اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سندھ کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس میں آئی جی سندھ کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
 
تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت عدالت میں سندھ کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ کے تعلیمی اداروں میں منشیات کے حوالے سے کوئی رپورٹ نہیں،اس پر جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا سندھ حکومت کی اس رپورٹ سے اتفاق نہیں کرتے، کراچی منشیات کی فروخت اور استعمال میں دنیا میں دسویں نمبر پر ہے، کیا آئی جی سندھ نے ان حقائق کو چیک کیا ہے، آئندہ سماعت پر آئی جی سندھ خود پیش ہوں ،سپریم کورٹ نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے لاہور سے بل بورڈ کو ہٹانے سے متعلق عدالتی حکم پر عملدرآمد رپورٹس بھی مسترد کردیں،بل بورڈز کی تنصیب سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربرائی میں تین رکنی بنچ نے کی، دوران سماعت ڈی ایچ اے ، کنٹونمنٹس بورڈز سمیت دیگر اداروں کی عمدرآمد رپورٹ پیش کی گئیں جس پر عدالت نے عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔
 
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا عدالت نے تو اس معاملے میں تمام نظرثانی درخواستیں بھی خارج کردیں ، وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے ساتھ میٹنگ میں قوائد و ضوابط طے کیے گئے ہیں، اس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا طے یہ کرنا ہے کہ پبلک پراپرٹی کے علاوہ کون سی جگہیں ہیں۔
 
عدالت نے حکم دیا کہ بل بورڈز کی تنسیخ کے وقت درخت کی کٹائی اور ماحولیاتی آلودگی کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے تمام اتھارٹیز لکھ کر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائیں۔
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن ارکان نے خورشید شاہ کی گرفتاری اور وفاقی وزیر مراد سعید کی بات کا جواب دینے کے لیے وقت نہ ملنے پر اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا۔
 
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ۔ پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف نے نکتہ اعتراض پر خورشید شاہ کی گرفتاری کا معاملہ اٹھا دیا، انہوں نے کہا کہ پارلیمینٹیرینز کو جان بوجھ کرگرفتار کیا جاتا ہے تا کہ ان کی تضحیک ہو، خورشید شاہ پارلیمنٹ کے سینئر ترین رکن ہیں، کیا خورشید شاہ بھاگ کر جا رہے تھے، اگر انہیں سوالنامہ بھیجا جاتا تو وہ جواب دیتے، آپ کہہ رہے ہیں کہ بزنس مین اور بیورو کریٹ کو گرفتار نہیں کریں گے، کیا صرف پارلیمینٹیرینز ہی گرفتار کرنے کے لئے ہیں، آپ کو کوئی تفتیش سے نہیں روکتا، جب ثبوت ہوں تو گرفتار کریں، خورشید شاہ کو کیوں گرفتار کیا گیا، کیا نیب نے اسپیکر کو تفصیل بتائی؟،ہمیں بھی بتایا جائے کہ انہوں نے کون سا جرم کیا ہے جس پر گرفتار کیا گیا۔ جس پر اپوزیشن ارکان کے ایوان میں شیم شیم کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔
 
راجا پرویز اشرف نے کہا کہ ایسے نہیں ہو گا کہ بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان کو گرفتار کر لیا جائے، اگر اسپیکر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتے تو ہم احتجاجاً واک آؤٹ کریں گے،ڈپٹی اسپیکر نے راجا پرویز اشرف کا مائیک بند کر دیا، انہوں نے کہا کہ آپ نے بات کرلی، ایوان کو قواعد کے تحت چلاؤں گا۔ اپوزیشن کے احتجاج پر ڈپٹی اسپیکر نے مائیک کھول دیا۔
خواجہ آصف
 
مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ حکمرانوں کی اشرافیہ میں واحد سیاستدان ہیں جو ایک دوسرے کی دشمنی میں سبقت لینے کی کوشش کرتے ہیں، جب ہم ساتھیوں کی جڑیں کاٹتے ہیں دوسرے اداروں کے آلہ کار بنتے ہیں تو جمہوریت کا نقصان ہوتا ہے، ایوان کے کسی رکن کے حقوق پر ضرب آتی ہے تو اس کا سب دفاع کریں، تقاضا ہے کہ اسپیکر کی کرسی سے اس ایوان کے ہر رکن کا تحفظ ہو، خورشید شاہ کے تیس سالہ رویے کا شاہد ہوں، اس نے ایوان کی عزت و وقار میں اضافہ کیا،خدانخواستہ کل یہ وقت آپ پرآیا تو ہم دفاع کریں گے ، آج باہر اس لئے احتجاج کیا کہ ہمیں اسپیکر کی کرسی سے مایوسی ہوئی،آپ کی وفاداریاں ہمارے حلف پرحاوی نہیں ہو سکتیں۔
 
