ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر وطن واپس آگئے۔

ذرائع کے مطابق عالمی اسنوکر چیمپئن محمد آصف آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کرترکی سے وطن واپس پہنچ گئے۔ محمد آصف دوسری مرتبہ اسنوکر کے عالمی چیمپئن بنے ہیں۔

عالمی اسنوکر چیمپئن شپ محمد آصف کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں اس نے اتنی بڑی کامیابی سے ہمکنار کیا، ہماری عوام ہم سے بہت محبت کرتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے کوئی حوصلہ افزائی نہیں ملتی، یہ میرے اکیلے کی جیت نہیں یہ پورے پاکستان کی جیت ہے جب کہ یہ ٹائٹل اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے نام کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں فلپائن کے کھلاڑی جیفری روڈا کو شکست دی تھی۔

کراچی  : آج شام سیارہ عطارد سورج کے عین سامنے سے گزرے گا اس  حوالے سے جامعہ کراچی شعبہ فلکیات میں دوربین کے ذریعے اس کا مشاہدہ کیا جاسکے گا۔

آج  شام پوری دنیا میں فلکیات کے شوقین اور عام افراد ایک دلچسپ قدرتی مظہر کا مشاہدہ کریں گے جس میں سیارہ عطارد (مرکری) سورج کے سامنے سے ایک نقطے کی مانند گزرے گا۔ جامعہ کراچی میں شعبہ فلکیاتی اور فلکی طبیعیات کے تحت اس عطارد کے عبور دکھانے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اگرچہ دنیا کے کئی ممالک میں یہ منظر دیکھا جائے گا لیکن پاکستان میں بھی صرف زیریں سندھ اور میں چند منٹوں کے لیے رونما ہوگا۔ جامعہ کراچی میں حالیہ نصب کی جانے والی 16 انچ میڈ دوربین کے ذریعے صحافیوں، طلبہ و طالبات اور عام افراد کو یہ منظر دیکھنے کی دعوت دی گئی ہے۔

اس موقع پر ’انسٹی ٹیوٹ آف اسپیس اینڈ پلانیٹری ایسٹروفزکس کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اقبال نے کہا کہ یہ منظر چند منٹوں کے لیے ہی دکھائی دے گا اور انہوں نے کہا ہے کہ اسے دیکھنے کے خواہش مند ساڑھے پانچ بجے تک جامعہ کراچی پہنچ جائیں۔

مرکری ٹرانزٹ یا عبور کے موقع پر ایک سیارے کو سورج کے چہرے پر کسی تِل کی مانند دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ واقعہ اگلی مرتبہ 13 برس بعد سال 2032ء میں رونما ہوگا کیونکہ ایک صدی میں ایسا 13 مرتبہ ہی ہوتا ہے۔ نظامِ شمسی میں دو ہی ایسے سیارے ہیں جو سورج کے سامنے تیرتے ہوئے گزرتے ہیں جن میں زہرہ (وینس) اور عطارد (مرکری) شامل ہیں۔

اس سے قبل جون 2012ء میں زہرہ سیارہ سورج کے سامنے سے گزرا تھا اور وینس ٹرانزیشن کو دیکھنے کے لیے جامعہ کراچی سمیت کئی اداروں نے خصوصی انتظامات کیے تھے۔

اگرچہ عطارد سورج کے گرد بہت تیزی سے گزرتا ہے لیکن اکثر اوقات اس کے مدار کی سطح زمین کی سیدھ میں نہیں ہوتی یا تو وہ سورج کے پس منظر میں اوپر ہوتا ہے یا پھر نیچے سے گزر جاتا ہے۔ اسی بنا پر نومبر ایک خاص لمحہ ہے جب ہماری زمین، عطارد اور سورج ایک ہی سیدھ میں ہیں اور ہم عطارد کے عبور کا بغور مشاہدہ کرسکتے ہیں۔

اس عمل میں عطارد سورج کی سطح پر ایک سیاہ نقطے کی مانند دکھائی دے گا جو سورج کی ٹکیہ کی جسامت کے صرف نصف فیصد رقبے کے برابر ہوگا۔ اس موقع پر ناسا نے فلکیاتی کے شائقین سے کہا ہے کہ وہ اس آسمانی مظاہرے کے لیے تیار رہیں کیونکہ یہ ایک بہت نایاب اور دلچسپ واقعہ ہوگا۔

تاہم تمام ماہرینِ فلکیات اور ناسا کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس ضمن میں سورج کو براہِ راست دیکھنے سے آنکھوں اور بصارت کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوسکتا ہے۔ اسی لیے یہ عمل یہ تو پانی بھرے پیالے میں سورج کے عکس میں دیکھا جائے یا پھر گھر میں رکھے پرانے ایکس رے کی دو تہیں استعمال کرکے سورج کو دیکھا جائے۔ اس طرح وہ سورج کی سطح پر عطارد کو دھیرے دھیرے ایک مقام سے دوسرے مقام تک جاتے ہوئے دیکھ سکیں گے۔

