ایمزٹی وی(صحت) نشتراسپتال میں سوائن فلو میں مبتلا2 اورمریض دم توڑگئےجس سے اب تک اس وائرس سےمرنیوالوں کی تعداد 11ہوگئی ہےجبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےملتان سمیت جنوبی پنجاب کےمختلف علاقوں میں سوائن فلوسےہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر صحت پنجاب و سیکرٹری صحت سےرپورٹ طلب کرلی ہے۔
سوائن فلو کی سنگین صورتحال پر اتوار کو اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا‘ جس کی صدارت وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق‘ وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئرخواجہ عمران نذیر اورچیف سیکرٹری نےکی۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) تیسرے انڈر 19 ون ڈے میں پاکستان کی ینگ بریگیڈ نے کینگروز کو کچل دیا۔
انڈر 19 ورلڈ کپ سے قبل آسٹریلیا کے ساتھ تین میچز کی یوتھ ون ڈے سیریز پاکستان نے 2-0 سے جیت کر اپنا مورال بلند کرلیا ہے۔ پہلے میچ میں گرین شرٹس نے 6 وکٹ سے فتح اپنے نام کی تھی، دوسرا ایک روزہ یوتھ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا جبکہ اتوار کو تیسرے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 49 رنز سے کامیابی کو گلے لگایا ہے۔
310 رنز ہدف کے تعاقب میں جانے والی آسٹریلوی ٹیم کو ریان ہیکنی نے جیک وائٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کو 103 رنز کی مضبوط بنایا فراہم کی تاہم شفقات نے وائٹ کی کہانی 39 رنز پر اختتام پذیر کردی، اس جوڑی کا ٹوٹنا تھا کہ یکے بعد دیگرے تین مزید کھلاڑی بھی پویلین واپس لوٹ گئے، ہیریسن ووڈ (5) کو سلیمان شفقات نے بولڈ کیا، میکینزی ہاروی 8 رنز پر رن آؤٹ ہوئے جبکہ اولیور ڈیوس کو علی زریاب آصف نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے کھاتہ تک نہیں کھولنے دیا۔
دوسرے اینڈ پر موجود اوپنر ہیکنی کو اب کیمرون گرین کی رفاقت میسر آئی، دونوں نے ٹوٹل کو آگے بڑھانا شروع کیا ہی تھا کہ ہیکنی کو سلیمان شفقات کی گیند پر عماد عالم نے کیچ کرلیا، انھوں نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 110 بالز پر 109 رنز اسکور کیے، بعد ازاں گرین نے 47 رنز بنائے مگرمقررہ اوور میں ٹیم کا ٹوٹل 9 وکٹ پر 260 تک ہی پہنچ پایا۔ شفقات نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے دو وکٹیں لیں۔
اس سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم نے 7 وکٹ پر 309 رنز بنائے، محمد زید عالم نے 134 بالز پر 128 رنز بنائے، جس میں 4 چھکے اور 10 چوکے شامل تھے، انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، علی زریاب آصف 56، عماد عالم 39 اور روحیل نذیر 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیل اسمتھ اور ڈیوس نے دودو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ ٹنڈوجام)زرعی یورنیورسٹی ٹنڈوجام کے تعلیمی سال 2017/18ءکیلئے داخلہ ٹیسٹ پبلک اسکول حیدرآباد میں منعقد ہوئے جس میں مجموعی طور پر 3ہزار 104امیدوار جس میں 370 سے زائدطالبات نے شرکت کی۔
زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے ترجمان علی اصغربھٹی کے مطابق یونیورسٹی کی جانب سے زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام ‘ ذوالفقار علی بھٹو زرعی کالج ڈوکری‘ زرعی انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالج خیرپور اور عمر کوٹ کیمپس کے لئے امیدواروں سے داخلہ ٹیسٹ لئے گئے ہیں۔
اس موقع پر ٹنڈوجام یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹرمجیب الدین نے داخلہ ٹیسٹ مرکز کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے موثر انتظامات کیے گئے تھے۔
ایمز ٹی وی(بین الاقوامی) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ایٹم بم چلانے کا بٹن ہر وقت اُن کے دفتر کی میز پر موجود ہوتا ہے، تاہم جب تک ہم پر جنگ مسلط نہیں کی جائے گی تب تک جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں شمالی کوریا کے رہنما کم جان ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی پوری سرزمین شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کی دسترس میں ہے اور یہ کوئی دھمکی نہیں ایک حقیقت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا ایک ذمہ دار جوہری طاقت ہے جو امن سے محبت کرتی ہے، اس لیے جب تک شمالی کوریا پر جنگ مسلط نہیں کی جائے گی ، جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں کریں گے۔
اپنے خطاب میں مفاہمت پسندانہ لہجہ اخیتار کرنے کے باوجود کم جونگ کا کہنا تھا کہ ان کے ملک کو ‘بڑے پیمانے پر جوہری ہتھیار اور بیلسٹک میزائل تیار کرنے چاہئیں اور ان کی تنصیب میں تیزی لانی چاہیے، انھوں نے اپنی قوم کو ہر طرح کے حالات کا سامنا کرنے کےلئے تیاررہنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ متعدد مرتبہ جوہری میزائل تجربے کے سبب اقوام متحدہ اور امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پرسخت اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی نے رجسٹرار اور ناظم امتحانات کے عہدوں پر کام کرنے والے ٹی ٹی ایس پروفیسرز اور دیگر ٹی ٹی ایس اساتذہ کو ماہانہ بنیاد پر تنخواہیں جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق جنوری 2018 ء سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹی ٹی ایس اساتذہ کو ماہانہ بنیاد پر تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی جاتی تھی لیکن وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے ٹی ٹی ایس اساتذہ کے اس مسئلے کو حل کرنے میں اپنا کلیدی کردار اداکیا ۔
یاد رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قوائد کے مطابق رجسٹرار اور ناظم امتحانات کے عہدوں پر ٹی ٹی ایس اساتذہ تعینات نہیں ہوسکتے لیکن جامعہ کراچی میں ان دونوں ایم عہدوں پر ٹی ٹی ایس اساتذہ تعینات ہیں۔
اسی طرح جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کو از خود مستقل رجسٹرار اور ناظم امتحانات کے تقرر کا اختیار حاصل نہیں یہ اختیار وزیر اعلیٰ کو حاصل ہے لیکن جامعہ کراچی میں اس کے برعکس صورتحال ہے رجسٹرار اور ناظم امتحانات مستقل نہ ہونے کے باوجود اپنے عہدوں کے ساتھ قائم مقام نہیں لکھ سکتے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)پاکستان نے 457 بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کردی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارت کو فراہم کردی ہے۔ بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی گئی فہرست کے مطابق اس وقت پاکستان کی مختلف جیلوں میں457 بھارتی مختلف جرائم کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ ان قیدیوں میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 399 ماہی گیر اور 58 عام شہری شامل ہیں۔ پاکستان 8 جنوری کو 146 ماہی گیروں کو رہا کردے گا۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی قیدیوں کی فہرست اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کو فراہم کی ہے جب کہ بھارت پاکستانی قیدیوں کی فہرست نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 21 مئی 2008 کے قونصلر رسائی معاہدے کے تحت دونوں ملک ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی نے آن لائن داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی
جامعہ کراچی کے قائم مقام ڈائریکٹر ایڈمیشنز کے اعلامیے کے مطابق ایوننگ پروگرام میں بیچلرز ،ماسٹرز ،ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ پروگرام میں داخلوں کیلئے آن لائن فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 03 جنوری 2018 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔خواہشمند طلبہ داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