جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

تہران: ایران میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کے دوران مظاہرین اور فورسز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک اضافے کے خلاف احتجاج نے شدت اختیار کرلی ہے، دارالحکومت تہران کے بعد اب یہ احتجاج مختلف شہروں اور قصبات کی سڑکوں تک جا پہنچا ہے۔ متعدد مقامات پر پولیس اور کچھ شہروں میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔

شیراز شہر میں مشتعل مظاہرین نے پولیس کی ایک گاڑی کو آگ لگادی جب کہ صوبہ کرمان میں مشتعل افراد نے پیٹرول کے ڈپو کو نذر آتش کرنے کی کوشش کی، جھڑپ کے دوران ایک شخص کی ہلاکت جب کہ کئی کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی حکومت نے پٹرول کی قیمت 10 ہزار ریال فی لٹر سے بڑھا کر 15 ہزارریال فی لیٹر کرنے کے ساتھ اس کی راشنگ کر دی ہے۔ اس قیمت پر ہر نجی کار کو ایک ماہ میں صرف 60 لیٹر پٹرول ملے گا۔ اس سے زائد پٹرول خریدنے پر قیمت 30 ہزار ریال فی لیٹر ہو گی۔

 اسلام آباد: وفاقی حکومت نے فیٹف ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے قومی،صوبائی اور ڈویژنل سطع پر کراسنگ پوائنٹ ٹاسک فورسز کے قیام اور بارڈر مینجمنٹ اقدام(بی ایم آئی )کیلیے موٹر سائیکلز،ہتھیار،بلٹ پروف جیکٹس اور سراغ رساں کتے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بارڈر مینجمنٹ اقدام کے تحت اسمگلروں کے خلاف کارروائی کیلئے ڈائریکٹریٹر جنرل آف لااینڈ پراسیکیوشن بھی قائم کیا جائے گا جبکہ وزارت داخلہ،ایف بی آر،وزارت قانون و انصاف،وزارت دفاع اور وزارت خزانہ سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونیوالے انسداد اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں پر عملدرآمد کیلیے اہداف مقرر کردیے ہیں اور تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کمیٹی کے اجلاس میں طے ہونیوالے ٹائم فریم کے مطابق اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے۔

 اس کے علاوہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو بھجوا ئے جانیوالے انسداد اسمگلنگ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات میں ہر ٹاسک کیلیے قائم کی جانیوالی کمیٹیوں اور ان کمیٹیوں کی سربراہی کرنے والے متعلقہ ادارے اور کمیٹی میں شامل دیگر وزارتوں و اداروں کے اراکین کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
میڈیا کو دستیاب دستاویز کے مطابق اسمگلنگ کی روک تھام کیلیے آئندہ3 سے 6ماہ کے دوران قومی،صوبائی اور ڈویژنل سطع پر کراسنگ پوائنٹ ٹاسک فورسز قائم کی جائیں گی اور اس ٹاسک کے حصول کیلیے وزارت داخلہ کے حکام کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

کمیٹی کے دیگر ممبران ایف بی آر،وزارت تجارت،وزارت نارکوٹکس کنٹرول،وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، وزارت میری ٹائم افیئر،وزارت قانون و انصاف،اینٹلی جننس بیورو،وزارت دفاع کے نمائندوں کے علاوہ صوبائی چیف سیکرٹریز اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہوںگے ۔

دستاویز کے مطابق اس کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ یہ کمیٹی 3 ماہ سے 6ماہ کے اندر اندر ملک میں قومی،صوبائی اور ڈویژنل سطع پر پر کراسنگ پوائنٹ ٹاسک فورسز کے قیام کو یقینی بنانے کیلیے پلان تیار کرکے پیش کرے گی۔ اس کے علاوہ کسٹمز بارڈر مینجمنٹ اقدامات(بی ایم آئی)کے تحت آسامیوں کی تعداد بڑھائی جائیں گی جس کیلیے پہلے ہی منظوری دی جاچکی ہے اور یہ ٹاسک فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح پاکستان کسٹمز ڈپارٹمنٹ کی بارڈر مینجمنٹ اقدامات(بی ایم آئی)کے تحت درکار لاجسٹک وآلات کی بھی فوری طور پر خریداری کی جائے گی۔ لاجسٹک اور آلات کی خریداری کیلئے منظوری دی جاچکی ہے جس کے تحت ڈبل کیبن گاڑیاں اور کوسٹرز آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں مختص کردہ فنڈز سے خریدی جائیں گی البتہ موٹر سائیکل ابھی دستیاب فنڈز سے خریدیں جائیں گی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) رواں مالی سال 2019-20 کے دوران اپنے وسائل سے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے بارڈر مینجمنٹ فورس کو مضبوط بنانے کے حوالے سے درکار جدید نوعیت کے ہتھیار،بلٹ پروف جیکٹس، اور سراغ رساں کتے خریدے گا۔

