اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
سان ڈیاگو: طبّی ماہرین نے دل کے مریضوں کے لیے ایک نئے ہائیڈروجیل کی انسانی آزمائشیں شروع کردی ہیں جسے انجکشن کے ذریعے جسم میں داخل کیا جاتا ہے۔ یہ ہائیڈروجیل خون میں شامل ہو کر دل تک پہنچتا ہے اور متاثرہ دل کی مرمت کرتے ہوئے اسے بحال ہونے میں مدد دیتا ہے۔
 
یونیورسٹی آف کیلی فورنیا سان ڈیاگو کے بایو انجینئرز نے کچھ عرصہ پہلے یہ ہائیڈروجیل ایجاد کیا تھا جسے تجارتی سطح تک پہنچانے کے لیے ’’وینٹرکس‘‘ کے نام سے ایک ’’اسپن آف‘‘ کمپنی بھی قائم کردی گئی تھی۔ اسی کمپنی کے تحت پہلے مرحلے میں چوہوں پر آزمایا گیا۔ اس مرحلے میں کامیابی کے بعد ’’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘‘ (ایف ڈی اے) کی اجازت سے اوّلین انسانی آزمائش (فیز 1 کلینیکل ٹرائل) کا آغاز کیا گیا۔
 
اہم بات یہ ہے کہ اس ہائیڈروجیل کی تیاری میں وہی مادّہ استعمال کیا گیا ہے جو قدرتی طور پر دل کے پٹھوں (مسلز) اور بافتوں کی تشکیل کرتا ہے؛ اور جسے ’’ایکسٹرا سیلولر میٹرکس‘‘ (ای سی ایم) کہتے ہیں۔ مذکورہ ہائیڈروجیل کو ’’وینٹری جیل‘‘ کا نام دیا گیا ہے جسے ڈرپ لگانے والی موٹی سرنج کے ذریعے جسم میں داخل کیا جاتا ہے۔
ویسے تو اس ہائیڈروجیل کا مقصد رگوں کو مضبوط کرتے ہوئے نظامِ دورانِ خون کو بہتر بنانا ہے لیکن پہلے مرحلے میں اسے ان مریضوں پر آزمایا گیا جنہیں 2 ماہ سے 36 ماہ پہلے دل کا دورہ پڑ چکا تھا؛
 
جس کی وجہ سے ان کا دل کمزور ہوچکا تھا۔ وینٹری جیل کے استعمال سے ان مریضوں میں دل کی حالت بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ دوسرے معمولاتِ زندگی میں بھی بہتری آئی۔ مثلاً وہ زیادہ لمبے فاصلے تک چلنے کے قابل ہوئے اور ان میں دل کے افعال (ہارٹ فنکشنز) بھی پہلے سے بہتر ہوئے۔
فیز 1 کلینیکل ٹرائل میں کامیابی کے بعد اب اس کی اگلی آزمائشوں (فیز 2 کلینیکل ٹرائلز) کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
 
 
 
اگر کسی مالی طور پر خوشحال شخص سے موازنہ کیا جائے تو مفلسی اور تنگدستی میں گزارے گئے صرف چار سال بھی آپ کو بوڑھا بناسکتے ہیں یا عمررسیدگی کا عمل تیز کرسکتے ہیں۔
 
 
 
یہ انکشاف یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے شعبہ عوامی صحت کے ماہرین نے یورپی جرنل آف ایجنگ میں شائع تحقیق میں کیا ہے۔ انہوں نے ادھیڑ عمری میں معاشی تنگی سے پریشان افراد کا موازنہ ان ہی کے ایسے ہم عمر افراد سے کیا جو معاشی طور پر خوشحال تھے۔ اس طرح معلوم ہوا کہ غربت بڑھاپے کا عمل تیز کردیتی ہے۔
یہاں بڑھاپے سے مراد ایک جانب تو جسم میں جلن اور سوزش پیدا کرنے والے عوامل یا خون میں بایومارکر کی زیادتی ہے تو دوسری جانب وہ اپنے ہی ہم عمروں کے مدمقابل جسمانی طور پر نحیف اور کمزور ہوتے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی دماغی صحت وصلاحیت کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔
 
