اتوار, 13 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے شہری علاقوں میں پٹوارخانوں پر پابندی کے فیصلہ کے خلاف نظرثانی درخواستوں پر تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔
 
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں بینچ نے قرار دیا کہ تمام صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اپنے صوبائی قانون کو مدنظر رکھ کر جواب داخل کریں۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ اربن علاقوں میں پراپرٹی رکھنے والوں کو قانونی تحفظ درکار ہے۔
 
درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پٹواری فرد نہیں دیتے جس سے رجسٹری نہیں ہوتی، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پٹواری فرد کے 10لاکھ مانگ لیتا ہے۔ اس لیے عدالت نے اربن ایریاز میں پٹوار خانے ختم کرنے کا فیصلہ دیا اور زمین کی خریدوفروخت رجسٹرڈ سیل ڈیڈ کے ذریعے کہا گیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا پٹواریوں کا نظام جدید طرز پر بنانا چاہئے، سب سے زیادہ کرپشن پٹواریوں کے نظام میں ہے، اسلام آباد سمیت ملک کے شہری علاقوں میں پٹواریوں نے لوٹ مچا رکھی ہے، نیب کے زیادہ تر کیسز بھی پٹواریوں سے متعلق ہیں۔ مزید سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کردی گئی۔

 لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کشمیر پر ہماری حکومت کے خلاف بہت زہریلا پراپیگنڈا ہو رہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان لوگوں کو ناموس رسالت پر اکٹھا کر رہے ہیں لیکن ان کا مقصد کچھ اور ہے، پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں چل سکتے، پہلے کہہ چکا ہوں پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نہیں چلے گی۔ عبدالغفور حیدری کے ذریعے مولانا فضل الرحمان کو پیغام بھیجا ہے کہ گرم جگہ پر پاوَں نہ رکھیں، پھونک پھونک کر قدم رکھنا ہو گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چین کے ساتھ پاکستان کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے بلند ہے، کہا جا رہا ہے سی پیک “پیک” ہو گیا ہے، انشااللہ سی پیک ایم ایل ون بنے گا، سی پیک عمران خان کے دور میں مکمل ہو گا۔

 وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کے خلاف بہت زہریلا پروپیگنڈا ہو رہا ہے، وزیراعظم اور آرمی چیف کی قیادت میں کشمیر کا کیس بہت طریقے سے آگے جائے گا، سلامتی کونسل میں 52 سال بعد کشمیر کا مسئلہ عمران خان لے کر گئے، جنگ کا فیصلہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کو کرنا ہے، پاکستان پر حملہ ہوا تو پاک فوج تیار ہے، کسی نے حملہ کیا تو نیست و نابود ہو جائے گا۔ سیاست اور جنگ میں اپنی ٹائمنگ ہوتی ہے، کشمیر کے اندر سےتحریک اٹھے گی، پتھر استعمال کرنے والے اب کچھ اور استعمال کریں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ظفر اللہ جمالی کو اس لیے ہٹایا گیا وہ امریکا سے ون آن ون ملاقات کر رہے تھے، نواز شریف نے بھی جاتی عمرا میں مودی سے ون آن ون ملاقات کی، یہ وقت بھی آ سکتا ہے کہ لندن میں گرفتاریاں ہوں اور انہیں پاکستان لایا جائے۔ شہبازشریف کی سیاست امتحان میں ہے، وہ مذاکرات کو کامیاب کرانے کے بڑے حامی ہیں، ان میں لچک ہے جب کہ نواز شریف ضد کی وجہ سے معاملات خراب کرتے ہیں۔

ایشین والی بال چیمپئن شپ میں بھارت کے خلاف فتح کے بعد پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ گئے۔

ایشین والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو ہراکر دنیا بھر میں سبز ہلالی پرچم لہرا دیا، تہران میں جاری ایشین ایونٹ میں پاکستان نے 3-2سے بازی اپنے نام کی۔ ابتدائی 2 گیمز میں پاکستانی کھلاڑی چھائے رہے اور انہوں نے 25-23 اور21-21 سے میچ پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کی کوشش کی۔

