پیر, 20 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (انٹرنیمینٹ )نامور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما نے شادی کے بعد اپنی اور ویرات کوہلی کی پہلی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے اور چند ہی منٹوں میں تصویر کو لاکھوں لوگ پسند کرچکے ہیں۔
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ کے کپتان ویرات کوہلی کی شادی رواں برس کا دونوں کی جانب سے اپنے مداحوں اور میڈیا کو دیا گیا سب سے بڑا سرپرائز ہے۔ دونوں کی شادی کی افواہیں گزشتہ برس دسمبر سے میڈیا میں گردش کررہی تھیں۔ بالآخر 11 دسمبر کی شام ویرات اور انوشکا نے ٹوئٹر پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کرکے گردش کی جانے والی تمام افواہوں کو درست قرار دے دیا۔
گزشتہ 4 روز سے بھارتی اور پاکستانی میڈیا میں دونوں کی شادی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ پرستار ’ویروشکا‘ کی شادی سے متعلق ہر بات جاننے کے لیے بے تاب ہیں۔ جب کہ ویرات اور انوشکا بھی اپنی شادی سے متعلق ہربات مداحوں کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔
ویرات اورانوشکا یورپ کے پرفضااور خوبصورت مقام پر چھٹیاں منارہے ہیں جہاں سے حال ہی میں انوشکا شرما نے اپنی اور ویرات کوہلی کی شادی کے بعد پہلی تصویر مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہے۔ تصویر میں دونوں برف سے ڈھکے سفید پہاڑوں پر بہت خوبصورت لگ رہے ہیں جب کہ انوشکا نے اس لمحے کو جنت سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم ’جنت‘میں ہیں۔
واضح رہے کہ شادی کے ہنگاموں سے فارغ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے اُن تمام لوگوں کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیاتھا جنہوں نے انہیں شادی کی مبارکباد دی تھی۔ ویروشکا نے شاہد آفریدی اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کا بھی شکریہ ادا کیاتھا۔

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ میں 2کروڑ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں،سندھ میں کوٹہ سسٹم ختم ہونا چاہئے یہ سندھ کے شہریوں کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، غربت اور افلاس کے خاتمے ، تعلیم کے فروغ اور نئی نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے میرٹ کو بنیاد بنانا ہوگا،نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لئے منتخب نمائندے اپنا کردار ادا کریں، کورنگی میں 2کروڑ روپے کی لاگت سے پرائمری اسکول کو اپ گریڈ کیا گیا ہے،کورنگی کے مختلف علاقوں میں مزید اسکولوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نو تعمیر شدہ اسکول کے افتتاح کے بعد کیا، اس موقع پر ڈی ایم سی کورنگی کے چیئرمین نیئر رضا، وائس چیئرمین سید احمر علی ،چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، چیئرمین پارکس کمیٹی خرم فرحان، چیئرمین کچی آبادی کمیٹی سعد بن جعفر ، ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ سروسز شہاب انوراور منتخب نمائندے بھی ان کے ہمراہ تھے۔
قبل ازیں میئر کراچی نے ناصر کالونی کورنگی میں فیتہ کاٹ کر اسکول کا افتتاح کیا اور بڑی تعداد میں موقع پر موجود علاقہ مکینوں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ کراچی باشعور اور پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے اس کی یہ پہچان قائم رکھنا ہوگی، علم ہی ترقی کازینہ ہے ،آنے والی نسل کو تعلیم و تربیت ، پرسکون ماحول اور مستقبل محفوظ کرنے کے لئے کام کرنا ہوگا،تعلیم ، ٹیکنالوجی اور سائنسی ایجادات کے استعمال کے بغیر ترقی ناممکن ہے،پاکستان کو دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح ترقی یافتہ بنانے کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہوگا، دنیا کے جن ممالک نے ترقی کی انہوں نے اپنے آپ کو وقت سے ہم آہنگ کیا،میئر نے اس موقع پر کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور مقامی افراد سے ان کے مسائل معلوم کئے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فینز کے لئے سب سے بڑی خبر آگئی، جس کےتیسرے ایڈیشن کے لئے پی سی بی نے شیڈول کا اعلان کردیا جبکہ ایونٹ کا فائنل 25مارچ کو کراچی میں کھیلا جائےگا۔
ایونٹ کے حوالے سے سب سے بڑی خبر یہ ہے کہ ایونٹ کا فائنل پاکستان کےسب سے بڑے شہر کراچی میں کھیلا جائے گاجبکہ شیڈول کے مطابق لیگ میںاس دفعہ 34میچز کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل تھری کا آغاز 22 فروری سےہوگا ،لاہور میں 20 اور21مارچ کو پلے آف میچز کا میدان سجے گا جبکہ فائنل 25 مارچ کو کھیلا جائےگا۔
پی سی بی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھرڈ ایڈیشن کا اوپننگ میچ ڈیفینڈنگ چمپیئن پشاور زلمی اور نئی فرینچائزملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائےگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی تیسری برسی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب ، چیئرمین پی ٹی آئی اور بلاول بھٹوسمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ قوم شہدائے اے پی ایس کی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس میں معصوم بچوں کی شہادت پر پوری قوم آج بھی سوگوار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ قوم شہداکی عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھلا پائے گی، جن کے بہنے والے خون سے قوم کو امن نصیب ہوا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اے پی ایس کے بچو ں نےاپنے لہو سے تاریخ لکھی ہے اور شہید بچوں کے خون کا قرض دہشت گردوں کا صفایا کرکے اتارنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں نے بہادری اور جرأت کی نئی تاریخ رقم کی، شہید ہونے والے بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ ایسا سانحہ کبھی دوبارہ رونما نہ ہو اور ہماری نئی نسل اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے محفوظ طریقے سے پروان چڑھ سکے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 'اے پی ایس سانحے کو 3 برس گزرنے کے باوجود بھی ہم متاثرین کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہے۔
انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کا انعقاد کرنے میں ناکام رہے، ہم نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ میں ناکام رہے، اس یقین دہانی میں بھی ناکام رہے کہ ایسا سانحہ دوبارہ رونما نہ ہو۔

