منگل, 21 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(کراچی/تعلیم)جامعہ این ای ڈی کے چانسلر/گورنر سندھ محمدزبیر کی زیر ِ صدارت سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2017-18کا انعقاد6جنوری کو کیا جائے گا جس کے مہمان ِ خصوصی زیرِ اعلی سندھ سید مرادعلی شاہ اور سابق وفاقی وزیر اور سینٹر جاوید جبار اعزازی مہمان ہوں گے۔

ترجمان جامعہ کے مطابق ہفتے کو منعقدہ اس جلسہ تقسیم اسناد 2017-18 میں2طالب علموں کو پی ایچ ڈی کی سند جب کہ24 طالبِ علموں کوگولڈ میڈلز سے نوازا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق جامعہ سے سال 2017-18 کے پاس آؤٹ گریجویٹ طالب علموں کی تعداد2024 جب کہ ماسٹرز کی تعداد 803 ہے

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)خوف اور دہشت سے بھرپور پاکستانی ہارر فلم ’پری ‘کے ٹریلر نے شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
دنیا بھر میں خوف اور دہشت پھیلانے والی فلموں کو بے حد پسند کیا جاتا ہے جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد خوفناک اور ڈراؤنی فلمیں دیکھنے کے لیے سینما گھروں کا رخ کرتی ہے۔ پاکستان میں بھی اپنی نوعیت کی پہلی ہارر فلم ’پری‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم کا ٹریلر خوف اور دہشت سے بھرپور ہے جس نے ریلیز ہوتے ہی شائقین کی توجہ حاصل کرلی ہے جب کہ لوگوں کی بڑی تعداد ناصرف اسے دیکھ چکی ہے بلکہ لوگوں کی جانب سے بےحد سراہا بھی جارہا ہے۔
 
پاکستان سینما انڈسٹری نے گزشتہ برسوں میں کئی کامیابیاں سمیٹی ہیں اور کچھ برسوں سے پاکستانی فلموں کا معیار بھی بہت بہتر ہواہے۔ اب پاکستانی فلموں کا بجٹ زیادہ ہونے کے ساتھ فلمساز یہاں مختلف تجربات بھی کررہے ہیں جنہیں شائقین اور فلمی تجزیہ نگاروں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہاہے۔ فلم ’پری‘ بھی پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک خوشگواراضافہ ہے۔ ’پری‘ ہدایت کار عاطف علی کی پہلی فلم ہے جب کہ ٹریلر کو دیکھ کر صاف اندازہ ہورہا ہے کہ فلم میں انہوں نے بہت محنت کی ہے۔ فلم کے مکالمے اور اداکاری جاندار ہے۔
فلم میں زیادہ تر نئے چہروں کو متعارف کرایا گیا ہے تاہم پاکستان کے نامور اداکار قوی خان بھی فلم میں شامل ہیں۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں خوشی ماہین، رشید ناز، سلیم مراج، ازیکھا ڈینئل، جنید اختراور فائق عاصم شامل ہیں۔ فلم کی کہانی عاطف علی اور محمد احسن نے مل کر تخلیق کی ہے، مبین محمود فلم کےایگزیکٹیو پروڈیوسرہیں، جب کہ فلم کی موسیقی مسود عالم نے دی ہے۔
خوف اور دہشت سے بھرپور فلم ’پری‘ 2 فروری کو ریلیز کی جائے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ماہر امور خانہ داری اور ہر دلعزیز کوکنگ ایکسپرٹ زبیدہ طارق نے اپنی زندگی کے آخری پیغام میں تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی۔
گزشتہ روز حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث انتقال کرنے والی ہردلعزیز زبیدہ آپا متاثر کن شخصیت، دوسروں کی مدد کرنے کے جذبے اور اپنے ٹوٹکوں کے باعث ہمیشہ اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ زبیدہ آپا کے انتقال کی خبرسیاسی و سماجی شخصیات، اداکاروں اور ان کے مداحوں سمیت تمام لوگوں پر بجلی بن کر گری۔
 