 
اس ضمن میں سب سے اہم شے جو محسوس کی گئی وہ خون میں ایسے سالمات تھے جو کسی قسم کی اندورنی جسمانی سوزش کو بڑھاتے ہیں۔ ماہرین جسم کے اندرکی جلن کو اہم خرابی سے معنون کرتے ہیں جن کی وجہ کینسر سے لے کر بڑھاپا تک ہوسکتی ہے۔ مفلوک الحال لوگوں کے خون میں سی ری ایکٹو پروٹین (سی آر پی) اور آئی ایل 6 دیگر امیر لیکن ہم عمر افراد کے مقابلے میں قدرے زیادہ تھا۔
 
 
اس مطالعے میں ایسے لوگوں کو شامل کیا گیا تھا جن میں کی تنخواہ دیگر افراد کے مقابلے میں 60 گنا کم رہی تھی اور انہوں نے طویل عرصے تک تنگ دستی دیکھی تھی۔ سروے میں کل 5551 افراد کو شامل کیا گیا تھا کہ ان میں سے 18 فیصد افراد 1987ء سے 2008ء کی درمیانی مدت میں غربت سے دوچار تھے۔
 
 
ماہرین نے ان افراد میں چھلانگ لگانے ، متوازن ہونے، کسی شے کو گرفت میں لینے اور دیگر امور کا جائزہ بھی لیا۔ اس کے تفصیلی جائزے کے بعد ماہرین نے کہا کہ کسی پر بیتنے والے غربت کے چار سال بھی اس میں بڑھاپے کے عمل کو تیز کرسکتے ہیں یہاں تک کہ اس سے طویل عرصہ پورے جسم پر منفی اثر ڈالتا ہے۔ لیکن یہ اثرات 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں زیادہ دیکھے گئے کیونکہ اس عمرمیں خود جسمانی زوال شروع ہوجاتا ہے اور یوں غربت اسے اور بڑھاتی ہے۔
 
اسلام آباد : نیب ٹیم سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو جسمانی ریمانڈ کے لیے آج عدالت میں پیش کریں گی، ہفتے کو عدالت نے ملزم کو 2 روزہ راہداری ریمانڈپر نیب کے حوالے کیا تھا۔
 
نیب ٹیم کی جانب سے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو آج احتساب عدالت میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا جائے گا ، جہاں ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
 
یاد رہے ہفتے کو اسلام آباد میں تعطیل کے باعث ملزم کو راولپنڈی کی عدالت کے جج اسماعیل جوئیہ کے روبرو پیش کیا گیا تھا، عدالت نے ملزم کو 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔
 
واضح رہے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کو نیب راولپنڈی نے کراچی سے گرفتار کیا تھا، ملزم پر کراچی میں باغ ابن قاسم کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ اور کروڑوں کے غیر قانونی اثاثے بنانے کا الزام ہے۔
 
مزید پڑھیں : احتساب عدالت نے لیاقت قائم خانی کا دو روزہ راہداری ریمانڈ دے دیا
ملزم کے گھر اورتجوریوں سےزیورات،زمینوں کےکاغذات اور قیمتی سامان برآمدہوا جبکہ نیب ملزم کی پُرتعیش گاڑیاں اور قیمتی اسلحہ بھی تحویل میں لے چکا ہے جبکہ لیاقت قائم خانی کے اثاثوں کی مالیت کا تخمیہ دس ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔
 
خیال رہے نیب کی جانب سے سابق ڈی جی پارکس اور میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی پر مزید تین ریفرنسز درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا، دوران تفتیش کئی اہم انکشافات ہوئے تھے ، جن کے مطابق لیاقت قائم خانی نے بیس سال میں ایسے 71 پارکس بنائے، جو صرف کاغذات میں موجود ہیں، ملزم نے پارکس میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے ناموں پر ایک ارب روپے ہڑپ کیے۔
 
لیاقت قائم خانہ بلدیہ عظمٰی کراچی کے طاقت ور ترین افسر سمجھے جاتے تھے، سیاسی اثرو رسوخ کے باعث وہ اٹھارہ سال سے تحقیقاتی اداروں سے بچتے رہے۔
 
لیاقت قائم خانی کے خلاف نیب تحقیقات شروع ہوئیں، پھربند کر دی گئی، 2013 میں بھی اینٹی کرپشن نے شہید بے نظیرپارک میں کرپشن کی تحقیقات کی، اینٹی کرپشن نے بھی لیاقت قائم خانی کے خلاف تحقیقات روک دی گئی تھی۔
 
