ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان پیپلزپارٹی کے ترجمان چوہدری منظورکاکہنا ہےابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دباؤ میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیاتھا۔
ترجمان پیپلزپارٹی چوہدری منظورنے اپنے جاری بیان میں کہا کہ بابا خود ہی بتائے کہ عوام بابے کے فیصلوں پر کیا فیصلہ کریں، لوگ چیف جسٹس کی بات درست مان کر کیسے یقین کریں کہ سپریم کورٹ کا بابا سب کے ساتھ انصاف کرتا ہے، بابے نے مولوی تمیزالدین کیس سے لے کراب تک ہر طاقتور اور آمر کے حق میں فیصلے کئے، بابے نے ذوالفقارعلی بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری اور پہلے منتخب وزیراعظم کا عدالتی قتل کیا جب کہ بابے نے ہر آمر کے حق میں ڈنڈی ماری اور مارشل لاز کو غیر آئینی تحفظ فراہم کیا۔
ترجمان پی پی پی نے مزید کہا کہ اس بابے نے نصرت بھٹو کیس میں ڈنڈی ماری، ضیاء الحق کے مارشل لاء کو جائز قرار دیا، اس بابے نے اسمبلیاں ٹوٹنے پر بھی بینظیر بھٹو اور نواز شریف میں امتیاز برتا اور ڈنڈی ماری، بابے نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ دباؤ میں آکر بھٹو کو پھانسی چڑھانے کا فیصلہ دیا، بابا آمروں کے دباؤ میں تو تھا ہی، اس نے تو نواز شریف کے کہنے پر بینظیر بھٹو کو سزا سنائی، بابے نے ظفر علی شاہ کیس میں ڈنڈی ماری، مشرف کے مارشل لاء کو تحفظ دیا، بابے نے آمر مشرف کو آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے کا وہ اختیار بھی دیا جو اس نے مانگا ہی نہیں تھا۔
ترجمان پی پی پی چودھری منظورکا کہنا تھا کہ بابے کے پانچ بیٹوں نے کہا کہ حدیبیہ ریفرنس کھولا جائے، تین نے کہا مقدمہ نہیں کھولنا، بابے نے مدت کی پابندی کو نظر انداز کرکے 9 سال بعد نوازشریف کی اپیل سنی اور منظور کی، اب مدت کی پابندی کی بنیاد پر اسی بابے نے حدیبیہ ریفرنس کھولنے سے انکار کر کے شریف خاندان کے حق میں ڈنڈی ماری۔
ایمز ٹی وی (لاہور)سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریر پر طنزیہ ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائی لارڈ کیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی تقریر پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنزیہ انداز میں ٹویٹ کیا اور کہا کہ مائی لارڈ کیا آپ کا بابا واٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
مائ لارڈ .....
کیا آپ کا بابا وٹس ایپ کالز بھی کیا کرتا تھا؟
ایک اور ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ انصاف خود بولتا ہے، اسے کسی تشریح، تفسیر، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انصاف خود بولتا ہے۔۔۔ اسے کسی تشریح، تفسیر، تقریر یا اضافی نوٹ کی ضرورت نہیں ہوتی ۔۔۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا آج لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عدلیہ پرکوئی دباؤ نہیں، ہم آزادی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ہرجج کو رائے دینے کا حق ہے، ہم پر دباؤ ڈالنے والا ابھی پیدا نہیں ہوا، ہم نے تمام فیصلے قانون کے مطابق کیے، اگرکسی کا دباؤ ہوتا تو حدیبیہ پیپر ملز کیس کا فیصلہ وہ نہ آتا جو آیا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف آج اوکاڑہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ،جلسہ گاہ کو بینرزاور فلیکسز سے سجادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد تحریک انصاف آج اوکاڑہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر قیادت خطاب کرے گی اور کارکنوں کا لہو گرمائے گی،جبکہ پنڈال میں جلسے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،جلسہ گاہ میں90فٹ لمبااور 25فٹ چوڑا 6کنٹینروں پرمشتمل سٹیج تیارکر لیا گیا اور کارکنوں کیلئے ہزاروں لگا دی گئیں۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،جلسہ گاہ کوبینرزاورفلیکسزسے سجادیاگیا۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بظاہر یہی لگتا ہے کہ زرغون روڈ پر چرچ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
