منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی میں داخلہ پالیسی اور داخلوں میں ہونے والے مسائل کا کلیم وصول نہ کیے جانے کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے منگل کو جامعہ کراچی میں احتجاج کیا۔ جمعیت کے ایڈمن انچارج شہزور حسین نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ نے جامعہ کراچی میں امسال ہونے والے داخلوں میں پے در پے آنے والے مسائل اور غیر معمولی تاخیر کے خلاف ایڈمن بلاک کے باہر احتجاج کیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ داخلہ کمیٹی کے انچارج کی غیر موجودگی میں ڈاکٹر منصور کو قائم مقام انچارج بنایا گیا تاہم انتظامیہ کی جانب سے اس کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔ شہزور حسین کا کہنا تھا کہ آج جو سیکڑوں طلبہ سراپا احتجاج ہیں۔ ان میں ایسے طلبہ بھی ہیں جن کے این ٹی ایس مارکس اور میرٹ دونوں اپنے درج شدہ شعبہ جات میں پورا اترتے ہیں اس کے باوجود ان کا نام لسٹ میں نہیں۔ اورایسے بھی ہیں جن کا فارم بغیر کسی اطلاع کے ریجیکٹ کردیا گیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی میں داخلوں کے حوالے سے مسائل کے لیے کلیم فارم وصول کیا جاتا تھا جس کو اس سال جامعہ نے بند کردیا ہے اور باوجود انتظامیہ کے اعلامیہ کے کنورژن کی بنیاد پر داخلوں کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔ مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں اپنے مطالبات کیلئے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔
دریں اثناء آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کی مرکزی کابینہ نے جامعہ کراچی انتظامیہ سے ملاقات کے دوران سالانہ داخلہ مہم کے دوران پہلے سے اعلان شدہ داخلہ پالیسی میں تبدیلی پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے میرٹ کا قتل قرار دیا۔
 
ملاقات کے دوران اے پی ایم ایس او کی مرکزی کابینہ نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے درخواست کی کہ داخلہ پالیسی میں تبدیلی کے باعث جن طلباء و طالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا انکی آسانی کیلئے جامعہ کراچی میں 4 روزہ کلیم ڈیسک قائم کی جائے اور انکے جائز مسائل کو حل کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ کسی طور بھی میرٹ کا قتل نہیں ہوگا اور تمام طلباء و طالبات کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کئے جائے۔

 

 

ایمزٹی وی(صحت)صوبے کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال سول اسپتال کراچی میں سال 2017کے دوران 11 ہزار سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی ۔ اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمد توفیق نے جنگ کو بتایا کہ اسپتال کے شعبہ گائنی کے تین یونٹس ہیں جن میں ان بچوں کی پیدائش ہوئی ۔
یونٹ ون میں 3ہزار 546، یونٹ ٹو میں 3ہزار 738جبکہ یونٹ تھری میں 3ہزار 837بچوں نے جنم لیا۔
مجموعی طور پر پورے سال میں اسپتال میں 11ہزار 121بچے پیدا ہوئے جن میں زیادہ تعداد بچیوں کی تھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ بیشتر جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی جبکہ دو سے زائد بچوں کی پیدائش کے واقعات بھی ہوئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں اور ان کی کوشش رہتی ہے کہ مریضوں کو صحت کی بہترین سہو لتیں فراہم کی جائیں ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست اور زندگی نجومیوں اور حکیموں پر رہ گئی ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف آج پھرعدالت میں پیش ہوئے، آج ان لوگوں سے پوچھا جائے جوکل کہہ رہے تھے کہ سعودی عرب میں این آر او ہورہا ہے۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان اچھے سیاست دان تونہ بن سکے اب وہ جعلی شاہ رخ بننے کی کوشش کررہے ہیں اورعمران خان نے جو کل ٹویٹ کیااس میں وہ جعلی خان لگانا بھول گئے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اقبال جرم کرنے کے باوجود عدالتوں نے عمران خان کو صادق و امین قرار دے دیا۔
میڈیازرائع کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب مقدمات میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا کہ اقبال جرم کرنے کے باوجود عدالتوں نے عمران خان کو صادق و امین قرار دے دیا، جبکہ میرے خلاف بدعنوانی ڈھونڈنے کی کوشش کی جارہی ہے جو آج تک نہیں ملی اور اقامہ پر نااہل کردیا گیا، روز روز احتساب عدالت میں پیش ہونے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی۔
نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے خود لاکھوں پاؤنڈز کا اعتراف کیا، پتا نہیں انہوں نے پیسہ کہاں سے حاصل کیا، چوری اور ہیرا پھیری کی یا منی لانڈرنگ سے پیسہ کمایا، ایمنیسٹی اسکیم اعتراف جرم ہوتی ہے، نیازی سروسز جو کچھ کرتی رہی اس کا عمران خان نے خود اعتراف کیا، عمران خان عدالت کے سامنے اقبال جرم کرچکے ہیں اور معافی بھی مانگی، جو ریکارڈ کا حصہ ہے، لیکن عدالت نے کہا کہ عمران صاحب آپ جتنا بھی اعتراف کرلیں ہم نہیں مانتے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نےمیرے دورہ سعودیہ کے بارے میں غلط خبریں جاری کیں اچھا نہیں کیا، پاکستان کا سعودیہ کے ساتھ دیرینہ تعلق ہے، میرا سعودی عرب جانا کوئی عجوبہ نہیں، سعودی عرب سے پاکستان کے تعلقات قیام پاکستان کے وقت سے ہیں، قیاس آرائیاں کرنیوالوں کا رویہ غیر ذمے دارانہ ہے۔

