منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت پاکستان میں نیٹو سپلائی کی ممکنہ بندش کے حوالے سے پریشانی کا شکار ہے کیونکہ اس کے نتیجے میں افغانستان میں اس کے لیے بڑی مشکلات پیدا ہوجائیں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ حکومت کے اعلی افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر رائٹرز کو بتایا کہ پاکستان میں زمینی و فضائی راستوں سے نیٹو سپلائی بند ہونے سے امریکا کے لیے افغانستان میں شدید مشکلات کھڑی ہوجائیں گی، امریکی حکومت اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے متبادل راستے استعمال کرنے پر غور کررہی ہے، جن میں شمالی راستے بھی ہوسکتے ہیں لیکن وہ روٹ بہت طویل اور دشوار گزار ہوگا۔
ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیدار نے امید ظاہر کی کہ امریکا کی جانب سے امداد کی بندش امریکی تحفظات سے پاکستان کو آگاہ کرنے کے لیے کافی ہے، تاہم شاید صرف مالی امداد کی بندش کافی نہ ہو بلکہ امریکی حکومت پاکستان پر دباؤ بڑھانے کے لیے دیگر اقدامات پر بھی غور کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم صرف مالی نہیں بلکہ دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، ہم امداد بند کرنے کے بعد پاکستان کے ردعمل اور اس سے نمٹنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کی بھی کوشش کررہے ہیں کہ باہمی تعلقات متاثر نہ ہونے پائیں۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ تاحال تشویش کی کوئی بات نہیں کیونکہ پاکستان نے نیٹو سپلائی بند کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔
امریکا کا الزام ہے کہ افغانستان میں غیرملکی فوجیوں پر حملوں میں افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک ملوث ہے جن کی محفوظ پناہ گاہیں پاکستان میں ہیں، لہذا افغانستان میں کامیابی کے لیے ان محفوظ پناہ گاہوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے پاکستان کی ہر طرح کی مالی و فوجی امداد روکتے ہوئے تمام تر سیکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا ہے

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی) بھارتی اخبار نے کلبھوشن یادیو کے ’را‘ کا جاسوس ہونے کا اعتراف کرلیا تاہم اسے سچ بولنا مہنگا پڑ گیا اور شدید دباؤ ڈال کر خبر ہٹوا دی گئی۔
بھارتی اخبار ’دا کوئنٹ‘ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ کلبھوشن یادیو ملک کی خفیہ ایجنسی ریسرچ اینڈ انالیسز ونگ (را) کا ایجنٹ تھا جو اناڑی پن میں مار کھا گیا اور پکڑا گیا۔ تاہم بھارتی اخبار کو یہ راز سامنے لانا اور سچ بولنا مہنگا پڑ گیا، ادارے پر شدید دباؤ ڈال کر اس کی ویب سائٹ سے خبر ہٹوا دی گئی ہے جب کہ خبر دینے والے رپورٹر چندن نندے کو بھی لاپتہ کردیا گیا ہے۔
 
the quint 1515224139
رپورٹ کے مطابق کلبھوشن ’را‘ کے ایجنٹ اور جاسوس کے طور پر کام کرتا رہا، اسے بطور جاسوس تعینات کرنے پر’را‘کے 2 اعلیٰ افسران کو تحفظات تھے، اگرچہ کلبھوشن یادیو کی بھرتی کے دوران معیاری طریقہ کار پر عمل درآمد کیا گیا لیکن یہ انکشاف ہوا کہ را کے 2 سربراہان کلبھوشن کو ایجنسی میں جاسوس کے طور پر بھرتی کرنے اور پاکستان میں اس کے کام کرنے کے مخالف تھے۔
دا کوئنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے را کے سابق سربراہان نے بتایا کہ کلبھوشن پاکستان میں جاسوسی کی اہلیت نہیں رکھتا تھا تاہم ایران اور پاکستان ڈیسک پر کام کرنیوالے بھارتی افسران کلبھوشن کی تعیناتی میں معاون ثابت ہوئے۔
واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016ء میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجیعدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی، تاہم بھارت نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کررکھا ہے

