منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(صحت)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے کینسر زدہ بھینسوں کا دودھ خطرناک قرار دیتے ہوئے دودھ کی پیداوار بڑھانے والے انجکشن پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل کے حکام نے بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر لائیو اسٹاک پنجاب نے بتایا کہ دودھ کی پیداوار بڑھانے کے لیے لگائے جانے والے بوسٹن انجیکشن سے بھینسوں کو کینسر ہوجاتا ہے جس سے وہ مر رہی ہیں، بچے اور بڑے کینسر زدہ بھینسوں کا دودھ پی رہے ہیں، یہ خطرناک صورتحال ہے، دیگر صوبوں نے اس انجکشن پر پابندی لگائی ہے لیکن سندھ نے حکم امتناعی لے لیا۔
ارکان کمیٹی نے دودھ بڑھانے کے لیے لگائے جانے والے بوسٹن انجکشن پر پابندی عائد کرنے کی سفارش کردی۔ کمیٹی رکن رانا افضل نے کہا کہ سپریم کورٹ پانی کے مسئلے پر نوٹس تو لے رہی ہے لیکن خطرناک دودھ کے مسئلے پر کیوں توجہ نہیں دی جارہی، سندھ حکومت کہاں ہے اور کیا کررہی ہے۔ اقبال محمد علی نے کہا کہ آپ سندھ حکومت کی بات کرتے ہیں، سندھ میں تو ایک سڑک بنتے ہی ٹوٹ جاتی ہے۔
ڈائریکٹر سندھ لائیو اسٹاک نے کہا کہ سندھ کے پاس ویٹرنری ریگولیٹری نظام موجود ہی نہیں ہے اور لیبارٹری ہے نہ سہولیات، جبکہ 18 ویں ترمیم کے تحت صوبہ سندھ کو اختیارات نہیں ملے۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سلمان خان کی میزبانی پرانگلی اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بالی ووڈ میں مجھ سے بہتر کوئی میزبان نہیں۔
اداکار شاہ رخ خان اور سلمان خان کا شمار بالی ووڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے دونوں بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرتے ہیں جب کہ بھارت سمیت دنیا بھر میں دونوں کے مداحوں کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ بظاہر ایک دوسرے کے دوست نظر آنے والے دونوں خانز ماضی میں ایک دوسرے کے حریف رہ چکے ہیں یہاں تک کہ دونوں ایک دوسرے سے بات تک کرنا پسند نہیں کرتے تھے لیکن ایک تقریب کے دوران دونوں نے اپنی دشمنی کو بھلا کر پھر سے دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا لیکن آج بھی دونوں خود کو دوسرے سے بہتر دکھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔
ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان سے جب سوال پوچھا گیا کہ بالی ووڈ کا سب سے اچھا ایوارڈ شومیزبان کون ہے تو انہوں نے خود کو سب سے بہتر قراردیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ ایمانداری سے کہتا ہوں مجھ سے بہتر میزبان اور کوئی نہیں، میں سب سے اچھی میزبانی کرتا ہوں اور میں جھوٹ نہیں بول رہا، مجھے دوسرے میزبانوں کی طرح پرامپٹر پڑھنا نہیں پڑھتا۔ اگر آخری وقت میں شو میں کوئی تبدیلی کرنی پڑتی ہے تو میں سب کچھ سنبھال لیتا ہوں جب کہ سلمان بھائی ایسی صورتحال میں کہتے ہیں کہ میں ابھی نہیں آسکتا ایک گھنٹے میں آؤں گا۔
باصلاحیت اداکار ہونے کے ساتھ شاہ رخ خان کی حس مزاح بھی بہت اچھی ہے اور یہ سب وہ مذاق میں کہہ رہے تھے جس کا اعتراف انہوں نےاپنی بات کے آخر میں کیا۔ شاہ رخ خان نے کہا کہ باقی سب بھی بہت اچھے ہیں، میں مذاق کررہا تھا، میں صرف ایک ایوارڈ شو فلم فیئرکی میزبانی کرتا ہوں جب کہ دوسرے اداکار زیادہ شوز کی میزبانی کرتے ہیں اور سب بہت اچھی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان رواں ماہ 63 ویں فلم فیئر ایوارڈ 2018 کی تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے نظرآئیں گے جو20 جنوری کو منعقد کی جائے گی۔

 

