اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

جنوبی کوریا: سام سنگ کے اپنے فولڈ ہوجانے والے انقلابی فون میں بعض نقائص دور کرنے کے بعد کہا ہے کہ آخر کار تہہ ہوکر بند ہوجانے والا اسمارٹ فون جمعہ 27 ستمبر کو پہلے امریکا میں فروخت کےلیے پیش کیا جارہا ہے۔
 
اس فون کو کیریئر پر اے ٹی اینڈ ٹی پیش کرے گا جبکہ دوسرا ورژن ان لاک ہوگا۔ امریکا میں یہ پہلی مرتبہ سلیکٹ، اے ٹی اینڈ ٹی اور بیسٹ بائے کے اسٹورز پر آن لائن دستیاب ہوگا۔ اس کی قیمت 1980 ڈالر رکھی گئی ہے جبکہ یہ فائیو جی کی سپورٹ بھی رکھتا ہے۔
 
اس کےلیے ڈیزائن میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ان کی تفصیلات بعض صحافیوں کے سامنے پیش کی گئی ہیں۔ ان میں سب سے اہم تبدیلی اسکرین پروٹیکٹر بھی ہے۔ کمپنی سے وابستہ زیک نیلسن نے کہا ہے کہ اسے ہر طرح کے ٹیسٹ سے گزارا گیا ہے اور یہ دیرپا اور مضبوط ہے۔ ساتھ ہی کھولنے اور بند کرنے کے عمل میں اسکرین پرلگنے والے نشانات کا مسئلہ بھی حل کردیا گیا ہے۔
 
امریکا میں گیلکسی فولڈ فون کا شدت سے انتظار کیا جارہا تھا۔ اس کے علاوہ سام سنگ ایک پریمیئر سروس بھی شروع کررہا ہے ۔ اس کے تحت گیلکسی فولڈ کے ہر خریدار کو سام سنگ کے ماہر کے ساتھ بیٹھنے اور بات کرنے کا موقع بھی ملے گا جو انہیں مفید مشوروں، سافٹ ویئر اور ایپس سے آگاہ کرے گا۔
 
 

 راولپنڈی:افواجِ پاکستان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت کے ایک اورآپریشن کی ڈرامے بازیاں سامنے آگئیں جب کہ پاکستانی فوج بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

بھارتی آرمی چیف کی گیڈربھبھکیوں پر افواج پاکستان نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں ناکامیوں کوچھپانے کے لئے بھارت الٹے بیانات اور غلط بیانی سے کام لے رہا ہے، جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی فوجی کمانڈروں کے غیرذمہ دارانہ بیانات فرسٹریشن کا اظہار ہے جب کہ بھارتی جرنیل عالمی دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری دہشت گردی اور بربریت سے ہٹانا چاہتے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر آصف غفور کے مطابق بھارت کے ایک اورآپریشن کی ڈرامے بازیاں سامنے آگئیں ، بھارتی فوجی کمانڈر مقبوضہ کشمیر میں صورتحال پر قابو پانے سمیت میں ناکام ہو چکے اوربھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے حالات سے ہٹانے میں ناکام ہو چکا ہے، اگربھارت نے کسی قسم کی بھی چھیرچھاڑ کی تو اس کے خطے کے امن پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

 

اسلام آباد: ملک کی 10بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے ایک سال کے دوران 157 ارب روپے کے لائن لاسز کا بوجھ صارفین پر ڈال دیا۔

آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی آڈٹ رپورٹ برائے 18-2017 کے مطابق ایک سال کے دوران ملک کی 10 بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی 28 ارب یونٹس بجلی لائن لاسز کی نذر ہوگئی، جس کی مجموعی مالیت 157 ارب روپے سے زائد تھی اور لائن لاسز کی مد میں خسارے کا بوجھ صارفین کو برداشت کرنا پڑا۔

رپورٹ کے مطابق لائن لاسز میں حیسکو (حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) سر فہرست رہی جس کا اس مد میں خسارہ 49ارب 51 کروڑ روپے رہا، سیپکو 37 ارب 73 کروڑ سے زائد کے لائن لاسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی، پیسکو کی جانب سے 29ارب روپے سے زائد کے لائن لاسز رہے، کیسکو کے 19ارب 22 کروڑ، لیسکو کی جانب سے 7 ارب 62 کروڑ روپے ، میپکو کی جانب سے 7 ارب19کروڑ روپے جب کہ آئیسکو دس لاکھ 70ہزار روپے پر کم لائن لاسز والی کمپنی نکلی۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے لائن لاسز کی وجہ فیڈرز کے درمیان طویل فاصلہ، ناقص سب اسٹیشنز،غیر قانونی کنکشنز،غیر حقیقی اہداف اور فیڈرز کی غلط کوڈنگ کو قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے ڈیپارٹمنٹل آڈٹ کمیٹی (ڈی اے سی) نے ذمہ داروں کے تعین اور معاملے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے جب کہ آڈٹ حکام نے ڈی اے سی کی سفارشات پر عملدرآمد کرنے کی سفارش کی ہے۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے فاضل جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ایک آمر آکر دو منٹ میں پارلیمنٹ کو اڑا دیتا ہے۔

جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے خیبر پختونخوا میں جنگلات کی کٹائی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ جنگلات کی ملکیت کے دعوی داروں کی درخواستیں خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ درخواست گزاروں نے کیس کی سماعت کے دوران کسی سطح پراپنا حق نہیں مانگا۔

دوران سماعت قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کو اس کیس میں نظرثانی کے لئے آناچاہیے تھا کہ درخواست گزاروں کا حق دعوی نہیں بنتا،حکمران دیگر مسائل میں الجھے ہوئے ہیں اصل مسئلہ ماحول کا تحفظ ہے، جنگلات کا تحفظ آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لئے ضروری ہے، جنگلات کاٹنے والے لوگ نسلوں کو قتل کر رہے ہیں۔

قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں کم جنگلات رہ گئے انھیں بھی ویران کیا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں سڑک کنارے 3 درخت لگا کر ڈرامہ کیا جا رہا ہے، کوئی بھی درختوں کے تحفظ کے لئے مخلص نہیں، جنگلات سے متعلق تمام قوانین کرپشن کے تحفظ کے لئے بنائے گئے، اتنا اہم قانون آرڈیننس کے ذریعے کیوں لایا گیا؟ ڈکٹیٹر کے قانون کو کوئی چھونے کے لئے تیار نہیں، ایک آمر آکر دو منٹ میں پارلیمنٹ کو اڑا دیتا ہے، آج کل کے ماحول میں آزادی سے کوئی بات بھی نہیں کر سکتے، ملک کہاں تھا اور کہاں پرلا کے کھڑا کر دیا گیا ہے

کراچی: کراچی میں آوارہ کتوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ،کتوں کی بہتات سے سگ گزیدگی کے واقعات بڑھ گئے ہیں 9 ماہ میں آوارہ کتوں نے12ہزار سے زائد شہریوں کو کاٹا ہے۔

حکومت سندھ اور بلدیاتی ادارے آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کررہے،میئرکراچی بتاچکے ہیں کہ ہمارے پاس کتوں کو مارنے والا زہر موجود نہیں،حکومت کی جانب سے کوئی اعلان نہیں کیاگیا اور ضلعی بلدیاتی اداروں کے پاس کتے مارنے والا زہر اور ویکسین موجود نہیں ہے،رات کے وقت سڑکوں پر کتوں کے غول شہریوں پر حملہ آور ہورہے ہیں۔

موٹرسائیکل سوار کتے پیچھے پڑنے پر حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں ، شہر کے تمام متوسط اور پوش علاقوں میں آوارہ کتے ہر طرف منڈلاتے نظر آتے ہیں ، یکم جنو ری سے ستمبر تک رواں سال کے 9 ماہ کے دوران صرف جنا ح اسپتال میں 7008 شہری کتوں کے کا ٹنے کی وجہ سے اسپتال پہنچے جنھیں جناح اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

 جنا ح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جما لی نے بتایا ہے کہ کتے کے کاٹنے سے زخمی سیکڑوں افراد اندرون سندھ سے بھی لائے گئے تھے آوارہ کتو ں کے خاتمے کے لیے کئی سال سے کوئی حکمت
عملی نہیں بنائی جارہی، ڈی ای سیز افسران کہتے ہیں کہ ہمارے پاس کتوں کو مارنے والی زہر موجود نہیں۔

کراچی: بی اے سال اول ریگولر سالانہ امتحانات برائے 2018 ءکے نتائج کا علان کردیا۔

جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی اے سال اول ریگولر سالانہ امتحانات برائے 2018 ءکے نتائج کا علان کردیا گیا ہے۔نتائج کے مطابق امتحانات میں 5927 طلبہ شریک ہوئے،2120 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا جبکہ 3807 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیاب طلبہ کا تناسب 35.77 فیصدرہا۔

کراچی:  کراچی نے سری لنکنزکے استقبال کیلیے بانہیں پھیلا دیں۔

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی جمعے کو واپسی ہوگی،سری لنکا سے تینوں ون ڈے میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے، شہر قائد نے آئی لینڈرز کا استقبال کرنے کیلیے بانہیں پھیلا دی ہیں، قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ اتوار کو ہی ختم ہوگیا تھا، گذشتہ روز کھلاڑیوں نے آرام کیا اور میزبان اسکواڈ گذشتہ رات ہی لاہور سے روانگی کے بعد کراچی پہنچ گیا۔