یوسف تالپور
 
پیپلز پارٹی کے نواز یوسف تالپور نے کہا کہ خورشید شاہ کی جس طرح گرفتاری ہوئی اس پر بھی بات ہونی چاہیے، گھر کی دیواریں پھلانگی گئیں، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، نیازی حکومت نے شریف آدمی کو گرفتار کیا اس کی مذمت کرتا ہوں۔
 
نوید قمر
 
پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے ایوان کا نگہبان اسپیکر ہوتا ہے، اپوزیشن کی سامنے والی بنچز سے کتنے ارکان اٹھائے گئے، ملک میں جو مہنگائی اور دیگر بحران ہیں کیا اپوزیشن کو گرفتار کرنے سےحل ہونگے۔
 
مراد سعید
اپوزیشن کی باتوں کا جواب دینے کے لیے وفاقی وزیر مراد سعید نے اظہار خیال کیا، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے کالی پٹیاں باندھی تو سمجھا دیر سے سہی کشمیر پراحتجاج کر رہے ہیں، پھر پتہ چلا اپنا ہی رونا رویا جا رہا ہے، نیب کا چیئرمین آپ کا ہی لگایا ہوا ہے، اگرسوال اٹھتا ہے کہ آپ کے پاس پیسہ کہاں سے آیا توجواب ہونا چاہیے، وزیراعظم آج سعودی عرب اور پھر جنرل اسمبلی جا رہے ہیں، آج ہمیں پیغام دینا چاہیے تھا کہ کشمیر کے لئے ایک ہیں۔
 
مراد سعید نے کہا کہ خورشید شاہ کو میٹر ریڈر کا طعنہ دیا جاتا رہا، میٹر ریڈربھی اللہ کا بندہ ہوتا ہے، خورشید شاہ پرمقدمات بھی سابق وزیرداخلہ نے بنائے تھے، اعتزازاحسن نے چوہدری نثار کو اسی ایوان میں بتایا کہ تم نے کرپشن کس کے ذریعے کی، سچ بات یہ ہے کہ دونوں ہی سچ بول رہے تھے، خدارا اپوزیشن کبھی کشمیریوں کے لیے بھی کالی پٹیاں باندھ کر آئے۔
 
مولانا اسعد محمود کی تقریر کے دوران بدمزگی
 
جے یو آئی (ف) کے مولانا اسعد محمود اظہار خیال کرنے کھڑے ہوئے تو پی ٹی آئی رکن عاصمہ حدید نے شور شرابہ شروع کردیا۔ اس دوران عاصمہ حدید اور جے یو آئی (ف) ارکان کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا۔
 
مولانا اسعد محمود نے کہا کہ عمران خان کے دورہ امریکا کی بات ہوئی وہ پہلے بھی اپنے اقتدار کی بھیک مانگنے کے لئے گئے، آج بھی وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لئے جا رہے ہیں، عاصمہ حدید وہی خاتون ہیں جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کہتی ہیں۔
 
اپوزیشن کا اسپیکر ڈائس پر احتجاج
 
مراد سعید کی تقریر کا جواب دینے کے لیے وقت نہ ملنے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس پر آکر ڈپٹی اسپیکر سے بحث شروع کردی، احسن اقبال نے کہا کہ مراد سعید نے ہمیں غدار بنا دیا آپ ہمیں موقع نہیں دے رہے، مراد سعید کا مشن ہے اپوزیشن کی کردار کشی کرے۔ جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ میں نے کسی کو موقع نہیں دیا، کسی کے دباؤ میں نہیں آؤں گا، ایوان کی روایت ہے اپوزیشن، حکومت دونوں ایک دوسرے پر الزام لگاتے ہیں۔
 
پارلیمنٹ کے باہر بھی احتجاج
 
قومی اسمبلی اجلاس کے سیشن کے دوران متحدہ اپوزیشن نے گرفتار کئے گئے رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرنے کے خلاف پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر احتجاج کیا۔ اس حوالے سے احتجاجی کیمپ بھی لگایا گیا ہے۔ کیمپ میں مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر، خواجہ آصف، ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور مرتضیٰ جاوید عباسی جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر اورشازیہ مری موجود تھیں۔
 