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)صوبائی محکمہ بورڈز و جامعات نے سندھ کے6 تعلیمی بورڈز کو سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبہ کی امتحانی اور انرولمنٹ فیس کی مد میں50کروڑ روپے کی رقم جاری کر دی ہے۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد حسین سید کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی سرکاری اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کی امتحانی اور انرولمنٹ کی فیس کی مد میں یہ پہلی قسط ہے،دوسری قسط بھی جلد جاری کر دی جائے گی۔
انٹر بورڈ کراچی کو15کروڑ33لاکھ روپے، میٹرک بورڈ کراچی کو4کروڑ63لاکھ روپے، حیدرآباد تعلیمی بورڈ کو 6 کروڑ99لاکھ، سکھر تعلیمی بورڈ کو 8 کروڑ، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کو 8 کروڑ5 لاکھ اور میرپورخاص تعلیمی بورڈ کراچی کو 6 کروڑ 4لاکھ روپے جاری کئے گئے ہیں۔
 
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے سندھ کے سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبہ کی انرولمنٹ اور امتحانی فیس دینے کا اعلان بجٹ میں کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی/ تعلیم)جامعہ کراچی کی داخلہ کمیٹی کی ناتجربہ کاری اور این ٹی ایس داخلہ ٹیسٹ میں50فیصد لازمی نمبر لانے کی شرط کو کم کر کے40فیصد کر نے کے باعث نمایاں نمبروں سے ٹیسٹ پاس کرنے والے سینکڑوں طلبہ داخلوں سے محروم رہ گئے ہیں ۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ، جامعہ کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ داخلہ ٹیسٹ میں50فیصد نمبروں کو کم کرکے40فیصد کر دیا گیا ہے اور اس کی منظوری اکیڈمک کونسل سے بھی نہیں لی گئی اور یہ کمی این ٹی ایس کے داخلہ ٹیسٹ جاری ہونے کے فوری بعد کی گئی۔
سابق وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصر کے دور میں بھی پاسنگ نمبرز 50فیصد رہے تاہم اس دور میں فارمیسی کے داخلوں کو مزید بہتر کرنے کے لیئے پاسنگ مارکس 60 فیصد رکھے گئے مگرصبح اور شام میں فارمیسی کے لیے400 نشستوں میں 60 فیصد نمبر لانے والوں کی تعداد 300 کے لگ بھگ رہی اور 100نشستیں خالی رہ گئیں لیکن ڈاکٹر قیصر اور اس وقت کے داخلہ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد عراقی نے پہلےٹیسٹ میں 60 فیصد نمبروں کے حساب سے تمام داخلے مکمل کرائے اور پھر بچنے والی نشستوں پر ٹیسٹ میں50 فیصد نمبر لانے والوں کو داخلہ دیا تھا جس سے میرٹ متاثر نہیں ہوا لیکن موجودہ وائس چانسلر کے دور میں اس کے برعکس ہوا اور این ٹی ایس کے نتائج کے مطابق پہلے 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والوں کو داخلہ دینے کے بجائے سب کو 40 فیصد کی بنیاد پر داخلہ دے دیا اس طرح موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کے پہلے سال ہی میں داخلہ کمیٹی نے معیار پر سمجھوتہ کرتے ہوئے اسے کم کر کے40فیصد کر دیا ۔
