ھفتہ, 12 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے بابری مسجد کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی حکومت کو حکم دیا کہ 3 سے 4 ماہ کے اندراسکیم تشکیل دے کرزمین کومندرکی تعمیر کے لئے ہندووں کے حوالے کرے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس رنجن گوگئی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بنچ نے بابری مسجد سے متعلق فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے سنی سینٹرل وقف بورڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بابری مسجد مندرکو گرا کرتعمیرکی گئَی جب کہ الہ آباد ہائی کورٹ کی جانب سے متنازعہ زمین کو تین حصوں میں بانٹںے کا فیصلہ غلط تھا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس راجن گوگوئی نے کہا کہ ایسا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ 1856 سے پہلے اس سر زمین پرکبھی بھی نمازادا کی گئی ہو جب کہ بابری مسجد جس ڈھانچے پرتعمیرکی گئی اسکا کوئی اسلامی پس منظرنہیں ہے۔ کیس کا فیصلہ ایمان اور یقین پرنہیں بلکہ دعووں پرکیا جاسکتا ہے۔ تاریخی بیانات ہندوؤں کے اس عقیدے کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آیودھیارام کی جائے پیدائش تھی۔

بھارتی چیف جسٹس نے کہا کہ اس بات کا ثبوت موجود ہے کہ انگریزوں کے آنے سے پہلے ہندورام چبوترہ، سیتا راسوئی کی پوجا کرتے تھے، ریکارڈ میں موجود شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ متنازعہ اراضی ہندوؤں کی ملکیت تھی۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس عدالت کو تمام عقائد کو قبول کرنا چاہئے اورعبادت گزاروں کے عقیدوں کوقبول کرنا چاہئے۔ عدالت کوتوازن برقرار رکھنا چاہئے۔ ہندوآیودھیا کو رام کی جائے پیدائش سمجھتے ہیں، ان کے مذہبی جذبات ہیں، مسلمان اسے بابری مسجد کہتے ہیں۔ ہندوؤں کا یہ عقیدہ ہے کہ کہ بھگوان رام کی پیدائش یہاں ہوئی ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ مسجد کی تعمیرکیلئے مسلمانوں کو5 ایکڑ کی زمین متبادل کے طور پر دی جائے گی۔  بھارتی سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو حکم دیا ہے کہ علاقے میں اعتماد کی فضا قائم کرکے 3 سے 4 ماہ کے اندر اسکیم تشکیل دے کرزمین کو مندر کی تعمیر کے لئے ہندووں کے حوالے کرے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان بابری مسجد اور رام مندر کی زمین کا تنازع حل کرنے کے لیے ثالثی ٹیم تشکیل دی تھی۔

اس سے قبل الہ آباد ہائیکورٹ نے بابری مسجد کیس میں اپنا فیصلہ 30 ستمبر 2010 کو سنایا تھا۔ اس میں تین ججوں نے حکم دیا تھا کہ ایودھیا کی دو اعشاریہ 77 ایکڑ زمین کو تین حصوں میں تقسیم کیا جائے۔ اس میں سے ایک تہائی زمین رام للا مندر کے پاس جائے گی جس کی نمائندگی ہندو مہاسبھا کرتی ہے، ایک تہائی سُنّی وقف بورڈ کو جائے جبکہ باقی کی ایک تہائی زمین نرموہی اکھاڑے کو ملے گی۔

واضح رہے کہ بابری مسجد کے حوالے مسلمانوں کا موقف ہے کہ یہ سال 1528 سے موجود مذکوہ مقام پر قائم ہے جب کہ  ہندوؤں کا موقف ہے کہ یہ مندر صدیوں پہلے ممکنہ طور پر راجہ وکراما دتیا نے بنایا ہوگا جسے 1526 میں بابر نے یا پھر17 ویں صدی میں ممکنہ طورپراورنگزیب نے گرا دیا تھا۔

کراچی: کے الیکٹرک کے چیئرمین اکرام سہگل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

اکرام سہگل جنوری 2019سے کے الیکٹرک کے ساتھ منسلک تھے ،مختصر سے بیان میں اکرام سہگل نے کہا کہ میں نے بطورچیئرمین کے الیکٹرک استعفیٰ دیدیا ہے۔ اخلاقی طور پر قومی وعوامی مفاد میں اس عہدے پر رہنا مناسب نہیں، انھوں نے استعفیٰ کے اسباب پر مزید بات کرنے سے گریز کیا۔

چیئرمین کے الیکٹرک اکرام سہگل نے مختصر بیان میں اہم سوالات کو اٹھا دیا کن وجوہات کی بنیاد پر انھوں نے کہا کہ قومی و عوامی مفاد میں استعفی دیا،زرا ئع کا کہنا ہے کہ اکرام سہگل مختلف ایشوز پر اختلا فات رکھتے تھے جن کی انتظا میہ کو مطلع کیا گیا کیونکہ کے الیکٹرک کی پالسی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