نجی ٹی وی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ حملے کے حوالے سے ابتدائی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم نوعیت سے یوں ہی لگتا ہے کہ حملہ چرچ پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم حالتِ جنگ میں ہیں اس لیے ہر وقت سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جاتی ہے لیکن چونکہ کرسمس قریب آرہی ہے اس لیے چرچ کو اسپیشل سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔آج اتوار ہونے کی وجہ سے چرچ میں تقریب ہورہی تھی ۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ اینٹی ٹیرارزم سکواڈ سمیت سکیورٹی فورسز کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(کوئٹہ)زرغون روڈ پر چرچ کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں جب کہ علاقے میں شدید فائرنگ ہورہی ہے۔
میڈٰیا ذرئع کے مطابق کوئٹہ میں زرغون روڈ پر کیتھولک چرچ کے قریب دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد گرجا میں گھس گئے ہیں اور سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔
اتوار کا دن ہونے کی وجہ سے گرجا گھر میں بڑی تعداد میں مسیحی برادری کے افراد عبادت کے لیے جمع تھے اور دعائیہ تقریب ہورہی تھی جبکہ کرسمس کی تیاریاں بھی کی جارہی تھیں۔ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور آپریشن کیا جارہا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ جائے وقوعہ کے قریب میڈیا سمیت کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔ جائے وقوعہ کے قریب سے شدید فائرنگ کی آوازیں آرہی ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں اور فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، بظاہر یہی لگتا ہے کہ چرچ پر حملہ ہوا ہے۔
ایمزٹی وی(لند)انٹرپول نے بین الاقوامی شہرت یافتہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کیخلاف بھارت کا ریڈ کارنر نوٹس مسترد کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق انٹرپول نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کی لندن میں قانونی فرم کو خط لکھ کر آگاہ کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ذاکر نائیک کے خلاف جو شواہد جمع کرائے گئے تھے وہ مذہبی اور سیاسی تعصب پر مبنی تھے جس کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس بنگلا دیش میں ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث افراد نے گرفتاری کے بعد مبینہ طور پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقاریر سے متاثر ہونے کا بیان دیا گیا تھا۔اس بیان کو جواز بنا کر بھارت کی نیشنل کرائم ایجنسی نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے اسلامک ریسرچ فاونڈیشن (آئی آر ایف) کو غیر قانونی قرار دیکر اس کے اثاثے منجمد کر دیے تھے۔
بھارتی حکومت کے اقدامات کے باعث گزشتہ برس جولائی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بھارت چھوڑ کر بیرون ملک پناہ لے لی تھی۔
ایمزٹی وی(لاہور)سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے ہمراہ لندن سے وطن واپس آگئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف بیٹی مریم نوازکے ہمراہ لندن سے پی آئی اے کی پروازپی کے 758 سے لاہورپہنچ گئے۔ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنرسید ابن عباس کی جانب سے پاکستان کے سابق وزیراعظم کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا، وہ جہازکے اندرتک چھوڑنے کے لیے آئے جب کہ ائیرپورٹ جانے کے لئے پاکستان ہائی کمیشن کی گاڑی بھی نوازشریف کی رہائش گاہ پربھیجی گئی۔
سابق وزیراعظم ایک روز آرام کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلائیں گے، جس میں عمران خان اور جہانگیرترین سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلوں سمیت مختلف امور پر بات چیت کریں گے جب کہ منگل کو وہ احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے دو ترازوں نہیں چلیں گے، عمران خان نااہلی کیس میں جوعدالتی فیصلہ آیا وہ خود بول رہا ہے کہ اس طرح کا انصاف نہیں چلےگا جب کہ اس کے خلاف تحریک چلائیں گے۔
