پیر, 20 جنوری 2025
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ پروفیسر اینڈ لیکچرار ایسو سی ایشن کے عہدیدارن پروفیسر فیروز الدین صدیقی، پروفیسر علی مرتضیٰ،ریجنل صدرکراچی پروفیسرعامرالحق، جنرل سیکریٹری پروفیسر منور عباس ،پروفیسرکریم ناریجو، پروفیسر عزیز اللہ میمن ودیگرنے انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کے حالیہ نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس بورڈ میں ایڈھاک ازم پر کام ہورہا ہو، ناظمِ امتحانات نہ ہو، سیکریٹری بورڈ نہ ہوجبکہ امتحانات پر ناتجربہ کار قائم مقام شخص کو ناظمِ امتحانات بنایا جائے، کاپیوں کو جانچنے کے لیے غیر متعلقہ افراد کو تعینات کیا جائے گا اور کاپیاں جانچنے کے مرکزی نظام کو ختم کر دیا گیا ہو تو ایسے نتائج پر سوالیہ نشان ہی لگے گا اور تو نتائج ایسے ہی آئیں گے ۔
یہ بات بھی رکارڈ پر ہے کہ اتنی لمبی اسسمنٹ آج تک نہیں ہوئی ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ بورڈمیں فوری طور ناظمِ امتحانات اور سیکریٹری بورڈ کو تعینات کیا جائے۔

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)جامعہ کراچی نے بی کام کے سالانہ امتحانات برائے2017 کی تاریخ کا اعلان کردیا ۔
جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات ڈاکٹر عرفان عزیز کے اعلامیے کے مطابق بی کام ریگولرسال اول ودوئم سالانہ امتحانات برائے 2017 ء26 دسمبر 2017 ءسے شروع ہوں گے جو 16 جنوری 2018ءتک جاری رہیں گے۔
تمام امتحانات دوپہر 1:00 تاشام4: 00 بجے تک منعقد ہوں گے جبکہ جمعہ کے روز دوپہر2:30 تاشام 4:30 بجے تک منعقد ہوں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ڈی جی ایم او نے سینیٹ کی ہول کمیٹی کو بریفنگ کے دوران بتایا ہے کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدموں کا فیصلہ کیا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد 160 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے جن میں سے 33 کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔
 
ڈی جی ملٹری آپریشنز آرمی چیف کی موجودگی میں سینیٹ کی ہول کمیٹی کو بریفنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی بریفنگ کے دوران بتایا کہ فوجی عدالتوں نے اب تک 274 مقدموں کا فیصلہ کیا ہے، ان مقدمات میں ملوث 161 مجرموں کو سزائے موت دی گئی جن میں سے اب تک 56 مجرموں کو انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔ 13 مجرموں کو آپریشن ردالفساد سے پہلے اور 43 کو بعد میں پھانسیاں دی گئیں۔
 
انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ 28 مئی 2017کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی گئی ۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد 160 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے جن میں سے 33 کا فیصلہ سنایا جاچکا ہے۔ ان مقدمات میں 8 مجرمان کو سزائے موت اور 25 کو قید کی سزائیں دی گئی ہیں۔120 مقدمات 19 نومبر 2017 کو فوجی عدالتوں کو بھجوائے گئے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق پی ٹی آئی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی اور دونوں جماعتوں کے سربراہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جنوری تک جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سردار رضا حیات کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے درخواست کی سماعت کی، تحریک انصاف کی جانب سے وکیل فیصل چودھری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔'
الیکشن کمیشن نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کیخلاف فارن فنڈنگ کیس سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے نوازشریف ،بلاول بھٹو اورآصف زرداری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جنوری تک جواب طلب کر لیا، الیکشن کمیشن کا کہناہے کہ پارٹی سربراہان 8 جنوری تک جواب جمع کرائیں۔

 

 

ایمزٹی وی(واشنگٹن) وائٹ ہاؤس نےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قومی سلامتی کی نئی حکمت عملی کے حوالے سے 68 صفحات پرمشتمل دستاویزجاری کردی ہیں۔
نئی حکمت عملی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف ‘فیصلہ کن’ کارروائی کرے، امریکا ایسا پاکستان چاہتا ہے جس کا عدم استحکام میں کردار نہ ہو، پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف امریکا کی مدد کرنا ہوگی۔
امریکی صدر نے پاکستان کو امداد کا طعنہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کے ساتھ شراکت داری اُس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتی جب تک ایک شراکت دار دہشت گردوں اور جنگجوؤں کی مدد کرتا رہے، امریکا پاکستان کودہشت گردوں کےخلاف کارروائی کیلئے ہر سال خطیر رقم دیتا ہے، امداد کے صلے میں پاکستان کی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن ایکشن چاہتے ہیں، امریکا کو عالمی دہشت گردوں اور پاکستان میں سرگرم جنگجوؤں سے آج بھی خطرات کا سامنا ہے۔
جنوبی ایشیا سے متعلق حکمت عملی میں امریکا نے بھارت کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کو مضبوط بنانے، بحرہند اور خطے کی سیکیورٹی میں اس کے قائدانہ کردار کی حمایت کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خطے میں بھارت کی مالی معاونت بڑھانے میں اس کی حمایت بھی کریگا۔
دوسری جانب امریکی صدرنے شام و عراق میں داعش کی شکست کو بھی امریکی فورسزکی جیت قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ داعش عراق اورشام میں مکمل طورپرشکست کھاچکی امریکی حکمت عملی سے شام اورعراق میں داعش کے زیرقبضہ علاقےخالی کروالیے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(صحت)محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے۔
پولیو کا نیا کیس ضلع قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوا۔ رواں سال بلوچستان میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 3 ہو گئی۔ متاثرہ بچے کے والدین نے ویکسین پلانے سے انکار کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ فارن فندنگ کیس میں بڑی خورد برد ہے لیکن اس کے بارے میں کہا گیا کہ اسے پانچ سال سے آگے نہیں لے جایا جاسکتا کیونکہ ساری کیلکولیشن ہوچکی ہے کہ جو کچھ ہوا ہے پانچ سال پہلے ہوا ہے اس لیے اس کے بعد کا حساب کیا جائے۔
 
