس کے بھی9 کیسز سامنے آچکے ہیں حالانکہ پولیوٹائپ ٹو وائرس کا 1999میں ملک سے خاتمہ ہوچکا تھا۔انسداد پولیو پروگرام کے اعدادوشمار کے مطابق 2019 کے دوران پولیو نے ملک کے چاروں صوبوں کو اپنی لیپٹ میں لے لیا ہے۔

محض اسلام آباد، کشمیر و گلگت بلتستان پولیو وائرس سے محفوظ ہیں۔ خیبر پختونخوا کے12 اضلاع ،بنوں، ہنگو، ڈی آئی خان، شانگلہ، طورغر، لکی مروت، چارسدہ ،باجوڑ، خیبر ، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور ٹانک میں پولیو کے کل 64 کیسز سامنے آئی ہیں جن میں سے محض بنو ں میں پولیو کے23 کیسز رجسٹر ہوئی ہیں۔صوبہ بلوچستان کے 4 اضلاع، جعفر آباد، قلعہ عبداللہ،کوئٹہ و ہرنائی میں7 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

صوبہ پنجاب کے2 اضلاع، لاہور اور جہلم میں 5 کیسز رجسٹرڈ ہوئے ہیں جبکہ صوبہ سندھ کے8 اضلاع لیاری ٹاون،گلشن اقبال،اورنگی ٹاون، لاڑکانہ، حیدرآباد، جامشورو، سجاول اور جمشید ٹاون میں پولیو کے10 کیسز سامنے آچکی ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 1999 میں اس وائرس کا خاتمہ ہوچکا تھا، پولیو کی 3 اقسام میں سے اب ٹائپ ون و ٹو کی ویکسین ہی پلئی جارہی تھیں کیونکہ عالمی ادارہ صحت نے ہی2016 میں پولیو ٹائپ ٹو کے خاتمے کا اعلان کیا تھا
گاڑی چلانے والے افراد نے کبھی سوچا ہے کہ وہ اپنی پوری زندگی میں کتنا وقت ڈرائیونگ کو دے چکے ہیں؟
 
آج ہم آپ کو ڈرائیونگ کے حوالے سے حال ہی میں کی جانے والی ایک دلچسپ تحقیق کے بارے میں بتائیں گے جس کے بعد آپ حیران ہو جائیں گے۔
 
حال ہی میں برطانیہ کے ڈرائیورز پر ’Webuyanycar.com‘ کی جانب سے ایک دلچسپ کی گئی ہے۔
 
اس تحقیق میں ماہرین نے برطانیہ کے 2000 ڈرائیورز کا تجزیہ کرنے کے بعد حیرت انگیز نتائج اخذ کیے ہیں۔
 
تحقیق کے مطابق برطانیہ میں لوگ اپنی زندگی میں گاڑی چلا کر کُل 5 لاکھ 92 ہزار 920 میل سفر کرتے ہیں جو کہ چاند پر جا کر واپس آجانے کے مترادف ہے۔
 
ماہرین نے تحقیق میں یہ بات بھی واضح کی ہے کہ برطانیہ میں گاڑی چلانے والا شخص اوسطاً اپنی زندگی کے تقریباً چار سال کے برابر ڈرائیونگ گزارتا ہے۔
 
تحقیق میں یہ بھی بتایا کہ یہ لوگ کُل ملا کر اپنی زندگی کے 8 ماہ ٹریفک جام میں پھنس کر گزارتے ہیں۔
 
اس تحقیق کے حیرت انگیز اعداد و شمار کے مطابق اگر آپ نے 17 سال کی عمر سے گاڑی چلانا شروع کی ہے اور آپ 80 سال کی عمر تک گاڑی چلا رہے ہو تو آپ نے اپنی زندگی کے 2 ماہ صرف پارکنگ کی جگہ ڈھونڈنے میں گزارے ہیں۔
 
’Webuyanycar.com‘ کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں گاڑی چلانے والے افراد اپنی زندگی کے 61 دن اپنی گاڑی کو دھونے میں گزارتے ہیں۔
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ٹیم نے ایسا پلاسٹک تیار کیا ہے جو پانی میں گھل جاتا ہے، شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی نے ایک ایسی مشین تیار کی جس کے ذریعے ہوا سے پانی بنایا جاسکتا ہے۔
 
شعبہ نباتیات کی ٹیم نے کریلے کے چھلکوں سے پودوں کی کیڑے ماردوا تیار کی ہے جو کیمیکل فری ہے اور سمندری کائی سے ایک ایسی کریم تیار کی ہے جس کے استعمال سے مچھروں سے بچا جا سکتا ہے اور یہ کریم نومولود بچوں پر بھی لگائی جا سکتی ہے کیونکہ ا س میں کسی قسم کا کیمیکل استعمال نہیں کیا گیا۔
 
انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس جامعہ کراچی نے مچھلی کی جلد سے ایسی بینڈیج تیارکی ہے جس کے ذریعے نہ صرف جلی ہوئی جلد کا زخم بھرجاتاہے بلکہ زخم کا نشان بھی مٹ جاتا ہے اور مچھلی کی ایک قسم Squid کی سیاہی سے ایک ایسا ہیئر کلر تیار کیا ہے جوکیمیکل فری ہے اور اس کو لگانے سے بالوں یا جلد کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچتا، اپلائیڈ کیمسٹری کی ٹیم نے فیبرک کے کلر کو تبدیل کرنے کے لے ایک ایسی مشین تیار کی ہے جس کے ذریعے بہت کم قیمت پر یہ کام انجام دیا سکتا ہے۔
 
اپلائیڈ فزکس کی ٹیم نے ایسی ڈیوائس (Braille ) تیار کی ہے جس کے ذریعے نابینا افراد اپنی بات کسی بھی مقام پر موجود کسی دوسرے فرد کو بتا سکتے ہیں کسی میسجنگ سروس کی طرح، ان پروجیکٹس کی بنیاد پر شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے پہلی،کمپیوٹر سائنس نے دوسری،شعبہ نباتیات نے تیسری، اپلائیڈ کیمسٹری نے چوتھی، انسٹی ٹیوٹ آف میرین سائنس نے پانچویں ،اپلائیڈ فزکس نے چھٹی، ایگریکلچر اینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ نے ساتویں جبکہ انٹرنیشنل سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل ریسرچ سینٹر (آئی سی سی بی ایس) نے آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔
 
ایف پی سی سی آئی کے کنوینر وقاص عظیم، منیجر نیشنل انکیوبیشن سینٹر اصغر حسین اور انجینئر عدیل نے ججز کے فرائض انجام دیے۔