جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 برسبین: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے گرین کیپس کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دیدی۔
 
برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 335 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
 
چوتھے روز کے کھیل کا آغاز ہوا تو شان مسعود 27 اور بابراعظم 20 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، شان مسعود زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں 15 رنز کے اضافے کے بعد 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
 
نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد بھی صرف 4 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور بغیر کوئی رن بنائے واپس لوٹ گئے۔
 
5 وکٹیں گرنے کے بعد بابراعظم اور محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 132 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس دوران بابر اعظم نے اپنی سنچری بھی مکمل کی اور وہ 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
 
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی 95 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر نروس نائنٹیز کا شکارہو گئے جب کہ یاسر شاہ نے بھی اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا سب سے زیادہ 42 اسکور کیا۔ شاہین شاہ آفریدی 10 اور عمران خان 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
 
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وڈ نے 4، مچل اسٹارک نے 3 اور پیٹ کمنز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ایک وکٹ ناتھن لیون کے حصے میں آئی۔
 
مارنس لبوشین کو 185 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
 
خیال رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز اسکور کیے تھے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 580 رنز بنائے تھے اور اس طرح میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم پر 340 رنز کی سبقت حاصل ہوئی تھی۔

 

لاہور: وقار یونس نے بولرزکی ناقص کارکردگی کا سبب ناتجربہ کاری کو قرار دے دیا، بولنگ کوچ کا کہنا ہے کہ باصلاحیت نوجوان پیسرز وقت کے ساتھ سیکھ جائیں گے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بولنگ کوچ وقار یونس نے کہاکہ پاکستانی بولرز تھوڑے ناتجربہ کار ہیں، ایک کا ڈیبیو ہوا، دوسرے نے صرف 3ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ تیسرے کا کم بیک ہوا، آسٹریلوی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا بھی مہمان بولرز کیلیے آسان نہیں ہوتا،ہم نئی گیند سے بہتر بولنگ کرتے تو میچ کی صورتحال مختلف ہوتی۔

انھوں نے کہا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی خدمات سے محرومی کے بعد خلا پُر کرنے کیلیے بہترین دستیاب ٹیلنٹ کا انتخاب کیا، نوجوان پیسرز باصلاحیت ہیں، نسیم شاہ ابھی صرف 16سال کے ہیں، شاہین شاہ بھی20سال کے نہیں ہوئے، ان دونوں پیسرز کے ساتھ محمد حسنین اور محمد موسٰی بھی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں،یہ سب وقت کے ساتھ سیکھ جائیں گے، انھیں انٹرنیشنل معیار پر آنے کیلیے 1،2 سال دینا ہوں گے۔

وقار یونس نے کہا کہ محمد عباس ردھم میں نہیں تھے اس لیے عمران خان سینئر کو ترجیح دی گئی،تجربہ کار پیسر میچ ونر رہے ہیں لیکن انجری سے نجات کے بعد ابھی اتنی اچھی بولنگ نہیں کررہے۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان سینئر کو شامل کرنے کا فیصلہ غلط قرار دینا پیسر کے ساتھ بھی ناانصافی ہے، محمد عباس کو اگلے میچ میں کھیلنے کا موقع دینے کا فیصلہ ٹور سلیکشن کمیٹی کو کرنا ہے،عمران نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد پرتھ میں کھیلے جانے والے ٹور میچ میں بھی 5وکٹیں حاصل کیں، بدقسمتی سے ٹیسٹ میں اچھا پرفارم نہیں کرپائے۔

ایک سوال پر وقار یونس نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کو غیر ملکی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کیلیے وقت درکار ہوتا ہے، آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی یواے ای اور بھارت میں اسی طرح کی مشکلات کا شکار ہوتی ہیں،کم بیک کا موقع پانے کیلیے آسٹریلیا میں کم ازکم 3ٹیسٹ کی سیریز ہونا چاہیے۔

لاڑکانہ: نمرتا ہلاکت کیس میں پولیس کی جانب سے متوفیہ کے دوپٹے سمیت دیگر اہم شواہد ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نابھجوائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

آصفہ بی بی ڈینٹل کالج لاڑکانہ کی طالب علم نمرتا کے گلے سے بندھے دوپٹے کی ڈی این اے رپورٹ بھی لاڑکانہ پولیس کو موصول ہو گئی ہے۔ رپورٹ فارنزک لیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ اس رپورٹ کو پولیس نے جوڈیشل انکوائری آفیسر کے روبرو پیش کردیا ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرانزک ماہرین کو دوپٹے سے کسی قسم کے اسکن ٹشوز یا خون کے دھبے نہیں ملے جن سے ڈی این اے حاصل کیا جاسکے، 72 گھنٹوں تک کپڑے پے موجود چمڑی کے ٹکڑوں سے ڈی
این لیا جاسکتا تھا تاہم تاخیر کے باعث ڈی این اے ملنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ نمرتا کے گلے میں موت کے وقت بندھے دوپٹے کو واقعے کے ایک ہفتے کے بعد ڈی این اے کے لیے بھیجا گیا۔
 