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی میں انتظامیہ کے خلاف غیرتدریسی ملازمین کے جاری احتجاج میں مزید شدت آگئی ہے جس سے جامعہ کراچی میں جاری انتطامی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے۔
دوروز سے جامعہ کراچی میں بی کام کے پرچے منسوخ ہورہے ہیں اور انتظامیہ بے بس ہے، ساتھ ہی میرٹ کے برخلاف پاسنگ نمبرز کم کرنے کے خلاف طلبہ عدالت چلے گئے ہیں جب کہ وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کےساتھ ملازمین کے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور پہلی مرتبہ جامعہ کراچی کےکسی سینٹر کے ملازمین بھی اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔جامعہ کراچی کے ایریا اسٹیڈی سینٹر برائے یورپ کے ملازمین نے اپنی قائمقام خاتون ڈائریکٹر کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے انہیں فوری ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ایریا اسٹیڈی سینٹر کے 20میں 19 ملازمین نے باقاعدہ اپنے دستخطوں کے ذریعے ڈائریکٹر کے ساتھ مزید کام کرنے سے انکار کردیا ہے اور انہیں فوری اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا کہا ہے۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں سینٹرز اور ڈائریکٹرز ایکٹ کے برخلاف برسوں سے اپنے عہدوں پر تعینات ہیں جس کے ایکٹ کے مطابق ڈین، چیئرمین اور ڈائریکٹرز کی مدت 3 سال ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو 61 رنز سے ہرادیا۔
بیسن ریزرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 316 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم 32 ویں اوور کے دوران بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ اس وقت پاکستان کا اسکور 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز تھا۔ کریز پر اوپنر فخر زمان 82 جب کہ فہیم اشرف 17 رنز بنا کر موجود تھے۔ بارش کے باعث کھیل کو ختم کردیا گیا اور نیوزی لینڈ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 61 رنز سے فتح یاب قرار پایا۔
اس سے قبل کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 315 رنز بنائے۔
میچ کی ابتدا میں کیوی بلے بازوں مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے ٹیم کو 83 رنز کا آغاز فراہم کیا، کولن منرو 58 رنز بنا کر حسن علی کا شکار ہوئے، بعدازاں مارٹن گپٹل 48 رنز بناکر فخر زمان کی گیند پر کیچ آؤٹ اور روس ٹیلر 12 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، ٹام لیتھم صرف 3رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، سنچری بنانے والے کیوی کپتان کین ولیم سن 115 رنز بنا کر رومان رئیس کی گیند پر کیچ دے بیٹھے اور کچھ دیر بعد ہی ہینری نکولس نصف سنچری بنا کر حسن علی کا شکار ہوگئے اس کے بعد کیوی کھلاڑی مچل سینٹنر صرف 7 رنز بنا سکے اور محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ ٹم ساؤتھی 12 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود رہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جسٹس جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نجی میڈیکل کالجز میں اضافی فیسوں سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں اگر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام نہ ہوا تو کیا اورنج لائن سمیت تمام پراجیکٹ روک دوں گا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں نجی میڈیکل کالجز میں اضافی فیسوں کے خلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔ نجی میڈیکل کالجز کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران عدالت میں پیش ہوئے، ان کی جانب سے بیان حلفی اور اکاؤنٹ تفصیلات جمع کرائی گئیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تعلیم اورصحت پرسمجھوتہ نہیں، کوئی میڈیکل کالج اب رجسٹر نہیں ہوگا، آپ نے جو ابھی فیسیں وصول کی ہیں اگران میں پیسے زیادہ ہوئے تو واپس کرنے پڑیں گے، جو سرکاری ڈاکٹر اپنے پرائیویٹ کلینک چلا رہے ہیں وہ بند کروادیں گے، مجھے اب ایسے لوگ اکٹھے کرنے ہیں جوڈنڈے والے ہوں گے، ہم بندے لے جاکر کلینک بیٹھ جائیں گے، میں یہ ٹھیک کرکے رہوں گا، غریب کا بچہ ڈاکٹربننا چاہتا ہے لیکن وسائل نہیں۔
دوسری جانب لاہور سپریم کورٹ رجسٹری میں ہی لاہور کے اسپتالوں کی حالت زارپرازخود نوٹس کی سماعت ہوئی، عدالت کے حکم پرلاہور کے سرکاری اسپتالوں کے ایم ایس حاضر ہوئے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اسپتالوں کی صورتحال اچھی نہیں ہے، اسپتالوں کی مکمل حالت زار پر حلفیہ بیان کے ساتھ عدالت میں رپورٹیں جمع کروائیں جب کہ تمام اسپتالوں کا آڈٹ کے کے رپورٹ جمع کروائی جائے، چیف جسٹس نے حکم دیا کہ اسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات کی موجودگی کی رپورٹ بھی جمع کروائیں تاہم نوٹس کا مقصد ایکشن لینا نہیں بلکہ اسپتالوں کی حالت زار کو بہتر کرنا ہوگا۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری پنجاب سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ سروسز اسپتال میں ایک وارڈ میں آپریشن کے دوران زخم پر ٹانکے لگانے والا آلہ نہیں تھا، ٹی وی چینلز پر اپنی مشہوری کے بجائے اسپتالوں کو ادویات فراہم کریں، پنجاب حکومت اپنی تشہیر پر کروڑ وں روپے اشتہارات کی مد میں لگا رہی ہے کیا صحت کی سہولتیں فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اگر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کام نہ ہوا تو اورنج لائن سمیت تمام پراجیکٹ بند کردوں گا۔