تیسرے اور چوتھے سیٹ میں بھارت نے عمدہ کم بیک کیا اور 25-20 اور 25-19سے مقابلہ برابر کر دیا، پانچویں اور فیصل کن سیٹ میں پاکستان نے بھارت کےخلاف 6 کے مقابلے میں 15 پوائنٹس سے کامیابی سمیٹ کر میچ کا نتیجہ اپنے نام کیا۔ میچ کے بعد ہال پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا۔

لاہور: سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔ پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔

سیریز کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق ، عابد علی ،آصف علی ،فخر زمان ، حارث سہیل ، محمد حسنین ،افتخار احمد، عماد وسیم، شاداب خان ، وہاب ریاض ، محمد عامر ، محمد حسنین ، عثمان شنواری اور محمد نواز شامل ہیں۔ حسن علی ٹیم میں جگہ نہیں بنا پائے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچز کی سیریز کراچی میں کھیلی جائے گی۔
لاڑکانہ: نمرتا کیس میں گرفتار ملزم مہران ابڑو نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ اور مہران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار تھے اور دونوں شادی کرنا چاہتے تھے۔
دوران تفتیش پولیس نے نمرتا کے دو کلاس فیلوز سمیت 32 افراد کے بیان قلمبند کر لئے ہیں، کالج کے سینیئر پروفیسر امر لعل نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں کہا ہے کہ نمرتا کچھ وقت سے کسی مسئلے کو لے کر پریشان تھی، وہ کئی بار پروفیسر امر لعل کے پاس آئی، روئی اور پریشانی کے شکار ہونے کا بتایا۔ پروفیسر امر لعل نے بتایا کہ وہ روتی اور کہتی کہ مجھے ہمت چاہیے کہ میں اس مسئلے سے نکلوں، بہت پوچھنے پر بھی مسئلہ نہیں بتایا جس پر میں نے نمرتا کو یوگا اور ورزش سانگس سننے کا مشورہ دیا۔
 
اس کے علاوہ پولیس کی زیر حراست نمرتا کے کلاس فیلو مہران ابڑو نے نمرتا سے محبت کا اعتراف کر لیا، اس نے بتایا کہ نمرتا مجھ سے شادی کرنا چاہتی تھی۔ اس کے علاوہ پولیس نمرتا اور مہران کے درمیان تعلق پر وسیم میمن نامی شخص کی دلچسپی پر بھی تحقیق کررہی ہے۔
 
دوسری جانب ایس ایس پی مسعود بنگش نے نمرتا کے لواحقین سے متعدد بار رابطہ کیا ہے اور انہیں واقعے کا مقدمہ درج کروانے کا کہا ہے تاہم نمرتا کے ورثاء جامعہ بے نظیر کی وائس چانسلر کو مقدمے میں نامزد کرنے پر بضد ہیں جب کہ نمرتا کے لواحقین کو ہندو کمیونٹی کے معززین نے مشورہ دیا ہے کہ ادارے کی سربراہ کو مقدمے میں نامزد کرنے سے کیس کمزور ہوگا۔
 
واضح رہے کہ 16 ستمبر کو آصفہ بی بی ڈینٹل کالج لاڑکانہ کے ہاسٹل سے نمرتا چندانی کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ سندھ حکومت نے نمرتا چندانی کی ہلاکت کی وجوہات جاننے کے لیے جوڈیشل انکوائری کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دوروزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکا کے لیے روانہ ہوگئے۔
 
وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دوروزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکا کے لیے روانہ ہوگئے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، مشیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اورمعاون خصوصی برائے سمندرپارپاکستانی سید ذولفقارعباس بخاری بھی ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم 21 سے 27 ستمبرتک امریکا کا دورہ کریں گے۔
 
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق 27 ستمبرکو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے جس میں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پرمؤقف دیں گے، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کریں گے ساتھ ہی وزیراعظم امریکی تھنک ٹینکس سے بھی خطاب کریں گے۔
 
وزیراعظم عالمی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے، وزیراعظم نفرت انگیز تقاریرکے خاتمے پر مباحثے سے بھی خطاب کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم موجودہ حالات اور دیگر امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