 
 
 
نیویارک : معاون خصوصی سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ستائیس ستمبر کا مظاہرہ کشمیر کیلئے آخری جنگ کی ابتدا ہے، جس کے بعد آزادی کشمیر کی تحریک میں نئی جان پڑ ےگی۔
 
معاون خصوصی سیاسی امور نعیم الحق نے امریکا میں پاکستانیوں اور کشمیریوں کے جلسے سے خطاب میں کہا کہ مودی کیخلاف ستائیس ستمبر کا مظاہرہ کشمیرکیلئے آخری جنگ کی ابتدا ہے، ستائیس تاریخ کے بعد آزادی کشمیرکی تحریک میں نئی جان پڑے گی، اب ہمارا امتحان ہے کہ ہم کس حدتک جائیں گے۔
 
یاد رہے 27 ستمبر کو نیویارک میں مودی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، مظاہرے میں پاکستانی، کشمیری سکھ، ہندو اور دیگر مذاہب کے ممالک شرکت کریں گے، مودی کے خلاف بڑے مظاہرے کے پیش نظر نیویارک پولیس نے ایڈوائزری جاری کردی ہے۔
 
مزید پڑھیں : 27 ستمبر کو نیویارک میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف مظاہرے کی دھوم
جس کے مطابق اسٹریٹ 42 سے 57 تک پولیس کی ایک ہزار گاڑیاں تعینات ہوں گی، مظاہرین کی رسائی آسان بنانے کے لیے پولیس تمام تر انتظامات سنبھالے گی جبکہ نیویارک پولیس نے 27 ستمبر کو مین ہٹن میں بڑی گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے کا اعلان کردیا، سڑکیں بلاک کرنے والی گاڑیاں مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں پہنچائی جائے گی۔
 
اس سے قبل وزیراعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے باہر 27 ستمبر کو کشمیریوں کے حق میں تاریخی مظاہرہ ہوگا۔ اقوام متحدہ کے باہر 27 ستمبر کو تاریخی مظاہرہ ہوگا۔
 
انھوں نے کہا عمران خان مشن کشمیرپرنیو یارک پہنچےہیں، صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کی اہم ملاقات ہوگی، امریکی صدر ٹرمپ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پسند کرتے ہیں، عمران خان عالمی رہنماؤں کوکشمیرکی صورتحال پراعتمادمیں لیں گے۔
 
خیال رہے وزیراعظم عمران خان 27ستمبرکواقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کریں گے، اپنے خطاب میں وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی بربریت کے معاملے کو اٹھائیں گے۔
 
 
 
 
کراچی : بحیرہ عرب میں ہوا کا کم دباﺅ طوفان کی شکل اختیار کرگیا، طوفان سے کراچی کوئی خطرہ نہیں، تاہم کراچی میں 25 اور 26 ستمبر کو ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
 
چیف میٹرولوجسٹ بحیرہ عرب میں ہواکا کم دباؤ طوفان کی شکل اختیار کرگیا ، طوفان کراچی سے510 کلومیٹر دور جنوب مغرب میں ہے، طوفان کو ہیکا کا نام دیا گیا ہے، جسے کے معنی شکریہ کے ہے ، جو عمان کے ساحل سے ٹکرائے گا۔
 
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ طوفان سے کراچی کو کوئی خطرہ نہیں تاہم طوفان آگےبڑھنےتک کراچی میں سمندی ہوائیں معطل رہیں گی، ماہی گیروں کے کھلے سمندر میں جانے پر پابندی ہوگی۔
 
چیف میٹرولوجسٹ نے کراچی میں 25 ستمبر کو ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
 
محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 26 سے29 تک بھارتی گجرات سے ایک اور ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بنے گا، جس کے باعث 26 ستمبر کے بعد کراچی کا درجہ حرارت40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
 
 
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں درمیانی نوعیت کی ہیٹ ویو کا اثر منگل تک رہے گا، حیدرآباد اورسکھر میں بھی گرمی کا پارہ ہائی رہے گا۔
 