 
زبیدہ آپا نے سال نو کے موقع پرایک وڈیو پیغام کے ذریعے تمام لوگوں کو نئے سال کی مبارکباد دی تھی لیکن انہیں کیا خبر تھی کہ یہ ان کی زندگی کا آخری پیغام ثابت ہوگا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ آج سال کا آخری دن ہے، 2017 جارہا ہے لہٰذا ہمیں اسے خدا حافظ کہنا چاہیئے لیکن کل 2018 شروع ہورہا ہے آپ سب کو نیا سال بہت مبارک ہو۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کراچی کی بہتری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئے سال میں ہم عہد کرتے ہیں کہ ہمارا شہر کراچی چمکتا دمکتا رہے۔
زبیدہ آپا نے تعلیم پر توجہ دینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کروائیں تاکہ ہر بچہ تعلیم حاصل کرسکے۔ 2018 اتنا خوبصورت آئے کہ ہماری ساری تکالیف دور ہوجائیں۔

 

 

ایمزٹی وی(صادق آباد)صادق آباد میں آر این ایل جی کی ترسیل اور فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مخالفین جولائی کے انتخابات میں آکر مقابلہ کرلیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں حکومت آئی تو 1800 کلومیٹر موٹروے تعمیر کرائی، اضافی گیس مہیا کیے بغیر پاکستان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے تھے اسی لئے سابق وزیراعظم کا وژن اور جذبہ تھا کہ ملک میں آئندہ 15 سال کے منصوبے بھی بنائیں گے، پاکستان کی تاریخ میں 42 انچ قطر کی کوئی گیس پائپ لائن نہیں ڈالی گئی ہماری حکومت میں ریکارڈ مدت میں 14 سو کلو میٹر گیس کی پائپ لائن بچھائی گئی، آج ہر صارف کو گیس فراہم کی جا رہی ہے اور کارخانے و صنعتیں لگانےکے لیے گیس میسر ہے، جتنے گیس کنکشن ہمارے دور میں دیے گئے اس کی مثال نہیں ملتی۔
صادق آباد میں آر این ایل جی کی ترسیل اور فراہمی کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت میں آئے تو صنعتیں اور کارخانے بند تھے، سی این جی اسٹیشنز میں گیس نہیں تھی، ماضی میں ترقی کی شرح 3 فیصد سے بھی کم تھی۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نواز شریف وہ لیڈر ہیں جو وعدے نہیں کام کرکے دکھاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم گیس کا مسئلہ حل نہ کرتے تو بجلی کے مسائل بھی حل نہ ہوتے، آج ملک میں بجلی کے بحران کو حل کر دیا گیا ہے، بجلی کے کارخانے بھی چل رہے ہیں جنہیں چلانےکے لیے تیل درآمد نہیں کررہے، کیا پاکستان کے پاس پہلے یہ وسائل نہیں تھے؟ ماضی میں بھی وسائل تھے لیکن انہیں بروئے کار نہیں لایا گیا، میرا مخالفین کو چیلنج ہے، اپنے 15 سال کے دور میں ایک منصوبہ دکھا دیں۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کسی نے کرپشن اور کسی نے گالیوں کی سیاست کی، یہاں پر آپ کو وعدے کرنے والے بھی بہت ملیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، جولائی کے انتخابات میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا، مخالفین آئندہ انتخابات میں آکرمقابلہ کرلیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)حکومت نے عارف احمد خان کو سیکریٹری خزانہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری خزانہ شاہ محمود کے ریٹائر ہونے کے بعد انہیں وزیر خزانہ کا مشیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ان کی جگہ عارف احمد خان کو سیکریٹری خزانہ مقرر کیا جائے گا۔
عارف احمد خان اس وقت سیکریٹری اقتصادی ڈویژن کے طور پر کام کررہے ہیں اور وہ وفاقی سیکریٹری داخلہ کے طور پر بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بعد رانا افضل کو وزیر مملکت برائے خزانہ مقرر کیا گیا ہے جب کہ مفتاح اسماعیل کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم نے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو مشکل قرار دیتے ہوئے اہم کھلاڑیوں کے کیچ چھوڑنے کو شکست کی وجہ قرار دیدیا ہے۔
میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ یہ کنڈیشنز ہمارے لئے بہت مشکل تھیں تاہم نیوزی لینڈ کے بلے بازوں اور بالخصوص کین ولیم سن کو کریڈٹ دینا چاہتا ہوں جنہوں نے بہت اچھی بیٹنگ کی۔
انہوں نے اہم کھلاڑیوں کے کیچ ڈراپ ہونے کو میچ میں شکست کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کیچ پکڑ لئے جاتے تو مقابلہ اچھا ہوتا لیکن امید ہے کہ ہم مل کر بیٹھیں گے اور اگلے میچ کیلئے نئی حکمت عملی کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ ابتدائی 2 اوورز میں 2 کھلاڑی آﺅٹ ہونے سے نقصان ہوا جس کے بعد میچ میں واپس آنا مشکل ہو گیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ خود سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیم سن کا اس وقت کیچ چھوڑا جب وہ 26 کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کر رہے تھے اور بعد ازاں انہوں نے 106 گیندوں پر 1 چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 115 رنز بنا ڈالے۔ شائقین کرکٹ سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کے کیچ ڈراپ کرنے پر بھی کافی نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(سرگودھا)میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج ملک میں ترقی کا سفر آہستہ ہو گیا ہے ،اس بارے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا قصور نہیں بلکہ قصور وار وہ فیصلہ ہے جس کی وجہ سے ملک میں انتشار پھیل رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سازش کرنے والوں نے پھر سر اٹھا لیا ہے ،لاڈلے کے علاوہ ایک سازشی کینیڈا سے آکر بیٹھ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر قوم نے مجھے 2018کے الیکشن میں جتوایا تو لوگوں کے گھروں کی دہلیز پر عدل لے کر آوں گا۔
سرگودہ کے علاقے کوٹ مومن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ آج کوٹ مومن کے نوجوانوں نے بھاری تعداد میں آکر خوش کردیا ،یہ ساتھ کبھی نہیں چھوٹ سکتا ،یہ جلسہ نہیں اللہ کی شان ہے ،یہ فیصلہ عوام کی عدالت کا ہے ،یہ اس بات کا اعلان ہے کہ وہ فیصلہ پاکستانی عوام کو منظور نہیں ،عوام نواز شریف کو اہل کر کے بھیجیں اور کوئی نا اہل قرار دے دے ۔نواز شریف نے عوام سے پوچھا کیا یہ فیصلہ عوام کو منظور ہے جس پر حاضرین نے نفی میں جواب دیا تو سابق وزیراعظم نے میڈ یا والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیکھ لو خلق خدا کیا فیصلہ دے رہی ہے ۔ان کاکہنا تھا کہ مجھے خیالی تنخواہ پر نا اہل قرار دےدے دیا گیا ،یہ کہاں کا مذاق ہے ،اس فیصلے کے خلاف جی ٹی روڈ ،ایبٹ آباد ،کوئٹہ ،سرگودہ کے عوام تاریخی اعلان کرچکے ہیں ،اس ملک میں انصاف اور عدل ہر کسی کو ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی ،گزشتہ چار سالوں میں اتنا کام ہوا جو پہلے بیس بیس سال بھی نہ ہوا تھا لیکن یہ جو گزشتہ پانچ ماہ سے ہوا ہے ،اس سے ترقی کی رفتار آہستہ ہو گئی ہے ،اس حوالے سے وزیراعظم کو دوش نہیں دیتا کیونکہ وہ جوان مردی سے کام کر رہے ہیں لیکن اس فیصلے سے پوچھنا ہو گا جس نے ملک میں انتشار پھیلا یا ،اس فیصلے نے پاکستان کو دنیا میں تماشا بنا دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں روپے کی قدر میں کمی آئی ،ڈالر کی قیمت اوپر گئی اور اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی آئی ،آج ملک میں دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھا یا ہے ،سازش کرنے والے بھی سامنے آگئے ہیں ،لاڈلے کے علاوہ کینیڈا سے بھی ایک سازشی آکر بیٹھ گیا ہے ۔نواز شریف نے کہا کہ لاڈلا مان رہا ہے کہ لاکھوں پاونڈ کی آف شور کمپنی میری ہے لیکن عدالت کہتی ہے یہ پیسہ تمہارا نہیں کسی اور خان کا ہے ،میں کس کی بات مانوں عمران خان کی یا سپریم کورٹ کی؟۔