 سان فرانسسكو: امریکی عدالت نے ٹوئٹر کے 2 سابق ملازمین پر سعودی عرب کے لیے جاسوسی کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکی اخبار  کے مطابق سان فرانسسکو کی عدالت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر کے 2 سابق ملازمین پر سعودی عرب کے لیے جاسوسی کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جاسوسی کرنے والوں میں ایک سعودی شہری علی الزباراح ہے جب کہ دوسرا احمد ابو عامو ہے جس کا تعلق امریکا سے ہے، اس کیس میں تیسرے شخص احمد المتاعری کے ملوث ہونے کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جس کا تعلق سعودی عرب سے ہے۔

عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق ٹوئٹر کے ملازمین نے سماجی رابطے کی سائٹ پر سعودی حکومت پر تنقید کرنے والے افراد سمیت دیگر صارفین کی ذاتی معلومات جمع کی۔

نئی دلی: بھارت آئندہ جمعے کو 3500 کلومیٹر دور تک مار کرنے والے جوہری میزائل کا تجربہ کرے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت اب آبدوز کے ساتھ حملہ کرنے کی صلاحیت بڑھانے پر تیزی سے کام کر رہا ہے اور اس حوالے سے پانی کے اندر آبدوز سے فائر کئے جانے والے دو میزائلوں میں سے ایک  کے فور جوہری میزائل کا تجربہ کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق میزائل تجربہ آندھرا پردیش کے ساحل کے قریب پانی کے اندر موجود پلیٹ فارم کی مدد سے کیا جائے گا، اور اس حوالے سے انتباہی نوٹس یعنی  نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) اور سمندری انتباہ جاری کیا  جاچکا ہے۔ کے فور میزائل 3500 کلومیٹر دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس کے ساتھ ایٹمی وار ہیڈس بھی لے جا سکتا ہے۔ اس طرح اسے بین البراعظمی ایٹمی میزائل قرار دیا جاسکتا ہے۔ 

 رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارت  اس کے علاوہ 700 کلومیٹر سے زیادہ کی اسٹرائیک رینج کے ساتھ ایک اور میزائل بی او 5 پر بھی کام کررہا ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اگنی 3 اور براہموس میزائلوں کے تجربے کا بھی منصوبہ بنا رکھا ہے

 لاہور:لاہور میں 12 جنوری سے کبڈی ورلڈکپ کا میلہ سج رہا ہے جس میں بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کا گرین سگنل دے دیا ۔

ذرائع کے مطابق پہلی بار پاکستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بھارت، ایران، امریکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا کی ٹیمیں  شریک ہوں گی جب کہ کینیا، ناروے، نیوزی لینڈ اور جرمنی کی شرکت بھی متوقع ہے۔

بارہ سے انیس جنوری تک  مجوزہ اس ایونٹ کے لیے غیر ملکی ٹیموں کو دعوت نامے چند ہفتے پہلے بھیجے گئے تھے اور پاکستان کبڈی فیڈریشن حکام آج ورلڈ کپ کا باقاعدہ شیڈول جاری کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیم نے پاکستان آنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔

وانا: جنوبی وزیرستان میں مسلح ڈاکوؤں نے سوا کروڑ کے چلغوزے لوٹ لیے۔

عینی شاہدین کے مطابق وانا میں مسلح نقاب پوش رات گئے حسن گودام کی دیوار پھلانگ کر اندرداخل ہوئے اور وہاں موجود چوکیدار اور دیگر افراد پر اسلحہ تان کر یرغمال بنالیا۔ ڈاکوؤں نے نہ صرف اسلحہ کے زور پر نقدی اور موبائل چھینے بلکہ گودام سے 23 بوری چلغوزے بھی لوٹ کر ڈبل کیبن گاڑی میں رکھے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

متاثرہ تاجروں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ لوٹے گئے چلغوزوں  کی قیمت ایک کروڑ بیس لاکھ بنتی ہے۔ تاجر نبوت خان اور ان کے دیگر ساتھیوں نے سٹی تھانہ وانا میں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر کٹوادی۔

 پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ گودام مالکان نے دھمکی دی کہ اگر ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے لوٹا گیا مال واپس برآمد نہ کیا گیا تو ہم وانا بائی پاس روڈ بند کردیں گے۔

واضح رہے کہ ان دنوں بڑے شہروں کی مارکیٹوں میں اعلیٰ معیار کے چلغوزے کی قیمت 8 ہزار روپے کلو ہے

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے اور اب ان کے خون میں پلیٹ لیٹس کی تعداد مزید گھٹ گئی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس مزید کم ہو گئے ہیں، ڈاکٹروں کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے،پاکستان میں دستیاب ہرممکن علاج کیا جا رہا ہے مگر پلیٹ لیٹس مستحکم نہیں ہو رہے، نوازشریف کی صحت کے لیے ڈاکٹروں کے بورڈ کا ہنگامی اجلاس جاری ہے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کو گزشتہ ماہ شدید علالت کے باعث جیل سے لاہور کے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا ، کئی روز علاج کے بعد انہیں گزشتہ روز ان کی رہائش گاہ جاتی امرا منتقل کیا گیا تھا۔