جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اسٹیٹ بینک نے پانچ ہزار روپے کے نوٹ پر پابندی کی تردید کردی۔

مرکزی بینک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ پانچ ہزار روپے کے نوٹ پر پابندی عائد نہیں کی جارہی ہے اور پانچ ہزار کے نوٹ کو بند کرنے کی کوئی تجویز بھی زیر غور نہیں ہے۔

اسلام آباد: مشیرخزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے وزرانہیں بلکہ پالیسیاں اہم ہیں۔

اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ عوام کا معیار زندگی بہتر بنائے بغیر نہ تو کوئی ملک ترقی یافتہ بن سکتا اور نہ ہی کوئی ملک تنہا ترقی کرسکتا ہے، ترقی کے لیے پارٹنرز کی ضرورت ہے جب کہ  ملکی ترقی کے لیے وزرا نہیں بلکہ حکومتی پالیسیاں اہم ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ سنگاپور کی فی کس آمدنی خطے کی نسبت بہت زیادہ ہے، اس خطے میں ترقی کے متعدد مواقع موجود ہیں، مختلف شعبوں میں خطے کے ممالک کے درمیان تعاون کو بھی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ملک کے لیے ضروری ہے کہ میچ جیتنے کے لیے اچھے کھلاڑی کی طرح کردار ادا کرے، حکومت محض ایک پالیسی ساز ہے، حکومت صرف کوچ یا مینجر ہے لیکن میچ کھلاڑی نے جیتنا ہوتا ہے۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ جب تک نجی شعبہ ترقی نہیں کرے گا، ترقی کی رفتار تیز نہیں ہوگی، نجی شعبے کے لیےعالمی بنک، اے ڈی بی اور دیگر اداروں کے پاس اربوں ڈالر کا سرمایہ ہے، ہمارے پاس پالیسیاں ایسی نہیں کہ اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو ترغیب دے سکیں، امیر لوگ کہاں پیسہ لگائیں اس کا فیصلہ وہ نہیں بلکہ بنک کرتے ہیں، پیسے کا کوئی ملک نہیں ہوتا، بلکہ جہاں سازگار ماحول ہو وہاں چلا جاتا ہے لہذا ہماری منزل سرمایہ کاری کے لیے آزادانہ اور سازگار پالیسی ہے۔
کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت پبلک اکیڈمک اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب جاری ہے
 
تقریب میں چئیرمین میٹرک بورڈ پروفیسرسعیدالدین سمیت ناظم امتحانات و دیگرافسران شریک پیں سرکاری اسکولوں کے ٹاپ ٹین نتائج کےحامل بچوں کو ایوارڈزدئیےجائیں گے
 
تقریب میں ڈائریکٹرایجوکیشن حامدکریم، ڈی اومرزاارشد بیگ بھی شریک ہیں
مانیٹرنگ ڈیسک: نامور افسانہ نگار محمد حامد سراج طویل علالت کے بعد 61 سال کی عمر میں چل بسے۔وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، ان کا انتقال پنجاب میں ان کے گاؤں خانٛقاه سِراجيہ میں ہوا اور وہیں ان کی تدفین بھی کی گئی۔
 
ان کے سوگوارن میں دو بیٹے، ایک بیٹی اور اہلیہ ہیں۔
 
محمد حامد سراج کی پیدائش میانوالی کے گاؤں خانٛقاه سِراجيہ میں 21 اکتوبر 1958 کو ہوئی تھی۔ان کا تعلق مذہبی گھرانے سے تھا، وہ معروف روحانی پیشوا احمد خان کے پوتے تھے۔
 
محمد حامد سراج چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ میں انجینیئر کی حیثیت ملازمت کررہے تھے، جس سے ایک سال قبل ہی ان کی رٹائرمنٹ ہوئی۔
 
ان کی چند بہترین کتابوں میں برائے فروخت، آشوب نگاہ، وقت کی فصیل، ہمارے بابا جی حضرت مولانا خواجہ خان محمد، عالمی سب رنگ افسانے اور نقش گار شامل ہیں۔
 
وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے محمد حامد سراج کے انتقال پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اسے ملک کے ادبی حلقے کا بڑا نقصان قرار دیا۔انہوں نے مرحوم کی روح کے ساتھ ساتھ ان کے خاندان والوں کے لیے بھی دعا کی۔
 
 
کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے شہر قائد میں پھیلی ٹائیفائیڈ کی وبااور بڑھتے ہوئے کیسز میں کمی لانے کے لیے 13 روزہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کا اعلان ہوگیا، مہم کے دوران کراچی میں9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔
 
کراچی ایکسپو سینٹر کے باہر شہر بھر میں 18 سے 30 نومبر تک ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے متعلق آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈی ایچ او شرقی ڈاکٹر اشفاق احمد، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹر ظہور احمد، ٹیکنیکل سپروائزر مہم ڈاکٹر در ناز، صارم برنی اور خواتین پولیو ورکرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی، واک سے قبل آسمان پر سبز اور سفید رنگ کے غبارے بھی اڑائے گئے جس کے بعد ایکسپو سینٹر سے حسن اسکوائر تک شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے واک کی
 
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایسٹ ڈاکٹر اشفاق احمد کا کہنا تھا کہ سندھ میں ٹائیفائیڈ مہم کا آغاز 18 نومبر سے ہوگا جو 30 نومبر تک جاری رہے گی، مہم کے دوران کراچی میں 9 ماہ سے 15 سال تک کی عمر کے 47 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائیں جائیں گے ، ضلع شرقی میں 8 لاکھ سے زائد بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، مہم میں مجموعی طور پر 14 ہزار سے زائد پولیو ورکرز کی ٹیمیں حصہ لیں گی، مہم کے دوران ساڑھے تین ہزار اسکول جائیں گے۔
 