 

 

ایمزٹی وی(کوٹ مومن)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ کوئی نا اہل ہو کر بھی سرفراز ہے ، کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھر رہا ہے، اقامے کے نام پر پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق ہوا ، این آر او وہ ہوتا ہے جب آپ عدالت کو کہتے ہیں کہ آف شور کمپنی میری ہے لیکن جج کہتے ہیں کہ آپ صادق اور امین ہیں، نواز شریف اپنے آپ کو مشکل میں ڈال کرووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے نکلا ہے، عوام عدل بحالی کی جدو جہد میں ساتھ دیں۔
کوٹ مومن میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کبھی اداروں اور کبھی ایک دوسرے سے چھپتے ہیں اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ کارکنوں سے ڈرتے ہیں۔ کوئی نا اہل ہو کر بھی سرفراز ہے ، کوئی اہل ہو کر بھی شرمندہ پھر رہا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ صداقت اور امانت کے پیچھے فکس میچ ہے۔ وہ اپنی صداقت اور امانت کی داستانیں سناتا ہے لیکن وہ یہ نہیں دیکھ رہا جو آج میاں صاحب کے حصے میں آیا ہے، نواز شریف جہاں سے بھی گزرتا ہے لوگ ’ میاں صاحب ، وی لو یو‘ کے نعرے لگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے کسی نے تو چار سال سر پھینک کر کام کیا ہے، کسی نے دھرنوں، سازشوں کے باوجود عوام کیلئے کام کیا ہے ، 2013 سے پہلے کراچی کی ہر گلی میں قتل و غارت ہوتی تھی ، پاکستان کے اندر دہشتگردی کا ڈیرہ تھا، ہر سڑک سے بارود کی بو آتی تھی لیکن آج پاکستان سے دہشتگردی ختم ہو رہی ہے۔ نواز شریف آیا اور جو جو وعدہ کیا وہ پورا کرکے دکھایا، دنیا نے پاکستان کی طرف دیکھنا شروع کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اگلا الیکشن جیت جائیں گے کیونکہ تمام ضمنی انتخابات، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو فتح ہوئی، جو لوگ اس سے خوفزدہ تھے انہوں نے پاناما کے نام پر مذاق گھڑا، پاناما کے نام پر ان کی تین نسلوں کا بار بار حساب کتاب ہوا اور ہر چیز کھنگالی گئی اور جب کرپشن کی ایک پائی ثابت نہ ہوئی تو اقامہ نکال کر لے آئے، اقامے کے نام پر پاکستان کے عوام کے ساتھ مذاق ہوا ، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہہ دیا ہے کہ حدیبیہ کا ریفرنس شریف خاندان پر دباﺅ ڈالنے کیلئے استعمال ہوا عنقریب پاناما کے بارے میں بھی سپریم کورٹ سے یہی الفاظ سنیں گے۔
ممکنہ این آر او کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہتے ہیں کہ نواز شریف این آر او کر رہا ہے، این آر او کی ضرورت کس کو ہے؟این آر او وہ ہوتا ہے جب آپ عدالت کو کہتے ہیں کہ آف شور کمپنی میری ہے لیکن جج کہتے ہیں کہ آپ صادق اور امین ہیں۔ نواز شریف کی بیٹی جس نے کبھی کوئی پبلک آفس ہولڈ نہیں کیا اس کا کیس نیب کو بھجوایا جاتا ہے جبکہ جہانگیر ترین کا نہ تو کیس نیب کو بھجوایا گیا اور نہ ہی اس پر نگران جج بٹھایا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس ڈکٹیٹر نے آئین اور قانون پر شب خون مارا اسے کوئی عدالت نہیں بلاتی ، کب تک انصاف کا ترازو جمہوریت کو کمزور کرنے کیلئے استعمال ہوتا رہے گا، کب تک منتخب حکومتوں کو کمزور کرنے کیلئے واٹس ایپ زدہ جے آئی ٹیز بنائی جائیں گی، کب تک وزیر اعظم ہاﺅس، پارلیمنٹ ہاﺅس اور سرکاری ٹی وی پر حملہ کرنے والے کو ضمانتیں دی جائیں گی؟۔
میاں نواز شریف نے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر عدلیہ کو بحال کرایا کارکنوں کا جوش دیکھ کر لگتا ہے کہ نواز شریف عدل کو بھی بحال کرائے گا، نواز شریف اپنے آپ کو مشکل میں ڈال کرووٹ کے تقدس کی جنگ لڑنے نکلا ہے، عوام عدل کی بحالی کی جدو جہد میں ساتھ دیں