کراچی: بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث سمندر کی جانب سے چلنے والی ہوائیں بند ہوگئی ہیں جس کے باعث آئندہ 3 روز تک شہر قائد میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق کراچی اور سندھ کے دیگر ساحلی علاقوں میں آج سے شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، اس دوران ہیٹ ویو کا بھی امکان ہے، 24 ستمبرتک ساحلی علاقوں خصوصاً کراچی میں درجہ حرارت 41 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں اس وقت ہوا کا ایک کم دباؤ موجود ہے جس کی وجہ سے سمندری ہوائیں معطل ہوگئی ہیں۔ مطلع صاف رہنے اورسورج کی تپش براہ راست زمین پرپڑنے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔ سمندر کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی بندش کی وجہ سے کراچی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ہے۔ اس لئے شہری صبح 11 سے سہہ پہر 3 بجے تک غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں ، پانی یا ٹھنڈے مشروب زیادہ سے زیادہ پیئیں اور گھر سے باہر نکلتے وقت اپنے آپ کو ڈھانپ لیں۔

واضح رہے کہ شہر قائد میں ستمبر کے اواخر اور اکتوبر کے اوائل میں شدید گرمی معمول کی بات کی ہے ، اکتوبر کے اواخر سے موسم کی تبدیلی شروع ہوجائے گی اور اس دوران دن گرم اور راتیں ٹھنڈی ہوجاتی ہیں۔

 

سری لنکا کی وزارت دفاع نے ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے گرین سگنل دے دیاہے ۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کی وزارت دفاع نے اپنی ٹیم کو پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دیدی ہے ، سری لنکن میڈیا کا کہناہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ جلد ہی دورہ پاکستان کا اعلان کرے گا ، سری لنکا کی ٹیم 24 ستمبر کو پاکستان کیلئے روانہ ہو گی جہاں وہ پاکستان کے ساتھ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے گی ۔
 
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچز کیلئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان بھی کر دیاہے جو کہ کل سے شروع ہو جائے گی ، کم سے کم ٹکٹ پانچ سو روپے کی رکھی گئی ہے ۔

پشاور: سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیو سامنے آنے پر گورنر خیبر پختونخواشاہ فرمان نے بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو عہدہ سے ہٹا دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی لڑکیوں کے ساتھ ڈانس کی متنازعہ ویڈیو سامنے آئی تھی جس پر گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے ایکشن لیتے ہوئے انہیں وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹادیا۔

وائس چانسلر کی زمہ داریاں عارضی طور پر پر سلطان محمود کو دے دی گئی ہیں جب کہ گورنر خیبر پختونخوا نے معاملہ کی باقاعدہ انکوائری کیلئے 3 رکنی کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی دس دن میں اپنی حتمی رپورٹ گورنر خیبر پختونخوا کو ارسال کرے گی۔

اسلام آباد: کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے منعقدہ اجلاس میں ایک درجن سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل شروع کرنے کی اجازت دے دی۔
 
نجکاری کمیٹی نے ایل این جی سے چلنے والے 2 بجلی گھروں کی اسٹریٹجک فروخت کے لیے ٹرانزیکشن اسٹرکچر کی بھی منظوری دی۔ ایل این جی سے چلنے والے بجلی گھر نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( این پی پی ایم سی ایل) کی ملکیت ہیں جس کا انتظام و انصرام حکومت کے پاس ہے۔ ان بجلی گھروں کی فروخت سے 3 کھرب روپے کی نان ٹیکس آمدن ہونے کی توقع ہے۔
 
حکومت مخصوص مالیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے رواں مالی سال میں دونوں بجلی گھروں کی نجکاری شامل کرنے کی خواہش مند ہے۔
کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے پاور ڈویژن کی جانب سے عدم تعاون کی فضا میں اسلام آباد الیکٹرک کمپنی ( آئیسکو) اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کی نجکاری کا فیصلہ کیا ہے۔
 
کابینہ کی نجکاری کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری کے حکومتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں عدم تعاون پر وزارت توانائی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے وزارت توانائی سے کہا ہے کہ یا تو نجکاری میں تعاون کرے یا پھر اپنے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کرے۔
 
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس میں فعال نجکاری پروگرام میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور آئیسکو اور لیسکو کے کچھ حصے کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