والدین کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور ٹائیفائیڈ سے بچائیں، ہم اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔
کراچی: شہر میں آج بونداباندی اورہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد شہر میں یخ بستہ ہوائیں چل سکتی ہیں۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات گئے شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں بونداباندی اور کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے جس کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
 
چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز کے مطابق مغرب سے ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہونے والے مغربی سسٹم کے تحت اندرون سندھ کے مختلف شہروں اورکراچی میں ہونے والی بارشوں کے بعد سردی کی لہرچلنے کا امکان ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق رات اورصبح کے اوقات میں گرد آلود موسم جبکہ دھند چھانے کا امکان ہے جس کی وجہ سے حد نگاہ متاثرہوسکتی ہے،بدھ کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت18.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 33ڈگری رہا،بدھ کو شہر میں سمندر کی جنوب مغربی جبکہ بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلیں۔
 
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق آج دن کے وقت موسم ابرآلود رہنے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 18سے20ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
 

 کراچی:واٹس ایپ نے پرائیویسی سیٹنگ میں نئی تبدیلی لانے کا اعلان کیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نئی پرائیویسی سیٹنگ کے بعد صارفین کو مزید کنٹرول حاصل ہوگیا ہے اور وہ اب اس بات کا اختیار رکھتے ہیں کہ اب انھیں واٹس ایپ گروپ میں کون شامل کرسکتا ہے۔ اسے فعال بنانے کے لیے اپنی ایپ کی سیٹنگزمیں جائیں۔ وہاں سے اکاؤنٹ، پھر رازداری اور پھر گروپس کے سیکشن میں جائیں۔ وہاں تین آپشنز ایوری ون (ہر کوئی)، مائی کانٹیکٹس(میرے رابطے) یا مائی کنٹیکٹس ایکسپٹ (میرے رابطے ماسوائے) موجود ہیں۔

میرے رابطے کا مطلب ہے کہ آپ کی ایڈریس بک میں شامل کوئی بھی شخص آپ کو گروپ میں شامل کرسکتا ہے جبکہ میرے رابطے ماسوائے کے آپشن سے آپ کو مزید کنٹرول حاصل ہوگیا ہے کہ آپ کی رابطہ لسٹ میں سے کون آپ کو گروپ میں شامل کرسکتا ہے۔

 میڈیا میٹرز فار ڈیموکریسی کی صدف خان نے کہا، “لوگوں میں بالکل نئے انداز سے واٹس ایپ کے ذریعے جڑنے ، رابطے بڑھانے اور پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی بڑھنے کے ساتھ اس بات کی اہمیت بڑھ رہی ہے کہ صارفین کی پرائیویسی و حفاظت سے متعلق تشویش کو مزید سنجیدگی سے لیا جائے

 اسلام آباد:پاکستان پیپلزپارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کی صحت کے بارے میں نجی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پمز کے اپنے میڈیکل بورڈ نے آصف زرداری کی صحت کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے، پمز بورڈ نے وہی خدشات ظاہر کیے ہیں جو ہم گزشتہ 4 ماہ سے کر رہے ہیں تاہم ہمارا نجی میڈیکل بورڈ کا مطالبہ کیوں پورا نہیں ہو رہا۔

شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کا اپنا بورڈ کہہ رہا ہے کہ آصف علی زرداری کی طبیعت نازک ہے لہذا آصف زرداری کو فوری طور پر ذاتی معالج تک رسائی دی جائے، سابق صدر کو بنیادی طبی سہولیات نہیں دی جا رہیں، کیا مدینہ کی ریاست میں ایسا ہوتا ہے، یہ کون سی مدینہ کی ریاست ہے جہاں وزیراعظم اور کابینہ مخالفین کو نشانا بنا رہی ہے۔

 

 پشاور:وزیر مملکت انسداد منشیات اور سیفران شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے بڑے مگرمچھوں کوعبرت کا نشانہ بنائیں گے۔

پشاور میں تقریب سے خطاب کے دوران شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ منشیات کو سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار سمجھا جاتا ہے، ماضی میں منشیات کی روک تھام پر توجہ نہیں دی گئی، نوجوانوں کو جب نوکری نہیں ملتی تو وہ منشیات استعمال کرتے ہیں۔ وزیر اعظم کاحکم ہے کہ گھر گھر جا کر بتاوَ منشیات ایٹم بم سے زیادہ خطرناک ہے۔

وزیر مملکت انسداد منشیات کا کہنا تھا کہ ماضی میں اے این ایف کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا رہا، ملک بھر میں اے این ایف اہلکاروں کی تعداد 2900 ہے، منشیات کا کاروبار کرنے والے بڑے مگرمچھوں کوعبرت کا نشانہ بنائیں گے، جیلوں میں مختلف قسم کی منشیات ملتی ہیں منشیات کی نئی قسم آئس اور کرسٹل نوجوانوں کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے آئس نشے کےخلاف قوانین بنائے جارہے ہیں۔

اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔

اذرائع کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں ۔ جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے  محسوس کیے گئے ہیں ان میں اسلام آباد، چترال، سوات، دیربالا، خضراورژوب بھی شامل ہے۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہرنکل آئے