جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: پی اے ایف (KIET) کراچی انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی نے آئی ای ای کراچی سیکشن کے تعاون سے مین کیمپس ، پی اے ایف بیس کورنگی کریک میں الیکٹریکل انجینئرنگ اینڈ کمپیوٹنگ ٹیکنالوجیز کے جدید ترین رجحانات کے بارے میں دوسری بین الاقوامی کانفرنس منعقد کی۔کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں خواتین کی ترقی کی صوبائی وزیر سیدہ شہلا رضا مہمان خصوصی تھیں۔

اپنے خطاب میں انہوں نے ملک کی ترقی کے لئے اعلیٰ تعلیم کی اہمیت اور تحقیق و ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔آسٹریا ، ہالینڈ ، چین کے اسکالرز اور ممتاز تنظیموں کے عہدیداران کانفرنس کے کلیدی مقررین تھے۔ کانفرنس کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محمد تیمور تالپور تھے۔ انہوں نے حالیہ رجحانات کے بارے میں کامیاب بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد کے لئے پی اے ایف (KIET) انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

کراچی: ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیر اہتمام دو روزہ تیسری سالانہ جامعات کے سی پیک کنسورشیم کی کانفرنس 18-19نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ اس کانفرنس کااس سال کا موضوع پائیدار تعلقات کے لیے تعلیمی شراکت داریاں ہے ۔

اس موقع پرشریک جامعات کی جانب سے اعلیٰ تعلیم، سائنس، آرٹس اور ٹیکنالوجی سے متعلق ایکسپو بھی منعقد کی جائے گی ۔ اس کانفرنس کے مقاصد میں تعلیمی شراکت داروں کے مابین تعلیمی تعلقات کا جائزہ لینا، انسانی وسائل کی استعداد کار میں بہتری کے لیے باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنا، دوست ممالک کی جامعات کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنا، تہذیبی ہم آہنگی اور عام عوام کے درمیان تعلقات استوار کرنا شامل ہے۔

مظفرآباد: آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس اظہر سلیم بابر نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوئی،صدر آزاد کشمیر نے اظہر سلیم بابر سے عہدے کا حلف لیا، تقریب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی مو جود تھے ۔

دریں اثنا آزادکشمیر کے ایڈووکیٹ جنرل راجہ انعام اللہ خان ایڈووکیٹ کی قیادت میں سینئر وکلاء کے ایک وفد نے صدر آزادکشمیر سے ملاقات کی ، اس موقع پر سردار مسعود نے کہا کہ وکلاء مسئلہ کشمیر اور بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں اُجاگر کریں ۔

وفد میں احتساب بیورو کے پرا سیکیو ٹر جنرل سردار امجد اسلم، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر راجہ خالد محمود خان ایڈووکیٹ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل راجہ محمد زبیر ایڈووکیٹ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چودھری محمود حسین، سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ میاں سلطان محمود اور راجہ وسیم یونس ایڈووکیٹ سپریم کورٹ شامل تھے۔

وکلاء نے کوہالہ اور نیلم جہلم منصوبہ کے حوا لے سے عدالت عا لیہ کے فیصلہ کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے آزادجموں وکشمیر کے صدر اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت کے متعلقہ ذمہ داران سے ملاقات کریں۔

 کراچی:پاکستان بالخصوص صوبہ سندھ میں ٹائیفائڈ کی ایک نئی قسم ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کی دریافت اور وبائی صورت کے بعد پورے صوبے میں ویکسین مہم شروع کردی گئی ہے۔

اس ضمن میں صوبے کے لاکھوں بچوں کو ٹائیفائڈ ویکسین دی جائے گی کیونکہ 2016ء سے منظرِ عام پر آنے کے بعد اب تک 11 ہزار افراد بالخصوص بچے ٹائیفائڈ کے شکار ہوچکے ہیں۔

اس ضمن میں ایک نئی ویکسین بنائی گئی ہے جو بیرونِ ملک سے منگوائی گئی ہے اور پانچ سال تک ٹائیفائڈ کے اثر سے بچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ ویکسین نو ماہ سے لے کر 15 سال تک کے بچوں کو پلائی جائے گی۔ اس کے بعد 2021ء تک اس پروگرام کو بڑھا کر اسے معمول کی ویکسی نیشن میں شامل کرکے پورے ملک پر لاگو کیا جائے گا۔

 اس موقع پر صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ،’ ویکسین مہم شہری علاقوں سے شروع کی جائے گی کیونکہ یہاں اس مرض کا خطرہ زیادہ ہے۔