احتجاجی کیمپ میں نواز شریف کی تصویر کے ساتھ قیدی برائے سیاسی تاوان اور بے گناہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرو کے بینر آویزاں کئے گئے۔ احتجاجی کیمپ میں مسلم لیگ (ن) کے ترانے لگانے پر پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتراض کیا گیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ پارٹی ترانے نہیں لگنے چاہئیں، قومی نغمہ لگائیں، شازیہ مری نے پیپلز پارٹی کے ترانے بھی دے دیے۔
کراچی: سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اے ڈی سنجنانی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
 
بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اے ڈی سنجنانی کی جگہ گریڈ 20 کے افسر آصف اکرام ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ مقرر کردیا گیا ہے ۔
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے۔
واضح رہے کہ چاروں اضلاع میں صفائی نہ ہونے سے کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئندہ ماہ سی پیک کے تحت گوادر میں 300 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
 
وفاقی حکومت نے آئندہ ماہ ( اکتوبر ) سی پیک کے تحت گوادر میں 54 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کے 300 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ گوادر میں 300 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کیلیے ٹیرف کا تنازع حل کرنے کیلیے خصوصی ایپلٹ ٹربیونل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔

کرکٹ آسٹریلیا نے 2022 میں دورہ پاکستان کے لیے ٹیم بھجوانے کا مثبت اشارہ دے دیا۔

 پاکستان کا دورہ کرنے والے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس نے سڈنی پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے سیکیورٹی حالات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سب کچھ ٹھیک چل رہا ہے، 2022 میں ٹیم بجھواسکتے ہیں لیکن اس حوالے سے جلد بازی کرنے کی ضرورت نہیں۔ اس دورے کا مقصد چیزوں کو باریک بینی سے دیکھنے کے ساتھ تمام صورت حال کا مشاہدہ کرنا تھا، اس دورے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات میں مزید  بہتری آئے گی۔

کیون رابرٹس نے کہاکہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ تمام پہلووں کا جائزہ لیے بغیر اپنی ٹیم وہاں بجھوادیں، آہستہ آہستہ چیزوں پر نظر رکھ رہے ہیں، اس دورے کے حوالے سے ہمارے پاس ابھی کافی وقت ہے، کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، ٹور سے پہلے یقینی طورپر سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹس بھی مدنظر رکھی جائے گی۔ فروری 2022 میں آسٹریلوی ٹیم نے دوٹیسٹ، تین ون ڈے اورتین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے لیے پاکستان کا مہمان بنناہے۔ کیون رابرٹس کے ایک روزہ دورہ اسلام آباد میں سکیورٹی ماہر شان کیرل بھی ان کے ساتھ تھے۔ایک طویل عرصے بعدآسٹریلوی عہدیداروں کا یہ پہلا دورہ پاکستان تھا۔

پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ نے جنگلی جانوروں کے حملوں سے ہونے والےجانی نقصان پرامدادی پیکج کا اعلان کردیا۔
 
جنگلی جانوروں کے حملوں سے جاں بحق ہونے والے متاثرہ خاندان کو تین لاکھ اور ذخمی افراد کو ایک ایک لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا میں جنگلی جانوروں کے حملوں کے کئی واقعات رونما ہوئے۔ ان حملوں میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
 
حکومت نے جنگلی جانوروں کے حملوں میں جاں بحق اور زخمی افراد کو معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور خیبرپختونخوا کابینہ نے معاوضہ دینے کی منظوری دیدی ہے۔
محکمہ ریلیف کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جنگلی جانور کے کاٹنے سےجاں بحق افراد کے لواحقین کو 3 لاکھ روپے دئیے جائیں گے جب کہ زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے 1 لاکھ روپے معاوضہ دیاجائے گا۔

دبئی: میئرکراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف اور سابق گورنر سندھ عشرت العباد سے ملاقاتیں کی ہیں جس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر  نے دبئی میں سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں کے درمیان کراچی کے مسائل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔  وسیم اختر نے کراچی سمیت پورے صوبے کے حالات اور صورتحال سے پرویز مشرف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے، کراچی کو کوئی اپنی ذمہ داری سمجھنے والا نہیں، شہر کو لاوارث کر دیا گیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف نے کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا میرے دور میں جو محکمے بلدیہ کے پاس تھے وہ واپس کیے جائیں، میں نے اپنے دور میں جو اختیارات اور فنڈز میئر کودئیے ویسے ہی حکومتوں کو دینا ہوں گے، کراچی کو بہتر بنانے کے لیے میئر کو اختیارات دینا ہوں گے۔