 
 رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران نمرتا کے ناخن ڈی این اے کے لیے بھیجنا ضروری تھا ناخنوں کے ڈی این اے سے خود کشی اور قتل کا معمہ حل ہوسکتا تھا۔

 اسلام آباد:مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تاجروں کے ساتھ مذاکرات میں معیشت کو دستاویزی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا، قومی شناختی کارڈ ڈاکومینٹیشن کاحصہ ہوگا۔

نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے حفیظ شیخ نے کہا کہ ہمیں ٹیکس کی شرح کوبڑھانا ہے، ہمیں بزنس کمیونٹی اور عام لوگوں کو یہ بات سمجھانی ہے، حکومت کے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں کہ وہ سرکاری اداروں میں تمام لوگوں کونوکریاں دے سکے تاہم ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے حکومت کو فیصلے کرنے ہونگے، اس سلسلے میں سستے گھروں کیلیے تیس ارب روپے کاپیکج دیاہے۔

 مشیر خزانہ نے کہا کہ ہم دیگر جگہوں سے کٹ لگا کر یہ پیسے نکالیں گے، ہماری کوشش ہے کہ کسی چیز کی قیمت نہ بڑھے، پچھلے چار مہینے سے تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائیں۔ پچھلی حکومتوں کے اچھے پروگرامزکو دوگناکیا کوئی بھی حکومت سب کچھ برا نہیں کرتی۔
 
عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑاکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ورثے میں ملا۔ چونکہ اب ہم نے درآمدات کوکافی کم کر لیاہے اب ہماری بنیادی کوشش برآمدات بڑھانے کی طرف ہونی چاہئے۔ پی ٹی آئی حکومت آئی تو گردشی قرضے میں ماہانہ اضافہ38ارب روپے کاہو رہاتھا، اب یہ ماہانہ بارہ ارب روپے ہے، کوشش ہے کہ دسمبر2020 سے پہلے اسے صفرکیا جائے۔
 

مشیر خزانہ نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بجلی کے بلوں میں کم سے کم اضافہ ہو۔ ریفنڈ کو جان بوجھ کر روکنا ہماری پالیسی نہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی پالیسی کو آپ اس طرح سے پیش کر سکتے ہیں کہ کوئی بھی قانون توڑے توچاہتے ہیںکہ اس پر کارروائی ہو۔

 

برسبین: برسبین ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کے خلاف بابر اعظم اور محمد رضوان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کے باوجود پاکستان یقینی شکست کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔

برسبین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو اس کے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز تھے جب کہ کریز پر شان مسعود 27 اور بابر اعظم 20 رنز بناکر موجود تھے، پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے 276 رنز درکار تھے۔

 
چوتھے دن کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ شان مسعود 42 جب کہ افتخار احمد صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر محمد رضوان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ذمے دارانہ
کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 132 رنز کی شراکت داری قائم کی۔
 

 226 رنز کے مجموعی اسکور پر نیتھن لیون نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی پارٹنر شپ کا خاتمہ کیا، بابر اعظم نے 104 رنز کی اننگز کھیلی۔

جس کے بعد رضوان نے یاسر شاہ کے ساتھ پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ چائے کے وقفے تک پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے تھے

لاہور: پاک فضائیہ کی پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار کی تیسری برسی آج اتوارکو ملک بھر میں منائی جا رہی ہے۔

پہلی خاتون پائلٹ مریم مختار شہید24 نومبر 2015 کو پاک فضائیہ کے ایف سیون تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب فنی خرابی کے باعث جہاز تباہ ہونے کے نتیجے میں آبادی کو بچاتے ہوئے شہید ہوگئی تھیں۔

مریم مختار نے2014 ء میں پاکستان ائر فورس میں گریجویٹ کے طور پر شمولیت اختیارکی،ان کا تعلق پی اے ایف کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا جس میں6دیگر خواتین بھی شریک تھیں ۔

ریاض: اگر آپ سعودی عرب میں مقیم ہیں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اندرون یا بیرونِ مملکت سفر کرتے ہیں تو اب آپ کو بہت زیادہ محتاط رہنا ہو گا۔ کیونکہ سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے نئے قواعد و ضوابط کا اعلان کر دیا گیا ہے جن کی خلاف ورزی پر ماضی کے مقابلے میں زیادہ سخت سزائوں اور جرمانوں کا سامنا کرنا ہو گا۔