ٹائیفائڈ کی یہ نئی ویکسین عالمی ادارہ برائے صحت نے 2018ء میں منظور کی تھی جسے سوئزرلینڈ کی جی اے وی آئی ویکسین الائنس اور دیگر اداروں نے تیار کیا ہے۔ اس کی کم خرچ خریداری میں بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن، عالمی بینک اور دیگر اداروں نے بھی مدد کی ہے۔

اس موقع پر جی اے وی آئی کے سربراہ سیٹھ برکلے نے کہا کہ ٹائیفائڈ انفیکشن انیسویں صدی میں ہلاکت کی وجہ بنا تھا لیکن اب ایکسٹریم ڈرگ رزسٹنٹ (ایکس ڈی آر) ٹائیفائڈ کی وجہ سے دوبارہ اس چیلنج نے سر اٹھایا ہے۔

ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ کی اولین شناخت پاکستان میں چند سال قبل ہوئی تھی جس کے بعد کئی علاقوں میں ٹائیفائڈ نے وبائی صورت اختیار کرلی تھی۔ واضح رہے کہ ٹائیفائڈ کی اس قسم میں روایتی اینٹی بایوٹکس بھی کارآمد ثابت نہیں ہوتیں۔

 
 
مظفرآباد : مرکزی رہنما ن لیگ شعیب عابد کو وائس چیئرمین لوکل گورنمنٹ بورڈ آزادکشمیر مقرر ہونے پر تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہماری ساڑھے 3سا ل کی کارکردگی گزشتہ کئی ادوار پر بھاری ہے۔ دس ارب کا ترقیاتی بجٹ آج 24ارب روپے تک پہنچا دیا ۔بارہویں ترمیم کے ذریعے ختم نبوت کو آئین کا باضابطہ حصہ بنایا۔میاں نواز شریف کے احسانا ت کو کبھی نہیں بھلا سکتے ۔ شاہد خاقان عباسی نے ان کے مشن کو آگے بڑھایا۔
 
تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان، وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر، ڈائریکٹر جنرل سیاسی امور ملک ذوالفقار و دیگر نے شر کت کی ۔

 انقرہ:ترکی نے کہا ہے کہ روس سے جدید ترین میزائل ڈیفنس سسٹم ایس-400 سجا کر رکھنے کے لیے نہیں بلکہ استعمال کرنے کے لیے خریدے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سے بات کرتے ہوئے دفاعی صنعت کے چیئرمین اسماعیل دیمر نے خبردار کیا ہے کہ کوئی بھی ملک اتنا جدید اور مہنگا دفاعی میزائل سسٹم شغل میلے کے لیے نہیں بلکہ استعمال کرنے کے لیے خریدتا ہے، ترکی بھی اس سسٹم کو اپنے دفاعی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں اسماعیل دیمر نے مزید کہا کہ روس سے میزائل سسٹم خریدنے پر امریکا کو ناراض ہونے کی ضرورت نہیں، دونوں ملک کے ساتھ ہمارے تعلقات قائم ہیں اور ہم توازن برقرار رکھیں گے تاہم کسی ایک ملک سے معاہدے پر دوسرے ملک کو پرانے معاہدے منسوخ نہیں کرنا چاہیے۔
 
ادھر صدر طیب اردگان نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دو دن بعد واضح طور پر کہا تھا کہ روس سے ایس- 400 میزائل دفاعی نظام خریدنا بند نہیں کریں گے۔ دوسری جانب امریکا نے بھی روسی نظام کو اپنے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے لڑاکا پروگرام میں ترکی کی شرکت معطل کردی۔
 
ترکی اور امریکا کے اپنے اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کے باعث خطے میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ہونے والی ملاقات بے نتیجہ ثابت ہوئی ہے۔ امریکا ترکی کو ایف-35 طیارے کی فراہمی سے انکاری ہے جب کہ ترکی نے بھی روس سے ایس-400 سسٹم کی خریداری روکنے کی امریکی دھمکی کو مسترد کردیا ہے۔

ملتان: چلڈرن ہسپتال ملتان میں مفت ادویات کی عدم دستیابی کے بعد بیس سے زائد مختلف انجکشن نایاب ہو چکے ہیں۔ مریضوں کے لواحقین بازاروں کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

 ملتان کے چلڈرن ہسپتال میں گزشتہ تین ماہ سے مفت ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بند ہے جبکہ مختص فنڈز کی بقایا رقم نہ ملنے سے بیس مختلف انجیکشن اور آکسیجن ماسک بھی نایاب ہو چکے ہیں جن کی تلاش میں نمونیے کا شکار بچوں کے لواحقین میڈیکل اسٹوروں پر خوار ہو رہے ہیں لیکن ہسپتال انتظامیہ کو اس کی پرواہ نہیں۔