 

 

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر ابوبکر شیخ نے کہا ہے کہ اسموگ کی بڑی وجوہات میں کپاس کی فصلوں کی باقیات (جڑوں) کو جلانا، صنعتوں کی چمنیوں سے نکلنے والا دھواں اور فضائی آلودگی ہے۔
موسمیاتی تغیر میں دھواں چھوڑتی گاڑیوں کا بھی اہم کردار ہے۔ وہ گزشتہ روز ’’اسموگ کے دوررس اثرات، موسمیاتی تغیر یا انسانی کوتاہی‘‘ کے موضوع پر جسٹس (ر) حاذق الخیری کی زیر صدارت شوریٰ ہمدرد کراچی کے اجلاس سے ایک مقامی ہال میں خطاب کر رہے تھے۔
اجلاس میں ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد بھی موجود تھیں۔انہوں نے کہا کہ ماحول پر موسمیاتی تغیر (کلائمیٹ چینج) کا یقینا اثر ہے جس کی وجہ سے دنیا کی تمام قومیں پریشان ہیں تاہم اس مسئلے کے حل کی کنجی امریکہ اور چین کے ہاتھ میں ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالتی فیصلے کے بعد جہانگیر ترین نے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف کے عہدے سے استعفا دے دیا۔
جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے پر سرتسلیم خم کرتا ہوں، اخلاقی طور پر میرا پارٹی عہدہ رکھنا مناسب نہیں، امید کرتا ہوں عمران خان میرا استعفا قبول کرلیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان سمیت سخت احتساب کا سامنا کیا اور دونوں سرخرو ہوئے، نااہلی تکنیکی بنیادوں پر ہوئی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اپنی سیاسی زندگی اور تحریک انصاف پر فخر ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کی قیادت اور دوستی اثاثہ ہے جو مرتے دم تک برقرار رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کوسب سے بڑی سیاسی قوت بنایا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)سابق آسٹریلوی بولر ڈیرک نینس نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں مشکوک سرگرمیوں کا کچا چٹھا کھول دیا۔
ٹی ٹوئنٹی اسپیشلسٹ ڈیرک نینس دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرتے رہے ہیں، سابق آسٹریلوی بولر نے ایک انٹرویو میں ان ایونٹس کے دوران کئی مشکوک سرگرمیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے خاص طور پر بنگلادیش پریمیئر لیگ میں کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا پول کھولا ہے،انھوں نے کہاکہ کرکٹرز کی کئی حیران کن حرکات پر سر پیٹنے کے سوا کچھ نہیں کرسکتے۔
سابق آسٹریلوی بولر نے کہا کہ ایک بولر گیند کرنے کیلیے آتا اور 2اوورز میں صرف 4رنز بنتے ہیں لیکن اسے بولنگ سے ہٹا دیا جاتا ہے، میچز میں کئی چیزیں ایسی ہوتی ہیں کہ ذہن تسلیم نہیں کرتا، فرنچائز مالکان ہٹ دھرمی کرتے ہوئے ڈریسنگ روم میں آتے ہیں،کوچ اور منیجر سے بات کرتے ہوئے پوچھتے ہیں کہ اب کیا کرنے والے ہو،فون بھی ہاتھ میں پکڑے رہتے ہیں،کبھی منیجر خود چل کر اسٹیڈیم میں مالک کے پاس چلا جاتا ہے، سیکیورٹی حکام میں سے کوئی روکے تو کہتے ہیں کہ ہم نے ٹیموں پر اتنا سرمایہ کیوں لگایا؟ ہمارا رابطے میں رہنا ضروری ہے، اس صورتحال میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے نمائندے بھی خاموش رہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
ڈیرک نینس نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں بکیز کے کارندے 10، 10 موبائل فون کمر کے گرد باندھ کر پیغام رسانی کرتے نظر آتے ہیں،انھوں نے شرٹ کی آستین کے نیچے ایک مائیکروفون چھپا رکھا ہوتا ہے،اس کی مدد سے تمام متعلقہ لوگوں تک بات پہنچا دی جاتی ہے، انہوں نے بتایا کہ آئی پی ایل کے دوران ایک شخص نے مجھے کہا کہ تم نے نوبال کرکے میرے 50ہزار ڈالر جائع کرا دیے،اس طرح کے لوگ خطرناک بھی ثابت ہوسکتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(لودھراں)لودھراں کے حلقہ نمبر این اے 154 میں ایک بار پھر ضمنی الیکشن ہو گا ، جہانگیر خان ترین نا اہل ہو چکے ہیں وہ اپنے بیٹے علی خان ترین کو میدان میں اتاریں گے جو کہ حلقہ میں مختلف تقریبات میں اپنے والد کی نمائندگی کرتے رہتے ہیں جبکہ دوسری طرف صدیق بلوچ ان کے مد مقابل امیدوار ہونگے، علی خان ترین پہلی دفعہ سیاسی میدان میں اتریں گے
حلقہ این اے 154 جو کہ کسی دور میں این اے 18 ہوتا تھا، یہاں سے یوسف رضا گیلانی ، سید ناصر رضوی، محمد ناصر بیگ اور محمد صدیق خان کانجو کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) پشاور پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے بچوں کی آج تیسری برسی منائی جا رہی ہے اور پورا پاکستان ان بچوں کو یاد کرنے میں مصروف ہے جبکہ پشاور زلمی اس میں پیش پیش ہے۔
5671aa262a868
 