متاثر طلبہ کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچہ کے پراسپیکٹس اور اشتہار میں ٹیسٹ کے لیے پاسنگ مارکس 50 فیصد رکھے گئے تھے اور انھوں نے ٹیسٹ میں خوب تیاری کی مگر ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی اگر داخلے اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہی دینے تھے تو ٹیسٹ کا ڈرامہ کیوں کیا گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)شاہ رخ خان نے ہدایت کار آنند رائے کے ساتھ اپنی نئی فلم کے ٹائٹل کا اعلان کردیا جب کہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی دکھادی۔
بالی ووڈ کنگ شاہ رخ کا ستارہ ان دنوں گردش میں ہے یہی وجہ ہے کہ ان کی گزشتہ کئی فلمیں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہیں اور انوشکا شرما کے ساتھ ان کی پچھلی فلم ’جب ہیری میٹ سجل‘ کی ناکامی نے اداکار کو مزید محتاط کردیا ہے۔
شاہ رخ خان آج کل ہدایت کار آنند رائے کی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے ٹائٹل کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا اسی لیے اداکار نے بھی مداحوں کو آگاہ کرنے کے لیے دلچسپ طریقہ اپنایا۔ کنگ خان نے ہدایت کار سے سوشل میڈیا پر مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ سر، فلم کے ٹائٹل کا اعلان کرنا ہے یا 2018 میں بھی گالیاں ہی کھانی ہیں۔
 
 
جس پر آنند رائے نے دلچسپ جواب دیتے ہوئے کہا کہ ارے سر اپنوں کی گالیاں ہیں یہ بھی کھالیں گے لیکن یکم جنوری کیسا رہے گا ؟ جس پر شاہ رخ خان نے اگلی ٹوئٹ میں وعدے کے مطابق نہ صرف فلم کے ٹائٹل ’زیرو‘ کا اعلان کیا بلکہ ساتھ ہی فلم کی پہلی جھلک بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
 
 
واضح رہے شاہ رخ خان فلم ’زیرو‘ میں چھوٹے قد کے آدمی کا کردار ادا کرتے ہوئے دکھائی دیں گے جو رواں سال 21 دسمبر کو ریلیز کی جائے گی جب کہ فلم میں انوشکا شرما اور کترینہ کیف بھی مرکزی کرداروں میں دکھائی دیں گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان انسداد دہشتگردی کی عدالت کے حکم پر پیش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف ایس ایس پی تشدد کیس سمیت چار مقدمات کی سماعت کی۔
دوران سماعت چیئرمین تحریک انصاف اوران کے وکیل بابراعوان کے بجائے معاون وکیل شاہد گوندل پیش ہوئے۔ فاضل جج نے عمران خان اور ان کے وکیل کو فوری طلب کرتے ہوئے سماعت دن 12 بجے تک ملتوی کردی۔ عدالتی حکم پر عمران خان مقررہ وقت پر عدالت میں پیش ہوگئے۔
واضح رہے کہ عدالت نے 13 دسمبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک کی توسیع دی تھی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستانی بولرزکا امتحان لینے کیلیے نیوزی لینڈ کی ٹیم میں مارٹن گپٹل کی واپسی ہو گئی۔
پاکستان سے ابتدائی 2 ون ڈے میچز کیلیے کیوی اسکواڈ میں اوپننگ بیٹسمین مارٹن گپٹل کی واپسی ہوگئی، وہ ہیمسٹرنگ انجری کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ سیریز نہیں کھیل پائے جس میں کیویز نے کلین سوئپ کیا تھا، گپٹل اب مکمل فٹ ہوکر میدان میں واپس آچکے اور ویسٹ انڈیز سے جاری ٹوئنٹی 20 سیریز کا حصہ ہیں، ان کی واپسی کے سبب گذشتہ تین ون ڈے میچز میں2 ففٹیز اسکور کرنیوالے جارج ورکر کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔
مارٹن گپٹل کے بارے میں کوچ گیون لارسن نے کہاکہ گپٹل خود کو ورلڈ کلاس پلیئر ثابت کرچکے، ٹاپ آرڈر پر وہ اور کولن منرو ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوئے، ورکر کو تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ واضح رہے کہ کیویز کو آل راؤنڈر کولن ڈی گرینڈ ہوم کا بھی ساتھ میسر نہیں جو والد کی وفات کے باعث ویسٹ انڈیز سے سیریز چھوڑ کر زمبابوے چلے گئے تھے، اگرچہ ان کی واپسی ہوچکی مگر وہ فی الحال آکلینڈ کی جانب سے کھیل رہے ہیں،ان کی باقی تین ون ڈے میچز میں واپسی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے 2 اسپنرز ٹوڈ ایسٹل اور مچل سینٹنر کو برقرار رکھا گیا، اس بارے میں لارسن نے کہا کہ ایسٹل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف نہ صرف چار وکٹیں لیں بلکہ ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کیریئر بیسٹ 49 رنز بھی بنائے، اسی وجہ سے انھیں بھی سینٹنر کے ہمراہ برقرار رکھا گیا۔
خیال رہے کہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز 6 جنوری سے ویلنگٹن میں ہوگا،اس کے بعد تین ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز ہوگی۔ اسکواڈ میں کپتان کین ولیمسن، ٹوڈ ایسٹل، ڈگ بریسویل، ٹرینٹ بولٹ، لوکی فرگوسن، مارٹن گپٹل، میٹ ہینری، ٹام لیتھم، کولن منرو، ہینری نکولس، مچل سینٹنر، ٹم ساؤتھی اور روس ٹیلر موجود ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)حسن علی نے زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جب کہ 2017 کے دوران ون ڈے بولرز رینکنگ میں 75 ویں پوزیشن سے اڑتے ہوئے ٹاپ پر پہنچے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے گذشتہ برس رینکنگ میں تیزی سے ترقی پانے والے کھلاڑیوں کی تفصیل جاری کی گئی، اس میں پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی نمایاں ہیں، انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں زیرو سے ہیرو بننے کا سفر برق رفتاری سے طے کیا جس کے نمایاں اثرات رینکنگ میں بھی دیکھنے کو ملے، 2017 میں حسن نے 45 ون ڈے وکٹیں حاصل کیں، جب سال کا آغاز ہوا تو اس وقت رینکنگ میں ان کا نمبر 75 تھا مگراختتام ٹاپ پوزیشن کے ساتھ کیا۔
50 اوورز کی بولرز رینکنگ میں بھارت کے جسپریت بمرا نے سال بھر میں 48 درجے ترقی پاکر تیسری پوزیشن سنبھالی،افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان کو 38 درجے کی مرحلہ وار بہتری نے آٹھویں نمبر پر لاکھڑا کیا۔
آسٹریلیا کے کپتان اسٹیون اسمتھ نے دوسرے سال کا اختتام بھی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ پر کیا، اس وقت ان کے ریٹنگ پوائنٹس 947 جبکہ ویرات کوہلی پورے 54 پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ بھارتی کپتان کو بہرحال ون ڈے بیٹسمین رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل ہے تاہم جنوبی افریقہ کے ابراہم ڈی ویلیئرز صرف 4 پوائنٹس کی کمی سے دوسرے نمبر پر ہیں۔
گزشتہ برس ٹیسٹ میں ٹاپ پر اسمتھ کا قبضہ رہا تاہم ون ڈے میں ٹاپ پوزیشن پر اکھاڑ پچھاڑ ہوتی رہی، مجموعی طور پر 12 تبدیلیاں ہوئیں، اس دوران کوہلی، ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ وارنر باریاں لیتے رہے۔ کوہلی نے ٹاپ پوزیشن پر سب سے زیادہ 190 دن گزارے، 2017 کا زیادہ تر عرصہ کوہلی ٹوئنٹی 20 میں ٹاپ پر رہے لیکن شادی کی وجہ سے سری لنکا سے سال کے آخر میں تین میچز نہ کھیلنے کی وجہ سے انھیں ایرون فنچ کے ہاتھوں اپنی پوزیشن گنوانا پڑی۔