سی ای او ہیلتھ کا کہنا ہے کہ ادویات کی قلت کے ساتھ ڈی ٹی ایل کا مسئلہ بھی درپیش ہیں تاہم ہسپتال کا سسٹم چلانے کے لیے ادویات کی خریداری کے احکامات دے دیئے ہیں۔

سردی شروع ہوتے ہی نمونیا اور چیسٹ انفیکشن کا شکار بچوں کی تعداد بےپناہ بڑھ گئی ہے اور اسی لئے ہسپتال میں ایک بیڈ پر تین سے چار مریضوں کو لٹا کر کر پریشان کرنے والے ڈاکٹروں نے لواحقین کو اپنے نجی کلینکس کے راستے بتانا شروع کر دیئے ہیں

کراچی: وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت رزاق داؤدنے کہاہے کہ پاکستان بین الاقوامی تجارت میں اپناحصہ بڑھانے کے لیے دنیابھرسے تجارت کا خواہاں ہے.

وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت پاکستان کے تحت اوآئی سی کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی مشیرتجارت نے کانفرنس کے انعقاد کوایف پی سی سی آئی کی جانب سے بہترین اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت تمام مسلم ممالک کے شرکا  کی پاکستان آمد پر خوش آمدیدکہتی ہے اورہم مل کر تجارت میں بہت زیادہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

 انھوں نے کہاکہ ہم او آئی سی ممالک تجارت میں سالانہ 4فیصد تک کا اضافہ کرسکتے ہیں۔ گزشتہ 12ماہ کے دوران ایزآف ڈوئنگ ریٹنگ میں نمایاں بہتری آئی ہے اور پاکستان رواں سال ایز آف ڈونگ بزنس کی 136ویں رینکنگ پر آگیاہے۔ انھوں نے کہاکہ او آئی سی ممالک پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔
 
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے رزاق داود نے کہاکہ کانفرنس میں سارک ممالک کے نمائندوں کی بھرپورانداز میں شرکت خوش آئند ہے۔اس کانفرنس کا مقصد معلومات دینا تھا اور شہر قائد کا امیج اس ایونٹ کی وجہ سے دنیا بھر میں مثبت امیج روشن ہوا۔ اس وقت انڈسڑی کو سب سے بڑا مسئلہ پانی کاہے۔سندھ میں اس وقت پانی کا مسئلہ اہم ہے۔گیس کے مسائل کے حوالے سے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مشرف کے دور میں پیاز کا مسئلہ ہوااور بعدازاں آلو کا مسئلہ کھڑا ہواتھایہ ایک سائکل ہے جوقلت کاسبب بنتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ایران سے ٹماٹر کی درآمد پر معاملات چل رہے آنے والے وقت میں چیزیں مزید بہتر ہونگی۔

انہوں نے کہاکہ ایز آف ڈوئنگ بزنس میں بہتری حکومتی پالیسیوں میں تسلسل کی بدولت ممکن ہوئی ہے جبکہ بجلی کی پیداوار کے حوالے سے بہت کام ہواہے۔

کراچی: جامعہ کراچی میں بیچلرز (مارننگ پروگرام) کے 18 شعبہ جات کے داخلہ ٹیسٹ کا انعقادکیا گیا
 
بیچلرز(مارننگ پروگرام ) کے داخلہ ٹیسٹ میں 9600 امیدواروں نے شرکت کی
داخلہ ٹیسٹ کے لئے جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں 26 امتحانی مراکز قائم کئےگئے
 
امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر تمام امتحانی مراکز میں ہیلپ ڈسک قائم کئے گئے۔
 
داخلہ ٹیسٹ کے موقع پر ٹیسٹ میں شرکت کرنے والوں کے لئے بلامعاوضہ ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ ٹرانسپوٹ کی سہولت ائرلفٹ پرائیوٹ لمیٹڈ پاکستان کی جانب سے فراہم کی جارہی ہے۔
 
تمام داخلی راستوں پر داخلہ کمیٹی کا عملہ اور سیکیورٹی گارڈ طلبہ اور والدین کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کا مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا
 

کوئٹہ: سپریم کورٹ کے حکم پر قومی اسمبلی کی نشست این اے 259 کے 29 پولنگ اسٹیشنز پر  دوبارہ پولنگ جاری ہے۔ 

ذرائع کے مطابق این اے 259 ڈیرہ بگٹی کے 29 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ جاری ہے 18 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ڈیرہ بگٹی این اے 259 کی اس نشست سے 2018ء کے الیکشن میں نواب زادہ شاہ زین بگٹی کامیاب ہوئے تھے تاہم آزاد امیدوار طارق کھیتران نے29 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج پر خدشات ظاہر کرتے ہوئے انہیں سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا جواب میں سپریم کورٹ نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو این اے 259 کے ان 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیاتھا۔