پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل جہانگیر ترین کے سپریم کورٹ کی طرف سے تاحیات نااہل قرارپانے کے بعداسد عمر پارٹی عہدہ کے لیے مضبوط امیدوار ہیں اور یہاں تک کہ فردوس عاشق اعوان نے انہیں نیا سیکریٹری جنرل قرارہی دیدیا تاہم اس کا حتمی فیصلہ تحریک انصاف کی آج ہونیوالی کورکمیٹی میٹنگ میں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپریم کورٹ نے جہانگیرترین کو تاحیات نااہل قراردیدیا تھا جس کے بعد سے ان کے پارٹی عہدے پر سوالات اٹھناشروع ہوگئے تھے اور اطلاعات ہیں کہ جہانگیرترین نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کافیصلہ کرلیا تاہم پارٹی چیئرمین عمران خان نے انہیں عدالتی فیصلے کیخلا ف اپیل کے فیصلے تک کام جاری رکھنے کی ہدایت کردی اور اس ضمن میں آج تحریک انصاف کی کورکمیٹی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا جس میں جہانگیرترین کے کام جاری رکھنے اور نئے سیکریٹری جنرل پر غور کیا جائے گا، ذرائع کاکہناہے کہ جہانگیرترین کے بعد سیکریٹری جنرل کے لیے کئی لوگ میدان میں ہیں لیکن اسد عمر اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں اور قوی امکان ہے کہ آئندہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر ہی ہوں گے ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اوگرا کے منظور کردہ کارخانوں سے بنے نئے سلنڈر کی اب عام دکانوں پر کسی قسم کی خرید فروخت کی بالکل اجازت نہیں ہے۔
ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ اوگرا کے منظور کردہ کارخانوں سے بنے نئے سلنڈر صرف ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کے مجاز ڈسٹری بیوٹرز اور مجاز سب ڈسٹری بیوٹرز کو فروخت کرنے کا حق ہے تاہم باقی سب دکانوں پر کسی قسم کی خرید فروخت کی بالکل اجازت نہیں۔ انھوں نے کہاکہ انڈسٹری ڈپارٹمنٹ میں غیر معیاری ایل پی جی سلنڈروں کے خلاف وزارت صنعت و پیدوار کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن پاکستان اورایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں نے شرکت کی۔
عرفان کھوکھر نے بتایا کہ اجلاس میں غیرمعیاری سلنڈرز کی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر جلد از جلد عمل درآمد بھی کرایا جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد پارٹی عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ وہ سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کیلئے اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت بھی کر رہے ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جہانگیر ترین نے تحریک انصاف کے رہنماﺅں سے ملاقاتوں میں اس بات کا اظہار کیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے ہونے والی تاحیات نا اہلی کے بعد پارٹی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جہانگیر ترین اپنے قریبی ساتھیوں سے سیاست سے دستبردار ہونے کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین کے مستعفی ہونے کے بعد تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے اسد عمر مضبوط امیدوار ہوں گے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان پر بیرونی قرضوں کا حجم دن بدن بڑھتا جا رہا ہے ،حکمران جماعت سمیت تمام سیاسی جماعتیں کشکول توڑنے کے عزم پر متفق ہیں لیکن اس کے برعکس موجودہ دورحکومت میں پاکستان پر قرضوں کی مالیت میں اضافہ ہوا ہے اور اب ہر پاکستانی تقریبا ً 1لاکھ 25ہزار روپے سے زائد رقم کا قرض دار ہے ۔ایسی صورتحال میں عالمی بینک نے پاکستان کو مزید قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے ہے۔
عالمی بینک کے اعلامیے کے مطابق پاکستان کو 30کروڑ ڈالرز کا قرضہ دیا جائے گا ۔ان کا کہنا ہے کہ قرضے کی یہ رقم پنجاب کے زرعی شعبے میں اصلاحات کے لیے دی جائے گی ۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے سانحہ اے پی ایس کی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن ملکی تاریخ میں سیاہ یوم کے طور پر یاد رکھا جائے گا، بربریت اور سفاکیت کے علمبرداوں کی جانب سے آرمی پبلک اسکول پشاورمیں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، حصولِ تعلیم کے لیے جانے والے معصوم جب واپس لوٹے تو اْن میں سے بہت ساروں نے شہادت کی قبا اوڑھ رکھی تھی، طلبا کی ایک بڑی تعداد زخموں سے چور اور ان کے ذہنوں میں بزدل دشمن کی سفاکیت کے نقوش ثبت تھے۔ آج ان معصوموں کا خون رنگ لے آیا ہے اور آج پاکستانی اقوامِ عالم میں وہ واحد قوم ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم نے جو قربانیاں پیش کیں وہ شاید ہی کسی دوسری قوم نے دی ہوں، شہیدوں کی دِن رات محنت اور قربانیوں کی بدولت آج پاکستان میں دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت ہماری بہادرافواج اور سیکورٹی اداروں نے دہشت گردوں کو شکستِ فاش دی، سانحہ اے پی ایس نے پاکستانی قوم میں دہشت گردی کے خلاف تاریخ سازوحدت کو جنم دیا جب کہ اس دل خراش واقعے سے پوری قوم نے دہشت گردی کے عفریت کے خلاف فیصلہ کن معرکہ لڑنے کا مصمم ارادہ کرلیا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے ہم نے اپنے کیسے کیسے ہیرے قربان کیے، یہ دن ان معصوموں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور اْن کے غم زدہ والدین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کا دن ہے، سانحہ اے پی ایس میں ہم سے بچھڑ جانے والوں کی یاد ایک کسک بن کر ہمارے دلوں میں ہمیشہ موجود رہے گی اورآج کا یہ دن دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کے اعادہ کا دن بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے خون سے لکھے جانے والے اِس باب کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، آئیں عہد کریں کہ پاکستان کو ایسا جمہوری معاشرہ بنائیں گے جہاں فرقہ واریت ، لسانیت ، تشدد اورانتہا پسندی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستانی قوم اپنے معصوم شہیدوں، افواجِ پاکستان ، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)بھارت کی سازشوں کے نتیجے میں مشرقی پاکستان کو بنگلا دیش بنے آج 46 برس ہوگئے ہیں۔
16 دسمبر 1971 ملک کی تاریخ کا المناک دن ہے۔ اس دن بھارت کی کاسہ لیسی، ملک کے حکمران طبقے کی نااہلی اور عاقبت نااندیشی کے باعث پاکستان کا مشرقی بازو ہم سے جدا ہوگیا۔
مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں جن عوامل نے اہم کردار ادا کیا ان میں اکثریتی آبادی میں شدید احساس محرومی، مغربی پاکستان کےبااثر طبقے کا مشرقی پاکستانیوں کے ساتھ ناروا سلوک، ملک میں جمہوری مزاج کا فقدان اور ملک کے سیاسی نظام میں بار بار کی فوجی مداخلت شامل ہیں جس نے وفاق کی جانب سے مشرقی پاکستان کے شہریوں میں حقوق کی پامالی کے احساس کو شدید تر بنادیا تھا۔
یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان ایک وفاق کی صورت میں جمہوری عمل کے ذریعے وجود میں آیا، اس لیے اس کی بقا بھی جمہوری روایت پر کاربند ہوکر ہی ممکن ہے۔ وفاق کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ وفاق میں شامل تمام اکائیوں میں یہ احساس ہمیشہ زندہ اور مضبوط رہے کہ وفاق کے انتظامی معاملات میں وہ بھی برابر کی شریک ہیں۔ مشرقی پاکستان کی علیحدگی میں وہاں کے عوام میں ان احساسات کی عدم موجودگی نے کلیدی کردار ادا کیا جسے مشرقی پاکستان میں بھارتی پشت پناہی سے چلنے والی تنظیم ’’مکتی باہنی‘‘ نے ایک خطرناک ہتھیار کے طور پر استعمال بھی کیا۔
افسوس! ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی سے ہمارے حکمرانوں نے کوئی سبق نہیں لیا۔ سقوطِ ڈھاکہ کے بعد ہم نے مغربی پاکستان کے باقی چار صوبوں کو پاکستان کا نام تو دے دیا اور اس کے نظم و نسق کو چلانے کے لیے ایک متفقہ دستور بھی بنا لیا مگر اس دستور پر عمل پیرا ہونے میں ہم ابھی بھی بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/پشاور)آرمی پبلک اسکول پشاور پردہشت گردوں کے حملے کو تین سال مکمل ہوگئے جہاں شہداء کے والدین تاحال غم کی کیفیت میں ہیں۔
16 دسمبر 2014 کو آج ہی کے دن پشاورمیں آرمی پبلک اسکول پردہشت گردوں نے حملہ کرکے معصوم بچوں کونشانہ بنایا اور100 سے زیادہ طلباء کوبے دردی سے شہید کردیا۔ شہدا کے والدین آج بھی صدمے سے نڈھال ہیں، جن والدین کے بچے بچ گئے وہ بھی اس ہولناک دن کوفراموش نہیں کرسکے، دہشت گردوں نے اسکول پرحملہ کرکے علم کی شمع بجھانا چاہی لیکن قوم کے حوصلے پست نہ ہوئے۔