کراچی میں درمیانی درجے کی ہیٹ ویو جاری ہے ، آج درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، طبی ماہرین نے لوگوں کو بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر پانی کے زیادہ سے زیادہ استعمال، دھوپ میں گھر یا دفاتر سے باہر نکلنے سے گریزاور اگر بحالت مجبوری نکلنا بھی پڑے تو سر کو ڈھانپ کر نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔
 
گذشتہ روز شہرقائد شدید گرمی کی لپیٹ میں رہااورپارہ 40 ڈگری کو چھو گیا، سمندری ہوائیں منقطع اور ریگستانی خشک ہواﺅں کا راج ہے۔
کینیڈا: امریکا سے ایک تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے کہ گزشتہ 50 برس کے دوران شمالی امریکا کے تین ارب پرندے غائب ہوچکے ہیں، اگرچہ اب بھی ان کی تعداد زیادہ ہے لیکن شمالی امریکا میں پائے جانے والے کئی پرندوں کی آبادی میں حیرت ناک کمی واقعی ہوئی ہے۔
 
کورنیل یونیورسٹی میں جانوروں کی بقا کے ماہر پروفیسر کینتھ روزنبرگ نے گزشتہ 48 برس سے کینیڈا اور امریکا کے زمینی اسٹیشن سے پرندوں کے ڈیٹا بیس کا جائزہ لیا ہے۔ ان کے مطابق اس علاقے میں عام پائے جانے والے 529 اقسام کے پرندوں کی تعداد میں گزشتہ 30 برس میں دوارب نوے کروڑ کی کمی ہوئی ہے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق 1970ء سے اب تک بعض اقسام کے چھوٹے بڑے پرندوں کی تعداد میں 29 فیصد کمی واقع ہوچکی ہے۔
 
90 فیصد کمی پرندوں کے 12 خاندانوں میں ہوئی ہے جن میں چڑیا اور چہکنے والے کئی چھوٹے پرندے شامل ہیں۔ دوسری جانب واٹر فاؤل اور ریپٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ ان کے لیے شروع کردہ تحفظاتی پروگرام ہیں۔ ماہرین کا خیال ہے کہ فوری طور پر اب دیگر پرندوں کو بچانے کے لیے بھی کوششیں کرنا ہوں گی۔
اس ٹیم نے نیکس راڈ نامی ریڈار نیٹ ورک سے بھی پورے برِاعظم کا جائزہ لیا ہے جس کی بدولت پرندوں کے بڑے بڑے ٖغول کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ اس سے نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی تعداد کا پتا بھی لگایا جاسکتا ہے اور گزشتہ 10 برس میں اس نے بھی خطرے کی گھنٹی بجاتے ہوئے پرندوں میں کمی کی خبر دی ہے۔

 اسلام آباد: نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے کراچی لاہور، سکھر ملتان اور حویلیاں تھاکوٹ موٹروے کی تعمیر میں زائد ادائیگیوں کا انکشاف کیا گیا ہے۔

 
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی آڈٹ رپورٹ میں ملک کی تین اہم موٹرویز میں بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، کراچی لاہور موٹروے کے لاہورعبدالحکیم سیکشن ، سکھر ملتان موٹروے اور حویلیاں تھاکوٹ موٹروے کی تعمیر میں زائد ادائیگیاں کی گئی ہیں۔
 
آڈٹ دستاویز کے مطابق لاہور موٹروے کے عبدالحکیم سیکشن میں 7 ارب 31 کروڑ سے زائد اضافی ادائیگیاں کی گئیں، سکھر ملتان سیکشن میں 4 ارب 95 کروڑ سے زائد اور تھا کوٹ حویلیاں سیکشن میں 6 ارب 70کروڑ سے زائد کی اضافی ادائیگیاں کی گئیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران کام کے سکوپ میں کمی کی گئی لیکن منصوبوں کی لاگت میں کمی نہ لائی گئی، کنٹریکٹر کی جانب سے پراجیکٹ کے سکوپ میں کمی پر رقم بچانے کے باوجو د این ایچ اے کو واپس نہیں کی گئی، یہ اضافی رقم ریکور کی جائے، رپورٹ کے مطابق ستمبر 2018میں این ایچ اے کو اضافی ادائیگیوں کے سلسلے میں آگاہ کیا گیا۔
 
دوسری جانب ترجمان این ایچ اے مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ کسی منصوبے میں زائد ادائیگی ہوئی ہے توریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی ، یہ منصوبے ای پی سی موڈ کے تھے جسمیں مکمل ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔
 