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے پاس بھی جوہری حملے کا بٹن موجود ہے جو بہت بڑا اور زیادہ طاقتور ہے۔
چند روز قبل شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا تھا کہ ان کی میزپرہر وقت ایٹمی ہتھیار چلانے کا بٹن موجود رہتا ہے لیکن جب تک ہم پر جنگ مسلط نہیں کی جائے گی تب تک جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
شمالی کوریا کے سربراہ کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک ٹوئٹ کی ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ان کی میز پر ہر وقت ایٹمی ہتھیار چلانے کا بٹن موجود رہتا ہے لیکن کیا کوئی قحط زدہ اور کمزور حکومت میں سے کوئی ان کو بتائے گا کہ میرے پاس بھی جوہری حملے کا بٹن موجود ہے جو بہت بڑا اور زیادہ طاقتور ہے اور وہ بٹن کام بھی کرتا ہے۔
 
واضح رہے کہ 2017 کے دوران شمالی کوریا نے ایٹم بموں کے علاوہ کئی بیلسٹک میزائلوں کے بھی کامیاب تجربات کرتے ہوئے امریکا کو براہ راست دھمکی دی گئی تھی جب کہ متعدد مرتبہ جوہری میزائل تجربے کے سبب اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پرسخت اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سینیٹ کے اجلاس میں اس وقت افسوس ناک صورتحا ل پیدا ہوگئی جب دوران بریفنگ سیکرٹری پورٹ قاسم اتھارٹی محمدثاقب کا دل کا دورہ پڑ گیا ۔
فوری طور پرایمبولینس نہ ہونے کی وجہ سے چیرمین سینیٹ رضا ربانی نے ان کو ہسپتال پہنچانے کے لئے اپنی گاڑی دی ،جن کو اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں علاج کے لئے لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور خالق حقیقی سے جاملے

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)وائٹ ہاﺅس کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان کی 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فوجی امداد روک لی ہے یہ امداد دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن آپریشن تک روکی گئی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ترجمان وائٹ ہاﺅس نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کا دارومدار جنوبی ایشیا میں امریکی سٹریٹجی کی حمایت پر ہے ، یہ امداد1 اعشاریہ 1 ارب ڈالر ملٹری اسسٹینس پروگرام کا حصہ ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(بیجنگ)حسب معمول چین ایک مرتبہ پاکستان کے لیے میدان میں آگیا اور امریکی صدر کے دھمکی آمیزٹوئیٹ کے بعد کہاہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرنا چاہیے، پاکستان دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا ہے اور باہمی احترام کی بنیاد پر عالمی تعاون میں مصروف ہے۔
غیرملکی میڈٰیا کی ایک رپورٹ کے مطابق جب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ سے ٹرمپ کی پاکستان پر حالیہ تنقید کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا، 'پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دے چکا ہے اور انسداد دہشت گردی کے عالمی مقصد کے لیے اس کی خدمات غیر معمولی ہیں، عالمی برادری کو انہیں تسلیم کرنا چاہیے۔
'ان کا مزید کہنا تھا کہ 'چین کو خوشی ہے کہ پاکستان علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی غرض سے باہمی احترام کی بنیاد پر انسداد دہشت گردی سمیت عالمی تعاون میں مصروف ہے'۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ 'چین اور پاکستان تمام موسموں کے دوست ہیں اور ہم دونوں فریقین کے فائدے کے لیے ہر طرح کے تعاون کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے کے لیے تیار ہیں'۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں اسے جھوٹ اور دھوکہ ملا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں اندرونی وعلاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جب کہ خطے کی اسٹریٹیجک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے لیے اپنے نقطہ نظر بھی تبادلہ خیال کیا۔

 

ایمزٹی وی (تولیم/کراچی)اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ حصہ اول و دوم کے ضمنی امتحانات برائے 2017ء کے ہوم اکنامکس گروپس کے ضمنی امتحانات 4جنوری 2018ء سے شروع ہورہے ہیں جو 10جنوری 2018ء تک جاری رہیں گے۔
بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عملی امتحانات سے متعلق ضروری معلومات کیلئے اپنے کالجوں سے رابطہ کریں۔