دستاویز میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام ایجنسیوں کیلیے درکار انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنیکل ایکوئپمنٹس فائنل کرنے اور انکی خریداریوں کیلیے ترجیحات کا تعین کرنے کیلیے ایف بی آر کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے لندن روانگی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں وہ قطرایئرویز کی ایئرایمبولینس سے ایئرپورٹ حج لاؤنج سے لندن روانہ ہوں گے جب کہ نواز شریف کو جاتی امرا سے ایمبولینس کے ذریعے حج لاؤنچ منتقل کیا جا ئے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالتی احکامات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کی علاج کی غرض سے لندن روانگی کے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ سول ایوی ایشن انتظامیہ نے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے متصل حج لاؤنج سے ایئرایمبولینس کی روانگی کے انتظامات بھی مکمل کر لئے ہیں۔

نوازشریف کو لندن لے جانے والی ایئر ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر، ڈاکٹر پیرا میڈیکل اسٹاف وینٹی لیٹر سمیت دیگر تمام سہولیات جو آئی سی یو میں ہوتی ہیں موجود ہوں گی۔ کسی بھی ہنگامی صورت میں ایئر ٹریفک کنٹرول ضرورت پڑنے پر کسی بھی ملک میں دوران پرواز نواز شریف کی طبعیت خراب ہونے کی صورت میں طیارہ لینڈ کر سکے گا۔

 ایئر ایمولینس کی لندن پرواز کا کل دورانیہ 6 گھنٹے بتایاگیا ہے اور 10 گھنٹے کی فلائنگ کا فیول مہیا ہو گا۔ 2 پائلٹ اور 2 ڈاکٹر عدنان سمیت  جب کہ ایک نرس ساتھ ہو گی سول ایوی ایشن انتظامیہ نے حج لاؤنج سے طیارے کی روانگی کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور ایف آئی اے امیگریشن کا عملہ حج لاؤنج پر ہی امیگریشن کرے گا۔

فیملی میں شہباز شریف نواز شریف ڈاکٹر عدنان اور متوقع طور پر جنید صفدر بھی ساتھ روانہ  ہوسکتے ہیں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے عملے کی حج لاؤنج تعیناتی کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے حوالے  سے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گے ہیں اس حوالے سے ایئر پورٹ پر سیکیورٹی فورس، ایف آئی اے امیگریشن، کسٹم،اے این ایف نے بھی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

نواز شریف کے لیے پلیٹ لیٹس کے بھی چار پیک رکھے جائیں گے اور سی بی سی کرنے سمیت ایمرجنسی میں کئے جانے والے ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔

راولپنڈی: وزیرریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے معاملے پر نہ ڈیل ہوئی اور نا ہی ڈھیل ہوئی ہے اور عدالت نے دونوں فریقین کی عزت کو بحال رکھا۔

راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ سیاست اور جنگ میں ٹائمنگ بہت اہم ہوتی ہے۔ پاکستان کی سیاست خوشگوار ہے، 2ماہ تک حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ آصف زرداری کےکیس میں پلی بارگین کیلئے 5 لوگ لگے ہوئے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کسی کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنی مرضی سے واپس گئے ہیں، انہیں تو جانا ہی تھا، انہیں تو جلدی جانا تھا تاہم 2 دن مزید رکنے پر انہیں داد دیتا ہوں۔

 وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کسی چور کو نہیں چھوڑنا، اللہ تعالیٰ نوازشریف کو صحت دے، شریف برادران کو باہر بھجوانے میں کسی کا کردارنہیں، نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل ہوئی ہے، انہوں نے حلفیہ بیان دیا ہے کہ 4 ہفتہ بعد علاج کے بعد واپس آئیں گے، انہیں 4 ہفتوں کے لئے اجازت مل گئی ہے اور ہائی کورٹ نے جانے کی اجازت دی، یہ نہ نوازشریف کی جیت ہے اورنہ ہماری ہار ہے، یہ قانون کی فتح ہے، عدالت نے دونوں پارٹیوں کی عزت کو بحال رکھا۔ یہ بہت کنجوس ہیں،یہ لوگ سمجھتے ہیں کفن کے ساتھ جیبیں بھی لگی ہوئی ہیں، یہ لوگ سعودی عرب جاتے وقت حمزہ شہباز کو ضمانت پر رکھ کرگئے تھے۔