پاکستان اور عطارد کا عبور

فلکیات سے شغف رکھنے والے افراد کے لیے افسوس ناک خبر یہ ہے کہ پاکستان کے غالب حصے میں یہ عبور نظر نہیں آئے گا اور اس کی ایک جھلک کراچی اور اطراف میں دیکھی جاسکے گی۔

شام 5 بج کر 34 منٹ پر سورج کی تھالی کے اوپری بائیں حصے پر ایک نقطہ عطارد کی صورت میں نمودار ہوگا۔ اگلے دو منٹ میں یہ مزید واضح ہوگا اور دھیرے دھیرے سورج کے درمیانی حصے میں آگے بڑھے گا اور 5 بج کر 44 منٹ پر سورج ڈوبنا شروع ہوجائے گا۔

 روالپنڈی:پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ آج ایک بار پھر عظیم قائد محمد علی جناح کا ہندو شدت پسندی کے بارے میں نظریہ درست ثابت ہوگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتوں کو ایک بار پھر احساس ہو جانا چاہئے کہ ہندوتوا کے بارے میں ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کا نظریہ بالکل ٹھیک تھا اور یقینی طور پر بھارت میں موجود اقلیتوں کو اب ہندستان کا حصہ بننے پر افسوس ہو رہا ہوگا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ کے ساتھ میڈیا بریفنگ کی اپنی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں انہوں کہا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اور ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ ہمیں کس طرح اپنا ملک چلانا ہے۔

میجر جنرل آصف غفور نے ویڈیو بریفنگ میں مزید کہا کہ بھارت خود کو ایک سیکولر ملک کہتا ہے ،لیکن کیا وہ حقیقی طور پر ایک سیکولر ملک ہے؟ کیا وہاں کروڑوں مسلمان اور دیگر اقلیتیں محفوظ ہیں؟ پاکستان نے تو سکھ مذہب کے ماننے والوں کے لیے کرتار پور راہداری بنادی۔

اسلام آباد / سیالکوٹ: شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 142واں یوم ولادت آج (9 نومبر) منایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ کا 142واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے، لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ ولادت اقبال کے حوالہ سے ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، مباحثوں اور سکولوں اور کالجوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد ہوگا، ریڈیو، ٹی وی پرخصوصی پروگرام نشر و ٹیلی کاسٹ ہوں گے۔

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ اقبال ؒ برصغیر کے عظیم فلاسفر تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں میں اپنی شاعری کے ذریعے بیداری پیدا کی۔

لاہور: وزیراعظم عمران خان آج کرتار پور راہداری اور دنیا کے سب سے بڑے گوردوارے دربار صاحب کا افتتاح کریں گے۔

دنیا بھر میں بسنے والے سکھوں کی 72 سال کی دعائیں قبول ہوگئیں، وزیراعظم عمران خان آج کرتارپو ر راہداری کا افتتاح کریں گے اوریہ منصوبہ 10 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔

راہداری کی تعمیر کے ساتھ پاکستان میں موجود سکھوں کے دوسرے مقدس ترین مقام گوردوارہ دربار صاحب میں بھی توسیع کی گئی ہے، 44 ایکڑ رقبے پر مشتمل دنیا کا یہ سب سے بڑا گوردوارہ ہے، سکھ یاتری 72 سال کی دعائیں پوری ہونے پر خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

افتتاحی تقریب کا آغاز صبح 11 بجے ہوگا، پنڈال میں 6 ہزارسے زائد مہمانوں کے لیے کرسیاں لگائی گئی ہیں، وزیراعظم عمران خان منصوبے کا افتتاح، راہداری کا وزٹ اور تقریب سے خطاب کریں گے جب کہ بھارت سے آئے ہوئے مہانوں کے نمائندے بھی اظہار خیال کریں گے، اس حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں جہاں بھارت سمیت مختلف ممالک سے آئے ہوئے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہوں گے وہیں سابق بھارتی کرکٹر اور عمران خان کے دوست نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک ہوں گے۔

سابق بھارتی وزیراعظم ڈاکٹرمنموہن سنگھ، مشرقی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور اداکار اور ممبر پارلیمنٹ سنی دیول سمیت دیگر گئی بھارتی مہمان بھی راہداری کے راستے گوردوارہ دربارصاحب آئیں گے۔