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پتہ نہیں قومی خزانے کو کون سا نقصان پہنچایا نہیں معلوم یہاں کیوں آیا ہوں، ایک خیالی تنخواہ جولی ہی نہیں گئی وہ اثاثہ بن گئی لیکن عمران خان کے لاکھوں پاﺅنڈز کی ٹرانزیکشنز ، لندن فلیٹ اور بنی گالہ کے گھر ، جن کے بارے میں وہ خود اعتراف کرچکے ہیں ان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ اثاثہ نہیں ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھایہ کون سا انصاف ہے کہ لاڈلے عمران خان کو چھوڑ دیں اور اس وزیر اعظم کو اٹھا کر باہر پھینک دیں جس کی کوئی خطا نہیں ہے، یہ ملک قانون اور آئین کی حکمرانی کیلئے بنایا گیا تھا یہاں اس طرح کی سکہ شاہی نہیں چلے گی، دہرا معیار اور انصاف کا خون نہیں چلے گا ہم کوئی بیوقوف، پاگل اور بھیڑ بکریاں ہیں جو اس طرح کے فیصلے قبول کرلیں، نہ میں ، نہ میری پارٹی اور نہ ہی ہماری قوم اس فیصلے کو قبول کریں گے ہم اس فیصلے کے آگے بند باندھ کر کھڑے ہیں اور دہرے معیار کے خلاف تحریک چلائیں گے، یہ وہ تحریک ہے جو ضرور چلنی چاہیے کیونکہ یہ چلے گی تو انصاف کا بول بالا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پہلے عدلیہ کی بحالی کی تحریک چلا چکے ہیں اب عدل کی بحالی کی تحریک چلائیں گے، پہلے منصف کی بحالی کی تحریک چلائی اب انصاف کی بحالی کی تحریک چلائیں گے، سپریم کورٹ کے سامنے انصاف کا ترازو ہونا چاہیے تحریک انصاف کا ترازو نہیں ہونا چاہیے۔
چیف جسٹس کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ڈکٹیٹرز کو کون گلے میں ہار پہناتا رہا ہے، مشرف کو کس نے آئین میں ترمیم کا حق دیا، اگر آپ پریشر میں نہیں آتے تو مشرف کے معاملے میں کون سا پریشر تھا، اس سے حلف کس پریشر کے تحت لیا گیا، گزشتہ 70 سالوں کے دوران کس پریشر کے تحت فیصلے کیے گئے؟۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)ربیع الثانی کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روزکراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس آج شام چار بجے محکمہ موسمیات کراچی کے دفتر میں مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس وزارت مذہبی امور اور صوبائی دارالحکومتوں اور ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مفتی منیب الرحمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کسی حصے سے ربیع الثانی کے چاند کی رویت شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی لہٰذا یکم ربیع الثانی پرسوں 20 دسمبر بروز بدھ کو ہو گی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاک فوج کے اہم افسران کے ہمراہ سینیٹ کی ہول کمیٹی کو بریفنگ دے رہے ہیں، یہ کمیٹی سینیٹ کے تمام ارکان پر مشتمل ہے جو قومی اہمیت کے معاملات پر بحث کرتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹی آف ہول سینیٹ ایوان بالا کے تمام ارکان پر مشتمل ہے ۔ سینیٹ کو کمیٹی میں تبدیل کرنے کیلئے ایوان کے قواعد میں باضابطہ ترمیم کی گئی تاکہ قومی اہمیت کے معاملات پر بحث میں سینیٹ کے تمام ارکان کو شامل کیا جا سکے ۔ کمیٹی کے پاس اختیار ہے کہ وہ کسی بھی ڈویژن، محکمے یا شخصیت کو طلب کرسکتی ہے اس کے علاوہ کمیٹی کے پاس کسی بھی محکمے سے ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار بھی ہے۔

سینیٹ کے 18 مئی 2015 کو ہونے والے اجلاس میں انصاف کی جلد اور شفاف طریقے سے فراہمی کے حوالے سے معاملہ اٹھا ، سینیٹ کے 19 مئی کے اجلاس میں قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے ایک قرار داد پیش کی جس کے بعد ہاﺅس کو کمیٹی میں تبدیل کردیا گیا۔ سینیٹ کی ہول کمیٹی کا پہلا اجلاس 20 مئی 2015 کو انصاف کی جلد فراہمی کے معاملے پر ہوا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بریفنگ دینے کے لیے سینٹ پہنچ گئے،وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر جی ایچ کیو سے پارلیمںٹ ہاؤس پہنچے ۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے آرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو اپنے غیر ملکی دوروں اور ملکی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی ایس پی آر بھی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ ہیں،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیئرمین سینیٹ کے چیمبر میں چلے گئے۔