 
 
 
 
کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پاک فوج کے شہید میجر عدیل کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے ، شہید کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرادی۔
 
وزیر اعلیٰ سندھ نےشہیدمیجرعدیل کےورثاءسے آج ان کے گھر پر تعزیت کی، وزیراعلیٰ سندھ نےگزشتہ روزشہیدکی نمازجنازہ میں بھی شرکت کی تھی۔
 
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نےشہیدکےوالدکوہرطرح کی مددکی پیشکش کی اور کہا کہ شہید کےاہل خانہ کی خدمت کےلیےحاضرہوں۔میجرعدیل نےملک کی خاطرجان کانذرانہ پیش کیا۔
 
اس موقع پر صوبائی وزراء سعیدغنی،ناصر شاہ اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ سندھ کےساتھ تھے۔مراد علی شاہ نےشہیدمیجر عدیل کےبچوں سےملاقات بھی کی۔
 
میجرعدیل شاہد خیبرپختونخواہ کے ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگانے کے عمل کی نگرانی کے دوران شہید ہوئے تھے ، انہیں گزشتہ روز فوجی اعزاز کے ساتھ کراچی کے قبرستان وادیٔ حسین میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔
 
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان ضلع مہمند میں پاک افغان سرحد پر باڑھ لگا رہے تھے۔ شہید افسر میجر عدیل شاہد کی نگرانی میں سرحد پر باڑھ لگائی جارہی تھی۔شہید میجر عدیل اور سپاہی فراز حسین ، دونوں شہید سرحد پار دہشت گردوں کی لگائی گئی بارودی سرنگ کی زد میں آئے، سپاہی فراز حسین کا تعلق کوٹلی آزاد کشمیر سے ہے۔
 
یاد رہے کہ پاک افغان سرحد کے اس علاقے میں شدید دراندازی کی جاتی رہی ہے اور پاکستان کی جانب سے افغان حکومت سے بارہا اس بات پر احتجاج بھی کیا گیا ہے۔
کراچی: ٹیسٹ میں دلچسپی بڑھانے کیلیے ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زائد رقم بطور میچ فیس دی جائے گی، اے کیٹیگری کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300، ون ڈے میں4 لاکھ 68ہزار815جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں3لاکھ 38ہزار250 روپے بطور فیس ملیں گے، دیگر بونسز اور لوگو فیس الگ ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میںکھلاڑیوں کی دلچسپی تیزی سے کم ہوتی جا رہی ہے، بیشتر کم وقت میں زیادہ رقم کمانے کیلیے محدود اوورز کے مقابلوں کو ترجیح دے رہے ہیں، حال ہی میں محمد عامر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جبکہ وہاب ریاض نے غیرمعینہ مدت کیلیے ریڈ بال کرکٹ سے علیحدگی اختیار کر لی، اس صورتحال سے نمٹنے کیلیے پی سی بی نے ٹیسٹ میچ فیس ٹی ٹوئنٹی کے مقابلے میں دگنی سے بھی زیادہ کر دی ہے۔
 
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل پلیئرز کو فی ٹیسٹ7 لاکھ 62 ہزار300 روپے بطور فیس ملیں گے، ون ڈے میچ فیس4 لاکھ 68ہزار815جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس3لاکھ 38ہزار250ہے۔ بی کیٹیگری کو 6لاکھ65 ہزار 280 (ٹیسٹ)،3لاکھ 90ہزار33 (ون ڈے) اور2 لاکھ 70ہزار600(ٹی ٹوئنٹی) فیس ملے گی۔ سی کیٹیگری کے حامل کرکٹرز کو ٹیسٹ میچ میں بطور فیس5لاکھ68ہزار260 روپے دیے جائیں گے، ون ڈے میچ فیس3 لاکھ12 ہزار543روپے ہوگی۔
 