ایمزٹی وی(ریاض)سعودى محکمہ ٹریفک نے واضح کیا ہے کہ خواتین کو ٹریفک قوانین کے بموجب موٹرسائیکل اور ٹرک چلانے کی بھی اجازت ہو گی۔ اس سلسلے میں مردد و زن میں کوئی فرق نہیں کیا جائے گا۔ جو بھی موٹرسائیکل یا ٹرک چلانے کی اہلیت اور شرائط پوری کرے گا وہ مرد ہو یا عورت اسے اس کا ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جائے گا۔
18برس کی عمر میں موٹرسائیکلوں اور نجی کاروں کا ڈرائیونگ لائسنس دیا جائے گا جبکہ 20برس کی عمر میں ہیوی ڈرائیونگ لائسنس دیا جا سکے گا۔ 17برس مکمل کرنے پر عارضی لائسنس دینے کی گنجائش ہے۔محکمہ ٹریفک نے بتایا کہ خواتین کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اور مردوں کی گاڑیوں کی نمبرپلیٹ میں کوئی فرق نہیں ہو گا۔
محکمہ ٹریفک نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ آیا خواتین ڈرائیور کے طور پر ملازمت کر سکیں گی یا نہیں۔ محکمہ نے توجہ دلائی کہ اس کا تعلق وزارت محنت و سماجی فروغ سے ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)جماعت اسلامی بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کیخلاف آج کراچی میں ملین مارچ کرے گی،ملین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کریں گے جس میں دیگر مذہبی جماعتیں بھی شریک ہونگی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کے متنازع فیصلے کیخلاف جماعت اسلامی آج کراچی میں ملین مارچ کرے گی ،القدس ملین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے جس میں دیگر مذہبی جماعتیں بھی شرکت کریں گی،ترجمان جماعت اسلامی کا کہناہے کہ القدس ملین مارچ ملکی تاریخ تاریخ کا سب سے بڑا مظاہرہ ہو گا.
جس میں فلسطینی مسلمانوں کی جدوجہد سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا،ملین مارچ کی گزرگاہوں پر بینرز لگا دیئے گئے ،القدس ملین مارچ کامرکزی کیمپ حسن اسکوائرمیں لگایا گیا ہے ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق حسن اسکوائر پر ملین مارچ کے شرکا سے خطاب کریں گے ،القدس ملین مارچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہو گا۔
ایمزٹی وی(صحت)ویسے تو چائے پینے کے لیے کسی جواز کی ضرورت نہیں تاہم اگر آپ اسے پسند نہیں کرتے تو جان لیں کہ یہ گرم مشروب آنکھوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
جی ہاں واقعی اور یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ تحقیق کے مطابق دن بھر میں ایک کپ گرم چائے پینا بھی آنکھوں کے سنگین مرض کالے یا سبز موتیا کے شکار ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوسکتا ہے۔
موتیا کی ان اقسام میں آنکھ کے اندر کے سیال مادے کا دباﺅ بڑھ جانے سے سخت تکلیف ہوتی ہے جبکہ بینائی سے محرومی کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، اور اسی وجہ سے دنیا بھر میں اندھے پن کی بڑی وجہ بھی ہے جو اب تک ساڑھے پانچ کروڑ سے زائد افراد کو متاثر کرچکی ہے۔
تحقیق کے دوران دس ہزار افراد پر ہونے والے ایک سروے، جسمانی معائنے اور خون کے نمونوں سمیت دیگر ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ چائے پینے کی عادت موتیے کی ان خطرناک اقسام کا خطرہ کم کردیتی ہے اور ان میں اس مرض کا امکان اس مشروب سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں 74 فیصد کم ہوتا ہے۔
تاہم محققین کا کہنا تھا کہ یہ فائدہ کافی، آئس ٹی یا سافٹ ڈرنکس کے استعمال سے نہیں ہوتا، بلکہ صرف کیفین والی گرم چائے ہی آنکھوں کی صحت کیلئے فائدہ مند ہے۔
محققین نے کہا کہ یہ ایک تجزیاتی تحقیق ہے تو ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چائے کی وجہ سے یہ فائدہ کیوں ہوتا ہے یا اصل وجہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ چائے میں اینٹی آکسائیڈنٹس، ورم کش اور دماغی تحفظ کے کیمیکلز موجود ہوتے ہیں جو امراض قلب، کینسر اور ذیابیطس جیسے امراض کا خطرہ کم کرتے ہیں، وہی ممکنہ طور پر آنکھوں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔
اس تحقیق کے نتائج طبی جریدےمیں شائع ہوئے