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح فرنچائز پشاور زلمی نے صحیح معنوں میں ان شہید بچوں کی قربانی کو ناصرف یاد رکھا بلکہ انہیں سپورٹ کرنے کیلئے ہمیشہ عملی اقدامات اٹھائے۔
Untitled 3
 
پشاور زلمی فرنچائز کے مالک جاوید آفریدی نے اے پی ایس حملے کے بعد یہ تہیہ کیا کہ ہر موقع پر ان بچوں کو یاد رکھا جائے گا اور یہی وجہ ہے کہ پشاور زلمی نے اپنے لوگو کی تقریب رونمائی اے پی ایس میں منعقد کی جس میں شاہد آفریدی، جاوید آفریدی اور محمد اکرم نے شرکت کی۔
بعد ازاں پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں اپنے خرچ پر آرمی پبلک سکول پشاور کے 152 طلباءکو لے کر گئے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستانی قوم ہمت نہیں ہاری۔
 
Untitled 2
پشاور زلمی نے دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ وہ ناصرف ملک میں تعلیم کو فروغ دے گی بلکہ اے پی ایس کے بچوں کی سپورٹ بھی کرتی رہے گی۔
جاوید آفریدی نے یہ وعدہ بھی کیا کہ جب اگر وہ پی ایس ایل کی ٹرافی جیتے تو اسے آرمی پبلک سکول کے بچوں کے پاس لے کر جائیں گے کیونکہ وہ اس قوم کے اصل ہیرو ہیں۔ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کیا اور دوسرے ایڈیشن کا فائنل جیتنے کے دو سے تین روز بعد جاوید آفریدی پاکستان پہنچے تو پی ایس ایل کی ٹرافی اے پی ایس لے کر گئے اور ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کیا کہ کچھ بھی ہو جائے پشاور زلمی ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔

 

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بیک وقت 3 طلاق دینے کو جرم قرار دینے کا بل منظور کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی کابینہ نے بیک وقت تین طلاقوں پر پابندی کا بل منظور کرلیا ہے، مجوزہ بل کے مطابق ایک ساتھ تین طلاق دینا ناقابل ضمانت جرم ہوگا اور ایسا کرنے والے کو تین سال قید کی سزا د ی جاسکے گی جب کہ متاثرہ خاتون علاقہ مجسٹریٹ سے اپنے اور بچوں کے تحفظ کی درخواست بھی کرسکتی ہے.
بھارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کابینہ کی جانب سے منظور کئے گئے بل کو قانونی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، جہاں سے منظوری کے بعد یہ بل ملک بھر کے مسلمانوں پر لاگو ہوگا۔
دوسری جانب بل کی منظوری پر بھارتی مسلمان تنظیموں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلاق کے معاملے پر قانون سازی پرسنل لاء میں مداخلت ہے جوآئین کے خلاف ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے بیک وقت 3 طلاقوں کو غیر قانونی اورآئین کے خلاف قرار دیا تھا تاہم بھارت کے علمائے کرام نے اس فیصلے پر اپنے تحفطات کا اظہار کیا تھا۔