اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی:جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کا کہنا ہے کہ بی اے سال اول پرائیوٹ سالانہ امتحانات برائے 2018 ءکے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔نتائج کے مطابق امتحانات میں 5136 طلبہ شریک ہوئے،جن میں1595 طلبہ کو کامیاب قراردیا گیا جبکہ 3541 طلبہ ناکام قرارپائے۔امتحانات میں کامیابی کا تناسب 31.06 فیصدرہا

 چارسدہ:باچا خان یونیورسٹی کی انظامیہ نے طلباء و طالبات کے جوڑے بنانے اور ساتھ گھومنے پھرنے پر پابندی کا فیصلہ منسوخ کردیا۔

باچا خان یونیورسٹی کے اسسٹنٹ چیف پراکٹر نے جامعہ کی حدود میں طلباء و طالبات کے جوڑوں کی شکل میں ساتھ بیٹھنے اور گھومنے پھرنے پر پابندی کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ یونی ورسٹی میں غیر اخلاقی سرگرمیاں عروج پر ہیں، جامعہ کی انتظامیہ ایسی کسی بھی غیراخلاقی و غیر اسلامی سرگرمی کی سختی سے حوصلہ شکنی کرتی ہے، طلبا و طالبات کے جوڑے بنانے کی اجازت نہیں، جامعہ کی حدود میں اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والے طلبا و طالبات کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا جبکہ ان کے والدین کو بھی بلایا جائے گا، لہذا یونیورسٹی کے احاطے میں طلبا اور طالبات غیر رسمی تعلقات نہ رکھیں۔

اسسٹنٹ پراکٹر فرمان اللہ نے کہا کہ والدین کی شکایات پر یونیورسٹی اور طلباء وطالبات کے بہتر مستقبل کےلئےیہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

دوسری جانب انتظامیہ نے تنقید کا سامنا کرنے کے بعد یہ فیصلہ منسوخ کردیا ہے۔ وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ثقلین نقوی نے کہا کہ یہ نوٹیفکیشن بغیر مشاورت جاری کیا گیا جس کے باعث اسے منسوخ کردیا گیا ہے اور اسسٹنٹ پراکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور: ادکاروگلوکار محسن عباس حیدر اور ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کو فیملی عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کردی۔
 
جسمانی اور ذہنی تشدد کے الزام میں شوبز کی ایک اور فیملی کے درمیان علیحدگی ہوگئی۔ لاہور میں فیملی عدالت کے جج بابر ندیم نے فاطمہ سہیل کی خلع کی درخواست پر سماعت کی۔
 
دوران سماعت فاطمہ سہیل نے عدالت کو بتایا کہ کہ وہ اب محسن عباس حیدر کے ساتھ مزید نہیں رہنا چاہتیں اور نہ ہی ان سے صلح کرسکتی ہیں۔ جب کہ محسن عباس حیدر نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھی اب فاطمہ سہیل کے ساتھ زندگی گزارنا نہیں چاہتے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے بیانات سننے کے بعد خلع کی ڈگری جاری کردی۔
 
محسن عباس اور فاطمہ سہیل کا ایک بیٹا بھی ہے اس حوالے سے محسن عباس کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹے کے لیے ماں اور باپ دونوں کا پیار بےحد ضروری ہے، البتہ اس کی تحویل کے حوالے سے وکلا سے مشورہ کرکے قانونی کارروائی کریں گے۔
 
فاطمہ سہیل نے دو ماہ قبل اپنے شوہر پر تشدد اور بے وفائی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ محسن کے نازش نامی ماڈل سے ناجائز تعلقات ہیں جس کی وجہ سے شوہر ان پر تشدد کرتا ہے۔ جب کہ محسن نے فاطمہ کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی اہلیہ جھوٹ بول رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ فاطمہ نے لاہور کی فیملی عدالت میں خلع کا دعویٰ دائر کیا تھا جس پر فیصلہ سناتے ہوئے جج نے آج خلع کی ڈگری جاری کردی ہے۔

24 ستمبر 2019 منگل کی سہ پہرپاکستان کے زیرانتظام کشمیر، دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے کئی علاقوں سمیت پاکستان کے بالائی حصوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم کے 5 کلومیٹر شمال میں تھا اور گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔اس زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 24 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمی افراد 452 ہیں۔ جن میں سے 162 افراد شدید زخمی جبکہ 292 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں،مزید امدادی کاروائیوں اور بحالی کا کام جاری ہے.

 زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے،زلزلہ راولپنڈی، لاہور، کالا باغ، سانگلہ ہل، گجرات، چنیوٹ، سرگودھا، ظفر وال، شاہ کوٹ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، صوابی، پھالیہ، سرائے عالمگیر، شکر گڑھ، نور پور تھل، پشاور، پنڈی بھٹیاں، نارووال، پسرور، شیخو پورہ، سمندری، قصور، جہلم، مری، کوٹ مومن، خیبر، ایبٹ آباد، سکھیکی، سوات، مردان، اوکاڑہ اور بونیر میں محسوس کیا گیا۔

دیگر علاقوں جن میں ننکانہ صاحب، قائد آباد، ڈسکہ، جڑانوالہ، شانگلہ، باجوڑ، مظفر آباد، اسکردو، میرپور آزاد کشمیر اور مضافات میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے 10 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے.

زلزلہ محسوس ہوتے ہی لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پروازوں کو روک دیا گیا، ایئرپورٹ عملہ اور مسافر ایئرپورٹ ٹرمینل سے باہر آگئے۔

اس سے قبل 12 ستمبر کو بھی اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، مردان، اور میر پور آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے،اس زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 251 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش ریجن تھا.

اس سے قبل 2015 میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 206 تک پہنچ گئی تھی جبکہ کم سے کم 1381 افراد کے زحمی ہوئے تھے.

یہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2:09 منٹ پر آیا تھا۔ حکام کے مطابق اس زلزلے سے سب سے زیادہ نقصان خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن میں ہوا تھا۔ریکٹر اسکیل پر اس زلزے کی شدت 7.5 ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.5 تھی اور اس کا مرکز افغانستان میں ہندو کش کا پہاڑی علاقہ تھا جو کہ ڈسٹرکٹ جرم کے جنوب مغرب میں 45 کلومیٹر دور واقع ہے۔ زلزلہ زمین کی گہرائی میں 200 کلومیٹر اندر تک آیا۔ یہی وجہ ہے کہ سطح زمین پر اس نے زیادہ بڑی تباہی نہیں مچائی تھی۔ اس سے قبل سنہ 2005 میں آنے والے زلزلے کا مرکز زمین کے اندر محض 15 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

 

لاہور: پولیس نے ملت پارک کے علاقے میں بہن کو قید کرنے والے 2 بھائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
 
ملت پارک کے علاقے میں 25 سالہ لڑکی کو گھر میں قید رکھنے کے الزام میں پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ مقدمہ شہری عبدالرحمن کی بیان پر درج کیا گیا۔
 
پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے دونوں بھائیوں عامر اور مکرم کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔ 25 سالہ روشن آرا کو اس کے بھائیوں نے جادوکے نام پر گھر میں قید کیا ہوا تھا۔ روشن آرا اعلیٰ تعلیم یافتہ اور ایم ایس سی کرچکی ہے۔
مقدمے کے مدعی نے کہا کہ لڑکی کو برہنہ رکھا جاتا تھا اور اکثر اس کی چیخ و پکار سنائی دیتی تھی۔
کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی کی جانب سے شروع کئے گئے پروگرام ’وائس چانسلر کا منصوبہ‘ کے تحت جامعہ داؤد انجینئرنگ میں میگا ایونٹ ’نیشنل پروجیکٹ کمپی ٹیشن (NPC'19)‘‘ دسمبر میں منعقد کیا جارہا ہے جو 21؍ سے 22؍ دسمبر 2019ء تک جاری رہے گا۔
 
نیشنل پروجیکٹ مقابلوں کے حوالے سے تعارفی تقریب جامعہ کے آڈیٹوریم میں ہوئی جس میں کیٹیگریز کا اعلان کیا گیا اور ان کیٹیگریز میں تخلیقی اور اختراعی ایجادات، سماجی فوائد ، کم لاگت ، ماحول دوست ، کاروباری آغاز اور قابل عمل منصوبے جیسے موضوعات شامل کئے گئے ہیں۔
 
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں پہلی بار ایسے کسی میگا ایونٹ کا انعقاد کیا جارہا ہے اور پاکستان میں کسی بھی یونیورسٹی نے اس نوعیت کے مقابلے نہیں کرائے ، نیشنل پروجیکٹ کمپی ٹیشن میں شرکت کیلئے ہم نے 74؍ جامعات کو مدعو کیا ہے ۔ نیشنل پروجیکٹ مقابلوں کے وژن اور مشن کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے بتایا کہ ہم نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے جو دنیا میں بڑے پیمانے پر اثرات کیلئے حیران کن اور انوکھے خیالات کو حقیقت میں تبدیل کریں گے ، ہمارا مقصد باصلاحیت نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا جو باہمی فوائد اور تخلیقی کلچر کو فروغ دینے کیلئے مواقع اور انڈسٹریز کو آپس میں جوڑ دیں۔
 
تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، اکیڈمک کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ ، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، این پی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسمیع ، تمام شعبوںکے چیئرپرسنزاور طلباء کی ایک بڑی نے شرکت کی۔
 
کراچی : پولیس نے کچرا پھینکے کا پہلا مقدمہ سکھن تھانے میں درج کرکے ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔
 
شہرقائد میں صوبائی حکومت کی جانب سے صفائی مہم جاری ہے اور اس دوران شہر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے جس کے تحت شہر میں کچرا پھینکنے سمیت پان تھونکنے پر بھی پابندی ہے اور وزیراعلیٰ سندھ نے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تھا۔
 
پولیس کے مطابق کچرا پھینکنے کا پہلا مقدمہ سکھن تھانے میں درج کیا گیا، عبدالجبار نے اپنے گھر کا کوڑا تھیلی میں ڈالا کر سڑک پر پھینک دیا تھا اور علاقہ مکینوں کی نشاندہی پر عبدالجبار کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا ہے۔

کراچی:  ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستانی کرکٹرزکا راج برقرار رہا جب کہ بابر اعظم کی پہلی پوزیشن کو فی الحال کوئی خطرہ نہیں ہے۔

پاکستانی ٹیم کو سری لنکا سے ہوم سیریز کے دوسرے حصے میں ٹوئنٹی 20 کرکٹ کھیلنا ہے، مگر اس فارمیٹ کیلیے میدان میں اترنے سے پہلے ہی اوپنر فخر زمان ایک درجہ بہتری پاکر ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔

لوکیش راہول کی 3 درجہ تنزلی ان کیلیے فائدہ مند ثابت ہوئی، ٹاپ پوزیشن پر بدستور بابر اعظم کا راج اورانھیں قریب ترین حریف آسٹریلیا کے میکسویل پر پورے 81 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے، شعیب ملک کو تنزلی نے 34 ویں نمبر پر پہنچا دیا،کپتان سرفراز 45 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

بولرز میں ٹاپ پوزیشن پر اگرچہ افغانستان کے راشد خان کا قبضہ برقرار ہے تاہم پاکستانی عماد وسیم اور شاداب بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود اور انھیں چیلنج دے رہے ہیں۔ فہیم بھی دسویں پوزیشن کی صورت میں ٹاپ 10 میں موجود رہے، عامر 35 اور حسن 36 واں نمبر سنبھالے ہوئے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے ہوم سیریز میں قدرے بہتر کارکردگی پر بھارتی کپتان کوہلی بھی ایک درجہ ترقی پاکر 11ویں نمبر پہنچ چکے ہیں۔

آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر شکیب جبکہ اس فہرست میں پاکستان کے ہائی رینکنڈ پلیئر حفیظ 11ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیم رینکنگ میں نمبر ون کا اعزاز بدستور پاکستان کے پاس ہے، انگلینڈ دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر رہا۔

اسلام آباد: سیکٹر ای الیون کے علاقے میں برطانوی خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔
 
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے ملزم علی اریب کو فوری معطل کردیا ہے، ملزم کو وقوعہ کے روز ہی گرفتار کرلیا گیا تھا، اس کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہوچکا ہے اور اب وہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
 
ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ پولیس کا متاثرہ غیر ملکی خاتون پر کسی قسم کوئی دباؤ نہیں، اسے مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا، زیادتی کرنے والا ملزم علی اریب اسلام آباد پولیس سی ٹی ایف میں تعینات تھا، اور اس کے خلاف ایس ایس پی سی ٹی ایف انکوئری کررہے ہیں۔
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال تیزی سے بہتر ہورہی ہے۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے شیخ علی بن عبداللہ الثانی کی ملاقات، شیخ علی بن عبداللہ الثانی انٹرنیشنل اسلامک بینک کے چیف ایگزیکٹواور شاہی خاندان کے رکن ہیں۔
 
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں معاشی تعاون میں اضافے کے لئے سیکیورٹی اور سازگار ماحول کے قیام سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا، معززمہمان نے ملک و خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، غیرملکی سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کے لیے امن کا قیام ضروری ہے۔ شیخ علی بن عبداللہ الثانی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام سے معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