دوسری جانب میئر کراچی وسیم اختر نے دبئی میں سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے بھی اہم ملاقات کی۔  ملاقات کے دوران وسیم اختر نے کہا بلدیاتی اختیارات کی فراہمی کے بغیر ترقی ممکن نہیں، عارضی حل کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل تلاش کرنا ہوگا ، مسائل حل کرنا ہوں گے تو سیاسی تلخی، الزامات اور گریبان چاک کرنے کی سیاست ختم کرنا ہوگی۔

عشرت العباد خان نے مسائل کے حل کے لیے میئر کراچی کو اپنے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور حکومت سے اپیل کرتے ہوئے کہا وفاق کراچی کے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے، کراچی کے اسٹیک ہولڈر بھی میئر کراچی کے ساتھ تعاون میں اپنا کردار ادا کریں۔

عشرت العباد نے وسیم اختر کو بھی مشورہ دیتے ہوئے کہا میئر کراچی صوبائی حکومت اور وفاق کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بڑھائیں۔ سابق گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ ناصر حسین شاہ سے بھی رابطہ کرکے ساتھ بیٹھنے اور کام کرنے کے لیے بات کریں گے۔

راولپنڈی: کلرسیداں کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال میں دینگی مچھر نے ڈاکٹر کو بھی کاٹ لیا۔

پنجاب میں ڈینگی بخار میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اب مریضوں کے بعد ڈاکٹرز بھی اس کا شکار ہونے لگ گئے ہیں، تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کلرسیداں کے میڈیکل آفیسرڈاکٹر جاذب کو بھی ڈینگی مچھر نے کاٹ لیا جس کے بعد وہ ڈینگی بخار میں مبتلا ہوگئے ہیں، ڈاکٹر جازب کو ہولی فیملی ہسپتال ریفر کردیا گیا ہے۔

سابق کپتان ارجنا رانا ٹنگا کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں بدامنی کے 30 سالہ دور میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے ہماری مدد کی اور میچز کھیلنے کے لیے آتے رہے۔
 
سابق کپتان کا کہناتھا کہ سری لنکا میں بدامنی کے 30 سالہ دور میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیوں ہماری مدد کی اور میچز کھیلنے کے لیے آتے رہے، اب ہمیں چاہیے کہ پاکستان کی مدد کریں، بدقسمتی سے ہمارے پاس ہمت رکھنے والا کرکٹ بورڈ نہیں۔
 
یاد رہے کہ سابق کپتان اور وزیر ارجنا رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے اپنا پہلا اور آخری ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا تھا، وہ ماضی میں بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ معاملات میں تعاون کی حمایت کرتے رہے ہیں، سری لنکن کرکٹ کے امور عبوری طور پر چلائے جارہے ہیں، آئی لینڈرز کو 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے لیے 25 ستمبر کو پاکستان آنا ہے، سیکورٹی انتظامات کا اثر نو جائزے کا بیان جاری کیے جانے کے بعد غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، ابھی تک سری لنکن بورڈ کی طرف سے با ضابطہ طور پر کوئی مثبت یا منفی جواب موصول نہیں ہوا، پی سی بی سیریز کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسلام آباد: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کرلے۔
 
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی تو نیب ٹیم نے گرفتار ملزم آصف زرداری کو پیش کیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مراد علی شاہ سمیت جس کو گرفتار کرنا چاہتی ہے کر لے، حکومت سب کو گرفتار کرکے اپنا شوق پورا کر لے، ہمیں پروڈکشن آرڈرز کی بھی کوئی ضرورت نہیں۔
 
دھرنے میں مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے سے متعلق سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ میں تو جیل میں ہوں، دھرنے میں شرکت کا فیصلہ بلاول صاحب کریں گے۔ صحافی نے پوچھا کہ آپ آج کل پنڈی میں ہیں، پنڈی کا موسم کیسا ہے؟۔ آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آج کل بارشیں ہو رہی ہیں اور پنڈی کا موسم بدل رہا ہے۔