 سول ایوی ایشن کے مطابق جو مسافر دورانِ سفر عملے یا دیگر مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کرتے ہیں، اُن کا تمسخر اُڑاتے ہیں یا دورانِ پرواز عملے کے کام میں کسی قسم کی رُکاوٹ پیدا کرتے ہیں، اُنہیں سخت سزا اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

سعودی اخبار کے مطابق اگر کوئی مسافر کسی فرد سے چھیڑ خانی کرتا ہے، کوئی سامان یا رقم چُراتا ہے، یا کیبن میں گھُس کر سٹاف کو دھمکی یا تشدد کا نشانہ بناتا ہے تو اُسے گرفتار کر کے سرکاری استغاثہ کے حوالے کرے گی جو اس سے تفتیش مکمل کرنے کے بعد اسے عدالت میں مقدمہ بھُگتنے کے لیے پیش کر دے گی جہاں اُسے جُرم ثابت ہونے کی صورت میں پانچ برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک کے جرمانے کی سزا سُنائی جا سکتی ہے

عالمی شہرت یافتہ اور پاپ موسیقی کے بادشاہ کہلائے جانے والے امریکی گلوکار آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی ہر کسی کے لیے اگرچہ ایک فلم کی طرح ہے۔
 
تاہم اب پہلی بار خبر سامنے آئی ہے کہ ان کی پرتعیش، کامیابیوں سے بھری اور انتہائی متنازع زندگی پر فلم بنائی جائے گی۔
 
معاہدے کے مطابق فلم پروڈیوسر آنجھانی مائیکل جیکسن کی زندگی کو فلمی صورت میں پیش کرے گا اور ممکنہ طور پر فلم ان کی پیدائش سے لے کر موت تک بنائی جائے گی۔
 
اگرچہ تاحال فلم کے حوالے سے اور کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، تاہم کہا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن کی پیدائش سے لے کر میوزک کی دنیا میں ان کی آمد، میوزک کی دنیا میں بادشاہی کرنے اور پھر ان کے زوال سمیت ان کی موت تک کی کہانی کو پیش کیا جائے گا۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ مائیکل جیکسن اسٹیٹ کی جانب سے فلم بنائے جانے کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم پروڈیوسر اور گلوکار کے اہل خانہ اور کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پاگیا۔
 
رپورٹ کے مطابق فلم پروڈیوسر گراہم کنگ نے مائیکل جیکسن کے میوزک سمیت دیگر چیزوں کے کاپی رائٹس رکھنے والے ان کے خاندان کے افراد اور جیکسن اسٹیٹ نامی کمپنی سے معاہدہ طے کرلیا۔
 
خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم میں مائیکل جیکسن پر لگائے جانے والے بچوں کے ’ریپ‘ الزامات کو بھی فلم میں دکھایا جائے گا۔
 
تاہم اس حوالے سے فلم پروڈیوسر یا مائیکل جیکسن کی خاندان اور کمپنی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی فوری طور پر اس بات کی تصدیق کی جا سکی ہے کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا۔
پاکستان نے روہیل نذیر کی شاندار سنچری کی بدولت ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
 
ڈھاکا کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔
 
پاکستان نے روہیل نذیر کی شاندار سنچری کے ساتھ ساتھ دیگر بلے بازوں کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔
 
روہیل نذیر نے 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ عمران رفیق نے 62، کپتان سعود شکیل نے 42 اور خوشدل شاہ نے 27رنز کی اننگز کھیلیں۔
 
بنگلہ دیش کی جانب سے سمن خان تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ حسن محمود نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
 
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم کے بلے باز وکٹ پر سیٹ ہو کر وکٹیں گنواتے رہے اور کسی نے بھی بڑی اننگز کھیلنے کی کوشش نہیں کی اور پوری ٹیم 39گیندوں قبل ہی 224 رنز پر ڈھیر ہو گئی
 
میزبان ٹیم کی جانب سے عفیف حسین 49 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں نجم الحسن شانتو 46، مہدی حسن 42 اور یاسر علی نے 22 رنز بنائے۔
 
پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر محمد حسنین رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
 
شاندار سنچری اسکور کرنے پر روہیل نذیر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ حیران کن طور پر متعصب رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی پاکستانی کھلاڑی کے بجائے ایونٹ میں 244رنز بنانے والے سومیا سرکار کو سیریز کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔
 
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایونٹ میں پاکستان کے روہیل نذیر 302 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے لیکن انہیں مین آف دی سیریز ایوارڈ نہیں دیا گیا۔
 
اسی طرح باؤلنگ میں محمد حسنین نے سب سے زیادہ 13وکٹیں لیں جبکہ خوشک شاہ نے 189 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 13وکٹیں بھی لیں لیکن اس کے باوجود انہیں بھی مین آف دی سیریز کے قابل نہیں سمجھا گیا۔