پاکستان نے خیرسگالی طور پر کرتار پور راہداری کے راستے آنے والے پہلے وفد سے 20 ڈالر سروس فیس نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، انٹری کے لیے کارآمد بھارتی پاسپورٹ اور 10 دن پہلے رجسٹریشن لازمی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے خیرسگالی طور پر ایک سال کے لیے بھارتی یاتریوں کے لیئے پاسپورٹ اور 10 دن پہلے رجسٹریشن کی شرط ہٹانے کا اعلان کیا تھا تاہم بھارت کی طرف پاکستان مخالف پراپیگنڈے اور اپنی طرف سے پاسپورٹ کی شرط ختم نہ کیے جانے کے بعد ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی طرف سے دی جاری رعایت پر اعتراض ہے تو ہم باہمی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔

واضح رہے کہ اس منصوبے کا سنگ بنیاد گزشتہ سال 28 نومبر کو رکھا گیا تھا، منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہوگیا ہے جس کا افتتاح آج ہونے جارہا ہے، دوسرے مرحلے میں یہاں اعلیٰ معیار کے ہوٹل، ریسٹورنٹ اور شاپنگ مال تیار ہوں گے۔

پرتھ: مصباح الحق کے پاس ٹیم کی مسلسل شکستوں کے جواز ختم ہو گئے، وہ میڈیا کا سامنے کرنے سے کترانے لگے۔

بورڈ کی میڈیا پالیسی مسلسل تنقید کی زد میں ہے، آئی سی سی سے آئے ہوئے آفیشل کی جانب سے غیرملکی بورڈز کی تقلید نے معاملات بگاڑ دیے،آسٹریلیا سے ٹی 20 سیریز میں مصباح الحق نے بھی کسی پریس کانفرنس میں شرکت  نہیں کی، صرف آمد کے بعد ایک بار انھوں نے میڈیا سے بات کی تھی۔

پہلے ٹی 20 سے قبل بابر اور میچ کے بعد رضوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا، دوسرے میچ سے پہلے کسی پلیئر نے صحافیوں سے گفتگو نہیں کی اور میچ کے بعد افتخار احمد آئے، تیسرے ٹی ٹوئنٹی سے پہلے وہاب ریاض نے میڈیا سے بات کی تھی۔

سیریز گنوانے کے بعد صحافی توقع کر رہے تھے کہ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق آ کر شکست کی وجوہات بیان کریں گے مگر میڈیا منیجر رضا راشد کپتان بابر اعظم کو لے آئے جو واضح طور پر گھبرائے ہوئے دکھائی دیے، خوش قسمتی سے پاکستان سے صرف ایک اور آسٹریلیا کے چند صحافیوں کی موجودگی کے سبب بہت جلدی پریس کانفرنس ختم ہو گئی۔

واضح رہے کہ  ڈائریکٹر میڈیا نے پاکستانی صحافیوں کیلیے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینا مشکل بنا دیا ہے، ان کی ہدایت پر کھلاڑیوں کو سات پردوں میں چھپایا جاتا ہے اور خود انٹرویوز کر کے ریلیز کیے جاتے ہیں۔

 واہگہ:بھارتی حکومت نے سابق بھارتی کرکٹر اور سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو کو کرتارپور راہداری کے افتتاح میں شرکت کے لیے واہگہ کے راستے پاکستان آنے سے روک دیا۔

ذرائع کے مطابق نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے آج واہگہ پہنچے تو بھارتی حکام نے روک لیا، حالانکہ جمعہ کے روز بھارتی حکام نے سدھو کو واہگہ سے اجازت کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم 5 روز کے ویزے کے باوجود عین وقت پر اٹاری پر روک لیا۔

نوجوت سدھو کے استقبال کے لیے واہگہ پر موجود افراد واپس روانہ  ہوگئے، سدھو اب کرتارپور سے آئیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی حکومت نے نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان آنے کی اجازت دی تھی جب کہ پاکستان آنے والے وفد میں بھارتی اداکار سنی دیول، سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ اور بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھی شامل ہوں گے۔

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مودی کی سیاست نفرت کی سیاست ہے جب کہ بھارتی سپریم کورٹ پربے پناہ دباؤ ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا بابری مسجد کیس کے فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں کہنا ہے کہ آج کے دن بھارتی عدالت کا فیصلہ سنانے کا کیا مقصد ہے، سکھ خوشی منارہے ہیں لیکن آج سکھوں کی خوشیوں کے رنگ میں آج بھنگ ڈالی گئی، بھارتی سپریم کورٹ نے نئی بحث کا آغاز کردیا جب کہ گاندھی اورنہروکا بھارت دفن ہوگیا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ پربے پناہ دباؤ ہے، فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیرمیں آگ اوراٹھے گی، مودی کی سیاست نفرت کی سیاست ہے، نفرت کے بیج بونا بہت خطرناک کھیل ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرپرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیرمسئلے پرپاکستان کا بچہ بچہ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی حکومت کوحکم دیا کہ 3 سے 4 ماہ کے اندراسکیم تشکیل دے کرزمین کومندرکی تعمیر کے لئے ہندووں کے حوالے کرے۔