اپنے پیاروں کو کھونے کے بعد قوم نے نئے عزم کے ساتھ دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کی ٹھانی جبکہ حکومت نے بھی انسداد دہشت گردی کے لئے قومی ایکشن پلان شروع کیا۔ دہشت گردوں نے مستقبل کے معماروں کونشانہ بنا کرملک اورسیکیورٹی اداروں کا حوصلہ توڑنے کی کوشش کی لیکن ملک بھرمیں جاری تعلیمی سرگرمیاں ملک دشمنوں کو پیغام دے رہی ہیں کہ قوم کےعزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے میں دسویں جماعت کا طالب علم اسفند خان بھی گولیوں کا نشانہ بن گیا تھا، اسفند ماں باپ کا سب سے بڑا بیٹا تھا، اس لئے والدین کی انسیت بھی اس سے زیادہ تھی۔ والدین نے جگر کے ٹکڑے کا سامان اب بھی اسی طرح سنبھال رکھا ہے۔
دہشت گردوں نے علم کی شمع روشن کرنے والی اسکول ٹیچر فرحت عباس کو بھی شہید کردیا۔ فرحت عباس گولیوں کی آواز سن کراسکول میں موجود اپنے بچوں کی طرف دوڑیں ۔اورانہیں سیڑھیوں میں گولیوں کا نشانہ بنادیا گیا ۔آج بھی شہید فرحت عباس کی یاد ان کے خاندان کو غمگین کردیتی ہے۔
آڈیٹوریم ہال میں دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہونے اور بچوں کی جان بچانے کے دوران قوم کی بہادر بیٹی بینش نے شہادت پائی، ہمت اورحوصلے کی نئی داستان رقم کرنے پربینش شہید کو تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔
آرمی پبلک اسکول میں خصوصی مرکزی تقریب کے انعقاد کے علاوہ پبلک لائبریری کے پہلو میں تعمیر کردہ یادگار شہدا کا بھی افتتاح کیاجائے گا تاہم شہدائے آرمی پبلک سکول کی برسی کے سلسلے میں خیبر روڈ پر شہدا کی تصاویر سجادی گئی ہیں جب کہ آرمی پبلک سکول اورآرکائیوز لائبریری تقاریب میں اہم شخصیات کی آمد بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2014 کو دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول ورسک روڈ پشاور کے اندر قتل عام کرتے ہوئے اسکول کے طلبا اور پرنسپل طاہرہ قاضی شہید سمیت 150 افراد کو مار ڈالا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت)کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور 100انڈیکس میں 596پوائنٹس کی کمی آئی ہے۔
تفصیل کے مطابق جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا ا ور کے ایس ای 100انڈیکس 596پوائنٹس کی کمی کے بعد 38ہزار 223پوائنٹس کی سطح پر آگیا ۔
آج کاروبار کے دوران 5کروڑ41لاکھ 60ہزار 840شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 3ارب 42کروڑ94لاکھ 71ہزار 700روپے تھی ۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ کل دوپہر دو بجے سنایا جائے گا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے کاز لسٹ جاری کر دی گئی جس کے مطابق فیصلہ کل دوپہر دو بجے سنایا جائے گا ۔واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عدالت میں دو درخواستیں جمع کروا ئیں گئیں تھیں جو کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف تھیں ۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین نے اپنے کا غذات نامزدگی میں سچ نہیں بولا ہے ،اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے جبکہ عمران خان نے جو الیکشن کمیشن میں بیان حلفی جمع کروایاہے وہ بھی جھوٹا ہے ۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے متعدد سماعتوں اور دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ 14نومبر کو محفوظ کر لیا تھا جو کہ کل دوپہر سنایا جائے گا ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے، ورلڈکپ کا افتتاحی میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان 8 جنوری 2018 کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے میچز لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور عجمان میں کھیلے جائیں گے، ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز 17 اور18 جنوری کوعجمان میں ہوں گے جب کہ فائنل 21 جنوری کوقذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی سیلکشن کمیٹی نے چئیرمین سیدسلطان شاہ کی منظوری سے پانچویں بلائنڈ ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کی 17 رکنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
نثارعلی کوکپتان اور عامراشفاق کو پاکستانی ٹیم کانائب کپتان مقرر کیا، ٹیم آفیشلز میں عبدالرزاق کوچ، مسعودجان بیٹنگ کوچ، طاہر محمود بٹ ٹرینر اور آصف عظیم ٹیم پاکستان کے میڈیا مینیجر ہوں گے۔پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ظفر اقبال، ساجد نواز، محمد ایاز، ریاست خان، محمد آصف، بدرمنیر، مطیع اللہ، انیس جاوید، ہارون خان، محمد جمیل، محسن خان، محمد اعجاز، ثنااللہ، اسرار حسین، محمد راشد اور پلیئنگ مینیجر ذیشان عباسی کے نام شامل ہیں۔