دوسری جانب پیر کو سری لنکن بورڈ نے بھی اپنی ٹیم کی روانگی کا شیڈول جاری کردیا،کھلاڑیوں کو منگل کے روز کولمبو میں بورڈ ہیڈ کوارٹرز سے رخصت کیا جائے گا، سب سے پہلے آفیشل فوٹو گراف اور پھر کپتان کی میڈیا سے گفتگو ہوگی، مذہبی رسومات کے بعد کرکٹرز پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 6بجے اڑان بھریں گے،کراچی آمد شام 6بجے متوقع ہے۔

منگل کے روز دونوں ٹیمیں آرام کریں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں بدھ کو آئی لینڈرز دوپہر 2بجے ٹریننگ کریں گے،گرین شرٹس کا پریکٹس سیشن شام 6 بجے شروع ہوگا،اگلے روز دوپہر 2بجے پاکستان ٹیم کی ٹریننگ اور کپتان سرفراز احمد کی پریس کانفرنس ہونی ہے۔

ٹرافی کی تقریب رونمائی کے بعد مہمان کپتان لاہیرو تھریمانے میڈیا سے بات کریں گے، سری لنکا ٹیم کی ٹریننگ شام 6بجے ہوگی، جمعے کو پہلا ون ڈے سہ پہر 3 بجے شروع ہونا ہے۔

دوسری جانب ون ڈے سیریز کیلیے نیشنل اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سیکیورٹی کے حوالے سے حکمت عملی تیار کرلی گئی، وینیو کا کونا کونا اب کیمروں کی نظرمیں ہوگا،اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم نے کام شروع کردیا۔

مختلف ایریاز میں 80 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے نصب کردیے گئے، انکلوژرز،گراؤنڈ، پویلین اوراسٹیڈیم کے اندرونی ایریاز کیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے،گراؤنڈ کے چاروں اطراف،ملحقہ سڑکیں اورعمارتیں بھی کیمرے کی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی،جدید کیمروں کے ذریعے اسٹیڈیم میں بیٹھے ہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹرہوگی،اسٹیڈیم کے باہرسے گزرتی ایک ایک گاڑی کوبھی مانیٹرکیا جائیگا۔

کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کی نگرانی سیکیورٹی ادارے کریں گے، رش سے بچنے کیلیے شائقین کو میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم پہنچنے کی ہدایت کردی جائے گی، تماشائی کم از کم5 مقامات پر چیکنگ کے مراحل سے گزرنے کے بعد ہی اپنے اسٹینڈز تک پہنچ پائیں گے۔

یاد رہے کہ کراچی میں پہلا ایک روزہ میچ 27 ستمبر،دوسرا 29 ستمبر اور تیسرا 2 اکتوبر کو شیڈول ہے، لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز ساڑھے 6 بجے شروع ہوں گے، یہاں میچز 5، 7 اور 9 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔

 
 
 
 
 
اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عالمی برادری کو نریندر مودی کا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں۔
 
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا ایک جسم اور روح کا رشتہ ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ امریکا میں مسئلہ کشمیر سرفہرست ہے، وزیراعظم عمران خان عالمی رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں
 
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عالمی برادری کو نریندر مودی کا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان عالمی رہنماؤں کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کر رہے ہیں۔
 
معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کا مؤقف ڈٹ کر بیان کریں گے، وزیراعظم کا مؤقف ہے ہرصورت کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔
 
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 50ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے
 
 
 
نیویارک: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جان بچانے والی دوائیں، خوراک تک میسر نہیں ہے۔
 
نیویارک میں شاہ محمود قریشی سے صدرانٹرنیشنل کرائسز گروپ نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو نافذ لگا رکھا ہے، بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے۔
 
وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی جان بچانے والی دوائیں، خوراک تک میسر نہیں ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا، انسانی حقوق تنظیمیں بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں، خطےمیں دیرپا قیام امن کے لیے باہمی تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔
 
مقبوضہ کشمیرمیں 50ویں روز بھی کرفیو
 
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 50ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
 
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
 
 
 
 
 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔
 
سعودی عرب کے قومی دن پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حالیہ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کیں۔
 
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔
 
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی پوری دنیا کے لیے مثال کی حیثیت رکھتی ہے، آزمائش کے ہرموقع پر سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے، سعودی عرب کو پاکستان کے عوام اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
 
واضح رہے کہ سعودی عرب میں آج 23 ستمبر کو مملکت کا قومی دن بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، یہ دن شاہ عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے جاری اس شاہی فرمان کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں مملکت کے بانی نے جدید سعودی ریاست کے تمام حصوں کو مملکت سعودی عرب کے نام کے تحت یکجا اور متحد کیا تھا۔