 

 

ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ)پاکستان کے بہادر سپوت اعتزاز حسن کو ہم سے بچھڑے 4 سال بیت گئے لیکن جرات کی داستان رقم کرنے والا نوعمر شہید آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔
پاکستان کا سپوت اعتزاز حسن 6 جنوری 2014 کو بہادری کی علامت بنا، علم دشمنوں نے مستقبل کے معماروں سے قلم چھیننے کی کوشش کی تو اعتزازحسن سیسہ پلائی دیوار بن گیا۔ اعتزاز حسن نے جان کی پروا کیے بغیر گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی ہنگو کے باہر خودکش حملہ آور کو دبوچ لیا اور سیکڑوں بچوں کی جانیں بچالیں، اعتزاز حسن اپنی جان کا نذارانہ پیش نہ کرتا تو آج کئی گھرانوں کے چراغ گل ہوگئے ہوتے، وطن پر جان نچھاور کرنے والے اعتزازحسن کو صدر پاکستان نے ستارہ شجاعت سے نوازا۔
اعتزاز شہید کے والد خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ان کے بیٹے نے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا، مگرلخت جگر کی یادیں انہیں اکثرستاتی ہیں لیکن قوم اپنے بہادر بیٹے کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے اختلافات ضرور ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) سے کوئی اختلاف نہیں۔
کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سیاست کو باقی پاکستان کی سیاست سے نہ جوڑا جائے۔ ہم نے جو بھی کیا اپنا جمہوری حق استعمال کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سے اختلافات ضرور ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) سے کوئی اختلاف نہیں، ہمارے پاس کتنی اکثریت ہے ، یہ دیکھنے کے لیے وقت کا انتظار کیا جائے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ سب سیاست کاحصہ ہے اور مخالفت چلتی رہتی ہے، ہمارے چند ساتھیوں کی سکیورٹی واپس لے لی گئی جو مناسب اقدام نہیں۔ چند لوگ ہمارے خلاف افواہیں پھیلارہے ہیں لیکن سینیٹ الیکشن رکوانے کے حوالے سے ہم متحرک نہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے 4 ہزار سے زائد اسٹور خسارے میں ہونے کا انکشاف ہواہے جبکہ یو ایس سی کا یومیہ خسارہ 1 کروڑ 40 لاکھ روپے سے تجاوز کر گیاہے کارپوریشن نے مالی طور پر ناقابل برداشت اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا کو موصول دستاویز کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن مالی خسارے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو چکی ہے، ملک بھر میں 5 ہزار327 یوٹیلٹی اسٹورزہیں جن میں سے 4 ہزار 470 خسارے میں جا رہے ہیں، اسلام آباد میں 494، ایبٹ آباد 428، پشاور 791، کوئٹہ 265، سرگودھا 607، سکھر 280، کراچی 364، لاہور 508 اور ملتان میں 679 یوٹیلٹی اسٹورز خسارے میں چل رہے ہیں۔
 
یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کو سیل کی مد میں 2012-13کے بعد شدید خسارہ برداشت کرنا پڑ رہا ہے، سال 2012-13میں یوایس سی کی فروخت94ارب روپے تھی اور اس سال کارپوریشن کو 1.4ارب روپے کا فائدہ ہوا، سال 2013-14 میں فروخت 87.3 ارب رہی اور کارپوریشن کو 20کروڑ روپے کا خسارہ ہوا، 2014-15 میں فروخت 59.01 ارب اور خسارہ 2.2ارب روپے ہوا، 2015-16 میں فروخت 50.37 ارب اور خسارہ 3.07 ارب روپے ہو گیا، سال 2016-17میں کارپوریشن کی فروخت 59 ارب روپے اور خسارہ 3.85ارب روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا، رواں مالی سال یہ خسارہ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
دستاویز کے مطابق اس وقت 4 ہزار سے زائد اسٹورز خسارے میں چل رہے ہیں جس کے باعث آپریشنل اخراجات کی معقولیت اور مالی طور پر ناقابل برداشت اسٹورز کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے کام شرو ع کر دیا گیا ہے۔
 
دستاویز کے مطابق یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا مالی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، یومیہ خسارہ1کروڑ40لاکھ روپے سے تجاوز کر گیا ہے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کارپوریشن کو 1ارب 37کروڑ روپے سے زائد کا خسارہ برداشت کرنا پڑا ہے۔
 
ذرائع کے مطابق خسارے کی وجہ سے کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر ڈیلی ویجز اور کنٹریکٹ ملازمین کو نکالنے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس کے لیے فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں جبکہ بجٹ میں بڑھنے والی تنخواہوں کا اطلاق بھی تاحال ملازمین پر نہیں کیا جا سکا، ملک بھر کے یوٹیلٹی اسٹورز پر اسٹاک کی کمی سمیت کارپوریشن کواشیا کی خریداری کی مد میں ادائیگیوں میں بھی مشکلات درپیش ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت2 ڈالر کے اضافے سے 1314 ڈالر کی سطح پرپہنچنے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بدھ کو پرائس ایڈجسٹمنٹ کے باعث فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 250 اور 214 روپے کی کمی ہوئی۔
جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر56 ہزار 250 اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر48 ہزار 214 روپے ہوگئی۔
تاہم فی تولہ چاندی کی قیمت بغیرکسی تبدیلی کے 830 اور فی دس گرام چاندی کی قیمت711.42 روپے پرمستحکم رہی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بہتری کا رجحان دیکھا گیا اور 100انڈیکس میں 364پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا رجحان دیکھا گیا اور 100انڈیکس 364پوائنٹس کے اضافے کے بعد 41ہزار908پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا ۔
آج کاروبار کے دوران 12کروڑ76لاکھ 46ہزار 470شیئرزکا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 7ارب 7کروڑ 96لاکھ 46ہزار 735روپے تھی ۔