ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: رابی پیرزادہ نے اپنی نئی زندگی کے آغاز کی کچھ تصویری جھلکیاں مداحوں سے شئیر کی ہیں۔
 
گزشتہ دنوں نازیبا ویڈیوزوائرل ہونے کے بعد رابی پیرزادہ شدید تنقید کی زد میں تھیں، اورانہوں نے شوبز سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی جب کہ رابی پیرزادہ نے اپنی وڈیوزپرشرمندگی کا احساس کرتے ہوئے اپنے سارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرشئیر کیا تھا کہ جو بندہ دنیا میں کسی بندے کی پردہ پوشی کرے گا اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔
 
تاہم اب رابی پیرزادہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپرلکھا کہ وہ ایک نئی زندگی کا آغازکررہی ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں خانہ کعبہ کی پینٹنگ کی کچھ تصویریں شیئرکیں، جس سے یہ ہی لگتا ہے کہ یہ پینٹنگزرابی پیرزادہ نے خود بنائی ہیں۔
 
واضح رہے کہ رابی پیرزادہ نے شوبز کے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ تعالیٰ میرے گناہوں کو معاف کرے اورمیرے حق میں لوگوں کا دل نرم کرے۔

 لاہور:لاتعداد فلمی گیتوں کوامرکرنے والے معروف گلوکاراے نیرکودنیا سے رخصت ہوئے تین برس بیت گئے۔

پاکستان کے معروف پلے بیک سنگراے نیر 14 اپریل 1955 کو ساہیوال کے قریبی گاؤں رانسن آباد میں پیدا ہوئے. انہوں نے فن گلوکاری کا آغاز1974 میں ریلیزہونے والی فلم “بہشت” میں اپنی آوازکا جادو جگا کرکیا اور اس زمانے کا مقبول ترین گانا “یوں ہی دن کٹ جائیں گے” گایا۔ 1980 کی دہائی میں اے نیراوراخلاق احمد نے پلے بیک سنگنگ میں وہ مقام حاصل کیا کہ ان کے مقابلے کا کوئی سنگر موجود نہیں تھا۔

اے نیرکا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں اورانہوں نے کئی فلموں کے لیے نامورگیت گائے جس میں ’’یاد رکھنے کوکچھ نہ رہا‘‘، ’’ اک بات کہوں دلدارہ‘‘، ’’جنگل میں منگل تیرے ہی دم سے‘‘ شامل ہیں۔ اے نئیرنے 4 ہزارفلموں کے گیت ریکارڈ کرائے۔

گلوکاراے نیرکوحکومت نے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا، وہ 11 نومبر2016 کودل کا دورہ پڑنے سے دنیا فانی سے کوچ کرگئے

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

لاہور میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں سب فکر مند ہیں، ان کی صحت کی صورتحال خراب ہے اور میں نے خود تمام اداروں سے رابطہ کیا ہے، ہم ان کی صحت پر کوئی رسک نہیں لینا چاہتے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم نے نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی، ان کے لیے ایک میڈیکل بورڈ بنایا گیا جس نے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کی، مجھے یقین ہے کہ آج نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا جائے گا۔

چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بھارتی سپریم کورٹ نے ہندو جنونیوں کے ڈر سے بابری مسجد کو مندر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ دیا، مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت بھر میں مسلمانوں کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ادھر ہم پاکستان میں کرتار پور کی طرح اقلیتوں کی عبادت گاہیں کھول رہے ہیں، پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ ہم اقلیتوں کو تحفظ دیتے ہیں، ہم اس ملک میں لبرل ازم کو فروغ دیں گے اور انتہا پسندی و دہشت گردی ختم کریں گے۔
 
 

 لاہور:سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکا جس کے باعث ان کی لندن روانگی دوسری بار منسوخ ہوگئی۔

ذرائع ایوی ایشن کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی قطرایئرویز کی ٹکٹیں منسوخ کرادی گئیں۔ انہوں نے آج قطر ایئرویز کی پرواز سے لندن براستہ دوحہ جانا تھا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نوازشریف کا نام تاحال ای سی ایل میں موجود ہے، ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظرابھی تک حکومت کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی، ان کے پلیٹلٹس خطرناک حد تک کم ہونے کے باعث وہ اب تک گھر میں قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ ان کے پلیٹلٹس بڑھانے کے لئے گذشتہ روزاسٹیرائیڈز کی خوراک دی گئی تھی۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روزہوگا اوراسی اجلاس میں نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی نے غیرملکی ایئرلائن سے لندن کے لئے ٹکٹیں بک کرا رکھی تھیں، نوازشریف کے ہمراہ شہبازشریف اورڈاکٹرعدنان نے بھی لندن جانا تھا۔ نوازشریف کے لندن سفر کی سمری بھی وزارت قانون کو ارسال کردی گئی تھی۔

سڈتی: ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں جب کہ آگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