 

 

 

ایمزٹی وی(صحت)چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے لاہور رجسٹری میں ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کے خلاف ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے بھینسوں کو لگائے جانے والے ٹیکوں میں استعمال ہونے والے کیمیکل کی درآمد پر پابندی کا حکم امتناعی خارج کرتے ہوئے بھینسوں کو ٹیکے لگانے پر پابندی عائد کردی۔
انہوں نے ریمارکس دیئے کہ پاکستان میں دودھ کی پیداواربڑھانے کے لیے بھینسوں کو لگائے جانے والے انجیکشن سے کینسر جیسی بیماریاں پھیل رہی ہیں، بچے اور بڑے سبھی کینسر زدہ دودھ پینے پر مجبور ہیں، ہماری بچیاں وقت سے پہلے ہی بوڑھی ہورہی ہیں۔
چیف جسٹس نے دودھ بیچنے والی کمپنیوں سے استفسار کیا کہ پاکستان میں ڈبے کے تمام دودھ جعلی اورمضرِصحت ہیں، ڈبہ پیک دودھ میں فارمولین کیمیکل موجود ہے جو کہ انسانی صحت کےلیے انتہائی خطرناک ہے، بتائیں کیا ٹی وائٹنردودھ کا متبادل ہے، جس پر ڈبہ پیک دودھ فروخت کرنے والی کمپنیوں کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم نے کبھی دعوی نہیں کیا کہ ٹی وائٹنر دودھ کا متبادل ہے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ دودھ کے ڈبے کی تبدیلی کتنے عرصے میں کردیں گے۔
ڈبہ پیک دودھ فروخت کرنے والی کمپنیوں کے وکیل نے جواب میں چارماہ کا وقت مانگا تو چیف جسٹس نے کہا کہ 4 ماہ کا عرصہ بہت زیادہ ہے ایک ماہ میں ڈبہ تبدیل کریں اوراس لکھیں کہ یہ دودھ نہیں ہے، جتنا پرانا اسٹاک ہے اسے ضائع کردیں۔ کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں بعد ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ تشویش کی کوئی بات نہیں کیونکہ پاکستان نے نیٹو سپلائی بند کرنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔
امریکی محکمہ دفاع پنٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا کہ پاکستان نے نہ ہی اپنی فضائی حدود میں امریکی پروازوں پر پابندی لگائی ہے اور نہ زمینی راستے سے فوجی ساز و سامان کی ترسیل روکی ہے، پاکستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف اقدامات پر اس کی امداد بحال کردی جائے گی، امداد روکنے کے بعد بڑھتے ہوئے پاک چین روابط پر کوئی تشویش نہیں۔
جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات معمول کی طرف لوٹنے میں کئی سال لگ جائیں گے، پاکستان سے گزرنے والی نیٹو سپلائی کے حوالے سے تشویش کی کوئی بات نہیں، اب تک پاکستان نے ایسا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ امریکی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود پر پابندی لگارہا ہے یا زمینی راستے کے ذریعے فوجی ساز و سامان کی ترسیل روک رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکا نے پاکستان کی ہر طرح کی مالی و فوجی امداد روکتے ہوئے تمام تر سیکیورٹی تعاون معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