ٹی 20میں2 لاکھ2ہزار950 روپے حصے میں آئیں گے۔ پلیئنگ الیون سے باہر اسکواڈ کے رکن کو 50فیصد میچ فیس ملے گی، ہوم اور اوے سیریز کے اگر کسی میچ میں کپتان شرکت نہ کرے تو بھی اسے 250ڈالر ہفتہ تفریحی الاؤنس دیا جائے گا، نائب کپتان کو اس مد میں ہر ہفتے100ڈالر ملیں گے۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کیلیے بونس بھی برقرار رکھے گئے ہیں، رینکنگ کی ٹاپ تھری ٹیموں اور بھارت کو ہرانے پر پلیئنگ الیون میں شامل ہر پلیئرکو میچ فیس کا 100فیصد حصہ (ٹیسٹ) 75فیصد (ون ڈے ) اور50فیصد (ٹی ٹوئنٹی) میں بطور بونس دیا جائے گا۔ اسی طرح ٹاپ 3رینک یا بھارت کیخلاف سیریز جیتنے پر اسکواڈ کا ہر رکن میچ فیس کا200 فیصد بطور بونس پائے گا۔
 
4سے7رینک ٹیم پر فتح کی صورت میں150 فیصد جبکہ دیگر ٹیموں کو ہرانے پر 100 فیصد بونس دیا جائے گا، آئی سی سی یا اے سی سی کے ایونٹس میں کامیابی پر300 فیصد رقم کھلاڑیوں کی منتظر ہوگی۔ اے کیٹیگری سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل قومی کرکٹرز کو ڈومیسٹک چار روزہ میچ کھیلنے پر3 لاکھ 30 ہزار، ون ڈے میں 2 لاکھ 10 ہزار جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ روپے بطور میچ فیس دیے جائیں گے، بی کیٹیگری کو2 لاکھ90 ہزار (چار روزہ) ایک لاکھ 75ہزار (ون ڈے) اورایک لاکھ 20 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) میں ملیںگے۔ سی کیٹیگری کیلیے فیس 2 لاکھ48 ہزار (چار روزہ)ایک لاکھ40 ہزار (ون ڈے ) اور90 ہزار (ٹی ٹوئنٹی) ہے۔ غیر ملکی دوروں میں یومیہ الاؤنس 114 ڈالر جبکہ ہوم میچز میں5 ہزار روپے ہوگا۔
 
دورئہ برطانیہ میں یومیہ ڈیڑھ سو ڈالر دیے جائیں گے۔ فتح پر ملنے والی رقم مساوی طور پر تمام کھلاڑیوں میں تقسیم جبکہ ایک پلیئر کے مساوی رقم ٹیم مینجمنٹ کو ملے گی، مین آف دی سیریز ایوارڈ پانے والا کھلاڑی25 فیصد رقم وصول کرے گا باقی 75 فیصد دیگر پلیئرز میں تقسیم ہوگی، ایک پلیئر کے مساوی حصہ مینجمنٹ کا ہوگا۔ پی سی بی کی جانب سے مین آف دی میچ کو ٹیسٹ اور ون ڈے میں 3،3 لاکھ جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں ڈیڑھ لاکھ روپے دیے جائیں گے، مین آف دی سیریز کو ٹیسٹ میں 6لاکھ، ون ڈے میں5 لاکھ اور ٹی ٹوئنٹی میں ڈھائی لاکھ روپے ملیں گے۔ ٹیم لوگو اسپانسر شپ کے تحت تینوں کیٹیگریز کے کرکٹرز کو ٹیسٹ میں ساڑھے چار لاکھ جبکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں 2لاکھ25 ہزار روپے ملا کریں گے۔
 
 
 
 
 
کراچی: بلین مارکیٹ میں اضافےکے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونا مزید مہنگا ہوگیا۔
 
بین الاقوامی مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت میں 18 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ ہوا جس کے بعد قیمت 1517 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی۔
 
انٹرنیشنل مارکیٹ میں مہنگا ہونے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں قیمتوں کو پر لگے اور اڑان کو کوئی نہ روک سکا۔ آل پاکستان تاجر ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ کی قیمت میں 600 جبکہ 10 گرام 515 روپے مہنگا ہوا۔
 
کراچی، حیدرآباد، سکھر، پشاور، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان کے صرافہ بازاوں میں فی تولہ اضافے کے بعد 87 ہزار 500 اور دس گرام 75 ہزار 17 روپے کے ساتھ فروخت ہوا۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کے ریٹ کم ہوئے تھے، آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ارشد کے مطابق حالیہ کمی کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمتوں میں بالترتیب 250 اور 215 روپے کمی ریکارڈ ہوئی۔