آسٹریلوی ریاستوں نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ہے جس کے باعث ہزاروں کی تعداد میں شہری گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے ہیں جب کہ اب تک 3 افراد آگ میں جھلس کر ہلاک ہوچکے ہیں، 120 سے زائد مقامات پر لگی آگ سے 9 لاکھ 70 ہزار ایکڑ رقبہ تباہ ہو چکا ہے اور 150 سے زائد گھر بھی جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے علاقے میں ہنگامی حالات کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا جاسکتا ہے، آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ مورسن نے آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان تمام افراد کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھودیا ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ سخت موسم ہونے کے باعث سڈنی سمیت دوسرے کئی شہروں میں بھی آگ بھڑک سکتی ہے، انتظامیہ ہیلی کاپٹر اور فائر ورکرز کے زریعے آگ بجھانے کی کوشش کررہی ہے تاہم خراب موسم کے باعث آگ بجھانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  اسلام آباد:جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کی اسپیشل ڈیوٹی پر آئے پولیس اہلکارنے چھٹی نہ ملنے پرچھری سے خود کوزخمی کرلیا۔

ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے ہمراہ سوات سے آنے والے فرنٹیئر ریزرو پولیس کے ہیڈکانسٹیبل صدیق خان نے چھٹی کی درخواست دی جسے اعلی افسران نے نہ صرف مسترد کردیا بلکہ اہلکار کی سرزنش بھی کی۔

اس پر دلبرداشتہ پولیس اہلکار نے باتھ روم میں گھس کر گلے پر چھری پھیرلی اور خودکشی کی کوشش کی۔ زخمی نوجوان اہلکار کو تشویشناک حالت میں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد اور سوات پولیس کے افسران بھی پمز اسپتال پہنچ گئے ہیں اور زخمی سے ملاقات کی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انڈسٹریل ایریا زون کو معاملہ کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا۔

 ڈھاکہ: سمندری طوفان ’بلبل‘ بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جب کہ ہزاروں مکانات تباہ اور 5 لاکھ افراد بے گھر ہوگئے۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والا سمندری طوفان ’بلبل‘ بھارت اور بنگلا دیش کے ساحلوں سے ٹکرا گیا، دونوں ممالک کے ساحلی علاقوں میں تند و تیز ہواؤں کے جھکڑ کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مختلف واقعات میں بنگلادیش میں 8 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ  بھارتی شہر کلکتہ میں 3 اور ریاست اوڈیشا میں 4 شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث ہزاروں مکانات تباہ ہوگئے، بنگلادیش سے 3 لاکھ اور بھارت میں سوا لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے متاثر جنوبی ساحلی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام تک طوفان کی شدت میں کمی کا امکان ہے تاہم شہری بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب برتیں اور میونسپل اداروں کی ہدایات پر پوری طرح عمل کریں۔

ایبٹ آباد: رائیونڈ اجتماع سے واپس آنے والے افراد کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 4زخمی ہوگئے۔

حویلیاں کے قریب اعظم آباد کے مقام پر تیزرفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو ٹکر مار دی۔ لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ایبٹ آباد منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

تمام جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایبٹ آباد کے علاقے ملک پورہ سے ہے اور وہ سب اجتماع سے واپس ایبٹ آباد آ رہے تھے۔ پولیس نے ٹر ک ڈرائیور کے خلاف تھانہ حویلیاں میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

کراچی میں اسلحہ کے زور پر ملزمان نے مسجد میں داخل ہو کر نمازیوں کو لوٹ لیا۔

 ذرائعکے مطابق خوف خدا سےعاری ڈکیتوں نے نمازیوں کو بھی نہ بخشا، دھوراجی کالونی کی مسجد میں اسٹریٹ کرمنلز نے ڈکیتی کی واردات کر کے نمازیوں کو نقدی اور موبائل فون سے محروم کردیا۔

واقعہ گذشتہ روز 11 ربیع الاول کو مسجد کے اندر پیش آیا جہاں دونوں ملزمان جوتے اتار کر وضو خانے پہنچے اور وضو کرتے دو شہریوں سے نقدی موبائل فون چھین لیا، وضو کرنے والے افراد مسجد میں ملزمان کو دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے۔

ایک ملزم  کا چہرہ کھلا تھا اوردوسرے نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا، ملزمان لوٹ مار کے بعد باآسانی فرار ہوگئے

کراچی: کراچی میں ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

 پرائس کنٹرول کمیٹیاں سرکاری نرخ کا اطلاق کرانے میں بری طرح ناکام ہیں اور سبزی منڈی سمیت شہر بھر میں کہیں بھی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہیں ہورہا۔

شہر قائد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹماٹر کے ہول سیل نرخ 200 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ دکانوں اور ٹھیلوں پر ٹماٹر 250 سے 300 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔

ہول سیلرز کے مطابق آج ٹماٹر سبزی منڈی میں 200 سے 240 روپے کلو میں فروخت ہوا، ایران کا ٹماٹر آنا بند ہوگیا ہے جبکہ بلوچستان سے بھی لال ٹماٹر کی سپلائی کم ہوگئی، سندھ کی فصل تیار ہونے میں مزید دو ہفتے لگ سکتے ہیں جس کے آنے کے بعد نرخ معمول پر آجائیں گے۔

ٹماٹر کے ساتھ ساتھ دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی کم نہ ہوسکیں۔ نیا آلو 100 روپے جبکہ پرانے آلو کی قیمت 40 سے 60 روپے فی کلو ہے، اسی طرح پیاز 90، لہسن 380، ادرک 380 ، ہری مرچ 150 اور لیموں 200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ ہرا دھنیا 10 روپے جبکہ پودینا 20 روپے گڈی میں فروخت ہورہا ہے۔