کراچی: شہرقائد کے علاقے پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا۔

کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں ٹمبر مارکیٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کی 7 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر بریگیڈ حکام  کے مطابق آگ لکڑی کے گودام میں لگی جو انتہائی شدت سے بھڑکی۔ تاہم کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں 12 دکانیں جل گئیں جبکہ 2 مکانات بھی متاثر ہوئے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کا تخمینہ تاحال نہیں لگایا جاسکا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آتشزدگی کے باعث دکانوں میں رکھا مال جل کر خاکستر ہوگیا، مجموعی طور پر 11 فائر ٹینڈرز، 4 باؤذرز اور اسنارکل نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

دوسری جانب علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ حادثے میں  ہماری بکریاں جل گئیں اگر فائر فائٹرز بروقت پہنچ جاتے تو اتنا نقصان نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ  فائربریگیڈ حکام نے ٹمبر مارکیٹ میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا تھا۔ ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان کے مطابق واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذکردی گئی تھی اور آگ کی شدت کے پیشِ نظر فائر ٹینڈرز کو واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس سے ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا۔

اسلام آباد: وزارت موسمیاتی تبدیلی نے وفاقی دارلحکومت میں کلین گرین اسکولز پروگرام کا آغاز کردیا
وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی امین اسلم کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ حکومت کلین گرین اسکولز پروگرام کا دائرہ کارملک بھر کے تیس ہزار سکولوں تک بڑھا رہی ہے۔
 

لاہور: پنجاب حکومت نے بڑھتے اسموگ کے پیش نظر آئندہ 2 روز کے لیے اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔

محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں 15 اور 16 نومبر کو اسکول بند رہیں گے، 18 نومبر بروز پیر سے تعلیمی ادارے دوبارہ کھلیں گے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق آئندہ چند روز میں اسموگ بڑھنے کا خدشہ ہے ، اسکول بند رکھنے کا فیصلہ بھی بچوں کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخواہ: صوبائی حکومت خیبرپختونخواہ کا سرکاری اسکولوں میں اگلے سال سےپرائمری جماعت سے ہشتم تک تختی اور سلیٹ دوبارہ سے متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا
 
 
برسبین: پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
 
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے وکٹ کیپر بیٹسمین ٹم پین آسٹریلین اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔ اعلان کردہ کھلاڑیوں میں بال ٹیمپرنگ میں سزا یافتہ ڈیوڈ وارنر اوراسٹیو اسمتھ بھی پاکستان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اس کے علاوہ جو برنز، مارنوس لابوشین،ٹریوس ہیڈ،میتھیو ویڈ بھی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ کیمرون بینکرافٹ، پیٹ کمنز، نیتھن لیون ، جوش ہیزل ووڈ بھی ٹیم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ان کے ساتھ میچل اسٹارک ، جیمز پٹینسن اور مائیکل نیسر بھی 14 رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں۔
 
پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا وارم اپ میچ کھیل کر اپنی تیاریوں کو حتنی شکل دے گی۔ پہلا وارم اپ میچ برابری پر ختم ہوا تھا تاہم بابراعظم، اسد شفیق، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے شاندار پرفارمنس دکھا کر اعتماد میں اضافہ کیا۔
 
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 نومبرسے برسبین میں شروع ہوگا۔

لاہور: سری لنکن ٹیم پر حملے کے 10 سال بعد اب اسی ٹیم کے دورے کے ساتھ پاکستان میں بھی ٹیسٹ کرکٹ بحال ہونے جارہی ہے۔

 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے،‏ قومی کرکٹ ٹیم سیریز میں شامل دونوں ٹیسٹ میچز ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلے گی۔ ‏سری لنکن ٹیسٹ کرکٹ ٹیم دسمبر میں پاکستان آئے گی، ‏آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئین شپ کے میچز راولپنڈی اور کراچی میں ہوں گے۔
 
‏پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 دسمبر تک پنڈی اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، ‏دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔‏ چیف ایگزیکٹو سری لنکا کرکٹ ایشلے ڈی سلوا کا کہناہے کہ ہم ایک بار پھر دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں، یقین ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے یہاں کنڈیشنز سازگار ہیں، ٹیسٹ سیریز میں مقابلہ سخت ہوگا، شائقین کو سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
 
 دوسری جانب ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان  نے سری لنکن بورڈ کی جانب سے سیریز کی تصدیق کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر سری لنکن کرکٹ کے مشکور ہیں،‏سیریز کے لیے معیاری انتظامات کیے جائیں گے۔